بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: اداکارہ حرا مانی کے یکے بعد دیگرے کامیاب ڈراموں پر ان کے شوہر مانی بھی اہلیہ کی صلاحیتوں کے معترف ہوگئے اور ان کی صلاحیتوں کے گن گانے لگے۔
 
اداکار سلمان شیخ بالمعروف مانی نے انسٹا گرام پر پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈ کی جانب سے حرا مانی کو بہتری اداکارہ کے لیے نامزد کیے جانے پر ووٹ کاسٹ کرنے کی پوسٹ شیئر کی جس کے ساتھ انہوں نے کیپشن میں اپنی اہلیہ کی حوصلہ افزائی کے لیے طویل پوسٹ بھی کی۔
 
مانی نے کیپشن میں حرا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شاید ہی کوئی اداکارہ ہو جس نے اپنا کیریئر بطور میزبان اور کامیڈی کے ذریعے شروع کیا ہو، شوبز میں آنے سے پہلے شادی کی ہو، 2 بچوں کے بعد سنجیدہ اداکاری میں اول پوزیشن حاصل کی ہو، آپ نے مختصر وقت میں سب کچھ حاصل کرلیا۔
 
مانی نے یہ بھی کہا کہ تم ایک با صلاحیت اداکارہ ہو، مزے کی بات یہ ہے کہ ایکشن سے پہلے اور کٹ کے بعد تم ایک منکسر المزاج گھریلو سی حرا ہو۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلیے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔
 
قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے کپتان بسمعہ معروف کے ہمراہ قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تاہم آل راؤنڈر ثناء میر کو نظر انداز کردیا گیا
 
ورلڈکپ کے لیے بسمہ معروف کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے دیگر اسکواڈ میں ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، ارم جاوید ، جویرہ ودود، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سادیہ اقبال، سدرہ نواز اور سیدہ عروب شاہ ہیں۔
 
واضح رہے ایونٹ 21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا میں شیڈول ہے۔
کراچی: سندھ بھر کے کالجز میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے صوبائی محکمہ تعلیم نے 10 سال سے بند بھرتیاں کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
 
محکمہ تعلیم کے مطابق سندھ بھر کےکالجز میں ڈھائی ہزار سے زائد اساتذہ کی کمی ہے، یہی وجہ ہے کہ محکمے نے17 گریڈ کے 1500 لیکچرارز کی اسامیوں پر بھرتیوں کا فیصلہ کیا ہے۔
 
محکمہ تعلیم کے مطابق شعبہ کیمسٹری کے لیے 98 مرد و خواتین کی اسامیاں خالی ہیں جب کہ شعبہ ریاضی کے لیے 67 مرد اور 54 خواتین کی اسامیاں خالی ہیں۔
 
علاوہ ازیں شعبہ فزکس کے لیے 154، انگلش کے لیے 172، اردو کے لیے 144 جب کہ مطالعہ پاکستان کے لیے 86 اسامیاں پُر کی جائیں گی۔
 

کراچی:صدر مملکت عارف علوی کاکہناہے اسپتال منتقلی کے دوران مریضوں کونقصان نہ ہو۔

صدر پاکستان عارف علوی نے اچانک کراچی میں قومی ادارہ برائے صحت اطفال (این آئی سی ایچ) اور قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کا دورہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ خاتون اوّل ثمینہ علوی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

 اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ دورے کا مقصد اسپتال کی حالت دیکھنا تھا، سندھ سمیت پورے ملک میں ایسے ادارے بننے چاہئیں، سپریم کورٹ کے احکامات پر یہ اسپتال
 
وفاق کے پاس جارہے ہیں، منتقلی کے دوران مریضوں کو نقصان نہ ہو اس پر کاربند ہیں، اسپتال کو مزید پانچ سو بستروں کی ضرورت ہے، ایک ایک بستر پر چار سے پانچ بچے موجود ہیں۔
 
 
اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں آٹے کے بحران پرقابو پانےکافیصلہ کرلیاگیا۔
 
ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔ جس میں ملک میں جاری گندم کے بحران پر تبادلہ خیال ہوا۔ کمیٹی کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاسکو اور پنجاب کے پاس 41 لاکھ ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں، کمیٹی نے آٹے کی قلت پر قابو پانے کے لئے پنجاب اور پاسکو کو فوری طور پر گندم جاری کرنے کی ہدایت کی۔
 
کمیٹی نے 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی بھی منظوری دے دی، گندم درآمد کرنے کی اجازت 31 مارچ تک کیلئے دی گئی ہے جب کہ درآمدی گندم کی پہلی کھیپ 15 فروری تک پاکستان پہنچے گی۔
 
واضح رہے کہ چند ماہ قبل ای سی سی نے ہی گندم برآمد کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد 6 لاکھ ٹن گندم دیگر ملکوں کو برآمد کی گئی تھی۔
کراچی: اقرا یونیورسٹی کی جانب سے مکمل فنڈڈ پی ایچ ڈی پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے ۔مذکورہ پروگرام کے تحت بزنس ایڈمنسٹریشن ،کمپیوٹر سائنس ،ٹیلی کمیونیکیشن اور تعلیم کے شعبوں میں اعلیٰ تعلیمی و تحقیقی کارگردگی کے حامل پی ایچ ڈی اسکالرز کوانٹری ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد اقرا یونیورسٹی کی جانب سے ماہانہ 60،000 روپے تک مشاہرہ دیا جائے گا ۔
 
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اقرا یونیورسٹی ملک کی پہلی نجی جامعہ ہےجو پی ایچ ڈی پروگرام میں مکمل اسکالرشپ دی رہی ہے ، اس قدم کا مقصد اعلیٰ تعلیم اور ریسرچ کلچر کا فروغ ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں اعلیٰ تعلیم و تحقیق پر توجہ دی جائے اور حکومتی فنڈنگ پر انحصار کرنے کے بجائے نجی شعبے کو آگے آنا چاہئے ۔
 
اقرا یونیورسٹی کی جانب سے اعلیٰ تعلیمی تعلیم و تحقیق کے فروغ و ترویج کیلئےقابلِ قدر اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کو قومی اور بین الاقوامی تعلیمی حلقوں میں پزیرائی مل رہی ہے۔پاکستان میں ریسرچ کلچر میں بتدریج بہتری آرہی ہے،ہماری کارکردگی اگرچہ حوصلہ افزاء تو نہیں لیکن ماضی سے بہتر ضرور ہے۔بحیثیت پاکستان کی بہترین نجی جامعہ، ہماری اولین ترجیح ملک میں ریسرچ کلچر کا فروع اور اس کے ذریعے سماجی و معاشی ترقی کے اہداف کا حصول ہے۔

جنوبی افریقا کے ایک  شخص  نے فضا میں رہنے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑنے کے لیے ایک ڈرم میں رہنا شروع کردیا تاحال انہیں دو ماہ گزر چکے ہیں

افریقی میڈیا کے مطابق  مہم جو ورنن کروگر نے زمین سے 25 میٹر بلندی پر ایک کھمبا گاڑا جس پر پانی کا ایک پیپا (بیرل) ٹکا دیا، ورنن مسلسل دو ماہ سے اس میں رہائش پذیر ہیں اور کئی برس قبل قائم اپنا ہی ریکارڈ توڑنے میں کوشاں ہیں۔

وہ 14 نومبر سے وہیں موجود ہیں۔ یہ ڈرم اتنا تنگ ہے کہ وہ مشکل سے ہی اس میں سماسکتے ہیں لیکن ساری تکلیف اپنا ہی ایک ریکارڈ توڑنے کے لیے کر رہے ہیں بس چند دن بعد وہ اپنا ریکارڈ برابر کردیں گے اور 1997ء میں قائم اپنا ہی ریکارڈ توڑیں گے اور یوں وہ دوبارہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام شامل کرواسکیں گے۔

مہم جو ورنن کروگر کے لیے اب شراب کا یہ ڈرم ہی رہائشی کمرا ہے جہاں وہ مشکل سے رہتے ہیں اور جگہ کی تنگی کے سبب دن بھر انہیں ہڈیوں اور کمر کے درد کا سامنا رہتا ہے اس لیے کہ وہ سوتے وقت ہاتھ پاؤں تک نہیں پھیلا سکتے۔

کروگر نے بتایا کہ ڈرم میں بیٹھنا آسان ہے لیکن اتنی تنگی میں سونا بہت مشکل ہے،‘ ورنن کروگر کے مطابق انہیں عین اس پوزیشن میں سونا پڑتا ہے جیسے ماں کے پیٹ میں بچہ سکڑی ہوئی پوزیشن میں ہوتا ہے، وہ رفع حاجت بھی وہیں کرتے ہیں جو ایک سوراخ سے پھسل کر پائپ کے ذریعے نیچے اترجاتی ہے، نیچے موجود ان کی ٹیم انہیں پانی اور کھانا ایک بالٹی کے ذریعے اوپر پہنچاتی ہے۔

کروگر کو اس کا خیال چھٹیوں میں اس وقت آیا جب وہ پام کے درخت پر چڑھ کر بیٹھے تھے۔ ورنن نے سوچا کیا کوئی اونچے مقام پر کسی ڈبے میں بیٹھ کر وقت گزار سکتا ہے؟ اس سے قبل انڈونیشیا میں یہ ریکارڈ قائم ہوا تھا۔

قبل ازیں وہ ایسے ہی ڈرم میں بیٹھنے کا 54 روزہ ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔ اس بار وہ ڈرم میں بیٹھنے کا 67 روزہ ریکارڈ قائم کرنا چاہتے ہیں۔

بیجنگ: چین کی تیزی سے ابھرتی ہوئی اینڈروئڈ فون کمپنی ہواوے نے ایک اہم اعلان کیا ہے کہ اس کا اگلا فون پی فورٹی سرامک اور شیشے پر مشتمل ہوگا۔ اس کے دیگر خواص میں ایک نہیں ، دو نہیں بلکہ پورے سات کیمرے نصب ہوں گے۔
 
اسمارٹ فونز کی خبر دینے والے ماہر ایوان بلیس کے مطابق ہواوے اپنے ایک اہم فون کو لانچ کرنے کی تیاری میں ہے جس پر سات کیمرے نصب ہوں گے۔ کیمرے کی پشت پر ٹیلی فوٹو لینس اور الٹراوائڈ لینس بھی شامل ہوگا۔
 
دوسری جانب ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ ورج کے مطابق ایک کیمرہ 13 گنا آپٹیکل زوم کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دو کیمرے آگے کی جانب نصب ہوں گے۔ ظاہر ہے کہ اس کا ڈسپلے بیزل کے بغیر ہوگا یعنی اسکرین کے کنارے نہیں ہوں گے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ہیڈفون کا جیک ختم کردیا گیا ہے اور چارجنگ کے لیے یوایس بی سی کی سہولت موجود ہوگی۔
 
پی فورٹی کی دوسری خاص بات یہ ہے کہ دنیا کے یہ چند فون میں سے ایک ہوگا جس کی تیاری میں سرامک اور شیشے کی بہتات شامل ہے۔ دوسری جانب گیلکسی ایس ٹوئنٹی کی آمد بھی اسی سال متوقع ہے اور ہواوے اس کا زبردست مقابل فون بن سکتا ہے۔
 
ہواوے پی فورٹی کی خاص شے اس کا ڈسپلے بھی ہے جس کی ریزولوشن 1440 پکسل اور 120 ہرٹز ہوگی۔ اس سے ہواوے ڈسپلے اور اسکرین میں سام سنگ کے ایک قدم آگے نظر آتا ہے۔ ٹیک کرنچ کے مطابق پی فورٹی مارچ میں پیش کیا جاسکتا ہے۔
کراچی:پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا سلسلہ پھر سے شروع ہوگیا ہے۔
 
ترجمان موٹروے کے مطابق شدید دھند کے باعث لاہور سے خانقاہ ڈوگراں،لاہور سے درخانہ، گوجرہ سے شام کوٹ سمیت موٹروے کے متعدد سیکشن عارضی طور پر بند کر دیئے گئے جبکہ قومی شاہراہ پر ٹھوکر، موہلنوال، مانگا منڈی ، پھولنگر، جمبر، پتوکی، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال، ہڑپہ ، میر داد مافی، چونیاں، چیچہ وطنی،کسوال، اقبال نگر اور ملحقہ علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی رہی۔
 
شدید دھند کی وجہ سے ملک بھر میں چلنے والی ٹرینیں بھی گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
 
کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں ابھی گزشتہ ہفتے ہونے والی شدید برفباری کے اثرات کم نہیں ہوئے تھے کہ مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
 
محکمہ موسمیات نے شمال مغر بی بلوچستان میں کہیں کہیں جبکہ بالائی خیبر پختو نخوا کے پہاڑی علا قوں ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

  پشاور:سال 2020 کاپہلا پولیو کیس لکی مروت سے رپورٹ ہوا ہے قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے ایک سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کی ہے۔

پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ یونین کونسل بخمل احمد زئی کے ایک سالہ بچے کے فضلے کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو 7 جنوری کو بھجوائے گئے تھے جن میں پولیو وائرس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے پولیو وائرس کی تصدیق کی ہے۔

 متاثرہ بچے کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ اس نے روٹین ایمونائزیشن میں ایک ڈوز لی تھی اور خصوصی مہم میں3 ڈوزز لی تھیں جبکہ بچے کا تعلق انکاری خاندان سے ہے۔
 
ذرائع کے مطابق گزشتہ سال ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 136 رہی ہےجبکہ خیبر پختونخوا میں 2019 میں 92 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں