پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر کی مبینہ گرل فرینڈ ماڈل نازش جہانگیر نے محسن کی اہلیہ فاطمہ کے الزامات کے جواب میں اپنا موقف بیان کیا ہے۔
 
2 روز قبل اداکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے سوشل میڈیا پر اپنے شوہر کے ظلم اور بے وفائی کی داستان بیان کرکے شوبز سمیت پورے پاکستان میں ہلچل مچادی تھی۔ فاطمہ نے محسن عباس حیدر پر بے وفائی کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا ان کے شوہر کا چکر ماڈل نازش جہانگیر کے ساتھ چل رہا ہے اور جب اس بارے میں انہوں نے محسن سے استفسار کیا تو انہوں نے بجائے شرمندہ ہونے کے الٹاانہیں مارنا پیٹنا شروع کردیا اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
 
فاطمہ کے اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ماڈل نازش جہانگیر کو ایک شادی شدہ عورت کا گھر برباد کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔ اس سارے معاملے میں نازش ابھی تک خاموش تھی تاہم اب انہوں نے انسٹاگرام پراپنا موقف ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاطمہ نے بغیر کسی ثبوت کے مجھ پر الزام لگایا کہ میرا اور اس کے شوہر کا آپس میں تعلق ہے اور آپ سب لوگ مجھ پر چڑھ دوڑے۔
 
نازش نے مزید لکھا جب فاطمہ کی ڈیلیوری ہونے والی تھی اس نے مجھے فون کیا اورمیں نے اسے مبارکباد بھی دی، اس وقت محسن شوٹنگ کے سلسلے میں کراچی میں موجود تھا اور میں اسلام آباد میں تھی۔ خیر اگر فاطمہ گھریلو تشدد کا شکار ہوئی ہےتو مجھے اس کے ساتھ ہمدردی ہے لیکن میں کہنا چاہتی ہوں کہ ان دونوں کے شادی شدہ مسائل کے پیچھے کی وجہ میں نہیں ہوں۔
 
نازش نے لکھا صرف محسن عباس حیدر ہی ہے جو بتاسکتا ہے اس معاملے میں بغیر کسی ثبوت کےمیرا نام کیوں لیاجارہاہے، کیونکہ اس سے میری شخصیت کا تاثر خراب ہورہاہے۔ میں ابھی تک صدمے میں ہوں کیونکہ میں ایسی انسان نہیں ہوں جو کسی کے کردار پر بات کرے میرے نزدیک یہ بہت ہی شرمناک عمل ہے۔ میں صرف یہ کہنا چاہتی ہوں صرف فاطمہ ہی نہیں ہے جو مشکل حالات سےگزررہی ہے بلکہ میرے لیے بھی یہ وقت مشکلوں بھرا ہے۔

کراچی: کے ایم سی نے اپنے زیر انتظام اسپتالوں میں انسداد کانگو وائرس کا الرٹ جاری کردیا۔

کراچی میٹروپولیٹن کی جانب سے عید الاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے کو حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کے ایم سی کے مراسلے میں کہا گیا ہےکہ کانگو کا مریض اسپتال آنے کی صورت میں خصوصی احتیاط رکھی جائے، مریض کے لیے اسپتال میں خصوصی وارڈ بنائیں جائیں اور اسپتال میں کانگو وائرس کے حوالے سے بینر اور پوسٹر کے ذریعے آگاہی فراہم کی جائے۔

سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کا کہنا ہےکہ کانگو کا مرض جانوروں کو چپکے کیڑے ٹک چیچڑ سے انسان میں منتقل ہوتا ہے، کانگو کی علامات میں جسم میں شدید درد،آنکھوں کاسرخ ہونا، متلی اور بخار شامل ہیں۔

سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے لوگوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہاہے کہ مویشی منڈی میں ہلکے رنگ اور کھلے کپڑے پہن کر جائیں اور ساتھ ہی دستانے اور ماسک کا بھی استعمال کریں۔

کراچی: وزیرِ اعظم کی ٹاسک کمیٹی آن افورڈیبل ہاؤسنگ،وزیرِ اعظم کامیاب جوان پروگرام اور سینٹر فار افورڈیبل ہاؤسنگ اینڈ سسٹینیبل بلٹ انووارمنٹ این ای ڈی یونی ورسٹی کے اشتراک سے 20جولائی کوجامعہ کے سول اے وی ہال میں ایک روزہ قومی کانفرنس کاانعقاد کیاگیا۔
 
استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے جے پی چیئر اور پروفیسرسول ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر شعیب ہارون احمد کا کہنا تھاکہ اس ایک روزہ قومی کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں انٹرپرینورشپ یعنی بے روزگاری کے خاتمے کے لیے نوجوان اذہان کو کاروبار کی جانب مبذول کرنا ہے
 
وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے یوتھ افیئرزعثمان ڈار کاکہنا تھاکہ میں سمجھتا ہوں کہ نوجوان ہمارا کل نہیں آج ہیں،جن کے لیے پچھلے پانچ سے دس برس میں کوئی کام نہیں کیا گیا۔نوجوان انٹرپرنیورجوکہ روایتی بزنس میں آنے کے خواہش مند ہیں ان کی بھی معاونت کریں گے
 
شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کا دارومدار مستقبل کے لائحہ عمل پر ہوتاہے، وزیرِ اعظم کی ٹاسک کمیٹی آن افورڈیبل ہاؤسنگ اور وزیرِ اعظم کے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کے لیے نئی راہیں کھل جائیں گی۔وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی برائے یوتھ افیئرزسے درخواست کی کہ اسکالر شپس کو چار سالہ انٹرشپ میں تبدیل کردیا جائے تاکہ آج کا نوجوان خود پیسہ کما کر اس کی اہمیت سے واقف ہوسکے.
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے جارردہ اعلامیہ کے مطابق آئی بی سی سی (انٹربورڈ کمیٹی آف چیئرمین) کے تحت ملک بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کے باصلاحیت طلبہ کیلیے سمرکیمپ کا انعقاد 23جولائی سے 27جولائی تک کیا جارہا ہے۔
 
سمر کیمپ میں طلبہ کو تفریحی مقامات کے علاوہ پارلیمنٹ ہائوس، ایوان صدر اور قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کا وزٹ بھی کرایا جائے گا۔
 
اعلامیہ کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سمرکیمپ میں شرکت کیلیے کراچی کے ایسے طلبہ کا انتخاب کیا ہے جنہوں نے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ائر کے سالانہ امتحانات برائے 2018ء میں امتیازی نمبر حاصل کیے ہیں۔
کراچی: وفاقی اردو یونیورسٹی کےمطابق ایم اے(پرائیویٹ) کے سالانہ امتحانی فارم 22 جولائی سے 7اگست 2019تک عسکری بینک گلشن اقبال اور عبدالحق کیمپس کے عسکری بینک بوہرہ پیر برانچ سے حاصل اور جمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ کمپیوٹرائزڈ فیس واؤچرویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔
 
امتحانی فیس4ہزار روپے جبکہ امتحانی فارم کی قیمت200 روپے مقرر کی گئی ہے

وفاقی اردو یونیورسٹی کی سینیٹ کا39واں اجلاس صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان اور جامعہ اردو کے چانسلرجناب ڈاکٹرعارف علوی کی زیر صدارت گورنر ہاﺅس کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئر مین سینیٹ جاوید اشرف حسین ،شیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین،وفاقی سیکریٹری تعلیم ارشد مرزا، صدرانجمن ترقی اردو واجد جواد، پروفیسر ڈاکٹر سید جعفر احمد، پروفیسر ڈاکٹر معین الدین عقیل، ڈاکٹر ریاض احمد،ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے پروفیسر ڈاکٹر اے کیو مغل ،رجسٹرار ڈاکٹر محمد صارم نے شرکت کی۔

اجلاس میں سینیٹ کی خالی نشستوں پر اساتذہ کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کی معروف شخصیات کی نمائندگی کی سفارشات پر غور کیا گیا اور یہ طے کیا گیا کہ ان سفارشات کو مزید بہتر کرکے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے ۔تجویز کنندگان کمیٹی میں ایک ممبر کی خالی ہونے والی نشست پر ذوہیر اشیر کو کمیٹی کا ممبر نامزد کیا گیا۔وقت کی کمی کے باعث سینٹ کا بقیہ ایجنڈا آئندہ ماہ اجلاس کے لئے موخر کردیا گیا۔

واشنگٹن: 1992 کے ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کے کپتان اور وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ ٹیم میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔
 
واشنگٹن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ میں نے انگلینڈ سے اپنی کرکٹ کا آغاز کیا لیکن سب سے زیادہ دنیا میں کرکٹ کا ٹیلنٹ پاکستان میں دیکھا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں آسٹریلیا کی ٹیم سب سے زیادہ کامیاب رہی کیونکہ وہاں میرٹ ہے۔عمران خان نے کہا کہ ورلڈ کپ میں پرفارمنس دیکھنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹھیک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اگلے ورلڈ کپ میں پاکستان کی بہترین ٹیم لائیں گے اور کرکٹ کا نظام ٹھیک کریں گے۔
 
 

کراچی: حکومت سندھ نے صوبے بھر میں مویشی منڈیاں لگانے کے لیے طریقہ کار جاری کردیا۔

صوبائی محکمہ داخلہ کے نوٹی فکیشن میں بلدیات، پولیس اور تمام ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر اداروں کو احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہےکہ عوامی مقامات، پارکوں، گلیوں اور شاہراہوں پر مویشی منڈیاں لگانے پر پابندی عائد ہوگی جب کہ خرید و فروخت کے لیے منڈی لگانے کے لیے این او سی لینی ہوگی۔

نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہےکہ صفائی ستھرائی، سیوریج ، پانی، روشنی اور سیکیورٹی کا انتظام لازمی ہے جب کہ منڈی میں جانوروں کے معالج کا ہونا بھی ضروری ہوگا۔

 
 
نئی دہلی : بھارت کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے کبھی امریکی صدر کو مسئلہ کشمیر پر ثالث بننے کی درخواست نہیں کی۔
 
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پریس سے بات چیت سنی جس میں انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت چاہیں تو وہ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کیلئے تیار ہیں تاہم ایسی کوئی درخواست بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے امریکی صدر کو نہیں کی گئی۔
 
بھارتی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کا مستقل موقف رہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب معاملات دونوں ملک باہمی طور پر طے کریں گے، کسی بھی قسم کی بات چیت پاکستان کی جانب سے سرحد پار دہشتگردی کے خاتمے سے مشروط ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ شملہ معاہدہ اور لاہور اعلامیے کی رو سے پاکستان اور بھارت تمام تر مسائل باہمی طور پر ہی حل کریں گے۔
 
دوسری طرف بھارت کے سابق وزیر ششی تھرور نے کہا ٹرمپ کو بالکل بھی نہیں معلوم کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں، ان سے مودی نے ملاقات کے وقت جو کچھ کہا تھا یا تو وہ ٹرمپ نے سمجھا ہی نہیں یا ٹرمپ کو بریفنگ نہیں دی گئی۔

 واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کیساتھ تاریخی ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ون آن ون ملاقات اور بعد ازاں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں دو طرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے اور تجارتی روابط کے فروغ سمیت اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنما اس کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں اب ہماری بہت مدد کر رہا ہے، دہشتگردی کیخلاف دونوں ملکوں نے مل کر جنگ لڑی، امید ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔
 
مسئلہ کشمیر کے ایشو پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہم بھارت کیساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں، اگر صدر ٹرمپ کشمیر مسئلے پر ثالثی کا رول ادا کریں گے تو کروڑوں لوگوں کی دعائیں ان کے ساتھ ہوں گی۔
 
انہوں نے صدر ٹرمپ کو بتایا کہ کشمیر مسئلے کے حل کے لیے بھارت کو کئی بار مذاکرات کی آفر کی، امریکا کشمیر مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔
 
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ دو ہفتے پہلے وزیراعظم مودی نے مجھ سے ملے اور مسئلہ کشمیر پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ ثالثی کریں، میں نے پوچھا، کہاں؟ مودی نے کہا، کشمیر پر، کیونکہ یہ مسئلہ کئی سال سے زیر التوا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے بھارت مسئلے کا حل چاہتا ہے، پاکستان بھی مسئلے کا حل چاہتا ہے، تو اگر میں اس میں مدد کر سکتا ہوں، تو مجھے بہت خوشی ہوگی۔