پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
 
تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ جوادظریف پرپابندی امریکا کی بچگانہ حرکت ہے، دشمن اتناپریشان ہےکہ ڈھنگ سےسوچ بھی نہیں سکتا، امریکاایران کو ملے جلے اشارے دے رہا ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پر پابندی کو امریکا کی بچگانہ حرکت قرار دیتے ہوئے کہا امریکاپیشگی شرائط کے بغیربات چاہتا ہے اور پابندی بھی لگارہاہے۔
 
حسن روحانی کا کہنا تھا دشمن اتنا پریشان ہے کہ ڈھنگ سےسوچ بھی نہیں سکتا، امریکا ایران کو ملے جلے اشارے دے رہا ہے۔
 
یاد رہے امریکا نے ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف پر پابندیاں عائد کرتے ہوئے ان کے اثاثے بھی منجمد کردیے جبکہ جوادظریف کے غیرملکی دوروں میں کمی پربھی غور کررہا ہے۔
 
ایرانی وزیرخارجہ نے امریکی پابندی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا مجھ پر اور اہلخانہ پر پابندیوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، میری ایران کے علاوہ کہیں کوئی جائیداد نہیں ہے، میری ایران کے علاوہ نہ کہیں دلچسپی ہے اور نہ جائیداد ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ مجھے ’ہدف‘ بنانے کا مقصد یہ ہے کہ دنیا میں ایران کا اہم ترجمان ہوں۔ کیا سچ اتنا تکلیف دہ ہوتا ہے؟ اور تنزیہ انداز میں کہا کہ ’مجھے امریکی ایجنڈے کے لیے اتنا بڑا خطرہ سمجھنے کا شکریہ’

واشنگٹن:  

قدرت کے خزانوں میں چیری ایک لاجواب پھل ہے۔ اب ٹماٹر جیسی سرخ رنگت والی کھٹی چیری میں ایسے مرکبات کا انکشاف ہوا ہے جو خصوصاً بزرگ افراد میں دماغی و ذہنی صلاحیت کو بہتر بناسکتے ہیں۔

اسی بنا پر محققین عمرسیدہ افراد کو ٹارٹ چیری کا رس پینے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ اس میں موجود حیاتیاتی مرکبات یادداشت، ردِ عمل اور دیگر اعصابی امور کو تقویت دیتے ہیں۔

امریکہ میں یونیورسٹی آف ڈیلاور کے سائنسدانوں نے چیری کی افادیت جانچنے کے لیے 65 سے 73 سال کے 34 افراد کو بھرتی کیا جو بظاہر تندرست تھے۔ ان افراد کو دو گروہوں میں تقسیم کیا گیا۔ پہلے گروہ کو روزانہ صبح اور شام 480 ملی لیٹر ٹارٹ چیری کا جوس دیا گیا اور یہ عمل 12 ہفتوں تک جاری رکھا گیا۔ دوسرے گروہ کو ایک فرضی مشروب دیا جاتا رہا۔

اس دوران مطالعے میں شریک افراد میں سے کسی نے بھی دماغی قوت بڑھانے والی دوائیں نہیں کھائی اور شرکا پورے عرصے میں اپنی معمول کی غذائیں کھاتے رہے اور معمولاتِ زندگی انجام دیتے رہے۔ ان میں سے کسی کو بھی نہیں بتایا گیا کہ کسے چیری کا رس دیا گیا ہے اور کسے عام مشروب پلایا جارہا ہے۔

12 ہفتے بعد تمام شرکا کے ٹٰیسٹ لیے گئے تو دلچسپ نتائج سامنے آئے۔ جن افراد نے چیری کا رس استعمال کیا انہوں نے بصری یادداشت کے ایک ٹیسٹ میں 23 فیصد کم غلطیاں کیں۔ جبکہ عام مشروب پینے والے افراد کی عین اسی ٹیسٹ میں بہت معمولی بہتری دیکھی گئی۔ اس وژول ٹیسٹ کا مقصد بصری یادداشت اور نئی باتیں سیکھنے کی صلاحیت کو چانچنا تھا۔

چیری کا جوس پینے والے افراد نے یہ بھی کہا کہ انہیں اپنی یادداشت پر اعتماد میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد وہ چیزوں کو اچھی طرح یاد کرنے لگے ہیں۔ ان بزرگوں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں چلنے پھرنے میں 4 فیصد بہتری ہوئی جسے ایک خاص ٹیسٹ سےبھی ناپا گیا۔ بصری معلومات کو سمجھنے میں تین فیصد اضافہ ہوا۔ تمام شرکا نے یادداشت کے مجموعی ٹیسٹ، جگہوں کے تعین اور حکمتِ عملی کے استعمال میں بھی 18 فیصد اضافے کا اعتراف کیا۔

یہ بہت حوصلہ افزا نتائج ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ٹماٹر جیسی سرخ رنگت والی چیری میں پولی فینولز، میلانِن اور اینتھوسائنِن پائے جاتے ہیں۔ یہ سب انسانی دماغی صلاحیت کو بڑھاتے ہیں اور اسی بنا پر ماہرین عمررسیدہ افراد کو چیری کا جوس پینے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

 
کراچی: ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا، اجلاس بعد نماز عصر میٹ کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوگا۔
 
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا۔
 
مفتی منیب الرحمٰن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اجلاس بعد نماز عصر میٹ کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوگا۔
 
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ذوالحج کے چاند کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل ذوالحج کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں، عید الضحیٰ 13 اگست کو ہوگی۔
 
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند آج 8 بج کر 12 منٹ پر پیدا ہونا شروع ہوجائے گا، اس دوران ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، 7 بج کر 17 منت پر سورج طلوع ہوجائے گا۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق کل غروب آفتاب کے بعد چاند 53 منٹ تک افق پر دیکھا جا سکے گا، چاند کی عمر 35 گھنٹے 29 منٹ ہوگی۔
 
گزشتہ روز حکومت پاکستان نے عید الضحیٰ کی سرکاری تعطیلات کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق 12 سے 15 اگست تک تعطیلات ہوں گی۔
 
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق پیر 12 اگست سے 15 اگست جمعرات تک تمام سرکاری و نجی کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ ملک بھر کے تمام سرکاری و نجی دفاتر 16 اگست بروز جمعہ سے معمول کے مطابق کھلیں گے۔

  ‎اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم کی روٹی چھین لی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی مذمت  کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تاریکِ انصاف نے عوام پہ ایک اور پیٹرول بم گرایا ہے، عمران صاحب کنٹینر پہ تو آپ نے پیٹرول 46 روپے لیٹر کرنے کا کہا تھا؟ ملک کو آئی ایم ایف میں گروی رکھنے کے اثرات آناشروع ہو گئے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا عمران صاحب پیٹرول مہنگا ہونے سے روٹی، سواری، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا، ‎عمران صاحب اب فی لیٹر پر لوٹ کا مال کس کی جیب میں جا رہا ہے؟ عمران صاحب آپ نے قوم کی روٹی چھین لی، آپ نے روزگار چھین لیا، آپ نے کاروبار چھین لیا ؟۔

مریم اورنگزیب نے کہا عمران صاحب آئی ایم ایف کا جولائی کا ہدف پورا نہیں ہورہا، اس لئے عوام پر پیٹرول بم پھینک دیا؟ ڈیزل اور پیٹرول مہنگا کرنے سے روٹی مزید مہنگی ہوگی۔


لاہور:  

کامران اکمل نے محمد عامر کی ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کو غلط فیصلہ قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ پیسر نے نوجوان کرکٹرز کیلیے کوئی اچھی مثال نہیں چھوڑی۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکوخصوصی انٹرویو میں کامران اکمل نے کہا کہ محمد عامر نے صرف 27 سال کی عمر میں ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا حیران کن فیصلہ کیا، اس سے نوجوان کرکٹرز پر اچھا اثر نہیں پڑے گا، میرے خیال میں پیسر کو ابھی 5 یا 6سال مزید کھیلنا چاہیے تھا۔

انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل اور ٹی ٹوئنٹی لیگز میں کارکردگی کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو منتخب کرنے سے نوجوان کرکٹرز ڈومیسٹک4 روزہ کرکٹ سے دور ہو رہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ مزید کئی کھلاڑی جلد ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر دیں گے۔

کامران اکمل نے قومی ٹیم کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترنے کا مشورہ دیا، انھوں نے کہاکہ ورلڈکپ 2015 اور 2019 کی طرح میدان میں نہیں اترنا چاہیے، ٹاپ ٹیمیں بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ عالمی ایونٹ میں شریک ہوتی ہیں، پی سی بی کو چاہیے کہ کپتان اور کوچنگ اسٹاف کو 2 سال دینے کے بعد پرفارمنس کا جائزہ لے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین نے سلیکشن کے معیار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین پرفارمنس کے باوجود مجھے ٹیم سے باہر رکھنا مایوس کن ہے، ایسے کھلاڑیوں کو موقع دیا جا رہا ہے جو 2،3 سال سے ملکی سطح کے مقابلوں میں شریک ہی نہیں ہوئے، امید ہے کہ نئی سلیکشن کمیٹی آئندہ مستحق کھلاڑیوں کو موقع دے گی، کامران اکمل نے کہاکہ میں جب تک فٹ اور فارم میں ہوں کھیلتا رہوں گا۔

 

 اسلام آباد:پاکستان نے بھارت کو کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کی باضابطہ طور پر پیشکش کر دی ہے۔

دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ محمد فیصل نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کو قونصلررسائی دینے پر کام ہو رہا ہے ،اس سلسلے میں عالمی عدالت کے فیصلے کے مطابق اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بھارت کو قونصلررسائی سے متعلق جمعہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان طالبان کے ساتھ مذاکرات میں نیک نیتی کے ساتھ سہولت کار کا کردار ادا کر رہاہے، پاکستان کے افغانستان مفاہمتی عمل میں مثبت کردار کی بین الاقومی برادری نے تعریف کی، طالبان کے ساتھ وزیراعظم کے مذاکرات پر کام ہو رہا ہے۔

امریکی صدر کے ممکنہ دورہ پاکستان سے متعلق ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان پر کام ہو رہا ہے تاہم حتمی تاریخ کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

لاہور: قومی کرکٹر حسن علی کے بعد عماد وسیم نے بھی شادی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

قومی کرکٹر حسن علی کے بعد اب عماد وسیم بھی غیر ملکی دلہنیا لائیں گے، عماد وسیم نے برطانوی نژاد پاکستانی لڑکی سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عماد وسیم برطانوی نژاد پاکستانی لڑکی ثانیہ اشفاق کو اپنی دلہن بنائی 

شادی کی تقریب 26 اگست کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی جب کہ آل راؤنڈر کے اہل خانہ نے شادی کی تیاریاں شروع کردی ہیں، عماد وسیم کاؤنٹی کرکٹ میں ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کر رہے ہیں، عماد وسیم کی ثانیہ اشفاق سے لندن میں پہلی بار ملاقات ہوئی تھی۔

 
 
 
 
 
لاہور: احتساب عدالت نے رمضان شوگرملزکیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 اگست تک توسیع کردی، حمزہ شہباز کہتے ہیں کہ مجھ پر کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں، آج اپوزیشن کا چیئرمین سینیٹ منتخب ہوجائے گا
 
آج لاہور کی احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج وسیم اختر نے کیس کی سماعت کی، سینٹ انتخابات کی وجہ سے شہباز شریف عدالت میں پیش نہ ہوئے، عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
 
دریں اثناء عدالتی حکم پر حمزہ شہباز کی حاضری کا عمل مکمل کیا گیا،حمزہ شہباز نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں عام شہری ہوں، لیکن نیب کے نزدیک میں بڑا گنہگار ہوں، مجھ پرلگائےگئے کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
 
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے کیا جرم کیا ہے،یہ سوال چھوڑ کے جا رہا ہوں،قیامت تک یہ میرے سوال کا جواب نہیں دے سکیں گے۔
 
عدالت نے حمزہ شہباز کےجوڈیشل ریمانڈ میں 9 اگست تک توسیع کردی،پیشی کےبعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا حمزہ شہباز نے کہا کہ آج اپوزیشن کا چیئرمین سینٹ منتخب ہو جائےگا۔
 
یا د رہے کہ رمضان شوگرملزریفرنس می شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو نامزد کیا گیا ہے۔ ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ ملزمان نےرمضان شوگرملزکےلئے10کلومیٹرطویل نالہ بنوایا، شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ اختیارات کا ناجائزاستعمال کیا اور اپنے خاندان کی مل کو فائدہ پہنچانے کے لئے عوامی مفاد کا نام لیا۔
 
ریفرنس کے مطابق شہباز شریف کے اس فیصلے سے سرکاری خزانے کو 213 ملین کا نقصان ہوا، سرکاری خزانے کا نقصان شہباز اور حمزہ شہباز کی ملی بھگت سے ہوا، اتنے شواہد موجود ہیں کہ ریفرنس دائر کیا تاکہ کیس چلایا جا سکے۔
 
نیب ریفرنس میں کہا گیا حمزہ شہباز کے خلاف انکوائری جاری ہے، مکمل ہونے پر ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ٹرائل جلد مکمل کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
 
 
 
 
کراچی: وفاقی وزیربرائے بحری امور علی زیدی کی ’ کراچی صاف کریں ‘مہم کو سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنےوالے افراد اور ادارے اس میں شامل ہورہے ہیں۔
 
رواں ہفتے کراچی میں ہونے والی موسلادھار بارش کے سبب شہر میں جابجا نکاسی آب کے مسائل پیدا ہوگئے ہیں ، اس حوالے سے وفاقی وزیر علی زیدی نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’’ انشا اللہ اس عظیم شہر کے شہریوں کے ساتھ مل کر دوہفتے میں ہم کراچی کا تمام کچرا صاف کردیں گے‘‘۔
 
 
ان کے اس ٹویٹر پیغام کو بھرپور پذیرائی حاصل ہورہی ہے اور اب تک کئی سیاست داں، ڈاکٹر، انجینئر ، فنکار اور کاروباری کمپنیاں ان کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے اس مہم میں اپنی بھرپور معاونت شامل کرنے کا اعلان کررہی ہیں۔
 
 
 
انہوں نے بتایا کہ کراچی کی صفائی سےمتعلق وزیراعلیٰ سندھ سےبھی رابطہ کیاہے،سیاست سےبالاتر ہمیں مل کرکراچی کوکچرےسےصاف کرناہے،کراچی کوانشااللہ2ہفتےمیں صاف کرکےدکھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی صفائی اتوارسےکےپی ٹی بلڈنگ سےشروع کریں گے۔
 
 
یاد رہے کہ کراچی میں رواں ہفتے کے آغاز پر شروع ہونے والی بارش نے دو دنوں کے لیے شہر کا نظام زندگی مکمل طور پر معطل کرکے رکھ دیا تھا ، اور ابھی بھی کئی علاقوں میں کاروبارِ زندگی جزوی طور پر معطل ہے ۔
 
بارش سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں کورنگی ، لانڈھی ، گڈاپ ، سپر ہائی وے ، سائٹ ، نارتھ ناظم آباد اور سرجانی ٹاؤن کے علاقے ہیں ۔ اس کے علاوہ شہر کے وہ علاقے جہاں سڑکیں صاف ہوچکی ہیں وہاں بھی اندورونی گلیوں میں کئی مقامات پر پانی موجود ہے۔
 
پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے کا ایک اہم سبب شہر کے سیوریج کے نظام کا بوسیدہ اور کچرے کے سبب ناکارہ ہوکر رہ جانا بھی ہے ، صفائی اور کچرا اٹھانے کے ناکافی اقدامات کے سبب عوام کچرے کو ندی نالوں کے سپر د کرکے بری الذمہ ہوجاتے ہیں اور یہی کچرا بارشوں میں ایسی صورتحال کا سبب بنتا ہے۔
 
کراچی کو صاف کریں مہم کا آغاز اتوار سے ہوگا اور اس مہم میں اب تک تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول اے آروائی ڈیجیٹل نیٹ ورک اپنے تعاون کی یقین دہانی کروا چکے ہیں۔
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ جولائی میں 11 کشمیریوں کو شہید کیا۔
 
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج نے 11 بے گناہ کشمیریوں کو گزشتہ ایک ماہ کے دوران جعلی مقابلوں میں شہید کیا۔
 
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے پرامن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے 80 افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ حریت کارکنوں اور طلباء سمیت 46 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ بھارتی فورسز نے 2 مکانات کو بھی نقصان پہنچایا۔
 
اس سے قبل جون میں مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج نے 28 بے گناہ کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا تھا۔ بھارتی افواج کی کارروائیوں کے نتیجے میں تین خواتین بیوہ ہوئیں اور چار بچے یتیم ہوگئے تھے۔
 
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے پرامن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے 134 افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ حریت کارکنوں اور طلباء سمیت 97 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
 
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں