بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے آزاد کشمیرمیں آئینی اصلاحات کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ،یہ کمیٹی تجاویز کا جائزہ لے کر آئینی ترامیم کی منظوری دیگی ۔

وزیر اعظم پاکستان نے دورہ مظفرآباد کے دوران آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی و ترقیاتی میزانیہ میں اضافے ، مالیاتی بحران کے خاتمے ، آزاد کشمیر کو سی پیک کا حصہ بنانے ،ایکٹ 1974میں ترامیم ،کشمیر کونسل سے واجبات کی ادائیگی ، ٹیکس وصولی کا اختیار آزاد حکومت کو دینے ، 1450کلو میٹر شاہرات ، لوہر ٹوپہ تا کوہالہ ایکسپریس وے ، مظفرآباد تا مانسہرہ روڈ کی اپ گریڈیشن ،سی پیک کے تحت شونٹر ٹنل ،سراں تا تولی پیر سیاحتی روٹ کی تعمیر اور این ایف سی میں آزاد کشمیر کا حصہ بڑھانے کی اصولی منظوری دیدی ہے ۔

گزشتہ روزمظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ان تمام ایشوز پر جلد عملد رآمد شروع ہوگا۔ پیپلز پارٹی کشمیریوں کے خلاف قومی جرائم کی مرتکب رہی ہے ۔شملہ معاہدہ ،ایکٹ1974میں ترامیم ، این ایف سی میں آزاد کشمیر کو باہر کر کے پیپلز پارٹی نے تین جرائم کئے جس کی سزا کشمیری عوام بھگت رہے ہیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ چھ رکنی آئینی اصلاحات کمیٹی میں وفاقی وزیر امور کشمیر ، مشیر خارجہ ، وفاقی وزیر قانون ، صدر آزاد کشمیر، وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزیر قانون آزادکشمیر شامل ہیں۔

 

 


ایمز ٹی وی(پشاور) صوبائی دارالحکومت پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما رحیم برکزئی کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا گیا جب کہ ان کا ساتھی شدید زخمی ہو گیا

ذرائع کے مطابق پشاورمیں میتھر اکے علاقے پنم ڈیری کے قریب رحیم برکزئی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق جبکہ ان کا ساتھی شدید زخمی ہو گیا ۔امدادی ٹیموں نے زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کردیا۔

جہاں اس کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔پولیس کاکہنا ہے کہ واقعے میں ملوث 3ملزمان کو حراست میں لیے لیا گیا ہے ۔انہوں نے بتا یا کہ واقعہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے تاہم اس بارے میں حتمی معلومات تحقیقات کے بعد دی جائیں گی ۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت) ملک میں سال 2016 کے آخری ہفتے میں حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) پر مبنی مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.16 فیصد جبکہ سال بہ سال 0.34فیصد کمی ہوئی۔

پاکستان بیورو شماریات سے جاری ڈیٹا کے مطابق 29 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران صرف 6اشیا کی قیمتیں بڑھیں ان میں سب سے زیادہ نرخ فارمی مرغی کے اوسطاً 1.92 فیصد بڑھے جبکہ کیلے 1.20 فیصد، گائے کا ہڈی والا گوشت 0.18 فیصد مہنگا ہوا، اس کے علاوہ دال چنا، گندم اور آٹے کی قیمتیں نام کو بڑھیں تاہم ا دوران آلو، ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی، مجموعی طورپر 15 اشیا کے نرخ گرے، سب سے زیادہ آلو 9.18 فیصد سستے ہوئے جس کے بعد آلو ملک میں اوسطاً 27.31 روپے کلو دستیاب ہیں۔

ٹماٹر 6.73 فیصد کمی سے30.78 روپے، پیاز2.23 فیصد گھٹ کر 26.27 روپے فی کلو، انڈے1.76فیصد کمی سے 122.77 روپے فی درجن، دال ماش1.24 فیصد کمی سے 216.77 روپے کلو، اوسط درجے کا گڑ1.15فیصد نیچے آکر 85.20 روپے کلو، دال مونگ0.75 فیصد گھٹ کر138.26 روپے فی کلو، ایل پی جی 0.74 فیصد کمی سے 1111.47 روپے فی گھریلو سلنڈر دستیاب ہے جبکہ دال مسور، چینی، خشک دودھ، لہسن، ویجیٹیبل گھی (کھلا/تھیلی)، سرخ مرچ پسی ہوئی کھلی اور سرسوں کے تیل کی قیمتیں بھی کم ہوئیں، اس کے علاوہ چاول دودھ دہی سمیت 32 اشیا کے نرخ برقرار رہے۔

 


ایمزٹی وی(پنجاب)حکومت نے اوگرا کی سمری مسترد کرتےہوئے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سال نو کی آمد پر حکومت نے عوام کو تحفہ دے دیا ہے حکومت نے اوگرا کی آئندہ ماہ کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6.93 روپے تک اضافے کی سمری کو مسترد کرتے ہوئے موجودہ قیمتیں ہی رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتےہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔ قیمتوں میں رد و بدل نہ کرنے پر قومی خزانے کو 4 ارب روپے کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں 15 روز کے لیے ہیں ، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ہر 15 روز میں کیا جائے گا۔

واضح رہے اوگرا نے جنوری کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت پیٹرولیم کو ارسال کی تھی جس میں پیٹرول 31 پیسے اورہائی اسپیڈ ڈیزل 3.94 روپے لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔


ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) سال 2016 جہاں ہمارے لیئے اچھی اور خوش گوار یادیں چھوڑ کر جا رہا ہے، وہی اس سال کئی اہم شخصیات ہم سے جدا ہوئیں، پاکستان کو دنیا بھر میں شہرت دلانے اور قوم کا نام روشن کرنے والی معروف شخصیات 2016میں اس دنیا سے رخصت ہوگئیں، ان کی بے شمار یادیں اب ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔
عبدالستار ایدھی:
انسانیت کے عظیم علمبردار طویل علالت کے بعد 8جولائی کو اس دنیا سے رخصت ہوگئے اور انہیں ان کی خدمات کے صلے میں سرکاری اعزاز کے ساتھ دفن کیاگیا۔
انتظار حسین:
پاکستان کے معروف افسانہ اور ناول نگار،جن کا شمار موجودہ عہد میں پاکستان ہی کے نہیں بلکہ اردو فکشن، خاص طور پر افسانے یا کہانی کے اہم ترین ادیبوں میں کیا جاتا ہے 2 فروری کوخالق حقیقی سے جا ملے
جنید جمشید:
شوبز کی چکا چوند کو خیرباد کہہ کر اپنی زندگی اسلام کے لئے وقف کردینے والے اسٹار جنید جمشید 7دسمبر کو حویلیا ں کو قریب طیارہ حادثہ میں شہید ہو گئے
فاطمہ ثر یا بجیا:
ادبی دنیا میں مصروف عمل رہنے والی ملک کی معروف ڈرامہ نگار اور ادیبہ فاطمہ ثریا بجیا 85 (پچاسی)سال کی عمر میں 10فروری کو کراچی میں انتقال کر گئی ۔حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے صلے میں انھیں تمغہ حسن کارکردگی اور ہلال امتیاز سے بھی نوازا۔
شائلہ بلوچ:
پاکستان کی خواتین کی قومی فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی شائلہ بلوچ کار حادثے میں13اکتوبر کو ہلاک ہو گئیں۔ شائلہ نے بین الاقوامی سطح پر کئی میچوں میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی بھی کی۔
قوال امجد صابری:
بین الاقوامی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کو 22جون ان کی رہائش گاہ کے قریب ٹارگیٹ کلنگ میں شہید کردیاگیا۔امجد صابری دنیا کے مختلف ممالک میں قوالی پیش کرکے داد سمیٹنے کے علاوہ بھارت کی مختلف فلموں کے لیے بھی قوالیاں گا چکے تھے۔
قندیل بلوچ:
سوشل میڈیا پر تنازعات کا شکار رہنے والی ماڈل قندیل بلوچ نے سوشل میڈیا سے شہرت پائی اور15جولائی کو ملتان میں اپنے بھائی کے ہاتھوں قتل کا شکار ہوئیں
نشا ملک:
اپنی موت سے آٹھ ما ہ قبل شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے والی ماڈل اپنی صلا حیتوں کے باعث تیزی سے شہرت کی طرف بڑھ رہی تھی کہ اچا نک گھریلو تنازعات سے تنگ آکر2 ستمبر کو اس دنیا سے چل بسیں۔
میڈم شمیم آرائ:
ماضی کی مشہور اداکارہ اور ہدایت کارہ شمیم آرا طویل علالت کے بعد78(اٹھتر)برس کی عمر میں5اگست کو لندن میں دم توڑ گئیں۔انھیں پاکستان کی پہلی کامیاب خاتون ہدایت کارہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
قسمت بیگ:
مسلسل حملوں کا شکار ہونے والی اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ ہر بنس پورہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوئی اور24نومبر کو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئیں۔
ندا فاضلی:
انسان دوست شاعر سے مشہور ہونے والے شاعر اور نغمہ نگار ندا فا ضلی 8فروری کو77برس میں انتقال کر گئے ۔
حبیب الر حمٰن:
پاکستانی سینما اور ٹی وی کے معروف سینئیر اداکار حبیب الر حمٰن دو مرتبہ بہترین اداکارکے ایوارڈ اور صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازے گئے اور طویل علالت کے بعد25 فروری کو81(اکیاسی)سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
اداکارلاڈلہ:
مولا جٹ سمیت سینکڑوں فلموں میں مزاحیہ کرداراداکرنیوالے اداکارلاڈلہ کو کون نہیں جانتا،چالیس سالہ فنی کیریئر میں ایک سوسے زائدفلموں میں کام کرنے کے بعد ایمر جنسی کی حالت میں 15 ستمبر کو اسپتال داخل ہوئے اور واپس پلٹ کر نہ آسکے۔
اے نئیر:
پلے بیک سنگنگ میں نمایاں مقام حاصل کرنے والے پاکستان کے معروف گلوکار اے نیئر عارضے قلب میں مبتلا تھے جس کے باعث11نومبر کو لاہور میں اپنی زندگی کی سانسیں مکمل کرتے ہوئے سفر آخرت پر روانہ ہو گئے۔
عمر دراز خان:
ولن کا کردار ادا کرنے والے پشتو فلم انڈسٹری کے اداکار عمر دراز خلیل برین ہیمرج کے باعث16دسمبر کو انتقال کر گئے
معشوق سلطان:
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازے جانے والی پشتو زبان کی معروف گلوکارہ معشوق سلطان ہیپاٹائٹس کے باعث19دسمبر کو اللہ کو پیاری ہوگئیں۔
نصیر بھائی:
نامور ٹی وی شخصیت، پاکستانی اور ہندوستانی فلمی گانوں کے چلتے پھرتے انسائیکلوپیڈیا کہلانے والے محمد نصیر عرف نصیر بھائی 26جون کو اس دنیا سے چل بسے۔
محمد علی:
باکسنگ کی دنیا کے مایا ناز مسلم باکسر محمد علی بھی اسی سال3جون کو دیار فانی سے رخصت ہوئے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) انسانی خیالات اور تصورات کے برعکس نئی تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل مریضوں کو ورزش کرائی جائے تو وہ تیزی سے صحت یاب ہونے لگتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق آئی سی یو میں داخل مریضوں کو انتہائی کمزور سمجھا جاتا ہے لیکن یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل مریضوں کو 2 ہفتے تک ورزش کرانے سے مریض کے جلد صحت یاب ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں جس کی اہم وجہ ورزش کے دوران مریضوں کے خون کی گردش اور پٹھوں کا معمول کے مطابق کام کرنا ہے۔

تحقیق کے لیے محققین نے آئی سی یو وارڈ میں داخل 33 مریضوں پر تحقیق کی جن کی عمریں 18 سال اور اس سے زائد تھیں۔ مریضوں کے علاج کے دوران ان میں سے بعض مریضوں کو روزانہ 30 منٹ بیڈ پر ہی ورزش کرائی گئی اور کچھ مریضوں کو صرف بیڈ پر آرام دیا گیا اور یہ عمل ہفتے میں 6 دن تک جاری رہا۔ تحقیق کے دوران مشاہدہ کیا گیا کہ وہ مریض جنہیں آئی سی یو میں داخل ہونے کے بعد لگاتار 4 روز تک ورزش کرائی گئی ان کے جسم میں خون کی گردش بہتر رہی اور انہوں نے تیزی سے صحتیابی کی جانب سفر کیا۔

تحقیق کاروں نے نوٹ کیا کہ ایسے مریض جنہیں آئی سی یو میں ورزش نہیں کرائی گئی وہ تیزی سے کمزور ہوتے گئے اور ان میں معذوری کی شکایت بھی آنے لگی جب کہ محقیقین کا کہنا ہے کہ ایسے مریض آئی سی یو میں داخل ہونے کے چند دن بعد ہی لاغر ہوجاتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق مسلسل بیٹ پر لیٹے رہنے سے مریض کے پٹھے سکڑنے لگتے ہیں اورخون کی گردش بھی متاثرہوتی ہے لیکن اگر آئی سی یو میں داخل مریضوں کو دوران علاج روزانہ ورزش کرائی جائے تو کمر، کولہے اور پیروں کو جہاں فائدہ پہنچتا ہے وہیں جسم میں خون کی گردش معمول کے مطابق چلنے سے مریض کمزور نہیں ہوتا۔

 

 


ایمزٹی وی(بزنس)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جولائی تاستمبر2016 کی سہ ماہی میں بڑے پیمانے کی صنعتوں کی کارکردگی کوکمزورقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی آمدنی کم ہونے کے باعث مالیاتی خسارہ بڑھا، کم شرح سود کے باوجود سودی ادائیگیاں کم نہ ہوئیں تاہم مہنگائی 6 فیصد کے ہدف میں رہنے کی توقع ہے۔ یہ بات اسٹیٹ بینک نے گزشتہ روز سال2016-17 کی پہلی سہ ماہی کے لیے جاری ہونے والی جائزہ رپورٹ میں کہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق زیرتبصرہ سہ ماہی کیاابتدائی معاشی اعداد و شمارسال کے دوران معاشی نمو کی مستحکم رفتار کو ظاہر کرتے ہیں، گنے اور مکئی کی پیداوار میں مضبوط نمو، کپاس کی پیداوار میں بہتری اور چھوٹی فصلوں کی بہتر رسد سے بھی زراعت کی نمو میں کچھ بحالی کی نشاندہی ہوتی ہے۔ پہلی سہ ماہی کے دوران بڑے پیمانے کی اشیا سازی (ایل ایس ایم) کی کمزور کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے رپورٹ میں توقع ظاہرکی گئی ہے کہ معاون پالیسیوں اور گاڑیوں، چینی، ادویہ اورتعمیرات سے متعلق شعبوں میں حوصلہ افزا امکانات کے پیشِ نظرآگے چل کر نمو کی رفتار بڑھنے کی توقع ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سہ ماہی میں اوسط عمومی مہنگائی بلحاظ صارف اشاریہ قیمت (سی پی آئی) بڑھ کر 3.9 فیصد ہو گئی جو گزشتہ مالی سال کی اس سہ ماہی میں 1.7 فیصد تھی تاہم یہ اضافہ توقعات کے مطابق تھا، پورے سال کے لیے مہنگائی 6 فیصد کے ہدف میں رہنے کی توقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق زیرتبصرہ سہ ماہی میں نجی شعبے کے قرض کی بھاری مقدار میں واپسی جون میں قرضوں کے غیرمعمولی استعمال سے ہم آہنگ تھی لیکن تاریخی پست شرح سود کے باوجود بڑے کارپوریٹس نے مزید قرض گیری سے گریز کیا تاہم مثبت پیشرفت معینہ سرمایہ کاری خصوصاً توانائی سے متعلق سرمایہ جاتی اخراجات کے لیے قرضے کی طلب میں اضافہ تھا۔

رپورٹ میں کہا گیاکہ پہلی سہ ماہی کے دوران مالیاتی اور جاری کھاتے کے خساروں میں اضافہ ہوا جس کا بنیادی سبب اتحادی سپورٹ فنڈ (سی ایس ایف) کی مد میں رقوم کی عدم موجودگی تھی، جاری کھاتے پر اضافی دباؤبڑھتے ہوئے تجارتی خسارے اور ترسیلات زر میں کمی سے آئی، دوسری طرف مالی خسارے کو بڑھانے میں غیرٹیکس محاصل اور توقع سے کم ٹیکس وصولیوں نے کردار ادا کیا تاہم رپورٹ میں حکومت کی جانب سے زرِاعانت میں کٹوتی کے بعد جاری اخراجات میں معمولی کمی کو سراہا گیا، سودی ادائیگیوں میں تبدیلی نہیں ہوئی کیونکہ کم شرح سود سے حاصل ہونے والے فوائد سرکاری قرض میں اضافے کے باعث بڑی حد تک زائل ہو گئے۔

رپورٹ میں ترقیاتی اخراجات میں 12.4 فیصد سال بہ سال اضافے کو مثبت قرار دیا گیا خاص طور پر صوبوں کی جانب سے، جس کی وجہ سے سہ ماہی میں ان کے انفراسٹرکچر پر اخراجات بڑھ گئے۔ رپورٹ میں بلند معاشی نمو کے لیے نجی کاروباری اداروں کے کردار کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمٹ) پاکستان کی فلم انڈسٹری کے ساتھ ملک بھر کی سنیما انڈسٹری بھی اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہوگئی۔

سال کے اختتام تک ملک کے 20سے زائد سنیما بند ہوچکے ہیں اور چند سنیما مالکان اپنی سنیماؤں کو یا تو بند کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں یا انھوں نے اپنے سنیماؤں میں شوز کم کردیے جس کے بعد پاکستان کی فلم انڈسٹری کے لوگ پاکستان میں سنیما انڈسٹری کو بچانے کے لیے میدان میں آگئے۔

اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ پاکستانی میں بھارتی فلموں کی وجہ سے سنیما انڈسٹری کو فروغ حاصل ہوا ہے بھارتی فلموں پر پابندی کے بعد سنیما انڈسٹری کو شدید نقصان پہنچا ہے، میرا خیال ہے سنیما انڈسٹری کو بچانے کے لیے ہمیں بھارتی فلموں کی نمائش کی مخالفت نہیں کرنا چاہیے،

فلم ساز ہدایت کار سعید رضوی نے کہا کہ اس وقت سنیما اندسٹری کی بقاء ہمارے لیے ضروری ہے کیونکہ اگر سنیماختم ہوگئے تو پاکستانی فلموں کا کیا ہوگا۔ لہذا سنیماؤں کو ختم ہونے سے بچانے کے لیے ہمیں یہ کڑوا گھونٹ پینا پڑے گا، اداکار ہمایوں سعید نے بھی گزشتہ دنوں پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کے سلسلے میں ایک بیان میں کہا تھاکہ بھارتی فلموں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں بہتر سے بہتر کام کرنا ہوگا بھارتی فلموں کی نمائش سے سنیما انڈسٹری کو نقصان پہنچے گا۔

ندیم مانڈوی والا نے کہا اگر پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش نہ ہوتی تھی تو یہ جدید ترین سنیما بھی نہ بنتے فی الحال ہمیں اس مسئلہ پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے سنیما ہوں گے تو پاکستان میں فلمیں بھی بنیں گی اور فلم انڈسٹری کو بھی ترقی کے مواقع ملیں گے

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے بھارت سے متعلق دیئے گئے پرانے بیان کو ہندو انتہا پسندوں نے نشانے پر رکھ لیا ہے اور اسے لے کر فلم ’’رئیس‘‘ میں روڑے اٹکانے کے لیے پروپیگنڈے پر اتر آئے ہیں۔

بالی ووڈ میں فلم ’’رئیس‘‘ سے کیرئیر شروع کرنے والی پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کا بھارت سے متعلق دیا گیا پرانا بیان ان دنوں سوشل میڈیا پرتیزی سے وائرل ہورہا ہے جسے ہندو انتہا پسند پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کررہے ہیں تاکہ ماہرہ کی شاہ رخ خان کے ساتھ پہلی بالی ووڈ فلم ’’رئیس‘‘ میں روڑے اٹکائے جاسکیں۔

نامور کامیڈین عمر شریف کی میزبانی میں ٹی وی شو کے دوران ماہرہ خان نے بھارت سے متاثر ہونے سے گریز کرنے مشورہ دیا تھا جب کہ یہ ویڈیو 2011 میں ہونے والے ٹی وی شو کی ہے جس میں ماہرہ کا کہنا تھا کہ ہمیں بھارت سے بالکل بھی متاثر نہیں ہونا چاہیے کیوں کہ ہم بالی ووڈ نہیں ہیں۔ اداکارہ کی 5 سال پرانی اس ویڈیو کو لے کر ہندو انتہا پسندوں نے تہلکہ مچا رکھا ہے اور اسے فلم ’’رئیس‘‘ کے خلاف پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔

ہندو انتہا پسندوں نے ماہرہ خان کے بیان کی پرانی ویڈیو کی بنیاد پر گڑھے مردے اکھاڑنا شروع کردیئے ہیں اور ایک بار پھر فلم ’’رئیس‘‘ کے بائیکاٹ کی مہم شروع کردی ہے جس سے ایک بار پھر شاہ رخ خان کی فلم’’رئیس‘‘ مشکلات میں پھنستی نظر آرہی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) جیکی چن کی کامیڈی اورایکشن سے بھرپور نئی ایڈونچرفلم ’’ریل روڈ ٹائیگرز‘‘کا ٹریلر جاری کر دیا گیا۔

ہدایتکارڈینگ شین کی اس فلم کی کہانی 1941میں ایک ایسے چینی’ ریل روڈ ورکر‘ کے گرد گھوم رہی ہے، جو جنگی حالات میں غریبوں کی مدد کرنے اور انہیں کھانے پینے کی اشیاء فراہم کرنے کیلئے جنگجوؤں کا مقابلہ کرتا ہوئے اپنا مشن پورا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

ایکشن سے بھرپور ہلکی پھلکی کامیڈی کا تڑکا لئے اس فلم میں مرکزی کردار جیکی چن نبھا رہے ہیں، جن کے ساتھ زیٹاؤ ہونگ ، کائی وینگ، ڈیرن وینگ، ایلن نینگ اورسینگ پنگ فلم کی دیگر کاسٹ میں شامل ہیں ۔

چینی سنیما کے اشتراک سے بننے والی اس ایڈونچر ایکشن فلم کی تیاری پر 50ملین ڈالر لاگت آئی ہے، جو انگریزی زبان میںآئندہ سال 6جنوری کو امریکی سنیماگھروں کی زینت بنائی جائے گی۔