جمعرات, 10 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور : پاکستانی اسٹار بابر اعظم دوسری مرتبہ آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل ہونے پرخوشی سےسرشار ہیں،انھیں2017 میں بھی یہ اعزاز مل چکا۔
2019ء میں بابراعظم نے 20 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 60.66 کی اوسط اور 92.30 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1092 رنز اسکور کیے۔
 
اس دوران انھوں نے 3 سنچریاں اور 6 ففٹیز بنائیں، بابر نے اپنی پہلی سنچری (115رنز) ٹرینٹ برج میں انگلینڈ کیخلاف اسکور کی ، انھوں نے نیوزی لینڈ سے میچ میں101رنز ناٹ آؤٹ جبکہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سری لنکا کے خلاف 115 رنز کی اننگز بھی کھیلی۔
 
آئی سی سی نے ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کے سلسلے کا آغاز 2004 میں کیا تھا،اب تک مختلف ادوار میں 8 پاکستانی کرکٹرز یہ اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں، 2005 میں انضمام الحق اور رانا نوید الحسن، 2009 اور 2011 میں عمرگل،2012 میں شاہد آفریدی اور سعید اجمل، 2013 میں سعید اجمل، 2014 میں محمد حفیظ جبکہ 2017 میں بابر اعظم اور حسن علی آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا حصہ رہ چکے ہیں۔
 
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بابراعظم نے کہاکہ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور جیوری کا شکرگزار ہوں جس نے میری کارکردگی کو سراہتے ہوئے ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل کیا، ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں نے بھی ہمیشہ مجھے بیحد سپورٹ کیا۔
 
انھوں نے کہا کہ ان اعزازات سے کھلاڑیوں کو میدان میں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کا حوصلہ ملتا ہے، میں پُرامید ہیں کہ آئندہ سال آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں مزیدکئی پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہونگے،بابر اعظم نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر 2019 میں جگہ بنانے پر ندا ڈار کو بھی مبارکباد دی۔
 
دوسری جانب چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان نے کہاکہ بابر اعظم اور ندا ڈارنہ صرف قومی کرکٹ کا اثاثہ ہیں بلکہ یہ آئندہ نسلوں کیلیے رول ماڈل کی حیثیت بھی رکھتے ہیں۔
برلگٹن: دنیا کا پہلا زینوبوٹ بنالیا گیا ہے ، جسے الگورتھم کی مدد سے تیار کیا ہے ۔ اس عمل میں 500 سے 1000 خلیات (سیلز) کو ایک جگہ جمع کرکے ملی لیٹر سے بھی چھوٹی جسامت کا ایک بلبلہ نما روبوٹ بنایا گیا ہے۔
 
یونیورسٹی آف ورمونٹ میں کمپیوٹر سائنسداں جوشوا بونگارڈ اور ان کے ساتھیوں نے مینڈک کے اسٹیم سیل کی مدد سے اسے تیار کیا ہے تاہم روبوٹ بنانے میں کمپیوٹر سافٹ ویئر سے ضرور مدد لی گئی ہے۔ ان کے خیال ہے میں یہ خود سے منظم ہونے والی زندہ مشین ہے۔
 
زینوبوٹ تجرباتی ڈش میں ادھر ادھر اچھلتا ہے اور اب تک انسانی تاریخ میں بنائے جانے والی یہ ایک انوکھی شے ہے۔ اس کی بدولت معمولی سی تبدیلی سے کئی طرح کے روبوٹ اور ساختیں ڈھالی جاسکتی ہیں جنہیں بہت سے شعبوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ بسا اوقات یہ روبوٹ از خود منظم ہوجاتے ہیں۔
 
انھیں ماحول میں کسی کام کے لیے بھیجا جاسکتا ہے یا دوا بھر کر جسم میں اُتارنا بھی ممکن ہے۔ پروفیسر "جوشوا" کے نزدیک یہ نہ ہی کوئی مشین ہے اور نہ ہی کوئی جاندار بلکہ اس کے درمیان کی کوئی شے ہے ۔ یہ ایک زندہ شے ہے جسے حسبِ ضرورت پروگرام کیا جاسکتا ہے ۔
 
سپرکمپیوٹر کی مدد سے زینوبوٹ بنایا گیا ہے۔ اس میں خلیات کی ہزاروں ممکنہ تشکیلات پر غور کیا گیا اور الگورتھم نے آخر کار بہترین ڈیزائن دیا جس پر کام کیا گیا اور اب وہ زینوبوٹ کی صورت میں سامنے آچکا ہے۔ اب روبوٹ کی حیرت انگیز بات بھی سن لیجئے کہ یہ ایک محلول میں کچھ کھائے پئے بغیر ایک ہفتے تک تیرسکتا ہے۔ اس میں پروٹین اور چکنائی کی صورت میں توانائی پہلے ہی بھری جاچکی ہے۔ ان کے ختم ہوتے ہی روبوٹ مرجائے گا۔
 
ایک اور اہم بات یہ ہے کہ روبوٹ کو مائع میں آگے بڑھانے کے لیے دل کے دھڑکتے ہوئے خلیات لگائے گئے ہیں وہ ہلتے ہیں تو روبوٹ آگے بڑھتا ہے۔
 
 
 
 
مظفر آباد : آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور برفانی تودے سے مزید 5 لاشیں ملی ہیں۔
اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق وادی نیلم میں برفانی تودے سے مزید 5 لاشیں نکال لی گئی ہیں جس کے نتیجے میں آزاد کشمیر میں متعدد واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد67 ہوگئی ہے۔
 
وادی نیلم میں تودا گرنے کا دوسرا بڑا واقعہ پیش آیا ہے اور چکناڑ کے تین دیہات برفانی تودوں کی زدمیں آگئے ہیں جس کے نتیجے میں وہاں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ دور دراز اور مشکل مقام ہونے کے باعث امدادی ٹیمیں اب تک وہاں نہیں پہنچ سکی ہیں۔
 
سرگن نالہ کے بکولی اور سیری سمیت وادی نیلم میں 64 افراد جاں بحق اور 53 زخمی ہوئے جبکہ باقی جانی نقصان دیگر علاقوں میں ہوا۔ وادی نیلم میں 22 دکانیں، 107 مکانات جزوی اور 91 مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔
 
برفانی تودے سے متاثرہ سرگن ویلی میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور برف میں دبے لاپتہ افراد کی تلاش کا کام صبح ہوتے ہی دوبارہ شروع کردیا گیا۔ وادی نیلم اور وادی گریس میں سردی کی شدت برقرار ہے جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ آزاد کشمیر حکومت نے فوجی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی سامان اور کفن دفن کا سامان متاثرہ علاقے میں پہنچادیا ہے ۔
لاہور : جگمگاتی ٹرافی بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی دسترس میں آنے لگی،ورلڈکپ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت دونوں کرک انفو ایوارڈز کے لیے نامزد ہوگئے۔
 
سال بھر میں بہترین انفرادی کارکردگی کی بنیاد پر دیے جانے والے ایوارڈز کا فیصلہ ایک جیوری کے ووٹس سے کیا جاتا ہے،اس میں رمیز راجہ سمیت سابق کرکٹرز، مبصرین اور ویب سائٹ کے سینئر رائٹرز شامل ہیں،ون ڈے پرفارمنس آف دی ایئر کیلیے نامزد امیدواروں میں بابراعظم کا نام بھی شامل ہے،نوجوان بیٹسمین نے ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کیخلاف ناقابل شکست 101رنز بنائے تھے۔
 
اس فہرست میں ناتھن کولٹر نائل، شیکھر دھون، روہت شرما، شکیب الحسن، شیمرون ہٹمائر، کین ولیمسن، کارلوس بریتھ ویٹ، جونی بیئراسٹو اور بین اسٹوکس کے نام بھی موجود ہیں۔
 
دوسری جانب ون ڈے بولنگ پرفارمنس آف دی ایئر کیلیے نامزد امیدواروں میں شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں، پیسر نے ورلڈکپ میچ میں بنگلادیش کے تمیم اقبال اور لٹن داس کو سلو بال، محموداللہ اور مستفیض الرحمان کو یارکرز کا نشانہ بنایا، ان فارم شکیب الحسن اور سیف الدین بھی ان کی برق رفتار گیندوں کا سامنا نہ کرپائے،شاہین شاہ آفریدی نے 35 رنز دے کر 6شکار کیے۔
 
فہرست میں جھے رچرڈسن، یوزیندرا چاہل، ٹرینٹ بولٹ، اوشین تھامس، اسٹارک اور مالنگا بھی موجود ہیں، بہترین ٹیسٹ پرفارمنس آف دی ایئر ایوارڈز کیلیے نامزد ہونے والوں کی فہرست میں میں کوئی پاکستانی جگہ نہیں بناسکا۔
بیٹسمینوں میں ڈی کک، کوہلی، کوشل پریرا، اسٹیون اسمتھ، بین اسٹوکس، ٹام لیتھم، بی جے واٹلنگ، ڈیوڈ وارنر اور مارنس لبوشین کو رکھا گیا ہے، بولرز کی فہرست میں کیمار روئچ، پیٹ کمنز، ٹم مرٹیگ،جوش ہیزل ووڈ، جوفرا آرچر، جسپریت بمرا، راشد خان، نیل ویگنر اور ناتھن لیون شامل ہیں۔
لاہور: حکومتِ پنجاب نے ایک نجی کمپنی کی شراکت داری سے ایسی ایپ متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے صارفین گھر بیٹھے سبزی اور پھل منگوا سکتے ہیں۔
اس ایپ کے ذریعے راولپنڈی اور ملتان کے شہری مارکیٹوں میں جائے بغیر ہی سبزیاں اور پھل با آسانی اپنے گھر پر منگوا سکتے ہیں۔
 
اس ایپ کو متعارف کرانے کی تقریب سرکٹ ہاؤس میں منعقد ہوئی جہاں چیف وہپ قومی اسمبلی و رہنما تحریک انصاف عامر ڈوگر، پارلیمانی سیکریٹری ندیم قریشی اور ڈپٹی کمشنر ملتان موجود تھے۔
 
ایپ کے حوالے سے میاں عامر ڈوگر نے امید ظاہر کی کہ شہری اس اقدام پر مثبت ردِعمل دیں گے کیونکہ یہ ان کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے شروع کی گئی ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد انتظامیہ نے بھی شہریوں کے لیے ایسی ہی ایک سروس کا آغاز کیا تھا جہاں سے وہ پھل اور سبزیوں کو کو ڈی سی سے منظور شدہ نرخوں پر آن لائن آرڈر کرسکتے تھے۔
 
شہری اس سروس کو حاصل کرنے کے لیے اپنے اسمارٹ فون میں ’قیمت پنجاب ایپ‘ پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

کراچی: داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا ساتواں جلسہ تقسیمِ اسناد 14 جنوری 2020 کو جامعہ داؤد کے جناح کیمپس کے سبزہ زار پر منعقد کیا گیا جلسہ تقسیمِ اسناد کی صدارت مشیرِ تعلیم و پرو چانسلر جناب نثار احمد کھوڑو نے کی، یونیورسٹی کے شعبہ انجینئرنگ کے بیچ -16 اور شعبہ آرکیٹیکٹ کے بیچ – 15 کے 260 طلبہ و طالبات کو گریجویشن کی ڈگریاں تفویض کی گئیں ، جب کہ امتیازی نمبر حاصل کرنے والوں کو سونے اور چاندی کے تمغے دیئے گئے۔

جلسہ تقسیمِ اسناد میں یونیورسٹی کی نئی تاریخ رقم ہوئی اور ماسٹرز آف انجینئرنگ کی ڈگری لینے والے پہلے بیچ نے بھی پاس آؤٹ کیا۔ شعبہ انرجی اینڈ انوائرمنٹ انجینئرنگ کی طالبہ رابعہ سعید ولد عبدالسعید نے یونیورسٹی میں ٹاپ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا، یونیورسٹی کے تمام 9 شعبوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے 9 طلبا ء کو سلور میڈل سے نوازا گیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے خطاب کے دوران کہا کہ کالج سے یونیورسٹی کا درجہ ملنے کے بعد اب ہماری یونیورسٹی ایک بہترین تعلیمی ادارے میں تبدیل ہوچکی ہے۔ یہاں صبح شام باقاعدگی سے کلاسز کا انعقاد ہماری کامیابی کی ترجمانی کررہا ہے۔

نصابی و ہم نصابی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ پرو چانسلر نثار احمد کھوڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی توجہ اعلیٰ تعلیم پر رہی ہے،ہم خود کو بہتر کرنے میں مصروف ہیں معیاری تعلیم ہی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرے گی ۔ اس موقع پر جامعہ کے اساتذہ، انتظامی عملے سمیت والدین اور طلباء کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

راچی : وفاقی اردو یونیورسٹی کے صدور شعبہ جات کا اجلاس شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر کی زیرِ صدارت ہوا، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ جامعات اچھا تعلیمی نظام ڈلیور کرنے کے لیے ہوتی ہیں ، جامعہ اردو کی ترقی اور تعلیم کے فروغ کے لیے اساتذہ اور انتظامیہ کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

ہمارے اساتذہ انتہائی محنت اور لگن سے طلبہ کو علم فراہم کر رہے ہیں مجھے امید ہے کہ اس میں مزید بہتری لائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ جامعہ اردو کے داخلہ ٹیسٹ مجلسِ اول ( صبح) پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد کی سربراہی میں منعقد ہوں گے اور یہ تمام عمل شفاف ہوگا۔

انھوں نے مزید کہا کہ جامعہ کے اساتذہ تحقیق میں بہترین کام کر رہے ہیں مگر اس میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ جامعہ کے رجسٹرار ڈاکٹر ساجد جہانگیر نے کہا کہ اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ نصاب کی تکمیل کے ساتھ ساتھ طلبہ کی ذہنی تربیت بھی کریں تا کہ وہ ذمہ دار شہری بن سکیں۔ اجلاس میں تمام شعبہ جات کے صدور نے شرکت کی ۔

کراچی: جامعہ این ای ڈی کے سنڈیکیٹ کے 191 ویں اجلاس کا انعقاد وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کی صدارت میں ہوا۔ جس میں گزشتہ اجلاس کی سفارشات کی منظوری سمیت تعلیمی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
 
تفصیلات کے مطابق سنڈیکیٹ اجلاس میں ایک جانب ٹی پی ایس کے تحت 16 تا 19 کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی گئی جب کہ دوسری جانب پروفیسر ڈاکٹر عثمان علی شاہ کو الیکٹرونکس انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر عطا اللہ خواجہ کو الیکٹریکل انجینئرنگ ، پروفیسر ڈاکٹررضوان فاروقی کو سول انجینئرنگ ، پروفیسر ڈاکٹر مسعود رفیع کو ارتھ کوئیک انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر نجمی غنی حیدر کو سی ایس آئی ٹی جب کہ پروفیسر ڈاکٹر مرزا محمود بیگ کو ریاضی کے چیئرمین کی حیثیت سے اپائنٹ کیا گیا۔
 
جامعہ ترجمان کے مطابق اس اجلاس میں این ای ڈی یونیورسٹی انجینئرنگ سروسز کمپنی کے قیام ، چار نیشنل سینٹرز کے قیام سے متعلق سفارشات کی منظوری، نیشنل سینٹر آف آرٹیفیشل انٹیلیجینس کے تحت دو ریسرچ لیب کے قیام ، ڈیپارٹمنٹل سلیکشن کمیٹی کی منظوری سمیت مرکزی آڈیٹوریم کو " سید محمود عالم " کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل ، سیکریٹری سنڈیکیٹ اور رجسٹرار سید غضنفر حسین ،دیگر ذمہ داران اور سولہ اراکین نے بھی شرکت کی۔
کراچی: کراچی سميت سندھ بھر ميں سی اين جی اسٹيشنز 8 گھنٹے بعد دوبارہ بند کر ديے گئے -سی این جی اسٹیشنز 51 گھنٹوں کی بندش کے بعد کھولے گئے تھے لیکن 8 گھنٹے بعد بدھ 15 جنوری کی صبح 6 بجے پھر بند کر دیے گئے۔
 
فلنگ اسٹيشنز پر گاڑيوں کی لمبی قطاريں لگی رہيں۔ سخت سردی ميں شہری رات جاگ کر گاڑيوں ميں سی اين جی بھرواتے رہے۔ایس ایس جی سی حکام کے مطابق گیس پریشر میں کمی کے باعث سی اين جی اسٹيشنز بند کیے گئے۔
 
سی این جی کی بندش کی وجہ سے شہریوں کی زندگی مفلوج ہو کہ رہ گئی ہے -شہریوں کا مطالبہ ہے کہ گیس بحران پرقابو پانے کےلیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں
اسلام آباد: اے ٹی ایم کارڈ پھنسنے سے متعلق اسلام آباد کے شہری کی شکایت پر وزیر اعظم آفس نے ایکشن لے لیا، 3 ماہ تک صارف کی بات نہ سننے والے بینک حکام 30 منٹ میں لائن پر آ گئے۔متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ تین ماہ قبل انھوں نے اے ٹی ایم استعمال کیا تو بینک کی اے ٹی ایم مشین سے کارڈ واپس نکلانہ پیسے، پیسے نہ ملنے کے باوجود بینک نے اکاؤنٹ سے رقم کاٹ لی، متعدد بار بینک حکام سے رابطہ کیا لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔
 
شہری کے بیان کے مطابق 3 ماہ تک معاملے کی شنوائی نہ ہونے کے بعد آخر کار انھوں نے وزیر اعظم کے سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کرائی، شکایت کے اندراج کے ڈیڑھ گھنٹے میں اسٹیٹ بینک سے کال آ گئی، اور بینک حکام نے 30 منٹ میں پیسے واپس کر دیے۔شہری کا کہنا تھا کہ مذکورہ بینک نے ان سے سٹیزن پورٹل سے شکایت واپس لینے کی درخواست بھی کی۔
 
خیال رہے سال 2019 میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی صورت میں وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو زبردست کام یابی ملی، اس سلسلے میں مرتب کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2019 میں سٹیزن پورٹل پر 16 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں جن میں 91 فی صد سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔