جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: جامعہ کراچی نے بی کام ریگولر سالانہ امتحانات برائے 2019 ءکے لئے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں دودن کی توسیع کردی
جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹرمحمد ارشد اعظمی کے مطابق بی کام ریگولر سال اول ،دوئم اور سال اول ودوئم باہم سالانہ امتحانات برائے 2019 ءکے لئے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 12 دسمبر2019 ءتک توسیع کردی گئی ہے۔

بی کام سال اول ،دوئم کے طلبہ اپنے امتحانی فارم 5850 روپے فیس کے ساتھ جبکہ بی کام سال اول ودوئم باہم کے طلبہ اپنے امتحانی فارم 10300 روپے فیس کے ساتھ جمع کراسکتے ہیں۔

امتحانی فارم اور بینک واؤچر جامعہ کراچی کی ویب سائٹ سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔طلبہ اپنے امتحانی فارم متعلقہ دستاویزات اور فیس واؤچرکے ساتھ متعلقہ کالجز میں جمع کراسکتے ہیں۔واضح رہے کہ ایسے طلبہ جو 2013 ءیا اس سے قبل کی انرولمنٹ کے حامل ہیں انہیں امتحانی فیس کے علاوہ 3000 روپے اضافی چارجز بھی جمع کرانے ہوں گے۔

اسلام آباد: چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس 20 دسمبر کوہوگا۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس 20 دسمبرکوکورٹ روم نمبرایک میں ہوگا۔ فل کورٹ اجلاس میں سپریم کورٹ کے تمام ججزشرکت کریں گے۔

فل ریفرنس میں چیف جسٹس آ صف سعید کھوسہ، نامزد چیف جسٹس گلزاراحمد سمیت اٹارنی جنرل انورمنصور اور بار کے نمائندے بھی خطاب کریں گے

راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیسٹ ٹیم کےکپتان ا ظہرعلی کا کہناتھاکہ سری لنکا کوآسان نہیں لیا جاسکتا، ان کی بالنگ اور بیٹنگ اچھی ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکن کپتان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم اظہر علی کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ 10 سال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ پاکستان میں واپس آئی اور گراوٴنڈز کی رونقیں بحال ہوئیں، آسٹریلیا میں ہم اچھی طرح سے پرفارم نہیں کرسکے، اب ہوم گراوٴنڈ پر کھیل رہے ہیں اور پوری کوشش کریں گے کہ جو کمی ہے اسے دورکریں۔

اظہر علی نے کہا کہ کوشش کر رہا ہوں کہ اپنی فارم بحال کرکے بڑا اسکور کروں، اگر کپتان اچھا پرفارم کرے تو دیگر کھلاڑیوں کو بھی حوصلہ ہوتا ہے، پریشر کو ہینڈل کرنے کی کوشش کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی اور کپتان ساتھ ہیں، سری لنکا کو آسان نہیں لیا جا سکتا، ان کی بولنگ اور بیٹنگ اچھی ہے۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈی مووتھ کرونا رتنے نے کہا کہ پاکستان کے دورے پر بہت خوش ہیں، 10 سال کے بعد آئے ہیں اچھا موقع ہے، پاکستان کے ساتھ کھیلنا آسان نہیں ہے، مکی آرتھر پہلے پاکستان کے کوچ تھے اب ہمارے ساتھ ہیں، ان کے ساتھ ٹریننگ کرکے پاکستان کی ٹیم کو جاننے کا موقع ملا ہے لہذا کوشش کریں گے کہ اچھا پرفارم کریں۔

کھٹمنڈو:ساوتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے اسکواش ٹیم ایونٹ میں بھارت کو ہرا کر سونے کا  تمغہ جیت لیا۔

پاکستان کی جانب سے طیب اسلم ، عاصم خان اور فرحان محبوب نے پاکستان کی نمایندگی کرتے ہوے ملکی پرچم بلند کیا۔ طیب اسلم نے ہرینڈر پال سنگھ کو 5-11، 6-11، 4-11 ،10-12 سے ہرایا۔
 
فرحان محبوب نے ابے سنگھ کو 8-11 اور 10-12 سے شکست دی۔ عاصم خان کو پردان ابھیشیک کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

 راولپنڈی: پی آئی اے نے دوران پرواز سگریٹ نوشی پر جرمانے کا آغاز کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے فضائی تاریخ میں پہلی بار سگریٹ نوشی پر جُرمانہ کا آغاز کرتے ہوئے مسافر رضا احسن  کو سگریٹ نوشی کرنے پر دس ہزار روپےجُرمانہ کیا۔  

مسافر برمنگھم سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 292 کے واش روم میں سگریٹ پی رہا تھا، طیارے میں دھواں پھیلنے پر عملے نے مسافر کو سگریٹ پینے سے روکا اور اس پر  دس ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق مسافر کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر جرمانہ ادا کرنے پر پاسپورٹ واپس کیا گیا۔

لاس اینجلس: ہالی ووڈ کے نامور گلوکارواداکار اور پریانکا چوپڑا کے شوہر نک جونز نے نہایت منفرد انداز میں پاکستانیوں کے لیے پیغام بھیجا ہے۔
 
ہالی ووڈ فلم ’جومانجی؛ دی نیکسٹ لیول‘13 دسمبر کو پاکستان میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم میں اہم کردار ادا کرنے والے ہالی ووڈ اداکار نک جونز نے پاکستان میں اپنی فلم کی تشہیر کے لیے نہایت منفرد طریقہ اپنایا ہے۔ انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں تمام پاکستانیوں کا مخاطب کرتے ہوئے کہا ’سلام پاکستان ‘ فلم ’جومانجی‘ پاکستان میں 13 دسمبر کو ریلیز کی جارہی ہے۔
 
نک جونز کا یہ پیغام ایچ کے انٹرٹینمنٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا۔ ایچ کے انٹرٹینمنٹ کے تعاون سے ہی یہ فلم پاکستان میں ریلیز کی جارہی ہے۔
 
واضح رہے کہ ایڈونچرز سے بھرپور فلم ’جومانجی؛ نیکسٹ لیول‘ 1995 میں ریلیز ہوئی سپر ہٹ فلم’جومانجی‘ اور 2017 میں ریلیز ہوئے فلم کے سیکوئل ’جومانجی؛ ویلکم ٹو دی جنگل‘ کا تیسراحصہ ہے۔ فلم میں ہالی ووڈ اداکار ڈوائن جانسن، کیون ہارٹ، جیک بلیک، کیرن گلان، نک جونز، الیکس وولف اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ شائقین کو اس فلم کا بے چینی سے انتظار ہے۔

اسلام آباد: محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر بد عنوانی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو مؤثر بنانے کے لیے ایک ایپ تیار کر لی ہے۔تفصیلات کے مطابق بد عنوانی کے خلاف کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک ایپ بنا لی گئی ہے، پنجاب کرپشن کمپلینٹ ایپ پر ویڈیو، تصاویر اور شکایات اپ لوڈ ہو سکیں گی، اس کمپلینٹ ایپ پر شکایت کنندہ کو شناخت چھپانے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

ایپ کی تیاری کے بعد اب ترقیاتی منصوبوں میں گھپلوں اور ناقص کام پر شہری شکایت کر سکیں گے، رشوت کا مطالبہ کرنے والے سرکاری افسروں سے متعلق بھی محکمے کو آگاہ کیا جا سکے گا، عثمان بزدار ایپ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے آج اسلام آباد جائیں گے، جب کہ وزیر اعظم عمران خان پنجاب کرپشن کمپلینٹ ایپ کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔

سری نگر: دنیا بھر میں آج انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، بھارتی جارحیت کے شکار کشمیری اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں۔ اس مناسبت سے دنیا بھر میں عالمی قوتوں کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرانے کے لیے اجتماعات منعقد کیے گئے، بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور سیاہ پرچم لہرائے گئے۔

 مقبوضہ کشمیر میں بھی انسانی حقوق کے عالمی دن کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے اور آج وادی میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔ کاروباری سرگرمیاں موقوف اور معمولات زندگی معطل ہیں۔ چپے چپے پر تعینات بھارتی فوج سے بے خوف کشمیریوں نے احتجاجی اجتماعات منعقد کیے اور مودی سرکار کی جارحیت کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور عوامی مقامات پر سیاہ پرچم لہرائے گئے۔

 قبل ازیں کُل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اپنے ایک بیان میں دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے انسانی حقوق کے عالمی دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی تھی جب کہ غیور کشمیریوں کو اس دن مکمل ہڑتال کرنے اور سیاہ پرچم لہرانے کی ہدایت کی تھی۔ کشمیری مظاہرین کشمیر بنے گا پاکستان کے واشگاف نعرے لگائے۔

کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے 1989 سے لے کر اب تک 95 ہزار 471 کشمیریوں کو شہید کیا، 7  ہزار 135 ماورائے عدالت قتل ہوئے جب کہ  11 ہزار 175 خواتین کی بے حرمتی اور ایک لاکھ 94 ہزار 451 املاک کو تباہ کیا۔

کراچی : 1971 کی جنگ کے ہیرو سوار محمد حسین شہید کا 48 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے، پاک فوج کےعظیم سپوت کو جرات وبہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پرنشان حیدرعطا کیا گیا، وہ پہلے سپاہی ہیں جنہیں یہ اعزاز ملا۔ تفصیلاتکے مطابق سوارمحمد حسین شہید 18 جون 1949 کو پنجاب کے علاقے گوجرخان کے قریب ڈھوک پیر بخش میں پیدا ہوئے، سترہ برس کی عمر میں انھوں نے پاکستان آرمی میں ڈرائیورکی حیثیت سے شمولیت اختیارکی اور ڈرائیور ہونے کے باوجود 1971 کی عملی جنگ میں بھر پور حصہ لیا۔

1971 کی جنگ میں سیالکوٹ میں ظفر وال اور شکر گڑھ کے محاذ جنگ پر مسلسل پانچ دن تک دشمن کی گولہ باری کے باوجود اگلے مورچوں تک اسلحہ پہنچاتے رہے، ان کی نشاندہی پر ہی پاک فوج نے ہندوستان کی فوج کے 16 ٹینک تباہ کیے۔

10دسمبرشام چار بجے  کا وقت تھا جب سوار محمد حسین  دلیری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کرنے میں مصروف تھے کہ دشمن کی مشین گن سے نکلنے والی گولیاں سوار محمد حسین کے سینے میں جا لگیں جس سے وہ بھی شہداء کے قافلے میں شامل ہوگئے، شہادت کے وقت سوار محمد حسین کی عمر محض 22 سال اور 6 ماہ تھی۔

ان کی اسی بہادری کے اعتراف میں  انہیں اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا، سوار محمد حسین وہ پہلے سپاہی ہیں جنہیں یہ اعزاز ملا، اس سے قبل نو اعزاز پانے والے تمام فوجی افسران تھے۔

 

اسلام آباد: آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے 

رواں سال اس دن کی اہمیت کافی بڑھ گئی ہے کیونکہ حکومت پاکستان نے اسے مقبوضہ کشمیر کے ساتھ منسلک کر دیا ہے لہٰذا اس سال پاکستان  میں انسانی حقوق کا عالمی دن کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے ، بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے اور دنیا کے سامنے بھارت کا سفاک چہرہ بے نقاب کرنے کے لیے منایا جائے گا

 ٹھیک اکہتر سال پہلے دس دسمبر1948 کو پیرس میں اقوام متحدہ نے انسانی حقوق کے یونیورسل ڈیکلریشن کوایک قرار داد نمبر اے217منظور کیا تھا اسی لئے ہر سال دس دسمبر کو انسانی حقوق کا عالمی دن اسی کی یاد میں منایا جاتا ہے اور دنیا بھر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے اور انسانی حقوق کے تحفظ و اس کی اہمیت پر سیمینارز منعقد کئے جاتے ہیں

دوسری جنگ عظیم کے فورا بعد انسانی حقوق کی اہمیت اور ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اس پر پہلی بار اتفاق رائے پیدا کیا گیا اور یہ تسلیم کیا گیا کہ انسانی حقوق ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور بلا امتیاز ہر انسان کو ملنے چاہیے

انسانی حقوق کے عالمی منشور کا 508زبانوں میں اس کا ترجمعہ ہو چکا ہے

2009 میں دنیا کی سب سے زیادہ زبانوں میں ترجمعہ کے ساتھ پڑھی جانے والی دستاویزات کے طور پر اس کا اندراج گنیز بک میں کیا گیا اور اس کوعالمی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا

انسانی حقوق کے عالمی منشور  میں تین اہم باتوں پر زور دیا گیا ہے ان میں ایک فرد کی آزادی اور اس کی حفاظت، دوسرا عدل و انصاف اور تیسرا مساوات۔اقوام متحدہ کے ہر رکن ملک کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس عالمی منشورکا احترام کرے اور اس کی روشنی میں اپنے ملک کے شہریوں کو حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائے 

جن جن ممالک میں اس پر عمل درآمد کیا گیا وہاں نہ صرف انسانی حقوق کی صورتحال بہتر ہے بلکہ وہاں سماجی ،سیاسی اور معاشرتی طور بھی بہت استحکام ہے۔پاکستان ، ایران اور سعودی عرب اسلامی دنیا کے اہم ترین ممالک میں شمار ہوتے ہیں ان میں سعودی عرب واحد اسلامی ملک ہے جس نے انسانی حقوق کے عالمی منشور کو ماننے سے انکار کیا ہوا ہے جب کہ باقی ممالک میں انسانی حقوق کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے 

اقوام متحدہ کے چارٹر میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے لوگ یہ یقین رکھتے ہیں کہ کچھ ایسے انسانی حقوق ہیں جو کبھی چھینے نہیں جا سکتے ہیں۔ جس میں انسانی وقار شامل ہے

انسانی حقوق کیلئے ایک دن نہیں بلکہ ہر لمحہ وقف ہونا چاہیے۔ سرکار دوعالمﷺ نے  فرمایا کہ اگر تیرا ہمسایہ بھوکا یا پیاسا رہے تو اللہ کی بارگاہ میں تیری عبادت قبول نہیں۔

 ہمیں دوسروں کو حقوق دینے کیلئے عالمی دن کا انتظار کرنے کے بجائے ہر لمحہ  انسانی حقوق کی حرمت  اور اس کے تحفظ کے  تحت گزارنا   چاہیئے۔