بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) اسلام آباد میں وزیرِداخلہ چوہدری نثار سے برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ کے3 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں لارڈنذیر احمد، قربان حسین اور یورپی پارلیمنٹ کے ممبر افضل خان شامل تھے۔ ملاقات میں دو طرقہ تعلقات کو مزید بہتر اور جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ مشترکہ پارلیمانی امور اور کشمیر سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں عالم اسلام اور کشمیر کے حوالے سے اٹھائے گئے نکات قابل ستائش ہیں، برطانیہ میں پاکستان کے مؤقف کو سنا اور بڑی حد تک سمجھا جاتا ہےاور علاقائی امن کے قیام میں برطانوی حکومت کی معاونت قابل تحسین ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری پاکستان کے مؤقف کو سیاق و سباق کے ساتھ سمجھے اور پاکستان کے مؤقف کو فراخ دلی سے سنے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیوں کے باوجود بعض عناصر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں ان عناصر کے اپنے ہاتھ مظلوموں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس کے ایک بظاہر صحت مند دکھائی دینے والے شخص نے سائنسدانوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے کیونکہ اس کے دماغ کا 90 فیصد حصہ بری طرح تباہ ہوچکا ہے لیکن وہ ایک عرصے تک اس سے ناواقف رہا اور اب بھی صحت مند زندگی گزاررہا ہے۔

فرانس کے اس شخص کا نام اور شناخت بوجوہ ظاہر نہیں کی گئی ہے لیکن اس کیفیت نے طبی ماہرین کو حیران کردیا ہے اور وہ شعور اور ذہن کی نئی تعریف پر غور کرر ہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دماغ میں عصبی خلیات (نیورونز) کا ایک بہت بڑا مجموعہ ہمیں اپنے ہونے کا احساس دلاتا ہے جسے ’’شعورِ ذات‘‘ کہا جاتا ہے، اسی شعور سے ہماری شخصیت بنتی ہے اور ہم اپنے اطراف و ماحول کو پہچانتے ہیں۔

اس شخص کا ذکر پہلی مرتبہ 2007 میں طبی جریدے لینسٹ میں کیا گیا اور آج 10 سال بعد بھی اس کا زندہ اور صحت مند رہنا ایک معمہ بنا ہوا ہے۔ 44 سالہ اس شخص نے اپنی بائیں ٹانگ میں معمولی کمزوری کے علاوہ کسی اور کیفیت کی شکایت نہیں کی ہے لیکن اس کے دماغی اسکین سے معلوم ہوا ہے کہ اس کا پورا دماغ ایک قسم کے مائع سے بھرا ہے جس کے اوپر بیرونی دماغ کی ایک پتلی تہہ چڑھی ہوئی ہے جب کہ دماغ کا خاصا بڑا اندرونی حصہ غائب ہوچکا ہے۔

ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ اس شخص کا دماغ مائع بھرنے سے 30 سال کی عمر میں تباہ ہوجانا چاہیے تھا جسے ’’ہائیڈروسیفالس‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ شخص بچپن میں اس مرض کا شکار ہوا تھا جس کے بعد کھوپڑی میں ایک اسٹنٹ لگایا گیا جسے 14 برس کی عمر میں نکال دیا گیا تھا۔ تب سے اب تک اس کے دماغ کا بڑا حصہ دھیرے دھیرے گھل کر ختم ہوچکا ہے۔

دماغی طور پر یہ شخص معذور نہیں اگرچہ اس کا آئی کیو 75 ہے جو کم تو ہے لیکن وہ سرکاری ملازم ہے اور دو بچوں اور بیوی کے ساتھ خوشگوار زندگی گزاررہا ہے۔ اوپر کی تصویر میں اس کے دماغ کا اسکین نمایاں ہے جس میں بھیجے کا بڑا حصہ غائب ہے جب کہ سیاہ حصہ مائع سے بھرا ہوا ہے۔

اگر ہم ‘‘شعور‘‘ کی مروجہ تعریف کی بات کریں توآج اسے شعور سے عاری ہونا چاہیے تھا کیونکہ دماغی گوشہ ’’کلاسٹرم‘‘ ہی شعور کی تشکیل کرتا ہے اور وہ اس کے دماغ سے غائب ہے۔

ایک ماہرِ نفسیات کے مطابق اس عجیب واقعے کے بعد ہمیں ’شعور‘ کی نئی تعریف کرنا ہوگی، ماہر نفسیات کا کہنا ہےکہ شاید انسان شعور کے بغیر پیدا ہوتا ہے اور ساری عمر شعور کی تشکیل ہوتی رہتی ہے خواہ دماغی خلیات کم ہوں یا زیادہ۔

لیکن فرانسیسی شخص پر حالیہ تحقیق کے بعد ایک نئی بات سامنے آئی ہے۔ ماہرین کے ایک طبقے کا کہنا ہے کہ اس شخص کا دماغ گھل کر ختم نہیں ہوا بلکہ مائعات کے دباؤ سے سکڑ گیا ہے اور اسی وجہ سے یہ اب بھی نارمل ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) سنیما مالکان کی جانب سے بھارتی فلموں کی نمائش کا اعلان ہونے کے بعد سے اب تک کوئی بھی بھارتی فلم پاکستان کے سنیماؤں پر نمائش کے لیے پیش نہیں کی جاسکی، جب کہ حکومت نے بھی کسی بھارتی فلم کو این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا۔

بااثر افراد کی کوشش کے باوجود پاکستان میں عامر خان کی فلم ’’دنگل‘‘ کو بھی نمائش کی اجازت نہیں ملی بھارتی فلم انڈسٹری کے لوگوں کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہماری فلموں پر پابندی لگائی تھی اب ہم انھیں اپنی فلمیں نہیں دیں گے۔

اس صورتحال کے بعد پاکستان بھر کے سنیما مالکان میں تشویش پائی جاتی ہے کہ جن کا کہنا ہے پاکستان میں سنیما انڈسٹری ایک بار پھر بحران کا شکار ہوجائے گی ،دوسری طرف حکومت پاکستان نے بھی اب کسی بھی بھارتی فلم کو پاکستان میں نمائش کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹویوٹا نے اپنی کانسیپٹ گاڑی آئی کو متعارف کرایا ہے جسے مستقبل کی سواری قرار دیا گیا ہے۔

لاس ویگاس میں جاری سی ای ایس نمائش کے دوران اس مستقبل کے ڈیزائن اور ایرو ڈائنامک ساخت کی گاڑی کو پیش کیا گیا جو کسی سائنس فکشن فلم کا حصہ لگ رہی تھی۔

کمپنی کے مطابق یہ گاڑی آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم پر تیار کی گئی ہے جسے یوئی کا نام دیا گیا ہے جس کا مطلب خود سیکھ کر ڈرائیور کے ساتھ بڑھنا ہے۔

کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کا انٹرفیس دنیا بھر کے افراد سے رابطوں کے لیے تیار کیا گیا ہے جس کے اندر موجود سسٹمز کی بدولت یہ سواری لائٹ، آواز اور ضروری معلومات خودکار طور پر فراہم کرسکے گی۔

کمپنی کا تو دعویٰ ہے کہ اس گاڑی سے لوگوں کو زیادہ پرجوش اور دوستانہ تجربہ ہوگا اور ڈرائیونگ بہت آسان ہوجائے گی۔

586e72025df41

یوئی نامی یہ اے آئی سسٹم گاڑی کے اندر نصب کیا گیا ہے جو لوگوں سے رابطوں کے ساتھ ساتھ خودکار ڈرائیونگ میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔

اس گاڑی کے دروازے ڈرائیور یا مسافروں کے قریب آنے پر خود کھل جاتے ہیں۔

اس کی ہیڈ لائٹس درحقیقت آنکھوں کی پلکوں کی طرح جھپکتی یا جھلملاتی رہتی ہیں۔

درحقیقت یہ کسی بڑے سائز کے اسمارٹ فون کی طرح کی گاڑی ہے جو آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی تاہم یہ کب سڑکوں پر دوڑتی نظر آئے گی، اس بارے میں ابھی کچھ کہنا مشکل ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) لیپ ٹاپ تو آپ نے بہت سے دیکھے ہوں گے مگر ایسا نہیں دیکھا ہوگا جس کے ساتھ ایک نہیں بلکہ 3 اسکرینز دی جائیں۔

جی ہاں 'ریزر' نامی کمپنی نے پراجیکٹ ویلری کے نام سے ایک آزمائشی ملٹی مانیٹر گیمنگ لیپ ٹاپ متعارف کرایا ہے جس کے ساتھ تین اسکرینز ہیں۔

یہ لیپ ٹاپ لاس ویگاس میں جاری ٹیکنالوجی نمائش کے دوران متعارف کرایا گیا جس میں ایسی اسکرین دی گئی ہے جو سلائیڈ ہوکر تین اسکرینوں میں تقسیم ہوجاتی ہے۔

ممکنہ طور پر یہ ایک بالکل غیرمعمولی لیپ ٹاپ ہے کیونکہ اس سے پہلے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز میں تو کئی اسکرینز کو دیکھا گیا مگر کسی لیپ ٹاپ میں نہیں۔

اس لیپ ٹاپ کا وزن 12 پونڈ جبکہ موٹائی ڈیڑھ انچ ہے اور اس میں ورچوئل رئیلٹی ہیڈ سیٹس کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس لیپ ٹاپ کے زیادہ فیچرز ابھی سامنے نہیں آسکے کیونکہ فی الحال یہ کانسیپٹ ڈیزائن ہے جس میں بیک لٹ کی بورڈ اور ٹو سائیڈ مانیٹرز میں لائٹنگ پٹیاں موجود ہیں۔

اسی طرح ابھی قیمت کے بارے میں بھی کوئی معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں مگر یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ اسے خریدنا عام افراد کے بس کی بات نہیں ہوگی۔

اس سے پہلے ڈوئل اسکرین والا لیپ ٹاپ 2009 میں سامنے آیا تھا جبکہ اس سے ملتے جلتے ڈیزائن بھی متعارف ہوئے مگر یہ پہلی بار ہے کہ تین اسکرینز کو ایک لیپ ٹاپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ایپل اور دیگر کمپنیاں تو دو کیمروں والے اسمارٹ فونز بنانے میں مصروف ہیں مگر ایک کمپنی اے ایس یو ایس تو اس سے بھی ایک قدم آگے چلی گئی اور تین سنسرز والی ڈیوائس متعارف کرادی۔

اس کمپنی کے نئے اسمارٹ فون زین فون اے آر میں ایک روایتی 23 میگا پکسل سنسر ہے جس کے ساتھ موشن ٹریکنگ اور ڈیپتھ سنسنگ کیمرے بھی موجود ہیں۔

یہ تینوں سنسر مل کر 23 ، 23 میگا پکسلز کی تصاویر لیتے ہیں اور ایک تصویر کو 92 میگا پکسل کی 'سپر ریزولوشن' فوٹو میں بدل سکتے ہیں، جیسا کمپنی نے دعویٰ کیا ہے۔

اس اسمارٹ فون میں گوگل ٹینگو تھری ڈی ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے جس کی مدد سے صارفین ورچوئل اور augmented رئیلٹی کا تجربہ بھی کرسکتے ہیں۔

یہ نیا اسمارٹ فون لاس ویگاس میں جاری کنزیومر الیکٹرونکس شو میں متعارف کرایا گیا جس میں گوگل کا ڈے ڈریم ورچوئل رئیلٹی سسٹم بھی موجود ہے۔

یہ فون 5.7 انچ اسکرین کے ساتھ ہے، جبکہ کوالکوم سنیپ ڈراگون 821 ڈراگون اور پہلا اسمارٹ فون ہے جس میں 8 جی بی ریم دیئے گئے ہیں۔

کمپنی کے بقول اس میں ٹرائی کم سسٹم استعمال کیا گیا ہے جو تینوں کیمروں کی تصویر کا حجم بڑھنے نہیں دیتا جبکہ بہتر ساﺅنڈ کے لیے میگنیٹ اسپیکر بھی دیئے گئے ہیں۔

یہ ڈیوائس گوگل کے پراجیکٹ ٹینگو کا حصہ ہے جس میں اس پراجیکٹ کی متعدد ایپس کو بھی حصہ بنایا جائے گا۔

اس وقت اس پراجیکٹ کے تحت لیناوو کا فیب ٹو فون ہی دستیاب ہے جو گزشتہ سال متعارف کرایا گیا تھا۔

زین فون اے آر رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا تاہم اس کی قیمت ابھی سامنے نہیں آسکی ہے

 

 

ایمزٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف کمپنی ایل جی نے ایسا ٹی وی متعارف کرایا ہے جسے کسی وال پیپر کی طرح دیوار پر لگایا جاسکتا ہے۔

 

20172F012F042Ff32F06f01ce73e714cd3ade38a15c72e5bdd.8fd25

یہ ہے ایل جی کا انتہائی پتلا او ایل ای ڈی ٹی وی، 65 انچ اسکرین کے اس ٹیلیویژن کی موٹائی محض 2.57 ملی میٹر ہے جسے مقناطیس کی مدد سے دیوار پر لٹکایا جاسکتا ہے، جس سے ایسا لگتا ہے جیسے ہم کسی اور دنیا کو کھڑکی سے دیکھ رہے ہیں۔

اسے کمپنی نے وال پیپر ٹی وی کا ہی نام دیا ہے تاہم ابھی تک اس کی فروخت کی تاریخ یا قیمت کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔

اس میں ایک ہی کیبل ہے جس میں تمام کنیکٹرز کو منسلک کیا گیا ہے جبکہ وائی فائی اور چار ایچ ڈی ایم آئی بھی موجود ہیں۔

اسی طرح ٹی وی پر 4 ویڈیو اور ایچ ڈی آر ٹیک بھی موجود ہیں۔

maxresdefault

اس اسمارٹ ٹی وی کے لیے ویب او ایس 3.5 آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے اور یہ گزشتہ سال کے ایل جی ٹی وی کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ برائٹ اسکرین کے ساتھ ہے۔

ایل جی نے اس ٹی وی کو لاس ویگاس میں جاری سی ای ایس نمائش کے دوران متعارف کرایا جس کے ساتھ ایک ایسا کانسیپٹ ٹی وی بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا جو کسی شیشے کی طرح شفاف تھا۔

ایل جی کے اس منفرد ٹی وی کے آر پار دیکھا جاسکتا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ عام نشریات کو بھی اسکرین پر دیکھا جاسکے گا۔

2015 05 20 34 lg display 650x420

دیکھنے میں یہ کسی کھڑکی کی طرح ہے مگر جب یہ کام کرتا ہے تو لوگوں کو کسی جادوئی آئینے کا ہی خیال آتا ہے۔

 

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے پاناما لیکس کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی نام نہاد پاناما پیپرز کا حصہ نہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاناما کیس میں مریم نواز کے وکیل نے اپنی موکلہ کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا جس میں کہا گیا کہ وہ کسی نام نہاد پاناما پیپرز کا حصہ نہیں، ان پر لگائے جانے والے تمام الزامات بے بنیاد اور نیسکول سے ان کا نام جوڑنا سراسر ظلم ہے۔ نیسکول کی ڈیڈ پر ان کے دستخط جعلی ہیں جب کہ منروا ٹرسٹ سے منصوب تمام ای میلز اصلی نہیں۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ رائے ونڈ اسٹیٹ کی زیادہ تر جائیداد ان کی دادی کے نام پر ہے، رائے ونڈ اسٹیٹ میں پانچ گھر ہیں۔ ایک گھر میری دادی کے پاس، ایک گھر والد اور والدہ کے پاس، تیسرا گھر مرحوم چچا عباس شریف کے خاندان کے پاس، چوتھا گھر دوسرے چچا میاں شہباز شریف کے پاس ، جبکہ پانچواں گھر میرے پاس ہے۔

اپنےتحریری بیان میں مریم نواز نے ایف بی آر میں جمع کرائے گئے ٹیکس گواشواروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2013 میں ان کی آمدنی 2 لاکھ 26 ہزار چالیس روپے ، 2014 میں 12 لاکھ 59 ہزار 132 ، 2015 میں 9 لاکھ 73 ہزار 243 جب کہ 2016 میں 4 لاکھ 89 ہزار 911 روپے تھی، اس کے علاوہ 2016 میں ان کی زرعی آمدنی ایک کروڑ 16 لاکھ 38 ہزار 867 روپے تھی۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے اپنی سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے صارفین کو مشورہ دیا ہے اور وہ یہ ہے کہ کچھ دیر کے لیے سوشل میڈیا سے دور رہ کر اپنے ارگرد کی دنیا کو دریافت کریں۔

جی ہاں اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں مارک زکربرگ نے اپنے کروڑوں فالورز کو ایک نیا چیلنج دیا ہے اور وہ ہے اپنے ملک کو دیکھنا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ 2017 میں امریکا کی تمام 50 ریاستوں کو گھومنے کا عزم رکھتے ہیں اور انہوں نے اپنے فالورز کو بھی اپنے اپنے ممالک میں ایسا کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ 2017 کے لیے ان کا ذاتی چیلنج ' باہر نکل کر زیادہ سے زیادہ لوگوں سے بات کرنا ہے کہ وہ کیسے زندگی گزار رہے ہیں، کام کیا کرتے ہیں اور مستقبل کے بارے میں کیا سوچتے ہیں'۔

ان کے بقول 'میرا کام دنیا کو جوڑنا اور ہر ایک کو آواز دینا ہے، میں رواں برس زیادہ سے زیادہ آوازیں سننا چاہتا ہوں، جس سے مجھے فیس بک اور چن زکربرگ انیشیٹیو کے لیے مدد ملے گی اور ہم دنیا پر زیادہ مثبت اثرات مرتب کرسکیں گے'۔

زکربرگ نے اپنی اس مہم کا نام ' اے ائیر آف ٹریول' رکھا ہے جو ان کے 2015 کے ' ائیر آف رننگ ' کا نئے انداز سے اعادہ ہے۔

مارک زکربرگ نے اس حوالے سے ایک فیس بک گروپ بھی تشکیل دیا ہے۔

2016 میں مارک زکربرگ نے 365 میل تک دوڑنے کا چیلنج لیا تھا اور اپنے فالوروز کے اندر بھی ایسا کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا 'ہم بہت زیادہ دوڑیں گے مگر یہ تعداد دیوانگی نہیں بلکہ روزانہ ایک میل دوڑنا میرا چیلنج ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ معتدل رفتار سے وہ روزانہ دس منٹ تک دوڑ کر یہ ہدف حاصل کریں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) گوگل نے سام سنگ کے ساتھ مل کر ایپل کے آئی پیڈ پرو اور مائیکروسافٹ کے سرفیس پرو کا جواب کروم بک پلس اور پرو کی شکل میں متعارف کرادیا ہے۔

سام سنگ کا یہ نیا کمپیوٹر 2 ماڈلز میں پیش کیا گیا ہے کروم بک پلس اور کروم بک پرو، جس میں گوگل کے آپریٹنگ سسٹم کو استعمال کیا گیا اور اینڈرائیڈ ایپس اس کا حصہ ہیں۔

یہ پہلا کروم بک کمپیوٹر ہے جو اسٹائلوس اور آن اسکرین انکنگ سپورٹ کے ساتھ ہے۔

جیسا اوپر بتایا گیا ہے کہ 12.3 انچ اسکرین کی ڈیوائس کے لیے گوگل اور سام سنگ نے شراکت داری کی ہے جس کا مقصد ایپل اور مائیکروسافٹ کی ڈیوائسز کا مقابلہ کرنا ہے۔

کروم بک پلس اور پرو میں 2400x1600 پکسل ایل ای ڈی ڈسپلے، چار جی بی ریم، دو یو ایس بی ٹائپ سی پورٹس، 4k ویڈیو سپورٹ، مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ اور 32 جی بی اسٹوریج موجود ہے۔

اس کا وزن محض ڈھائی پونڈ ہے اور موٹائی بند ہونے پر آدھے انچ سے کچھ زیادہ ہوتی ہے۔

اس ڈیوائس کو لیپ ٹاپ اور ٹیبلیٹ کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے جیسا کہ مارکیٹ میں دستیاب ونڈوز لیپ ٹاپس ہوتے ہیں۔

کروم بک پلس اور پرو میں واحد فرق ان کے اندر موجود پراسیسر کا ہے، جیسے پلس میں اے آر ایم چپ پراسیسر ہے جبکہ پرو میں انٹیل کور ایم تھری پراسیسر کو استعمال کیا گیا ہے۔

سام سنگ کا کہنا ہے کہ یہ دونوں کمپیوٹرز فل چارج ہونے پر 8 گھنٹے تک کام کرسکتے ہیں۔

اس ڈیوائس کی انفرادیت اس کا اسٹائلوس پین ہے جسے اسکرین پر لکھنے، اسکرین شاٹ لینے یا چیزوں کو نمایاں کرنے کے لیے لیزر پوائنٹر کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کروم بک پلس فروری میں 449 ڈالرز کے عوض فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ کروم بک پرو رواں سال کسی وقت صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔