پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
 
 
 
 
واشنگٹن:امریکی وزارت خزانہ کے زیر انتظام غیر ملکی اثاثوں کی نگرانی کرنے والے بیورو نے شہری فضائی کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے ایرانی فضائی پروازوں کے ساتھ معاملات یا لین دین کا سلسلہ رکھا تو انہیں پابندیوں کا نشانہ بننا پڑے گا۔ مذکورہ معاملات میں سامان، ٹیکنالوجی اور خدمات کی غیر اجازت شدہ منتقلی کی کارروائیاں شامل ہیں۔
 
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاری ایک بیان میں امریکی بیورو نے باور کرایا کہ ایرانی نظام تجارتی فضائی کمپنیوں کو پاسداران انقلاب اور القدس فورس جیسی دہشت گرد جماعتوں کا ایجنڈا مضبوط بنانے کے واسطے کام میں لا رہا ہے ، یہ جماعتیں خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔
 
علاوہ ازیں فضائی کمپنیوں کے ذریعے ایرانی ملیشیاؤں کے جنگجووں کو خطے کے تمام حصوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔امریکی وزارت خارجہ میں انسداد دہشت گردی اور مالی انٹیلی جنس کے امور کی سکریٹری سیگیل مینڈلکر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سول ایوی ایشن سیکٹر کو انتہائی چوکنا رہنا ہو گا تا کہ وہ ایران کی شرپسند سرگرمیوں میں اپنے ملوث نہ ہونے کو یقینی بنا سکے۔
 
اس سلسلے میں موزوں قواعد اور ضوابط نہ ہونے کا نتیجہ سول ایوی ایشن کے صنعتی سیکٹر میں کام کرنے والوں کے لیے بڑے خطرات کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔ ان میں شہری یا فوجداری قوانین کے تحت اقدامات یا اقتصادی پابندیاں شامل ہیں۔امریکی وزارت خزانہ نے اپنے بیان میں ان ایرانی تجارتی فضائی کمپنیوں کے ساتھ معاملات سے خبردار کیا ہے جو ایرانی نظام کی کوششوں کو سپورٹ کر رہی ہیں۔
 
ان کوششوں کا مقصد دہشت گردی کے ذریعے خطے میں تشدد کو بھڑکانا اور بشار الاسد کی ملیشیاؤں اور حکومت کو ہتھیار فراہم کرنا ہے۔بیان کے مطابق ایرانی فضائی کمپنی ماہان ایرانی پاسداران انقلاب اور اس کی ملیشیاوں اور ایجنٹوں کی سپورٹ سے غیر ملکی جنگجووں ، ہتھیاروں اور مالی رقوم کی منتقلی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
 
ماہان ایئر نے ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کو منتقلی اور آمد و رفت کو آسان بنایا۔ سلیمانی پر سلامتی کونسل کی قرار داد 2231 کے تحت پابندیاں عائد ہیں اور اقوام متحدہ کی جانب سے سلیمانی کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد ہے۔سال 2018 کے بعد سے امریکا نے 11 اداروں اور افراد پر اقتصادی پابندیاں عائد کیں جو ماہان ایئر کو سپورٹ پیش کرنے یا اس کے ساتھ معاملات میں ملوث تھیں۔
 
اس کے علاوہ امریکا نے 2019 کے اوائل میں ایک کارگو کمپنی’فارس ایئر قشم‘ کو بھی انسداد ِدہشت گردی حکام کی نگرانی کے تحت کر دیا۔ اس کمپنی پر ماہان ایئر کا کنٹرول ہے۔ یہ شام میں ایرانی پاسداران انقلاب کی سرگرمیوں کے لیے مرکزی سہولت کار کی حیثیت رکھتی ہے۔
 
امریکی وزارت خزانہ نے خبردار کیا کہ ایرانی نظام فرنٹ لائن کمپنیوں اور غیر متعلقہ تجارتی کمپنیوں کو استعمال میں لا کر امریکی پابندیوں سے فرار حاصل کرنے اور غیر قانونی طریقے سےطیاروں کے فاضل پرزہ جات خریدنے کی کوششیں کر رہا ہے۔
 
 
 
کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بلوچستان بلڈ بینک کا افتتاح کردیا گیا ، اس بلڈ بینک کے افتتاح پر صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری کا کہنا تھا کہ یہ صدقہ جاریہ ہے۔
 
صوبائی وزراء، سیاسی و سماجی شخصیات نے بلوچستان بلڈ بینک کے قیام کو انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے ، بلوچستان بلڈ بینک نہ صرف ایک فلاحی ادارہ ہے بلکہ یہ قومی ورثے کی حیثیت رکھتا ہے جس کی دیکھ بھال معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے ، صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا ،
 
بلوچستان بلڈ بینک کوئٹہ کے عوام کے لئے ایک ایسا تحفہ ہے جس سے نہ صرف کوئٹہ بلکہ پورے صوبے کے عوام مستفید ہوں گے۔ ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر سماجی بہبود ، نان فارمل ایجوکیشن و انسانی حقوق میر اسد بلوچ، صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری ،سیکرٹری صحت بلوچستان حافظ عبدالماجد ، بلوچستان نیشنل پارٹی ( عوامی ) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر ناشناس لہڑی و دیگر مقررین نے بدھ کے روز بلوچستان بلڈ بینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
اس موقع پر صوبائی وزراء اور سیکرٹری صحت نے ربن کاٹ کر بلوچستان بلڈ بینک کا باقاعدہ افتتاح کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سماجی بہبود ، نان فارمل ایجوکیشن و انسانی حقوق میر اسد بلوچ کا کہنا تھا کہ ہم نے انسانیت کی خدمت کوسامنے رکھ کر ایک عظیم مقصد کیلئے بلوچستان بلڈ بینک کا سنگ بنیاد رکھا تھا کہ اس میں انسانیت کی خدمت ہوگی اور الحمد اللہ آج میر نصیب اللہ مری اور سیکرٹری صحت کے ہمراہ بلوچستان بلڈ بینک کا افتتاح کر کے دلی مسرت محسوس کررہا ہوں۔
 
بلوچستان بلڈ بینک کسی فرد ،کسی قوم ،کسی مذہب کا نہیں بلکہ یہ اہلیان بلوچستان کا ہے یہ ا مید ہے یہ ادارا بلا رنگ و نسل مذہب سے بالا تر ہوکر انسانیت کی خدمت کرےگا، میر اسد اللہ بلوچ نے اپنے فنڈ سے بلوچستان بلڈ بینک کی چار دیواری کی تعمیر کا اعلان کیا اور کہا کہ مزید بھی جہاں ضرورت ہوگی بلوچستان بلڈ بینک کو فعال کرنے کیلئے میرا بھرپور تعاون جاری رہے گا۔
 
صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ بلوچستان بلڈ بینک کا قیام صدقہ جاریہ ہے جس کا افتتاح کر کے دلی مسرت ہورہی ہے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں میر اسد اللہ بلوچ کی جانب سے بلوچستان بلڈ بینک کا قیام نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ یہ صدقہ جاریہ ہے بلوچستان بلڈ بینک کو فعال کرنے کیلئے بھر پور تعاون کریں گے امید ہے کہ بلوچستان بلڈ بینک کی انتظامیہ ضرورت مندوں کو احسن طریقے سے خون عطیہ کر کے انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ر ہے گی ۔
 
صوبائی سیکرٹری صحت حافظ عبدالماجد نے کہا کہ جس قدر ممکن ہوگا بلوچستان بلڈ بینک کو سپورٹ کرینگے محکمہ صحت حکومت بلوچستان کی یہ اولین کوشش ہے کہ وہ عوام کو صحت کی یکسر سہولیات فراہم کرے بلوچستان بلڈ بینک ایک مثالی ادارہ ہوگا جہاں انسانیت کی خدمت ہوگی۔
 
 
 
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے بعد ٹوئٹر پر فالوورز کی تعداد ایک کروڑ تک جا پہنچی، جس کے بعد عمران خان دنیا بھر کے مقبول ترین لیڈرز کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔
 
تفصیلات کے مطابق یراعظم عمران خان دنیا بھر میں ٹوئٹر پر سب سے زیادہ مقبول ہونے والے پاکستانی سیاست دانوں میں تو سرفہرست تھے تاہم وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکا کے بعد ان کے ٹوئٹر پر فالوورز جو 4 ماہ قبل9.6 ملین تھے بڑھ کر ایک کروڑ تک پہنچ گئے۔
 
 
 
جس کے بعد عمران خان ٹوئٹر پر دنیا بھر کے مقبول ترین لیڈرز اور سب سے زیادہ فالوورز کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔
 
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر فالوورز کی تعداد کے لحاظ سے پہلے نمبر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں، جن کے فالوورز 6 کروڑ 22 لاکھ ہیں، دوسرے نمبر پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے فالوورز 4 کروڑ 88 لاکھ ہیں۔
 
تیسرے نمبر پر پوپ فرانسس کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ 81 لاکھ اور چوتھے نمبر پر ترک صدر طیب اردوان ایک کروڑ 40 لاکھ فالوورز کے ساتھ ہیں۔
 
فہرست میں پانچویں نمبر پر سابق بھارتی وزیر خارجہ ششما سوراج ایک کروڑ 30 لاکھ فالوورز کے ساتھ ہیں، انڈونیشین صدر جوکو ویدودو ایک کروڑ 18 لاکھ فالوورز کے ساتھ چھٹے جب کہ اردن کی ملکہ رانیہ ایک کروڑ 5 لاکھ فالوورز کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں۔
 
وزیراعظم عمران خان متحدہ عرب امارات کے شیخ محمد کو مات دے کر آٹھویں نمبر پر ہیں، متحدہ عرب امارات کے شیخ محمد کے فالوورز کی تعداد 97 لاکھ ہے۔
 
 
 
 
 
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیگ اسپنر عبدالقادر نے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
 
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عبدالقادر نے پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) سے سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹس کی قیادت برقرار رکھنے اور بیٹسمین بابر اعظم کو بطورِ نائب کپتان بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
 
ایک انٹرویو میں عبدالقادر نے کہا کہ یہ نہایت ہی افسوس کی بات ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 2019 کے ورلڈ کپ میں سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی تاہم اس ناکامی کا الزام کپتان سرفراز احمد کو دینا درست نہیں ہے۔
 
سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے کہا کہ سرفراز احمد فاتح کپتان ہیں اور بہت سے مشکل میچز میں انہوں نے زندہ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کو جیت کی راہ دکھائی۔
 
عبدالقادر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم کو نائب کپتان بنایا جائے، بابر اعظم ماضی میں بھی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں، انہیں کپتانی کے گر آتے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد دو سے تین سال کے بعد ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیں گے، اس عرصے میں بابر اعظم بھی بہتر طریقے سے ٹیم کی قیادت کرنے میں ماہر ہوجائیں گے۔
 
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی کے لیے سرفراز احمد کے بعد بابر اعظم سے بہترکوئی دوسرا انتخاب نہیں ہوگا۔
 
واضح رہے عبدالقادر 1977 سے 1993 کے دوران پاکستان کے لئے 67 ٹیسٹ جبکہ 104 ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں، ساتھ ہی ساتھ کمنٹیٹر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں۔
 
 
 
 
لاہور : پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کی جم میں ٹریننگ کرتی تصاویر نے تہلکہ مچا دیا اور ٹویٹر پر ان کے چاہنے والوں کی تعداد ساڑھے 17 لاکھ جبکہ انسٹا گرام پر 44 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
 
پاکستان میں اداکارائیں حالیہ عرصے کے دوران اپنے آپ کو مشہور کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیتی ہیں اور گاہے بگاہے اپنی تازہ تصویریں شیئر کرتی رہتی ہیں۔
 
ماروا حسین میں انھی میں سے ایک ہیں، جن کے سوشل میڈیا پر چاہنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے، صرف ٹویٹر پر ان کے چاہنے والوں کی تعداد ساڑھے 17 لاکھ جبکہ انسٹا گرام پر 44 لاکھ کے قریب ہے۔
 
اداکارہ ماورا حسین نے انسٹا گرام پر جم میں ٹریننگ کرتی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے ہی وائرل ہو گئیں، ان کے چاہنے والے حیران ہیں کہ ماروا حسین اپنی فٹنس کے لیے اتنی سخت ٹریننگ کرتی ہیں۔
 
 
 
تصاویر اور ویڈیوز میں ماورا حسین اپنی فٹنس کو برقرار رکھنے کے لیے جم میں فزیکل ٹریننگ کر رہی ہیں، جسے دیکھنے کے بعد ہر کوئی ان کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گیا ہے۔
 
 
ماروا حسین کے بارے میں مشہور ہے کہ انسٹا گرام پر اپنی تصاویر شیئرز کرتی ہیں تو کچھ لوگ اصرار کرتے ہیں اور پوچھتے ہیں کیا یہ تصویر میک اپ والی ہے یا میک اپ کے بغیر ہے۔
 
خیال رہے نیو یارک میں دورے کے دوران انہوں نے چند تصاویر اپ لوڈ کیں جس میں بنا میک اپ کی تصاویر کو ان کے چاہنے والے بہت پسند کر رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے پاس بات چیت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے لیکن بھارت مذاکرات کی طرف آنے کو تیار ہی نہیں ہے۔
 
دفتر خارجہ میں میڈیا نمائندوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کو قونصلر رسائی دینے کے لیے کام جاری ہے اور انہیں قونصلر رسائی دے دی جائے گی۔
 
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے پاس بات چیت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں لیکن بھارت بات چیت کی طرف آنے کو تیار ہی نہیں ہے۔
 
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر میں خواتین سمیت کئی افراد کو شہید کیا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتا ہے۔
 
وزیراعظم کے دورہ امریکا کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی دورے میں ڈو مور کا ذکر کہیں نہیں ہوا بلکہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعلقات ازسر نو شروع ہوئے ہیں۔
 
وزیراعظم کی امریکی صدر سے ملاقات میں باہمی تعلقات سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 
انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنی ثالثی کی خدمات پیش کیں جب کہ وزیر اعظم پاکستان نے صدر ٹرمپ کے جذبے کو سراہا۔
 
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے وزیر اعظم بتا چکے ہیں۔
 
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا کے دوران کہا تھا کہ افغان امن عمل کے حوالے سے امریکی حکام سے بات ہو چکی ہے، اب طالبان سے ملاقات کروں گا۔
اداکارہ ماہرہ خان کے مداح اُن کے ہر گانے کے منتظر ہوتے ہیں مگر اس بار فلم ’مورے سیاں‘ کے گانے میں اداکارہ کے روپ نے بالی وڈ کی دھک دھک گرل مادھوری ڈکشت کا فلم دیو داس میں اپنایا ہوا مقبول انداز یاد دلا دیا ہے۔
 
ہدایت کار عاصم رضا کی آنے والی فلم 'پرے ہٹ لو' میں ماہرہ خان بطور مہمان اداکارہ ’مورے سیاں‘ گانے میں جلوے بکھیر رہی ہیں جس میں اُن کا نیا انداز سب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
 
’مورے سیاں‘ گانے میں گلوکارہ زیب بنگش نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے جب کہ گانے کی شاعری فلم کے ہدایت کار عاصم رضا نے خود لکھے ہیں۔
 
ریلیز ہونے والا ’مورے سیاں‘ گانا 1منٹ 30 سیکینڈ پر مشتمل ہے جس میں ماہرہ خان لال رنگ کی گھیر والی روایتی پشواس میں بے حد دلکش نطر آرہی ہیں۔
 
اس گانے میں ماہرہ خان نے اتنا شاندار رقص کیا کہ مداحوں نے انہیں ماضی کی مقبول بھارتی فلم ’دیوداس‘ میں چندر مُکھی کا کردار نبھانے والی معروف ادکارہ مادھوری ڈکشت کی جھلک قرار دیا ہے۔
 
مداحوں نے تبصرہ کرتے ہوئے ماہرہ خان کی جھلک کی تعریف کی اور انہیں پاکستانی مادھوری ڈکشت کہا جب کہ ایک مداح کا کہنا تھا کہ دیوداس کی 'چندر مُکھی'۔
دوسری جانب گانے میں شہریار منور صدیقی دیوداس کی طرح ہی سفید رنگ کے کُرتے اور پجامے میں ملبوس ہیں اور انہی کی طرح شال کندھے پر ڈالے ایک وسیع ہویلی میں اندر آتے نظر آرہے ہیں۔
 
گانے کو دیکھ کر بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شہریار منور اپنا غم بھلانے کے لیے گھر سے باہر ایک ہویلی میں موجود ہیں جہاں ماہرہ خان سرخ لباس میں رقص کر کے انہیں محظوظ کرتی ہیں۔
 
فلم ‘پرے ہٹ لو‘ عید الضحی پر سینما گھروں کی زینت بنے گی جس کی مرکزی کاسٹ میں اداکار شہریار منور اور 'طیفا ان ٹربل' میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ مایا علی شامل ہیں۔
 
 
 
 
 
لندن: برطانیہ کے نومنتخب وزیراعظم بورس جانسن نے ملکہ برطانیہ سے ملاقات کی، جس کے بعد وہ واپس ڈاؤننگ اسٹریٹ روانہ ہورہے تھے کہ انہیں احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔
 
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ملکہ برطانیہ سے ملاقات کی جس کے بعد جاتے ہوئے بورس جانسن کو وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد پہلے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔
 
بکھنگم پیلس کے باہر کلائمنٹ ایمرجنسی کے کارکنان کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے ہاتھوں کی چین بنا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اور سڑک بلاک کردی۔
 
ملکہ برطانیہ سے ملاقات کے بعد بورس جانسن وزیراعظم کی حیثیت سے اپنا پہلا خطاب ڈاؤننگ اسٹریٹ پر کریں گے۔
 
رپورٹ کے مطابق آئندہ چند دن برطانوی وزیراعظم کیبنٹ مممبر کے ساتھ گزاریں گے جس میں بریگزٹ کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
 
بورس جانسن کی ڈومینک کمنز سے ملاقات کو اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے۔
 
بورس جانسن کا کہنا تھا کہ وزرا اس بات کو یقینی بنائیں کہ برطانیہ یورپی یونین سے بغیر کسی ڈیل کے علیحدہ ہونے میں کامیاب ہوجائے۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ روز نومنتخب برطانوی وزیراعظم کے ماضی کے تنازعات سامنے آئے تھے جس میں صحافتی کیریئر میں مضمون میں جھوٹ بولنے پر نوکری سے برخاست ہونا، خاتون سے غیرازدواجی تعلقات ودیگر شامل تھے۔
 
بورس جانسن کا ایک اور جھوٹ 2016 میں بریگزٹ مہم کے دوران سامنے آیا جب انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بریگزٹ سے نکلنے کے بعد برطانیہ کو یورپی یونین کو ہر ہفتے 388 ملین یوروز نہیں دینے پڑیں گے۔
تہران: امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا سے مذاکرات پر مشروط آمادگی کا اظہار کردیا۔
 
ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ برطانوی آئل ٹینکر پر قبضے کے بعد یورپی ممالک نے بھی ایرانی اقدامات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
 
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے امریکا سے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کیا جبکہ ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ مذاکرات اس صورت ہوں گے جب اسے ہماری شکست نہ سمجھا جائے۔
 
ایرانی صدر نے کہا کہ ان پر ملک کی بڑی ذمہ داریاں ہیں، وہ مسائل کے حل کے لئے مکمل طور پر صرف قانونی اور مخلصانہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں مگر ایک ہی وقت میں ایران مذاکرات کے نام پر شکست کی کسی میز پر بیٹھنے کے لئے تیار نہیں۔
 
دوسری جانب برطانیہ نے ایران کے قبضے سے برطانوی پرچم بردار آئل ٹینکر چھڑانے کے لئے ایک ثالث کو ایران بھیج دیا جس کی تصدیق ایران کے سپریم لیڈر آفس کی جانب سے کی گئی ہے۔
 
جہاز نہ چھوڑا تو ایران کو خلیج میں بھاری فوج کا سامنا کرنا پڑے گا، برطانوی وزیرخارجہ
 
سپریم لیڈر آفس کی جانب سے برطانوی ثالث کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں البتہ محمد محمدی نے کہا ہے کہ ایک ایسا ملک جس نے ایک وقت وزراء اور وکلا ایران میں تعینات کئے وہ آج اس نہج پر پہنچ گیا کہ اپنا جہاز چھڑانے کی درخواست کرنے کےلئے ثالت کو بھیجتا ہے۔
 
 
 
 
 
اسلام آباد : وزیر مملکت برائے ماحولیات زرتاج گل نے کہا ہے کہ حکومت آزاد میڈیا کی سب سے بڑی سپورٹر ہے، کسی کی پریس کانفرنس روکنے کا نہیں کہا۔
 
 
 
یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ حکومت ذرائع بلاغ پر قدغن نہیں لگا رہی اور نہ ہی اپوزیشن جماعتوں کے جلسوں اور ریلیوں پر کوئی پابندی عائد کی گئی ہے۔
 
اپوزیشن جماعتوں کو کس نے جلسے کرنے سے روکا ہے ؟ یہ لوگ انتظامیہ کے پاس جائیں اگر انہیں اجازت مل جاتی ہے تو جلسے کریں اور ریلیاں بھی نکالیں۔
 
زرتاج گل کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں25 جولائی کو اس لیے یوم سیاہ منا رہی ہیں کہ اس روز عوام نے ان کو رد کر دیا تھا،25 جولائی کو بھی عوام ان کی کسی بات کو اہمیت نہیں دیں گے اور ایک بار پھر ان کے بیانئے کو مسترد کر دیں گے۔
 
زرتاج گل کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کو متنازعہ بنا دیا ہے، ہم کسی پر دباؤ نہیں ڈالیں گے کیوں کہ یہ ایک جمہوری عمل ہے۔
 
وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا دورہ امریکہ مجموعی طور پر کامیاب رہا۔ اس دورے کے مستقبل میں بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔