ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کوالا لمپور: وزیراعظم مہاتیر محمد نے ہندو تاجروں کے ملائیشیا سے اربوں ڈالر مالیت کی ناریل کے تیل کی تجارت بند کرنے کی دھمکی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کشمیر پر بھارتی جارحیت سے متعلق اپنا بیان واپس لینے سے انکار کردیا۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے بھارت کو دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ہندو تاجروں کی  ملائیشیا سے ناریل کے تیل کی خریداری بند کرنے کی دھمکی کے باوجود وہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور حق خودارادی سے متعلق اپنا بیان واپس نہیں لیں گے۔

  
وزیراعظم مہاتیر محمد نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ اقوام متحدہ سے کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے کا مطالبہ بہت سوچ سمجھ کر کیا تھا جس پر اب بھی قائم ہوں اور کوئی دباؤ مجھے اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔

وزیراعظم مہاتیر محمد نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں بھارتی فوج کی جارحیت اور مودی سرکار کی کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ اقوام متحدہ کو اپنی رٹ قائم کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرانا چاہیے۔

 واضح رہے کہ ترک صدر نے بھی اقوام متحدہ میں مظلوم کشمیروں کا مقدمہ پیش کیا تھا جس پر بوکھلاہٹ کے شکار بھارتی وزیراعظم نے 2 روزہ دورہ ترکی منسوخ کرکے بیان واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا تھا اور اب اربوں ڈالر سالانہ کی تجارت ختم کرنے کی دھمکی  دیکر ملائیشیا کے وزیراعظم کو بیان واپس لینے پر مجبور کرنے کی مذموم کوشش کی تاہم دونوں بار بھارت کی دال نہیں گلی۔

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض افواج نے ضلع پلوامہ کے علاقےترال میں نام نہاد آپریشن کیا۔ اس دوران گھر گھر تلاشی لی گئی اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔

آپریشن کے دوران قابض فورسز نے تین نوجوانوں کو گرفتار کیا اور انہیں عسکریت پسند قرار دے کر فائرنگ کرکے شہید کردیا۔

دوسری جانب  ضلع راجوری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بھارتی فوج  کا جونیئر کمیشنڈ آفیسر ہلاک ہوگیا جس کے بعد سے علاقے میں  سرچ آپریشن جاری ہے ۔

لاہور:  ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں قومی کپتان بابر اعظم کی ٹیم سینٹرل پنجاب کا سفر پہلے راؤنڈ میں ہی ختم ہوگیا۔

خیبرپختونخوا نے اسے7 وکٹ سے شکست دے دی، بابرکے83رنز رائیگاں گئے، فخرزمان کے ناقابل شکست 82 رنز کی بدولت فاتح ٹیم نے 178کا ہدف 2گیندوں قبل حاصل کرلیا.

 اختتامی اوورز میں خوشدل شاہ کی دھواں دھار اننگز نے بھی جیت کا سفر آسان کیا۔دوسرے میچ میں ناردرن نے بلوچستان کو 7وکٹ سے زیر کرلیا،ناکام سائیڈ نے 8وکٹ پر 155رنز بنائے، شاداب خان کی فارم لوٹ آئی، انھوں نے4 شکار کیے۔ محمد عامر نے2وکٹیں لیں،علی عمران اور روحیل نذیر کی ففٹیز سے تقویت پاکرناردرن نے 17اوورز میں ہی ہدف حاصل کرلیا۔
 
تفصیلات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، سینٹرل پنجاب کی جانب سے احمد شہزاد10اور کامران اکمل 18رنز بنا سکے،56 پر2 وکٹیں گرنے کے بعد بابراعظم اور عمر اکمل کے درمیان 111 رنز کی شراکت قائم ہوئی، کپتان 56گیندوں پر 83 کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے،انھوں نے5 چوکے اور 4 چھکے لگائے، عمراکمل37 گیندوں پر 53رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ سینٹرل پنجاب نے 3 وکٹ پر177رنز بنائے۔ خیبرپختونخوا کے اوپنر صاحبزادہ فرحان 17اور کپتان محمد رضوان2 رنز بنا سکے۔
 

فخر زمان اور افتخار احمد نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 62 رنز کا اضافہ کیا، افتخار 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، خوشدل شاہ نے 26 گیندوں پر46 رنز کی اننگز کھیل کر 2گیندیں قبل ہی ہدف حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا، 54 بالز پر ناقابل شکست 82 رنز اسکور کرنے والے فخر زمان کی فارم بھی لوٹ آئی،اوپنر کی اننگز میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے.

میچ میں ناکامی پرنومنتخب  قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم کی ٹیم سینٹرل پنجاب سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ دوسرے میچ میں ناردرن نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا،بلوچستان کے امام الحق15، بسم اللہ خان1اور اویس ضیا31رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، حسین طلعت نے ناٹ آؤٹ77کی اننگز کھیلی، دیگر بیٹسمین ان کا ساتھ چھوڑتے گئے۔

ٹیم نے 8وکٹ پر 155کا مجموعہ حاصل کیا،بیٹنگ لائن کی تباہی میں بڑا ہاتھ شاداب خان کا تھا جنھوں نے فارم میں واپسی کا اعلان کرتے ہوئے 4شکار کیے، محمد عامر اور سہیل تنویر نے 2،2وکٹیں اڑائیں۔ناردرن کی جانب سے عمر امین کھاتہ نہیں کھول پائے،سہیل اختر 8رنز بنا سکے، علی عمران 37گیندوں پر 65کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے، روحیل نذیر56اورآصف علی 17پر ناٹ آؤٹ رہے،ناردرن نے ہدف 17اوورز میں 3وکٹ پر حاصل کرلیا۔

اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے اداروں کے خلاف تقریر کرنے پرمولانا فضل الرحمن کے خلاف کارروائی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کرمسترد کردی۔

 ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف فوج مخالف تقریر پر کارروائی کی درخواست کی سماعت کی۔

شہری شاہجہان خان نے درخواست میں مولانا فضل الرحمان، وفاق، چیف الیکشن کمشنر اور چیئرمین پیمرا کو فریق بناتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی تقاریر اور ان کی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کی جائے، وزیراعظم آفس سے پوچھا جائے کہ انہوں نے ابھی تک مولانا فضل الرحمان کی تقاریر پر کوئی ایکشن کیوں نہیں لیا؟۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ مجھے بتائیں ہمیں کسی کو کیوں روکنا چاہیے، ہمارے بارے میں بھی بہت کچھ کہاجاتا ہے، ہمارے اپنے کردار ایسے ہونے چاہیے کہ کوئی ہمارے بارے میں ایسی بات نہ کرے، گلوبل ورلڈ ہے سوشل میڈیا کا دور ہے آپ کس کس کو روکیں گے، ملک میں اظہار رائے کی آزادی ہونی چاہیے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔

اسلام آباد: چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ نیب کے راستے میں کوئی بھی رکاوٹ ہو اسے عبور کریں گے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کرپشن فری ہوجائے گا۔
 
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب کا سیاست سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی حکومت سے کسی قسم کا کوئی سروکار، حکومتیں آتی اور جاتی رہتی ہیں تاہم نیب بھی ریاستی ادارہ ہے اس لیے اپیل کے لیے سپریم کورٹ رولزمیں ترمیم ہونی چاہیے، الزام برائے الزام نہیں لگنا چاہیے، ہم کوئی سیاسی انتقام نہیں لے رہے ہیں، جہاں زیادہ وسائل تھے وہاں بے دردی سے لوٹا گیا، جہاں وسائل کم تھے وہاں بھی لوٹ مار کی گئی۔
 
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ جنگل میں منگل کے دن گزر گئے، ماضی میں جن سے سوال کرنا مشکل تھا وہ آج قانون کی گرفت میں ہیں، چند ماہ میں 4 ارب سے زائد کی ریکوری صرف سندھ سے کی گئی جب کہ نیب کے راستے میں کوئی بھی رکاوٹ ہو اسے عبور کریں گے۔
 
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کا مقصد صرف اور صرف پاکستان اور عوام کی خدمت کرنا ہے اور کرپشن کے خاتمے کیلئے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے، احتساب سب کے لیے پر یقین رکھتے ہیں، یہ سوچ کر کرپشن نہ کریں کہ کسی کو کچھ علم نہیں، کسی افسر کے خلاف شواہد ہیں تو اس کے خلاف ایکشن ہوگا۔
 

کراچی: سندھ کابینہ نے تمام سرکاری اداروں میں خواجہ سراؤں کیلئے نوکریوں کا کوٹا مقرر کردیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ سندھ کابینہ نے ٹرانسجینڈر (خواجہ سراؤں) کیلئے تمام سرکاری اداروں میں 0.5 فیصد نوکریوں کا کوٹا مقرر کرنے کی منظوری دیدی۔ 

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے ٹرانسجینڈر کمیونٹی کو مرکزی دھارے میں لینا ہے، ہم انہیں معاشرے کے کارآمد لوگ بنانا چاہتے ہیں، میں آج انہیں کابینہ کی طرف سے کوٹا مقرر ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں، ٹرانسجینڈر کمیونٹی کو اپنی تعلیم پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور سرکاری نوکریوں کی درخواست دینے کیلئے تمام کاغذات تیار رکھنے ہوں گے 

سندھ کابینہ نے پاکستان ایگریکلچرل اینڈ اسٹوریج سروسز کارپوریشن (پی اے ایس ایس سی او) سے ایک لاکھ ٹن گندم خریدنے کی منظوری دیدی جس کی قیمت 844.50 فی 100 کلوگرام بیگ ہوگی۔ سندھ کابینہ نے گندم کی اشو پرائس 3450 روپے فی 100 کلوگرام بیگ مقرر کردی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں آٹے کی قیمت میں کمی لانا چاہتا ہوں، ہم کم سے کم غریب عوام کو روٹی تو سستی دیں

فیصل آباد : نیشنل ٹی 20 کپ کے 14 ویں میچ میں سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے خیبرپختونخواہ کو جیت کیلئے 178 رنز کا ہدف دیدیا ہے، کپتان بابراعظم نے 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
 
تفصیلات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جا رہے میچ میں خیبرپختونخواہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر سینٹرل پنجاب کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے۔ کپتان بابراعظم نے 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ احمد شہزاد نے 10، کامران اکمل نے 18، رضوان حسین نے 9 اور عمر اکمل نے ناقابل شکست 53 رنز بنائے۔
 
خیبرپختونخواہ کی جانب سے عمران خان جونیئر سب سے مہنگے باﺅلر ثابت ہوئے جنہوںنے 4 اوورز میں 39 رنز دئیے جبکہ عثمان خان شنواری نے 4 اوورز میں 37 اور محمد محسن نے 4 اوورز میں 33 رنز دئیے اور ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا، عرفان اللہ نے 4 اوورز میں 22 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔
ویب ڈیسک : اکسینٹ روم سے تعلق رکھنے والا ایک معروف پاپ بینڈ ہے جن کے پاکستان میں بھی بے شمار مداح ہیں اور یہ بینڈ پاکستان میں متعدد کانسرٹس بھی کر چکا ہے۔
 
اکسینٹ بینڈ ایک مرتبہ پھر پاکستان میں کانسرٹ کے لیے آ رہا ہے اور اس حوالے سے پاپ بینڈ نے ایک دلچسپ ٹوئٹ کیا۔
 
معروف پاپ بینڈ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان میں ہونے والے کانسرٹ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اکسینٹ بینڈ لاہور میں 24 نومبر کو کانسرٹ کے لیے آ رہے ہیں۔
 
پاپ بینڈ نے اس ٹوئٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کو بھی ٹیگ کیا اور ان کے ساتھ ایک کپ چائے پینے کی بھی خواہش ظاہر کی۔
 
اکسینٹ بینڈ نے ٹوئٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کے ساتھ گورنر ہاؤس میں چائے کا ایک لاجواب کپ پینے میں بے حد خوشی ہوگی۔‘
 
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کانسرٹ منعقد کرنے پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان، گورنر پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب اور ویمن ڈویلپمنٹ ٹاسک فورس پنجاب مس تنزیلہ عمران کا شکریہ بھی ادا کیا۔
 
روم کے پاپ بیند ایکسنٹ کی اس خواہش پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے فوراً جواب دیتے ہوئے لکھا کہ’ مجھے ٹیگ کرنے کا بہت شکریہ، ہم آپ کا استقبال کریں گے اور لاجواب چائے کا کپ میرے آفس میں پئیں گے‘۔
مانیٹرنگ ڈیسک: نیٹ فلیکس پر مختلف فلمیں اور ویب سیریز سے لطف اندوز ہونے والے صارفین اب ہوشیار ہو جائیں کیونکہ نیٹ فلیکس پاس ورڈ شیئرنگ کو بند یا محدود کرنے پر غور کر رہی ہے۔
 
امریکا کی بین الاقوامی ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلیکس استعمال کرنے والے صارفین لاتعداد فلمیں اور ویب شوز کے عوض کمپنی کو ماہانہ معاوضہ ادا کرتے ہیں۔
 
ویڈیو اسٹریمنگ سائٹ نیٹ فلیکس اپنے صارفین سے فور اسکرین اکاؤنٹ (یعنی ایسا اکاؤنٹ جسے 4 افراد استعمال کر سکتے ہیں) سروس کے 6 سے 12 ڈالر تک کی رقم لیتا ہے۔
 
مگر اس فور اسکرین اکاؤنٹ سروس کا فائدہ بے شمار لوگ اٹھاتے ہیں کیونکہ صارفین اکاؤنٹ کا پاس ورڈ اپنے دوست احباب کے ساتھ بھی شیئر کرتے ہیں
 
کمپنی کے چیف پراڈکٹ آفیسر گیگر پیٹر نے ایک وی لاگ میں بتایا کہ وہ اب ایک ایسا طریقہ ڈھونڈ رہے ہیں جس سے ایک صارف کے اکاؤنٹ کا پاس ورڈ ان کے باقی دوست اور خاندان کے افراد استعمال نہیں کر سکیں گے۔
 
کمپنی کے پراڈکٹ آفیسر نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ فی الحال پاس ورڈ شیئرنگ کے مسئلے کے حوالے سے فوری طور پر اقدامات کرنے کے لیے کوئی لائحہ عمل نہیں بنایا مگر ہم اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاس ورڈ شیئر کرنے والے صارفین کے اکاؤنٹ پر نظرثانی کر رہے ہیں۔
 
ان کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹ کا پاس ورڈ دیگر لوگوں کے ساتھ شیئر کرنا کمپنی کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہا ہے۔
 
واضح رہے کہ نیٹ فلیکس پر 9 فیصد سے زیادہ صارفین اپنا پاسورڈ شیئر کرتے ہیں، بظاہر یہ تعداد اتنی زیادہ نہیں لگ رہی مگر اس سے نیٹ فلیکس کو لاکھوں ڈالرز کا تقصان ہو رہا ہے۔
کراچی:اقراء یونیورسٹی کےزیر اہتمام "ماحول دوست ماحولیات کی تشکیل" کےحوالے سے تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شرکت کی۔
 
تقریب سےخطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کاکہناتھا کہ ماحولیات کا مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ ہم سب کا مشترکہ ہے،ماحول کو سازگار بنانے میں ہم سب کا کردار اہم ہے
انہوں نےمزید کہاکہ جتنے بھی ماحولیاتی مسائل ہیں وہ ہماری عادات تبدیل کرنے سے ٹھیک ہوجائیں گے کراچی ایک کنکریٹ کا جنگل بن چکا ہےجبکہ گرین سپاٹس ختم ہوچکے ہیں سندھ حکومت کا ماحولیاتی شعبہ بہت مثبت کام کر رہا ہے
 
انہوں نےمزیدکہا کہ سندھ حکومت اب فارسٹ پالیسی پر کام کر رہی ہے جو آخری مراحل میں ہےہم اس مسئلے پر کاروباری طبقے کو بھی شامل کر رہے ہیں
سندھ میں ساڑھے چھ لاکھ ایکٹر زمین گرین زون کیلئے شناخت کرلی گئی ہے جسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے اسے گرین زون میں تبدیل کیا جائے گا