بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) سال 2016 بات کی جائے تو دنیا بھر کے لیے کچھ خاص خوشگوار ثابت نہیں ہوا، اور کچھ ایسے نوجوان بھی ہیں جنہوں نے اس سال کے چند ناخوشگوار واقعات کو ملانے کا فیصلہ کیا اور اسے ایک اصل فلم کی شکل دے دی۔

فرینڈ ڈاگ نامی اسٹوڈیو کے برائن ہوتھر، بین اوگزیار اور سیتھ میچی نے کلاسک ہارر فلموں کے طریقے کار کو اپناتے ہوئے 2016 کے لیے ایک ٹریلر تیار کیا، جسے دیکھ کر یقیناً کوئی بھی ڈر سکتا ہے۔

اس ٹریلر میں 2016 میں ہونے والے کئی ناخوشگوار ایونٹس کو شامل کیا گیا، جن میں امریکا کے شہر سنسناٹی کے چڑیا گھر میں نایاب نسل کے گوریلا کو گولی مارنے سے ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکا کے صدر منتخب ہونے تک کے واقعات شامل ہیں۔

اس ٹریلر کی شروعات ایک جوڑے اور چند دوستوں سے ہوئی، جو نئے سال یعنی 2016 کے آغاز کا جشن منا رہے ہوتے ہیں، تاہم ساتھ ساتھ ایسا بھی پیش کیا جاتا ہے، جیسے ان کی یہ خوشی زیادہ وقت کے لیے برقرار نہیں رہتی۔

ٹریلر میں مزید دکھایا گیا کہ ایک کمرے میں مقبول اداکار جین وائلڈر، گلوکار پرنس، گلوکار ڈیوڈ بووئی اور باکسنگ لیجنڈ محمد علی کی تصاویر دیوار پر اس انداز سے لگی ہیں، جیسے کوئی اپنے ’اہداف‘ کی تصاویر لگاتا ہے، واضح رہے کہ ان تمام شخصیات کا انتقال اسی سال ہوا ہے۔

فلم میں موجود کرداروں کو جلد ہی اس بات کا احساس ہونے لگا، جیسے ان کے ساتھ کچھ غلط ہورہا ہے، اس دوران وہ کسی کو مدد کے لیے کال بھی نہیں کرسکتے کیونکہ ان کے فون میں ان کے ہاتھوں میں ہی دھماکا ہوجاتا ہے، واضح رہے کہ رواں سال سام سنگ فونز میں صارفین کو اس قسم کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

 

 
 

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) فلم گینگسٹر سے شہرت کی بلدیوں کو چھونے والی بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے بھی 2017میں شادی کرنے کا اعلان کر دیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق کنگنا رناوت کا کہناہے کہ وہ 2017میں شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں لیکن کنگنا رناوت نے فی الحال دولہے کا نام بتانے سے انکار کر دیاہے۔

کنگنا رناوت کا کہناتھا کہ وہ نئے سال کی آمد پر ایک نئی شروعات کرنا چاہتی ہیں ۔کنگنا رناوت کا کہناتھا کہ جو خط انہوں نے بالی ووڈ اداکار ہیرتک روشن کو لکھے انہیں بری طرح دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا گیا ،اس وقت میں اپنے آپ کو پوری دنیا کے سامنے برہنہ محسوس کر رہی تھی اور اس کی وجہ سے میں راتوں کو روتی بھی تھی۔

جبکہ لوگوں نے میرا مذاق بھی بنایا لیکن میں نے اس حوالے سے کسی بھی قسم کا جواب نہ دینے کا فیصلہ کیا ۔

 

 
 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) سال 2016ء کے دوران شعبہ صحت میں عالمی اور پاکستان کی سطح پر کیا تبدیلیاں رونما ہوئیں، کن بیماریوں پر قابو پایا گیا اور کونسی نئی ادویات سامنے آئیں، حکومتوں نے طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کیا اقدامات کیے ؟ آئیے اس کا مختصر جائزہ لیتے ہیں۔

نگلیریا، پولیو، زکا وائرس، کانگو وائرس نے اس سال بھی دنیا بھر اور پاکستان میں کئی افراد کو متاثر کیا تاہم اس حوالے سے اقدامات بھی سامنے آئے جبکہ ایڈز کے مریضوں کی مجموعی تعداد میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔

عالمی اداروں کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی جس میں انکشاف کیا گیا کہ دنیا بھر میں نمونیا کی وجہ سے کروڑوں بچے جاں بحق ہوئے جن کی عمر 5 سال سے کم تھی۔

انسانیت کی خدمت کے لیے کوشاں پاکستانی نوجوانوں نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک ایسا کارنامہ انجام دیا جو ہر پاکستانی کے زخموں کا مرہم بن گیا، نوجوانوں کی جانب سے اگست 2016 میں اسمارٹ فون کی ایک ایپلی کیشن ’’مرہم‘‘ کے نام سے تیار کی گئی جہاں کسی بھی بیماری کے حوالے سے ماہرین مشورہ دینے کے لیے ہمہ وقت موجود رہتے ہیں۔

طبی ماہرین نے جسم کے مطلوبہ مقام پر دوا پہنچانے کے لیے دنیا کی سب سے چھوٹی روبوٹک ’نینو مچھلی‘ تیار کی جو ریت کے ایک ذرے سے بھی 100 گنا چھوٹی ہے۔ نینو مچھلی کے ذریعے غیرضروری چیر پھاڑ کو نظر انداز کرتے ہوئے اسے جسم کے اندر چند خلیات تک انتہائی درستگی کے ساتھ دوا پہنچانے کے لیے استعمال کیا رہا ہے اور کینسر کے علاج میں یہ بہت مدد گار ہے۔

اس مچھلی کو جست اور سونے کی پنیوں سے تیار کر کے اس میں چاندی کے جوڑ لگائے گئے ہیں۔ سونے کے ذرات پتوار اور دم کا کام کرتے ہیں جس سے مچھلی تیرتی ہے۔ مچھلی کی لمبائی 800 نینو میٹر ہے۔

اکتوبر کی 21 تاریخ کو امریکن کالج آف سرجنز نے پاکستان کے مایہ ناز سرجن ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی کو ان کی طبی مہارت اور انسانیت کی خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا، امریکی سائنسی ماہرین نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورو لوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کے بانی اور روحِ رواں ڈاکٹر ادیب رضوی کو امریکن کالج آف سرجنز نے اعزازی فیلو شپ دی۔

یاد رہے کہ اعزازی فیلو شپ کسی بھی شخص کی قابلیت کے اعتراف میں دیا جانے والااعلیٰ ترین ایوارڈ ہے جو کسی ادارے کی جانب سے دیا جاسکتا ہے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں نومبر 2016ء کو اچانک گرد آلود ہوائیں چلیں جسے اسموگ کا نام دیا گیا، ان گرد آلود ہواؤں کے باعث شہریوں کو آنکھوں اور سینے کی بیماریوں لاحق ہوئیں جس سے بچے بڑی تعداد میں متاثر ہوئے تاہم صوبائی حکومت نے فوری طور اس وبا سے جان چھڑانے کے اقدامات کیے اور خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔

حکومتِ پنجاب نے ریسکیو 1122 کی پہنچ کو گنجان آباد علاقوں میں یقینی بنانے کے لیے نومبر کے ماہ میں پانچ شہروں میں موٹر سائیکل ایمبولینسیں چلانے کا اعلان کیا، یہ تجربہ پہلے ہی دنیا کے کئی ممالک میں کیا جاچکا ہے۔ حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل ایمبولینسس گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں چلانے کا اعلان کیا گیا۔

پنجاب حکومت نے نومبر کے ماہ میں تھلیسیمیا کے مرض کو قابو کرنے کے لیے قانون سازی کا عمل مکمل کیا‘ اس مقصد کے لیے پنجاب تھلیسیمیا پریوینشن ایکٹ 2016ء تیار کیا گیا جس کے تحت شادی سے قبل تھلیسیمیا ٹیسٹ کو لازمی قرار دینے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دینے کی تجویز بھی دی گئی۔

اس قانون سازی کا مقصد ملک سے تھلیسیمیا کے مرض کا خاتمہ تھا کیونکہ اس وقت ملک میں تقریباً 1 کروڑ افراد اس مرض میں مبتلا ہیں جس میں سے نصف تعداد کا تعلق پنجاب سے ہے اور ہر سال تقریباً 6 ہزار بچوں میں مرض رونما ہوتے ہیں۔

اسلامک یونیورسٹی بہاول پور کے ہونہار طالب علم فائز رضا نے آنکھوں کے ذریعے کنٹرول ہونے والی وہیل چیئر ایجاد کی،یہ وہیل چیئر ہاتھ پاؤں سے معذور افراد کی ضرورت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بنائی گئی جسے آنکھوں کی مدد سے بآسانی چلایا جا سکے گا۔

نابینا اور کلر بلائنڈنیس کا شکار افراد کے لیے مائیکرو سافٹ نے ایسی ایپلی کیشن تیار کی جو رنگوں کے درمیان فرق بتانے اور نابینا افراد کو چیزوں کی پہچان کروانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ یہ خصوصی ایپ بینائی سے محرومیت اور رنگ کی شناخت نہ کرنے کی بیماریوں میں مبتلا افراد کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے مائیکرو سافٹ نے ایک ایسی ایپلی کیشن تیار کی۔

سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے ملیر میں رواں سال دسمبر کے آخری عشرے میں اچانک پراسرار بیماری چکن گنیا نمودار ہوئی جس کے باعث سیکڑوں افراد متاثر ہوئے جس کے بعد صوبائی حکومت کی جانب سے ہیلتھ ایمرجنسی لگا دی گئی۔

اس بیماری کی تشخیص کے لیے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو اس بیماری کی تشخیص کو تلاش کرنے لگی جبکہ وفاقی صحت برائے ایڈوائزری کی جانب سے ایک بیماری کی علامات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے تمام صوبوں میں چکن گنیا پھیلنے کے پیش نظر خطرات سے آگاہ کیا گیا۔

زیکا وائرس کے مچھر کی افزائش روکنے کے لیے برطانوی سائنس دانوں نے رات دن محنت کر کے اس کے روک تھام کے لیے موڈیفائڈ مچھر فضا میں چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ برطانوی آکسی ٹیک لیب میں ہونے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ موڈیفائڈ مچھر زیکا وائرس کے مچھر کی افزائش کو روکنے میں 90 فیصد کامیاب رہا

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ سال میں کم از کم 12 دن حاملہ خواتین اور بچوں کے لیے اپنی خدمات فراہم کریں اور ان کا مفت علاج کریں۔ یہ بات نریند مودی نے اپنی دوسری سالگرہ کی تقریب کے موقع پر بھارتی ریاست اتر پردیش کی۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا، ’کیا میرے ڈاکٹر دوست ایک کام کر سکتے ہیں؟ ہر ماہ کی 9 تاریخ کو ان کے پاس جو بھی غریب اور حاملہ عورت آئے، وہ اس کا مفت علاج کریں‘۔

برازیل کے شہر ساؤ جوز میں ایک شہری کو عجیب مچھر کے کاٹنے کے بعد مہلک بیماری ہوئی جسے ماہرین کی جانب سے ’’ہاتھی پیر‘‘ کا نام دیا گیا، یہ بیماری ایک مچھر کے کاٹنے سے ہوتی ہے اور انفکیشن کی صورت میں متاثرہ شخص کا پیر بالکل ہاتھی کے پاؤں کی طرح ہوجاتا ہے۔ اس بیماری میں ابتدائی دنوں میں متاثرہ حصے میں سوجن دیکھنے میں آئی تاہم علاج نہ کروانے والے افراد کے جسم مفلوج بھی ہوئے۔

دنیا کے ممتاز ترین ماہر طبیعیات ’اسٹیفن ہاکنگ‘ نے انسان کے دماغ کو سوفیصد تک اہل رکھنے کے لیے سائنسی تاریخ کا بڑا کارنامہ سرانجام دیا، انہوں نے ایک دوا ایجاد کی جو انٹیلی جن کے نام سے ہے، اس کے استعمال سے انسانی دماغ پہلے سے بڑھ کرتیز، صاف اور مرکوز ہوجاتا ہے۔

 
 

 

 

ایمز ٹی وی( مایٹرنگ ڈیسک) ہالی لینڈ کی مقامی کمپنی نے بھکاریوں اور بے گھر افراد کی مدد کے لیے ایسی جیکٹ متعارف کروائی ہے، اس جیکٹ پر کریڈیٹ یا ڈیبٹ کارڈ لگاتے ہی مطلوبہ رقم بے گھر افراد کی فلاحی تنظیم کے بینک اکاؤنٹ میں خود بہ خود منتقل ہوجاتی ہے۔

ترقی پذیر ممالک میں نقد رقم کے استعمال کا سلسلہ کم سے کم ہوتا جارہا ہے جس کے باعث بے گھر اور بھکاری افراد کو خیرات میں ملنے والی رقم روز بہ روز کم ہوتی جارہی ہے، اسی مشکل کو دیکھتے ہوئے ہالینڈ کی کمپنی نے بھکاریوں کے لیے کریڈیٹ کارڈ جیکٹ متعارف کروائی ہے۔

یہ جیکٹ ہالینڈ کی ایڈورٹائزنگ ایجنسی نے بنائی ہے جسے’’ کانٹیکٹ لیس پے منٹ ‘‘ کا نام دیا گیا ہے، اس جیکٹ میں غریب افراد کا اسمارٹ کارڈ اور آگے ایک ایل سی ڈی بھی نصب کی گئی ہے۔

جیکٹ ڈیزائن کرنے والے ماہر کا کہنا ہے کہ ’’اس جیکٹ کا خیال اُس وقت ذہن میں آیا کہ جب اکثر لوگوں کو یہ کہتے سُنا کہ ہمارے پاس کھلے پیسے نہیں تاہم کریڈٹ کارڈ موجود ہے، ان باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جیکٹ کی تیاری شروع کی گئی جس میں کامیابی بھی ملی‘‘۔

جیکٹ ڈیزائنر کے مطابق کسی اجنبی کے ہاتھوں میں جانے والا آپ کا ایک یورو بھی ایسے بینک اکاؤنٹ میں جاتا ہے جس کی رقم غریبوں کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اس کے بدلے اس غریب کو تازہ کھانا، لباس یا شیلٹر ہوم میں ایک رات گزارنے کی مہلت مل جاتی ہے جس کا عموماً کرایہ 5 یورو فی 24 گھنٹے ہوتا ہے۔

کوئی بھی شخص جب کسی بھکاری کی فریاد سُن کر مدد کے لیے اُس کے پاس پہنچے گا تو اب اُسے کھلے پیسے یا نقد رقم نہ ہونے افسوس نہیں ہوگا کیونکہ وہ جیکٹ پر جیسے ہی اپنا کریڈٹ کا ڈیبٹ کارڈ لگائے گا مطلوبہ رقم فلاحی تنظیم کے اکاؤنٹ میں خود بہ خود منتقل ہوجائے گی۔

جیکٹ پہننے والے کو رقم کے حصول کے لیے ایک بٹن دبانا ہوگا جس کے بعد عطیہ کی جانے والی یہ رقم اُس کی آئی ڈی کے ساتھ بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوجائے گی جسے وہ بعد میں آسانی سے نکال سکے گا۔

 

 


ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں دنیا کے سب سے اونچے پل کو تعمیر مکمل ہونے کے بعد ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

یہ پل جنوب مغربی چین کے پہاڑی علاقے میں تعمیر کیا گیا ہے جس کی لمبائی پانچ سو پنسٹھ میٹر اور اونچائی آٹھارہ سو چون فٹ ہے اور یہ پل چین کے دو صوبوں یونان اور گوئی ژو کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔

دریائے بیپان جیانگ کے اوپر بنائے جانے والے اس پل کی تعمیر دوہزار بارہ میں شروع کی گئی تھی جس پر ایک سو بیس ملین یورو لاگت آئی ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس)آسٹریلوی وزیر اعظم نے پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیم کو کل ظہرانے پر مدعو کر لیا ۔

ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کے وزیر اعظم مالکوم ٹرمبل نے ہماری قومی ٹیم اور اپنے کھلاڑیوں کو کل دوپہر کے کھانے کی دعوت دیدی ہے جہاں وہ کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کریں گے ۔ آسٹریلوی وزیر اعظم ایوان وزیر اعظم میں ظہرانے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے ۔

یاد رہے قومی ٹیم ان دنوں آسٹریلیا کے دورے پر ہے جہاں ٹیم نے ابھی ایک ٹیسٹ میچ کھیلنا ہے اور13جنوری سےشروع ہونے والے 5ون ڈے میچوں کی سیریز کے بعد وطن واپس لوٹے گی ۔

 

 


ایمزٹی وی(راولپنڈی)صدر ممنون حسین نے چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ذبیر محمود حیات اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجود کو نشان امتیاز ملٹری سے نوازا۔

ایوان صدر اسلام آباد میں ملٹری حکام کو اعزازات دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، چیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سمیت اعلی سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر صدر ممنون حسین نے چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ذبیر محمود حیات اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے عوض دونوں عسکری حکام کو نشان امتیاز ملٹری سے نوازا۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی سماعت کے لیے نیا لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے جس کی سربراہی جسٹس آصف سعید کھوسہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں پاناماکیس کی سماعت 4 جنوری کو ہوگی، جس کے لیے نیا لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے، بینچ کی سربراہی نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے بجائے جسٹس آصف سعید کھوسہ کریں گے جب کہ بینچ میں جسٹس امیر ہانی مسلم کی جگہ جسٹس اعجاز افضل پاناما شامل ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاناما کیس کی سماعت ریٹائر ہونے والے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ کررہا تھا تاہم ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد نیا بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں شکست دیدی ہے لیکن قومی ٹیم کے بلے باز اور ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی بلے بازوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کھلاڑی اظہر علی نے آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں ڈبل سینچری بنائی تھی جس کے باعث انہیں بہت سراہا بھی گیا تھا لیکن میچ میں کامیابی آسٹریلیا کو ہی حاصل ہوئی ۔ تاہم 2016کے اختتام پر آئی سی سی نے بھی رینکنگ جاری کر دی ہے

جاری کردہ رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کے کھلاڑی اسٹیون سمتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں ،بھارت کے ویرات کوہلی دوسرے ،انگلینڈ کے کھلاڑی جوئے روٹ تیسرے پر موجود ہیں ۔کین ویلیم سن چوتھے،ڈیوڈ وارنر پانچویں اور چھٹے نمبر پر اظہر علی ہیں ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سے انتخابی اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تاہم پاناما ایشو پر ہم حزب اختلاف کی جماعتوں کے ساتھ اکٹھے ہیں ۔

عرب اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سے پاناما ایشو پر سوالات کا جواب چاہتے ہیں اور جواب کیلئے کوشاں ہیں ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا ہے تمام پاکستانی بھارت کے ساتھ امن چاہتے ہیں تاہم بڑے ملک کے ناطے بھارت کو تعلقات میں بہتری کیلئے زیادہ کوشش کرنی چاہئیے ۔ ”وزیر اعظم مودی کے انداز سے قدرے پریشان ہوں “۔

ایک سوال پر عمران خان نے کہا کہ مودی نے پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش کی اور تعلقات خوشگوار کرنے کی بجائے مزید خراب کیے ۔ ہمسایہ ممالک سے تجارت پاکستان کی اولین ترجیح ہونی چاہئیے۔ بھارت اور چین کے ساتھ تجارت بہترین راستہ ہوگا۔