بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس) سڈنی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ کی جانب سے نصف سنچری کی تکمیل پر خوشی منانے کا انداز نئی بحث کا سبب بن گیا، انہوں نے اپنا چہرہ ہاتھوں میں چھپا لیا اور بیٹ شائقین اور ساتھی پلیئرز کی جانب لہرایا، اسے ’دی ڈیب‘ کا نام دیا گیا۔

یہ ان کی آٹھویں ٹیسٹ ففٹی شمار ہوئی، ان کے انداز کو شائقین اور ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے سراہا گیا تاہم سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا، بعض نے اسے پاکستانی ٹیم کی توہین بھی قرار دیا۔
عثمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم تیسرے ٹیسٹ کے دوران اس حوالے سے آپس میں خاصا مذاق کرتے رہے تھے، لہٰذا جب میں ففٹی تک پہنچا تو میں نے بھی جشن کیلیے اسی انداز کو منتخب کیا، میں نے صرف تفریح کی خاطر ایسا کیا، عثمان نے اس حوالے سے اپنی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) ’پی کے‘، ’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’سلطان‘ کے بعدعامر خان کی فلم ’دنگل‘ تین سو کروڑ کلب میں شامل ہو گئی، باکس آفس پر ’سلطان‘ کو پچھاڑنے کے قریب پہنچ گئی۔

یہ دو ہزار سولہ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہو گی، فلمی پنڈتوں نے پیش گوئی کر دی، باکس آفس کا پہلوان کون؟ارے عامر خان اور کون۔پی کے، بجرنگی بھائی جان اورسلطان کے بعد عامر خان کی فلم ’دنگل‘ تین سو کروڑ کلب میں شامل ہو گئی،صرف 13دن میں تین کروڑ کلب کی ممبر بن گئی،پی کے نے یہ اعزاز سترہ دن میں حاصل کیا تھا۔

سلمان خان کی ’سلطان‘ نے گذشتہ برس 3ارب 45کروڑ کا بزنس کیا تھا،لیکن اب تیز رفتار دنگل باکس آفس پر ’سلطان‘ کو دھوبی پٹخا دینے کے قریب پہنچ گئی ہے۔فلمی پنڈتوں نے پیش گوئی کر دی ہے کہ دنگل 2016ءکی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بننے والی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمںٹ) ایکشن اور کنگ فُو فلموں کے دیوانے تیار ہوجائیں ، جی ہاں جیکی چن کی کامیڈی اور ایکشن سے بھرپور نئی ایڈونچرفلم '’’ریل روڈ ٹائیگرز‘‘کا ٹریلر جاری کر دیا گیا۔

ہدایتکارڈینگ شین کی اس فلم کی کہانی 1941میں ایک ایسے چینی’’ ریل روڈ ورکر‘‘کے گرد گھوم رہی ہے جو جنگی حالات میں غریبوں کی مدد کرنے اور انہیں کھانے پینے کی اشیاء فراہم کرنے کیلئے جنگجوؤں کا مقابلہ کرتا ہوا اپنا مشن حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

ایکشن سے بھرپور ہلکی پھلکی کامیڈی کا تڑکا لئے اس فلم میں مرکزی کردار جیکی چن نبھا رہے ہیں جن کے علاوہ زیٹاؤ ہونگ ، کائی وینگ، ڈیرن وینگ، ایلن نینگ اورسینگ پنگ فلم کی دیگر کاسٹ میں شامل ہیں ۔

چینی سنیما کے اشتراک سے بننے والی اس ایڈونچر ایکشن فلم کی تیاری پر کل 50ملین ڈالر لاگت آئی ہے جو انگریزی زبان میں آج 6جنوری کو امریکی سنیماگھروں کی زینت بنائی جائے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) خطرناک ویمپائرز پر مبنی ہالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم سیریز ’انڈر ورلڈ‘ سلسلے کی نئی سنسنی خیز فلم ’انڈر ورلڈ بلڈ وارز‘ کا فائنل ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔

ہدایتکارہ اینا فوئیسٹر کی ڈائریکشن میں بننے والی اس فلم میں گزشتہ حصوں کی طرح ایک بار پھر انسانی خون کے پیاسے ویمپائرز اپنے روایتی حریف خونخوار بھیڑیوں کے مابین جاری خطرناک جنگ کی عکاسی کر رہی ہے۔

اس فلم میں ویمپائرز کی ڈیتھ ڈیلر ’سیلین‘ ایک بار پھر نامور ہولی وڈ اداکارہ کیٹ بیکنسیل نبھا رہی ہیں۔ ڈیوڈ کیرن، ٹام روزنبرگ اور لین وائس مین کی مشترکہ پروڈکشن میں تیار کردہ اس فلم کی دیگر کاسٹ میں اداکار تھیو جیمز، ٹیرینٹ گیریٹ، تھوبیئس مینزیس، بریڈلے جیمز اور چارلس ڈینس شامل ہیں

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ معروف اداکار رفان خان نے پاکستانی اداکارہ صبا قمر کے ساتھ فلم ”ہندی میڈیم“ کاپوسٹر جاری کردیاہے ،صبا قمر بالی ووڈ میں اس فلم سے اپنے کیرئیر کا آغاز کریں گی۔

تفصیلات کے مطابق ساکیت چوہدری کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم رومانوی اور کامیڈی پر مبنی ہے جس میں دونوں اداکار میاں بیوی کے کردار میں نظر آئیں گے ۔

اداکار عرفان خان نے اپنی نئی فلم”ہندی میڈیم“ کا جو پوسٹرسماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا ہے جس میں صبا قمر ان کے ساتھ سائیکل رکشہ پر سوار ہیں اور شرماتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) یونیورسٹی آف ٹیکساس (آسٹن) اور ناپا کی جانب سے پاکستان اور امریکا کی ثقافتوں کو قریب لانے کے لیے محفل موسقی کا انعقاد کیا، قائم مقام امریکی قونصل جنرل جون وارنر نے میوزیکل کنسرٹ کے انعقاد کو بڑی کامیابی قرار دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں قائم امریکی قونصل خانے میں ناپا اور یونیورسٹی آف ٹیکساس کی شراکت داری تین سال مکمل ہونے پر موسیقی کے شائقین کے لیے محفل موسیقی ’’سنگت‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر قائم مقام امریکی قونصل جنرل نے مہمانوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ’’میوزیکل کنسرٹ کا انعقاد کراچی کے عوام کے لیے نادر موقع ہے کیونکہ اس طرح کی محافل سے دونوں ممالک کے گلوکاروں کو ایک ساتھ پرفارم کرنےکا موقع حاصل ہوتا ہے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ’’سنگت کنسرٹ میں جنوبی ایشیا اور مغربی موسیقی کے انداز اور منفرد دھنوں کو بھی پیش کیا گیا، جو بہت بڑی کامیابی ہے‘‘۔

امریکی قونصل خانے سے جاری اعلامیے کے مطابق یونیورسٹی آف ٹیکساس آسٹن اور ناپا کے درمیان اکیڈمک شراکت ایسے 20 پروگراموں میں سے ایک ہے جن کے لیے امریکی حکومت نے فنڈ فراہم کیے ہیں، ان میں سے 4 شراکتی پروگرام سندھ میں ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’ یونیورسٹی آسٹن اور ناپا کے درمیان یونیورسٹی شراکت کا مقصد دونوں اداروں کے موسیقی کے طلبہ اور اساتذہ میں روابط کو بڑھانا اور تعلیمی تبادلوں کو فروغ دینا ہے اور موسیقی کے تصورات، موسیقی مرتب کرنے اور پیش کرنے کے فن کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے‘‘۔

اس کنسرٹ کا انعقاد یونیورسٹی آف ٹیکساس اور ناپا کے درمیان تین سال کی اکیڈمک شراکت کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا گیا، اس مقصد کے لیے امریکی حکومت نے 10 کروڑ پاکستانی روپے کی امداد بھی فراہم کی ہے۔

میوزیکل پروگرام میں یونیورسٹی آف ٹیکساس کے ساؤتھ ایشیا انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر کامران علی اور ناپا کے ڈائریکٹر پروگرامز راشد محمود نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس)آئی سی سی نے ٹیسٹ میچ کی رینکنگ جاری کردی۔ آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر چلی گئی۔ آسٹریلیا کیخلاف سیریز 0-3 سے گنوانے والی مصباح الیون کو اس سے قبل نیوزی لینڈ نے بھی دونوں ٹیسٹ میں ہرایا جب کہ ویسٹ انڈیز سے آخری میچ میں بھی ناکامی ہی ہاتھ آئی تھی۔

حالیہ دونوں ٹورز سے قبل قومی ٹیم دوسرے نمبر پر تھی جب کہ گذشتہ برس پہلی پوزیشن بھی حاصل کی تھی، مگر اب ون ڈے اورٹی ٹوئنٹی کی طرح ٹیسٹ میں بھی کارکردگی روبہ زوال ہے۔ ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت نمبر ون جب کہ آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہے، اس کے بعد جنوبی افریقہ کا تیسرا نمبر جب کہ انگلینڈ چوتھے نمبر پر مومود ہے۔

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس)سڈنی ٹیسٹ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کے دوران ٹیسٹ ٹیم کے قائد نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز اور پی ایس ایل کے بعد ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوئی فیصلہ کروں گا، آسٹریلیا میں آؤٹ آف فارم رہا، شروع میں رنز نہ ہوں تو پریشر بڑھ جاتا ہے، پریشر میں آکر غلط شاٹ کھیلے اور اسی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بھی پرفارم نہیں کر سکا، کسی بھی ملک کے پلیئرز کو فٹنس میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ آسٹریلیا میں کھیلنے کیلئے 100 فیصد فٹ ہونا ضروری ہے، ہمارے لئے یہ ایک مشکل سیریز تھی، آسٹریلیا نے ہوم کنڈیشنز کا خوف فائدہ اٹھایا اور ہمیں ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کیا، کامیابی کا کریڈٹ پوری کینگروز ٹیم کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں تجربہ کار بیٹسمین اور ورلڈ کلاس بولر شامل ہیں، نوجوان پلیئرز اچھا پرفارم کر رہے ہیں، اس تلخ تجربے سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ گابا میں فائٹ بیک کے بعد ہمیں خود اعتمادی ملی تو میلبورن میں شکست سے ٹیم مورال ڈاؤن ہوا، اس طرح کی شکست کے بعد حوصلے پست ہو جاتے ہیں، ایک ایشین ٹیم کے طور پر ہمیں بہت زیادہ سیکھنے کی ضرورت ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) گزشتہ دنوں ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر معروف ریسلر بروک لیسنر پرایک سال کے لیے مکس مارشل آرٹس مقابلوں میں شرکت پر پابندی عائد کردی گئی تھی اور اب اس پر ڈبلیو ڈبلیو ای نے اپنے ردعمل کو ظاہر کردیا ہے۔

بروک لیسنر کے دو ڈوپ ٹیسٹ یو ایف سی 200 مقابلے سے پہلے مثبت آئے تھے جس پر گزشتہ ماہ نویڈا ایتھلیٹک کمیشن نے ایک سال کی پابندی اور ڈھائی لاکھ ڈالر جرمانے کی سزائیں سنائی تھیں، جبکہ رواں ہفتے یو ایس اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے بھی ان پر ایک سال کی پابندی لگانے کا اعلان کیا۔

تاہم اب ڈبلیو ڈبلیو ای نے اس پابندی کے حوالے سے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ سابق ورلڈ چیمپئن کو کسی قسم کی معطلی یا سزا کا سامنا نہیں ہوگا۔

ترجمان کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای کی ٹیلنٹ ویل نیس پروگرام کا اطلاق پارٹ ٹائم ریسلرز جیسے بروک لیسنر پر نہیں ہوتا لہذا انہیں کسی قسم کی سزا دیئے جانے کا امکان نہیں۔

ڈبلیو ڈبلیو ای نے اس ویل نیس پروگرام کا آغاز فروری 2006 میں اس وقت کیا تھا جب ریسلر ایڈی گوریرو کی 38 سال کی عمر میں اچانک ہارٹ فیل ہونے سے موت ہوگئی جس کی وجہ الکحل اور ممنوع ادویات کا استعمال تھا۔

اس پروگرام کے تحت ڈبلیو ڈبلیو ای نے متعدد ریسلرز کو معطل بلکہ کچھ کو فارغ بھی کیا۔

اس پروگرام کے تحت ڈبلیو ڈبلیو ای کسی بھی ریسلر کو اس طرح کی غلطی پر معطل یا برطرف کرسکتی ہے مگر پارٹ ٹائم ریسلرز پر اس کا اطلاق نہیں ہوتا اور بروک لیسنر کو یہاں کسی قسم کی سزا ملنے کا امکان نہیں۔

اس پابندی سے قبل ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ بروک لیسنر ریسل مینیا 33 کے بعد ڈبلیو ڈبلیو ای کو خیرباد کہنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم اب وہ ایسا نہیں کرسکیں گے۔

اسی طرح یہ بھی کہا گیا کہ بروک لیسنر کو گولڈ برگ کے ہاتھوں ڈیڑھ منٹ سے بھی کم وقت میں شکست کی وجہ یو ایف سی 200 کے ڈوپنگ ٹیسٹ میں ناکامی پر انہیں ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے دی جانے والی سزا ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس)آسٹریلیا نے پاکستان کو آخری ٹیسٹ میں بھی شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔
سڈنی ٹیسٹ کے آخری روز آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 465 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم شدید مشکلات کا شکار ہے اور گرین کیپس نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنا لئے ہیں جب کہ قومی ٹیم کو میچ جیتنے کے لئے مزید 264 رنز درکار ہیں اور اس کی صرف 3 وکٹیں باقی ہیں۔ سرفراز احمد 43 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جو دوسری اننگز میں قومی ٹیم کی جانب سے کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔

کھیل کے آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز ایک وکٹ 55 رنز پر کیا تو اظہر علی اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں اضافہ کئے بغیر 11 رنز پر ہی ہیزل ووڈ کی گیند پر ان ہی کو آسان کیچ دے کر آؤٹ ہو گئے، بابر اعظم ایک بار پھر صرف 9 رنز بنا کر ہیزل ووڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ پہلی اننگز میں 175 رنز بنانے والے یونس خان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 13 رنز بنا کر ناتھن لیون کا شکار بن گئے، گزشتہ روز بطور نائٹ واچ مین آنے والے یاسر شاہ نے بھی 13 رنز کے لئے 93 گیندوں کا سامنا کیا، انہیں اسٹیو اوکیفے نے آؤٹ کیا۔

اسد شفیق 30 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ کپتان مصباح الحق ایک بار پھر چھکا لگانے کی کوشش میں اوکیفے کی گیند پر لیون کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہاب ریاض نے 3 چوکوں کی مدد سے 12 رنز بنائے تھے کہ اوکیفے کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کھڑے میتھیو ویڈ نے کیچ کی اپیل کی جسے امپائر نے مسترد کر دیا جس پر آسٹریلوی قائد اسٹیون اسمتھ نے ریویو لے لیا جس پر انہیں آؤٹ قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 538 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی تھی جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم نے 315 رنز بنائے تھے جب کہ آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز بھی 241 پر ڈیکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کے لئے 465 رنز کا ہدف دیا تھا۔