پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر کو اہلیہ پر تشدد کے الزام میں نجی ٹی وی کے شو سے نکال دیاگیا۔
 
محسن عباس حیدر ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر تو دکھاتے ہی تھے تاہم وہ نجی ٹی وی سے نشر ہونے والے شو میں بطور ڈی جے بھی فرائض انجام دیتے تھے۔ محسن گزشتہ کئی عرصے سے نجی ٹی وی کے شومیں بطور ڈی جے کام کررہے تھے، لیکن اب اہلیہ پر تشدد کا الزام سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے انہیں شو سے نکال کر ان سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔
 
شو انتظامیہ نے انسٹاگرام پر محسن عباس کے حوالے سے کی جانے والی پوسٹ میں کہا محسن عباس حیدر پر گھریلو تنازع کی بنیاد پر ہونے والے کیس کی وجہ سے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچی لہذا ناظرین کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے محسن عباس پر ایف آئی آر کے اندراج کے بعد ان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں۔ جب تک محسن عباس اپنی بے گناہی ثابت نہیں کرتے وہ ہمارے پروگرام کا حصہ نہیں ہوں گے۔
 
واضح رہے کہ چار روز قبل اداکار وگلوکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے اپنے شوہر پر تشدد اوربے وفائی کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے والد سے 50 لاکھ روپے لے کر کاروبار کے لیےمحسن عباس کو دیئے، جس کے بعد اس کا رویہ اچھا رہا، لیکن چند دن بعد محسن پھر آپے سے باہرہو گیا اور میکے سے مزید 50 لاکھ روپے لانے کا کہا، انکار پر جسمانی تشدد کیا اورغلیظ گالیاں دیں۔اس کے علاوہ انہوں نے اپنے شوہر پر خاتون کے ساتھ ناجائز تعلقات کا الزام بھی لگایاہے۔
 
احتساب عدالت لاہور نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں دس روز کی توسیع دیتے ہوئے دوبارہ تین اگست کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
 
لاہور کی احتساب عدالت میں بدھ کے روز آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پورا ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔
 
سماعت کے آغاز پر وکیل کے نیب نے کہا کہ 2 کروڑ روپے کے سال 2004 سے ٹیکس ریٹرن نہیں ملے، جب کہ 2 بے نامی کمپنیاں بھی سامنے آئی ہیں، کمپنیوں کی 5 ارب روپے کی ٹرانزکشز ہوئی ہیں، ڈائریکٹر کو طلب کیا تو ریکارڈ دینے کا وعدہ کیا لیکن کچھ نہیں دیا، جس پر وکلا صفائی کا کہنا تھا جو کچھ لکھوایا بے بنیاد ہے، اس لیئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی جائے۔
 
اس موقع پر نیب کے تفتیشی افسر نے حمزہ شہباز کی فنانشل اسٹیٹمنٹس پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ ملزم کی فنانشل اسٹیٹمنٹس کا اس کے بینک اکاونٹس سے موازنہ کیا ہے، 16 ملین روپے والدہ کے اکاونٹس میں منتقل کیے، حالانکہ یہ رقم کیش ادا کی گئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ دوران تفتیش ملازمین کے نام پر دو بے نامی کمپنیاں سامنے آئی ہیں، ان کمپنیوں میں 5 ارب روپے منتقل ہوئے۔
 
نیب افسران کا مزید کہنا تھا کہ بینک اسٹیٹ منٹس اور بے نامی کمپنیوں سے متعلق مزید تفتیش کیلئے وقت درکار ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے، جس پر احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا 10 دن کا مزید ریمانڈ دیتے ہوئے ملزم کو 3 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے کر سماعت ملتوی کردی۔
 
قبل ازیں عدالت آمد پر میڈیا کی جانب سے حمزہ شہباز سے سوال کیا گیا کہ لیڈر سارے اندر ہیں، احتجاج کس حد تک کامیاب ہوگا؟، جس پر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ یہ عوام کا احتجاج ہے، اللہ تعالی خیر کرے گا، عمران خان کے اوسان خطا ہوگئے ہیں، اب کی بات کوئی نہیں سنتا، وقت بتائے گا کہ وزیراعظم کا دورہ امریکا کتنا کامیاب ہے۔
 
واضح رہے کہ ن لیگی رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے پر لاہور احتساب عدالت کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ حمزہ شہباز پرآمدن سے زائد اثاثے اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں۔
 
 
 
 
ممبئی: بھارتی عدالت نے بالی ووڈ اداکارہ کوئنا مترا کو قرض کی رقم ہڑپنے اور دھوکا دہی کا الزام ثابت ہونے پر 6 ماہ قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
 
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ پر الزام تھا کہ انہوں نے 6 سال قبل اپنی ساتھی ماڈل پونم سیٹھی سے 22 لاکھ روپے کی رقم بطور قرض لی اور واپسی کے مطالبے پر تاخیری حربے استعمال کیے۔
 
رپورٹ کے مطابق پونم کی جانب سے جب پرزور مطالبہ کیا گیا تو ادکارہ نے انہیں 2013 میں ایک چیک دیا جو باؤنس ہوگیا، ماڈل نے کوئنا کے خلاف ممبئی تھانے میں دھوکا دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا جس کے بعد انہیں عدالت نے طلب کیا۔
 
ممبئی کی عدالت نے سماعت کے دوران قرض ہڑپنے اور رقم واپسی نہ کرنے کے ساتھ جعلی چیک دینے کا اعتراف کرنے کے بعد اداکارہ کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے انہیں 6 ماہ جیل اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی۔
 
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سزایافتہ اداکارہ جرمانے کی رقم عدالت کو نہیں بلکہ متاثرہ ماڈل کو ادا کریں گی جبکہ بقیہ پیسوں کی واپسی کے لیے 6 ماہ بعد عدالت معاہدہ طے کرے گی۔
 
متاثرہ ماڈل کا کہنا تھا کہ انہوں نے اب تک 22 میں سے تقریباً پیسے وصول کرلیے جبکہ ابھی بھی پانچ لاکھ روپے باقی تھے۔ ’’کوئنا سے جب پیسوں کا مطالبہ کیا تو اُس نے پہلے بہانے بنائے اور پھر رقم ادا کرنے سے انکار کیا البتہ جب زیادہ زور دیا تو انہوں نے ادائیگی کے لیے چیک دیا جو باؤنس ہوگیا‘‘۔
 
رپورٹ کے مطابق قرض کی عدم ادائیگی کا کیس ممبئی کی عدالت میں چھ سال سے زیر سماعت تھا، متاثرہ ماڈل نے اداکارہ کو قانونی نوٹس بھی بھیجے البتہ انہوں نے جواب نہیں دیا جس پر پولیس نے کوئنا کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے البتہ انہوں نے پیشی کو یقینی بنایا جس کے بعد جج نے انہیں ریلیف دیا۔
 
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کوئنا نے پونم سیٹھی سے جو رقم قرض کے لیے لی اُس کی واپسی کے لیے ایک چیک دیا جو باؤنس ہوا اور قانونی نوٹس کے باوجود بھی جواب نہیں دیا جس پر انہیں قید اور جرمانے کی سزا سنائی جارہی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر اداکارہ جرمانے کی رقم ادا نہیں کرتیں تو انہیں 90 دن مزید جیل مین ہی گزارنا پڑیں گے۔
 
 
 
 
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مالی سال 19-2018 کی تیسری سہ ماہی میں ادائیگیوں کا حجم 157331 ارب رہا، جنوری تا مارچ اے ٹی ایم سے 1434ارب نقد نکالے گئے۔
 
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مالی سال 2019 کی تیسری سہ ماہی کی ادائیگیوں کا جائزہ جاری کردیا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق مارچ 2019 تک ملک میں 45 بینکوں کی 15 ہزار 5 سو 49 برانچیں ہیں۔
 
اسٹیٹ بینک کے مطابق ملک میں بینک اکاؤنٹس کی تعداد 5 کروڑ 31 لاکھ سے زائد ہے، مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں ادائیگیوں کا حجم 157331 ارب رہا۔
 
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مارچ 2019 تک ملک میں اے ٹی ایم مشینوں کی تعداد 14 ہزار 5 سو 75 ہوگئی، تیسری سہ ماہی میں اے ٹی ایم سے 13 کروڑ ٹرانزیکشنز کی گئیں جبکہ 3 ماہ میں اے ٹی ایم کے ذریعے 1606 ارب کی ادائیگیاں کی گئیں۔
 
اسٹیٹ بینک کے مطابق جنوری تا مارچ اے ٹی ایم سے 1434 ارب نقد نکالے گئے، 3 ماہ میں موبائل بینکنگ سے 271 ارب کی ادائیگیاں کی گئیں۔
 
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مالی سال کے 9 مہینوں میں 71 لاکھ ای کامرس ٹرانزیکشنز کی گئیں، جولائی سے مارچ تک ای کامرس کی مد میں کارڈ سے ادائیگیوں کا حجم 36 ارب رہا۔
 
گوجرانوالہ: کالعدم جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا گیا، حافظ سعید کو 7 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
 
ایک ہفتہ قبل گرفتار کیے جانے والے حافظ سعید کو 7 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
 
حافظ سعید کو 17 جولائی کو لاہور سے گوجرانوالہ آتے ہوئے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے گرفتار کیا تھا، ان کی گرفتاری نیشنل ایکشن پلان کے تحت عمل میں لائی گئی تھی۔
 
گرفتاری کے بعد انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ان کا 7 روزہ ریمانڈ منظور کیا گیا تھا۔ حافظ سعید پر ملکوال میں کالعدم تنظیم کے لیے جگہ حاصل کرنے کا الزام ہے۔
 
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے نومبر 2008 میں جماعت الدعوۃ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر پابندیاں عائد کی تھیں، بعد ازاں سال 2014 میں امریکا نے بھی جماعت الدعوۃ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر مالی پابندیاں عائد کیں اور حافظ سعید کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر انعام دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔
 
سنہ 1948 میں پیدا ہونے والے حافظ سعید نے پہلے لشکر طیبہ کے نام سے اپنی تنظیم کی بنیاد رکھی تھی، جب اس پر پابندی لگی تو انہوں نے جماعت الدعوۃ کے نام سے اپنی سرگرمیاں شروع کردی تھیں۔
 
جب جماعت الدعوۃ پر بھی پابندی لگی تو انہوں نے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے نام سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے کئی فلاحی پراجیکٹس چل رہے ہیں جن میں اسکول، اسپتال اور مدرسے بھی شامل ہیں۔
 
واشنگٹن: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ کا پینٹا گون پہنچنے پر تاریخی استقبال ہوا اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
 
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پینٹاگون پہنچنے پر جنرل جوزف ڈین فورڈ نے استقبال کیا، اس موقع پر آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
 
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی قائم مقام وزیردفاع سمیت چیف آف جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سے ملاقات کی، اس موقع پر افغان امن عمل سمیت خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔
 
’امریکی حکام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے اقدامات کو سراہا، امریکی عسکری حکام نے پاک فوج کے افغان امن عمل میں کردار کی بھی تعریف کی‘۔
 
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی چیف آف اسٹاف جنرل مارک اے ملی سے بھی ملاقات کی اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 
خیال رہے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا میں آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف بھی ان کے ہمراہ ہیں اور تاریخ میں پہلی بار آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف وزیراعظم کی امریکی صدر سے ملاقات کے دوران موجود ہوں گے، سیاسی اور عسکری قیادت یکجا ہونے سے دنیا کو مثبت پیغام جارہا ہے۔
 
امریکی دانشور برائے جنوب ایشائی امور ماروِن وینبام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں پالیسی میکرز دیکھ رہے ہیں کہ ایک طویل عرصے بعد پاکستان کی سول اور عسکری قیات اہم ترین معاملات پر ایک پیج پر ہے، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے اہم معاملات پر ایک ہونے سے دنیا بھر میں مثبت پیغام جارہا ہے، جو پاکستانی موقف میں استحکام کا باعث ہے۔
واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان اپنا تاریخی دورہ امریکا مکمل کرکے نجی ایئرلائن کے ذریعے وطن روانہ ہوچکے ہیں۔
 
وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ واشنگٹن سے وطن واپس روانہ ہوگئے، عمران خان نجی پرواز سے بذریعہ قطر پاکستان پہنچیں گے۔
 
وطن روانہ ہونے سے قبل وزیراعظم نے امریکا میں پی ٹی آئی رہنماؤں سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کھیلنے والے ملکوں میں اوورسیز پاکستانیوں سے رابطہ رہتا تھا۔
 
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سب سے زیادہ عزت کرتا ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کو زندگی میں بہت زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔
 
جبکہ کیپٹل ہل میں امریکی کانگریس اراکین سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے مابین تعلقات اعتماد کے ساتھ قائم ہونے چاہئیں جس کی بنیاد سچ ہو۔
 
 
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے پر بھروسہ کرنا چاہیئے، پاکستان نے امریکا کی جنگ لڑی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ستر ہزار جانوں کی قربانی دی۔
کراچی : کراچی میں آج دوپہر کے وقت گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے تاہم محکمہ موسمیات نے بارش کے نئے بننے والے سسٹم سے انتیس اور تیس جولائی کو تیز بارش کی پیش گوئی کردی۔
 
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم آج دوپہر کے وقت گرد آلود ہوائیں چلنے اور بونداباندی کاامکان ہے۔
 
محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے سے شہر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشنگوئی کردی ہے، بارش کے نئے بننے والے سسٹم سے انتیس اور تیس جولائی کو تیز بارش کا امکان ہے۔
 
کراچی شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد اور 26 کلو میٹر کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
 
 
 
دوسری جانب شمالی علاقوں اور بالائی پنجاب میں موسلادھاربارشوں کانیا سلسلہ شروع ہورہا ہے، جو ہفتے کے روز تک جاری رہے گا۔
 
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ہزارہ ، مالاکنڈ، پشاور، مردان اور کشمیرمیں اکثر مقامات پر تیزہواؤں اورگرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ برساتی نالوں میں طغیانی کاخدشہ ظاہر کیا اور پہاڑی علاقوں میں تودے گرنے کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔

ممبئی:بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے بھارت کی سیاست اور بابری مسجد کی شہادت پر فلم ’لعل سنگھ چڈھا‘ بنانے کا اعلان کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان نے اپنی سالگرہ پر نئی فلم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ میری آنے والی فلم کا نام ’لعل سنگھ چڈھا‘ ہے جوکہ امریکن فلم ’فارسٹ گمپ‘ سے متاثر ہو کر بنائی جارہی ہے، اسے میری اور ویاکوم 18 کی پروڈکشن میں بنایا جارہا ہے جب کہ فلم میں ایڈوت چندن ہدایت کار کے فرائض انجام دیں گے۔

ذرائع کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ محض یہ ایک فلم نہیں بلکہ تاریخی حوالہ ثابت ہوگی کیوں کہ اس فلم میں شہید بابری مسجد سے لے کر مودی سرکار کی حکومت میں ہونے والے اقدام دکھائے جائیں گے جب کہ  دنیا دیکھے گی کہ گزشتہ چند سال میں بھارت میں کیا ہوا۔

تاریخی واقعے پر بننے والی اس فلم میں عامر خان ویژول افیکٹ کے ساتھ ماضی کی کئی سیاسی اور تاریخی شخصیات سے بھی ملیں گے، فلم میں عامر خان سکھ کا کردار ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ فلم ’ لعل سنگھ چڈھا‘ میں عامر خان کے مد مقابل کرینہ کپور مرکزی کردار ادا کریں گی۔ فلم سال 2020ء کے دسمبر میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔