پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 اوٹاوا: گلوبل ٹی 20 کینیڈا لیگ میں پاکستانی کھلاڑی عمر اکمل کو فکسنگ کی پیشکش کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

کینیڈا میں کھیلے جانے والی گلوبل ٹی 20 لیگ میں پاکستانی کھلاڑی عمر اکمل کو فکسنگ کی پیشکش کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے تاہم عمر اکمل آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو پیشکش سے آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گلوبل لیگ سے وابستہ ایک سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر نے عمر اکمل کو پیشکش کی تھی جب کہ آئی سی سی نے پلیئرز کو پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ ایک بھارتی بکی بھی لیگ میں سرگرم ہے، پاکستانی کرکٹر نے گلوبل ٹی 20 میں پیشکش سے منتظمین کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ گلوبل ٹی 20 لیگ سے پی سی بی کا براہ راست کوئی تعلق نہیں، کرکٹ بورڈ آئی سی سی کی منظوری کے بعد کرکٹرز کو این او سی دیتا ہے

واضح رہے کہ گلوبل ٹی 20 لیگ میں پاکستان کے 6 کھلاڑی شریک ہیں جن میں شاہد آفریدی، وہاب ریاض، شاداب خان، محمد نواز، شعیب ملک اور عمر اکمل شامل ہیں۔

 بیجنگ: چین نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے دو حصوں میں تقسیم کرنے کے عمل کو ناقابل قبول قرار دے دیا۔  

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی تقسیم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے لداخ کی بھارتی یونین میں شمولیت پر اعتراض اُٹھایا اور اس اقدام کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

چین نے اپنے بیان میں بھارت کو لداخ کے علاقے میں سرحد کی خلاف ورزی سے باز رہنے پر تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت چین کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کی پاسداری کرنی چاہیئے بصورت دیگر چین ردعمل کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

چین کے ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر دو طرفہ معاملہ ہے جسے  پاکستان اور بھارت کو باہمی رضامندی اور پُرامن طریقے سے حل کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے سے دو  ریاستوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کردیا ہے جب کہ لداخ کے چند علاقوں پر چین ملکیت کا دعویٰ رکھتا ہے۔

نئی دلی: بھارت کی حکمراں جماعت بی جے پی کی مرکزی رہنما اور سابق وزیرخارجہ سشماسوراج دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 67 سالہ سشماسوراج کو جان لیوا ہارٹ اٹیک کے باعث نئی دلی کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکیں اور دوران علاج چل بسیں۔

سشما سوراج ایک بھارتی سیاست دان، سابقہ وکیل اور سابق وزیر خارجہ تھیں،سشما سوراج کو بھارت میں اندرا گاندھی کے بعد دوسری خاتون وزیر خارجہ ہونے کا اعزاز حاصل تھا جب کہ وہ 7 بار رکن پارلیمان منتخب ہوئی تھیں، شما سوراج دہلی کی وزیر اعلیٰ بھی رہ چکی ہیں

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل کی صدر کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی سے آگاہ کیا۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل کی صدرجوانا رونیکا سے ملاقات کی اور انہیں بھارتی اقدامات کے باعث خطے کے امن و سلامتی کو لاحق خطرات سے آگاہ کیا۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت کےغیرقانونی اقدامات نے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا، سلامتی کونسل خطے کےامن کودرپیش خطرات سےنمٹنےکے لیے اقدامات کرے۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیرپربھارت کاقبضہ ختم کرانا سلامتی کونسل کی ذمےداری ہے اور اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کےحق خود ارادیت کوتسلیم کررکھاہے لیکن بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے جوانا رونیکا کو بھارتی اقدامات کے باعث خطےکےامن پر پڑنے والے خطرناک اثرات  پرپاکستانی موقف سےآگاہ کرتے ہوئے کہا بھارت طاقت کے زور پراوریکطرفہ قانون سازی سے زمینی حقائق تبدیل نہیں کرسکتا، بھارتی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں اورعالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، قراردادوں پرعملدرآمد کرانا سلامتی کونسل اورعالمی برادری کی ذمےداری ہے، پاکستان کشمیرکی سیاسی اورسفارتی حمایت ہمیشہ جاری رکھےگا۔

لاہور: پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
 
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کرکٹ کمیٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بولنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لیوڈن کےکنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، چاروں عہدوں پر نئی تعیناتیوں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اشتہار جلد جاری کرے گا۔
 
چیئرمین ہی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ کرکٹ کمیٹی نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے کوچنگ اسٹاف کی تعیناتی پر مکمل اتفاق کیا ہے، کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لینے والی کرکٹ کمیٹی تجربہ کار اراکین پر مشتمل ہے، تمام کوچز کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں، بورڈ قومی کرکٹ کی بہتری کے لیے فیصلے کرتا رہے گا۔
 
ذرائع کے مطابق کمیٹی کے ارکان کی اکثریت قومی ٹیم کے لیے ملکی کوچ کی خدمات حاصل کرنے کے حق میں ہے جب کہ معاون اسٹاف میں غیرملکی شامل ہو سکتے ہیں۔
کراچی: ڈاکٹرمحمد اجمل خان انسٹی ٹیوٹ آف سسٹین ایبل ہیلو فائٹ یوٹیلائزیشن جامعہ کراچی کے زیراہتمام سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان کی یاد میں پہلی لیکچر سیریز بعنوان: ”ڈاکٹرمحمد اجمل خان لیکچر“ گذشتہ روز کلیہ علوم کے کونسل روم میں منعقد ہوا۔حفرالبطین یونیورسٹی سعودیہ عرب سے آئے ہوئے سائنسدان پروفیسر احمد ضیاءنے لیکچر بعنوان: ”ریگستانی ماحول کے نباتات میں ضیائی تالیف کے عمل“ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ماحول میں پائے جانے والے نباتات پر تحقیق روایتی فصلوں کی پیدوار کو مزید بہتر بنانے میں کلیدی کردار اداکرسکتی ہے۔قدرتی طور پر صحرائی ماحول کو برداشت کرنے کی صلاحیت کی جانچ زرعی میدان میں ترقی میں سنگ میل ثابت ہوسکتی ہے جو موجودہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نبردآزماہونے کے لئے ناگزیر ہے۔
 
اس موقع ڈاکٹرمحمد اجمل خان انسٹی ٹیوٹ آف سسٹین ایبل ہیلو فائٹ یوٹیلائزیشن جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر بلقیس گل نے کہا کہ مذکورہ لیکچر سیریز شروع کرنے کا مقصد غیر روایتی طریقہ کاشت اور صحرائی وسیم زدہ زمینوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان کے تحقیقی کارناموں کو مزید فروغ دینا ہے۔
 
لیکچر میں جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات بالخصوص نباتیات،حیاتی کیمیائ،انسٹی ٹیوٹ آف انوائرمینٹل اسٹڈیز اور خردحیاتیات کے اساتذہ وطلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

کراچی: جامعہ کراچی میں بین الجامعاتی ملی نغموں کا مقابلہ 07 اگست2019 ءکو ہوگا

جامعہ کراچی کے دفتر مشیر امور طلبہ کے زیر اہتمام بین الجامعاتی ملی نغموں کا مقابلہ 07 اگست2019 ءکو صبح10:00 بجے جامعہ کراچی کے کلیہ فنون وسماجی علوم کی سماعت گاہ میں منعقد ہوگا۔مذکورہ مقابلے میں کراچی کی مختلف جامعات کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔فاتح ٹیم کو جامعہ کراچی میں 14 اگست کو ہونے والی مرکزی تقریب میں انعامات دیئے جائیں گے۔

کراچی:  تحریک آزادی کے نادردستاویزات کی دو روزہ نمائش کی افتتاحی تقریب 07 اگست کو ہوگی

جامعہ کراچی کے دفتر مشیر امورطلبہ کے زیر اہتمام اور ڈاکٹر محمودحسین لائبریری جامعہ کراچی کے اشتراک سے تحریک آزادی کے نادردستاویزات کے نمائش کی افتتاحی تقریب 07 اگست2019 ءکو صبح11:30 بجے ڈاکٹر محمود حسین لائبریری میں منعقد ہوگی ۔مذکورہ نمائش 08 اگست تک جاری رہے گی۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نمائش کا افتتاح کریں گے۔مذکورہ نمائش میں تحریک آزادی کے نادردستاویزسمیت قائد اعظم محمد علی جناح کے زیر استعمال اشیاءبھی نمائش کے لئے رکھی جائیں گی۔

راولپنڈی: جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں 6 افراد برساتی نالے میں ڈوب گئے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں مون سون کی موسلادھار بارش کے باعث نالے کے کنارے پر بنے مکان میں سوئے 6 افراد عمارت منہدم ہونے سے برساتی پانی میں بہہ گئے جن میں سے 4 افراد کی لاشیں تلاش کرکے نکال لیں گئیں جب کہ 2 افراد کو سرچ آپریشن کے بعد بچا لیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ شدید بارش کے نتیجے میں مورگاہ میں واقع نالے کے کنارے پر بنا مکان منہدم ہوا اور عمارت میں سوئے 6 افراد برساتی نالے میں ڈوب گئے تھے جن میں سے 4 افراد کی لاشیں تلاش کرکے پانی سے نکالی جاچکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نالے میں بہہ جانے والے 4 افراد میں ایک عورت، بچہ، 21 سالہ عنایت شاہ اور 10 سالہ وہاب شامل ہیں، اس کے علاوہ ایک ماں اور بچے کو سرچ آپریشن کرکے زندہ بچا لیا گیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان ضلعی حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جب کہ راولپنڈی کٹاریاں میں ساڑھے گیارہ فٹ اور گوالمنڈی میں پانی 8 فٹ تک بلند ہو چکا۔

لاہور: اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں سزا یافتہ شرجیل خان نے بحالی پروگرام میں شرکت کے لیے پی سی بی کو خط لکھ دیا ہے۔

پِی ایس سیزن 2 کے آغاز میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ شرجیل خان پر پابندی کی مدت 10 اگست کو ختم ہو رہی ہے، اوپنر پر ڈھائی سال معطل سمیت 5 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی، بہتر رویہ کی وجہ سے معطل سزا کا اطلاق نہیں ہوا، کسی بھی سطح پر کرکٹ میں دوبارہ واپسی کے لیے شرجیل خان کو پی سی بی کے بحالی پروگرام میں شرکت کرنا ہوگی، شرجیل خان نے اس کے لیے پی سی بی کو خط لکھ دیا ہے۔

شرجیل خان کو بحالی پروگرام میں اپنی غلطی کا برملا اعتراف کرنے کے ساتھ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے تحت پروگراموں میں نوجوان کرکٹرز کو فکسنگ سے بچاؤ کے لیے لیکچر بھی دینا ہوں گے۔

یاد رہے کہ اسی سپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان کے ساتھ خالد لطیف، شاہ زیب حسن اور محمد عرفان بھی سزا پا چکے، اسی کیس میں سہولت کاری کے ملزم ناصر جمشید پر بھی 10سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔