پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی میں چند بوندیں پڑتے ہی کے الیکٹرک کا نظام جواب دہ گیا اور شہر کا نصف سے زائد حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔

گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک کے شہر کو بجلی کی سپلائی کا نظام بہتر بنانے کے دعوے بھی پانی ہوگئے اور رات کو ہی شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

ہلکی بارش کے بعد 10 گھنٹے تک معطل ہونے والی بجلی کئی علاقوں میں بحال کردی گئی ہے لیکن اب بھی بعض علاقے بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں۔

کورنگی 5 نمبر، فیڈرل بی ایریا، عزیزآباد، گلشن اقبال، ملیر، ماڈل کالونی، گلستان جوہر بلاک 8، نارتھ ناظم آباد، کھارادر، میٹھادر، ڈیفنس منظور کالونی میں بجلی بجال کردی گئی ہے۔

جب کہ لیاقت آباد سی ون ایریا، فیڈرل بی ایریا، پاک کالونی، گارڈن، ناظم آباد 1 نمبر، مچھر کالونی، بلدیہ ٹاون، اورنگی ٹاون، مواچھ گوٹھ، کھارادر، لیاری اور اولڈ سٹی ایریا میں بجلی تاحال معطل ہے۔

بجلی کا نظام بیٹھتے ہی کے الیکٹرک ہیلپ لائن پر بھی ریکارڈنگ لگادی گئی جس کے باعث شہری شکایت درج کروانے سے محروم ہیں جب کہ فیس بک سے بھی کوئی جواب موصول نہیں ہورہا۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش اور ہوا میں نمی زیادہ ہونے کے باعث بجلی کی فراہمی بند ہوئی ہے جب کہ حفاظتی اقدامات کے تحت کچھ جگہوں پر بجلی عارضی طور پر بند کی گئی ہے، متاثرہ علاقوں میں کے الیکٹرک کی ٹیمیں مقامی فالٹس کی درستگی کے لیے کوشاں ہے۔

ادھر حیدرآباد شہر اور گردونواح میں بھی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور کئی علاقوں میں 12 گھنٹے سے بجلی غائب ہے۔

بارش کے باعث بدین، مٹیاری، ہالہ، ٹنڈوالہیار، مٹھی میں بجلی کا نظام درہم برہم ہے۔

موسم کی صورتحال

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا طاقتور سسٹم کل شام ملک کے بالائی علاقوں سے ٹکرائے گا۔

علاوہ ازین محکمہ موسمیات نے 25 سے 27 جولائی کے درمیان بڑے دریاؤں میں کہیں اونچے اور کہیں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے جب کہ خدشہ ہے کہ برساتی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔

لندن: ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پھر سے جیمز اینڈرسن کے نشانے پر آگئی، انگلش فاسٹ بولر بدھ سے آئرلینڈ کے خلاف شیڈول واحد میچ میں پیٹ کمنز سے اعزاز چھین سکتے ہیں، پاکستان کے محمد عباس نویں نمبر پر موجود ہیں جب کہ ٹاپ 10 پوزیشنز پاکستانی بیٹسمینوں کی منتظر ہیں۔

انگلینڈ اور آئرلینڈ میں بدھ سے لارڈز میں واحد ٹیسٹ شروع ہورہا ہے،اس میں کئی میزبان کھلاڑیوں کے پاس اپنی رینکنگ بہتر بنانے کا موقع موجود ہوگا،خاص طور پر فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کی نگاہیں ایک بار پھر ٹاپ ٹیسٹ بولر کے اعزاز پر مرکوز ہوچکی ہیں، اسے ان سے گذشتہ نومبر میں جنوبی افریقی فاسٹ بولر کاگیسو ربادا نے چھین لیا تھا،اب اس پر آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کا قبضہ ہے، اینڈرسن دوسرے نمبر پر ہیں مگر ان کے پاس لارڈز میں بہتر پرفارمنس سے 16 پوائنٹس کے فرق کو ختم کرنے کا موقع موجود ہوگا۔

ٹاپ 10ٹیسٹ بولرز میں شامل واحد پاکستانی محمد عباس نویں درجے پر براجمان ہیں۔ ایک اور انگلش فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ اس وقت 19 ویں نمبر پر موجود اور انھیں ٹاپ 20 میں جگہ برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے۔ ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں کوئی بھی پاکستانی شامل نہیں ہے، پہلی پوزیشن پر بھارت کے ویرات کوہلی قابض ہیں۔

رینکنگ میں انگلینڈ کی ٹیم چوتھے نمبر پر موجود اور اس مقابلے میں کامیابی کے باوجود پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، البتہ شکست یا ڈرا کی صورت میں اہم پوائنٹس سے ہاتھ دھونا پڑسکتے ہیں۔

نمبر ون ٹیسٹ ٹیم کا اعزاز بھارت کے پاس ہے، نیوزی لینڈ دوسرے اور جنوبی افریقہ تیسرے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا کی اس وقت پانچویں اور سری لنکا کی چھٹی پوزیشن ہے، پاکستان ٹیم بدستور ساتویں نمبر پر براجمان ہے، اس کے بعد بالترتیب ویسٹ انڈز، بنگلہ دیش اور زمبابوے آٹھویں سے دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

  اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے ایک سال کے دوران پاکستان نے 16 ارب ڈالر کا غیرملکی قرضہ لیا۔ ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب ایک سال کے دوران اتنا قرض لیا گیا ہو۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق 16 ارب ڈالر کا خطیر قرضہ مالی سال 2018-19 کے دوران لیا گیا جس میں پی ٹی آئی حکومت کے 11 ماہ بھی شامل ہیں۔ 16 ارب ڈالر میں سے 13.6 ارب ڈالر کا قرض پی ٹی آئی کی حکومت نے حاصل کیا جو ایک سال کے دوران کسی بھی حکومت کی جانب سے حاصل کردہ سب سے زیادہ قرضہ ہے۔ بقیہ 2.4 ارب ڈالر جولائی 2018ء میں نگراں حکومت نے لیا۔

16 ارب ڈالر کے قرض میں سے 5.5 ارب ڈالر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سے لیے گئے تاہم ذرائع کے مطابق وزارت اقتصادی امور رواں ہفتے قرض سے متعلق جو اعداودوشمار شایع کرے گی اس میں 5.5 ارب ڈالر کے اس قرض کو وفاقی حکومت کے حاصل کردہ قرض کا حصہ نہیں دکھایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی حکومت مالی سال 2018-19 میں لیے گئے قرض کا حجم 10.5 ارب ڈالر دکھائے گی۔ باقی 5.5 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کی بیلنس شیٹ میں درج کیے جائیں گے۔
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہےکہ ملک کی معیشت تباہ ہوچکی اور وزیراعظم کی معاشی ٹیم مذاق بن گئی ہے۔
 
اسلام آباد میں اپوزیشن کے سینیٹرز کا اجلاس ہوا جس میں 56 سینیٹرز نے شرکت کی جب کہ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سمیت 7 ارکان قومی اسمبلی بھی شریک ہوئے۔
 
اس موقع پر شہبازشریف نے کہا کہ ماضی سے سبق سیکھ کر نظام میں بہتری لائیں، عام آدمی پرزندگی تنگ ہوچکی ہے، آج عام آدمی کو ضروریات پوری کرنا مشکل ہورہی ہیں، روٹی 15 روپے اور نان 20 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
 
شہبازشریف نے کہا کہ بیروزگاری انتہا کو چھورہی ہے، فیکٹریوں کو تالے لگ گئے، دکانوں سے لوگوں کو نکالا جارہا ہے، مزدور اپنے مالکان کی منتیں کرنے پرمجبور ہیں۔
 
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت تباہ ہوچکی، معاشی ٹیم مذاق بن گئی ہے، وزیراعظم کوعلم نہیں کہ غریب کس طرح زندگی بسرکررہے ہیں، سیاسی قیدیوں سے جیلیں بھری جارہی ہیں۔
 
دوسری جانب اپوزیشن کی ریکوزیشن پر سینیٹ اجلاس بلانے سے متعلق سینیٹ میں اپوزیشن کا اہم مشاورتی اجلاس کل طلب کرلیا گیا ہے۔
 
اجلاس اپوزیشن لیڈر راجہ ظفرالحق کی زیر صدارت ہوگا جس میں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی تحریک سے متعلق مشاورت ہوگی۔
 
ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے ارکان سینیٹ کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت ہے۔
لندن: درختوں، پودوں اور سبزے میں وقت گزارنے کے ان گنت فوائد سامنے آئے ہیں لیکن اب ماہرین یہاں تک کہہ رہے ہیں کہ اگر آپ بیٹھ کر صرف سبزے کو دیکھتے ہیں تو اس سے بھی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
 
ایک نئے مطالعے سے انکشاف ہوا ہے کہ اپنے بیڈروم کی کھڑکی سے درختوں کو دیکھنا بھی صحت کے لیے انتہائی مفید ہوتا ہے ۔ یہاں تک کہ اس سے غیرصحتمندانہ عادتوں میں بھی کمی کرنے میں مدد ملتی ہے۔
 
گزشتہ برس ایک تحقیق سے انکشاف ہوا تھا کہ سرسبز مقامات پر چلنے سے ذہنی تناؤ کی وجہ بننے والے ہارمون ، کارٹیسول میں بھی کمی ہوتی ہے اور موڈ بہتر ہوتا ہے۔ چند ماہ قبل ماہرین نے کہا تھا کہ اگر ہفتے میں مناسب وقت درختوں میں گزارا جائے تو اس سے صحت پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو اپنا بچپن سبزے میں گزارنے والے افراد دوسروں کے مقابلے میں دماغی اور نفسیاتی امراض کے کم کم شکار ہوتے ہیں۔ اس طرح وہ زندگی کے چیلنجوں کو بہتر انداز میں مقابلہ کرسکتے ہیں۔
 
اب برطانیہ میں یونیورسٹی آف پلے ماؤتھ کے ساتھیوں نے ہیلتھ اند پلیس نامی تحقیق جرنل میں کہا ہے کہ اگر آپ گھر کی کھڑکی سے کچھ وقت درخت اور سبزے کو دیکھتے ہیں تو اس سے صحت کے لیے مضر اشتہا یعنی فاسٹ فوڈ، شراب اور تمباکو نوشی وغیرہ کوطلب بھی کم ہوتی ہے۔
 
تحقیق میں شامل ڈاکٹر لین مارٹن کہتی ہیں کہ سبزے کے فوائد سے سب واقف ہیں لیکن ہماری تحقیق سے اس میں ایک نئے زاویے کا اضافہ ہوا ہے کہ سبزے کو تکتے رہنا بھی بری عادتوں سے چھٹکارے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
 
’اس تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ماحول اور انسانوں کے درمیان گہرا تعلق ہوتا ہے ۔ اسی بنا پر طبی مسائل کم کرنے میں بھی مدد ملے گی،‘ ڈاکٹر لین نے کہا۔
 
مطالعے میں 21 سے 65 سال کے 149 افراد سے پوچھا گیا ہے کہ وہ کس طرح سے فطرت کے قریب ہیں۔ ساتھ ہی ان میں بری عادتوں مثلاً غیرصحت بخش کھانے اور نشے وغیرہ کی لت کے بارے میں بھی پوچھا گیا تھا۔ اس سروے میں شریک افراد سے ان کے گھر کی اطراف درخت اور سبزے کے بارے میں بھی پوچھا گیا تھا۔ یا کسی پرفضا مقام پر جانے کے دورانیے کے متعلق بھی سوال کیے گئے تھے۔
 
لوگوں نے اعتراف کیا کہ عوامی باغات یا گھر کے باغات میں جانے سے ان میں لت اور اشتہا کم ہوتی ہے لیکن حیرت انگیز طور پر جو لوگ اپنے گھر کی بالکونی یا کھڑکی سے سبزہ دیکھ پائے ان میں بھی بری لت کی شرح 25 فیصد تک کم ہوئی۔
 
ہزاروں لاکھوں افراد کسی نہ کسی بری لت میں گرفتار ہے جس میں تمباکونوشی، شراب نوشی اور میٹھے مشروبات کی لت بھی شامل ہے۔ یہ سب عادات صحت کو برباد کرتی ہیں اور سبزہ دیکھنے سے اس میں کمی آتی ہے۔ اس لیے پہلی مرتبہ یہ ثابت ہوا ہے کہ سبزہ اس طرح کے فوائد کی وجہ بھی بن سکتا ہے۔
 
تاہم یہ تحقیق ابھی ختم نہیں ہوئی اور اگلے مرحلے میں ماہرین کسی بری لت میں گرفتار لوگوں کو سبزے میں لائیں گے اور اس کے اثرات کا بغور جائزہ لے کر اسے رپورٹ کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ فضل الرحمان، بلاول بھٹو اور ن لیگ سب اکھٹے ہوگئے ہیں اور ان سب کا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ یہ مجھ سے تین لفظ این آر او سننا چاہتے ہیں۔ دنیا ادھر سے ادھر ہو جائے، انہیں پیسہ ہر حال میں واپس کرنا پڑے گا۔ یہ لوگ باہر سے سفارشیں کروا رہے ہیں

نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس سمیت دو افراد کے قتل میں ملوث ملزم عاطف زمان کا کہنا ہے برباد ہو چکا ہوں، پھانسی بھی ہو جائے پرواہ نہیں ہے۔
 
سٹی کورٹ میں مرید عباس قتل کیس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر عتیق الرحمان نے ملزم عاطف زمان کی ایم ایل او رپورٹ عدالت میں پیش کی۔
 
رپورٹ کے مطابق ہفتے کو پولیس سرجن نے ملزم عاطف زمان کا طبی معائنہ کیا تھا۔
 
ایم ایل او رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم عاطف زمان کو سینے کے اوپری حصے پر گولی لگی جو پیچھے سے باہر نکلی۔
 
تفتیشی افسر عتیق الرحمان نے عدالت کو بتایا کہ میں نے عاطف زمان کو سمجھایا کہ اگر اعتراف جرم کرتے ہو تو تمہیں پھانسی کی سزا ہو سکتی ہے جس پر ملزم نے کہا کہ میں برباد ہو چکا ہوں، مجھے پھانسی بھی ہو جائے کوئی پرواہ نہیں ہے۔
 
عدالت نے پولیس کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں ایک روز کی توسیع کی درخواست منظور کرتے ہوئے عاطف زمان کا 164 کا بیان کل ریکارڈ کرنے کا حکم دیا۔
 
عدالت نے ملزم عاطف زمان سے ان کے وکلاء اور اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت بھی دے دی۔
 
 
 
 
لاہور: سیشن کورٹ نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار رانا ثنااللہ کو جیل میں گھر کا کھانا دینے کی درخواست مسترد کردی اور رانا ثنااللہ کو جیل سپرنٹنڈنٹ سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔
 
لاہور کی سیشن کورٹ میں منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار رانا ثنااللہ کی جیل میں گھر کا کھانے نہ دینے کی درخواست پر سماعت ہوئی، سیشن جج لاہور قیصر نذیر بٹ نے رانا ثناءاللہ کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔
 
عدالت نے سابق وزیر قانون رانا ثناءاللہ کو جیل میں گھر کا کھانا دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کوپہلے متعلقہ فورم سپرنٹنڈنٹ جیل سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
 
یاد رہے 13 جولائی کو رانا ثنااللہ کی گھر کا کھانا نہ دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا، رانا ثناءاللہ کے وکیل کا مؤقف تھا کہ رانا ثناءاللہ بیمار ہیں، ان کی صحت کے لیے گھر کا کھانا دینے کی اجازت دی جائے۔ جیل قوانین کے مطابق زیر ٹرائل ملزم کو گھر کا کھانا دیا جا سکتا ہے۔
 
جیل حکام نے رپورٹ جمع کرائی تھی کہ رانا ثناءاللہ کو ان کی طبعیت کے مطابق کھانا دیا جا رہا ہے۔ ان کا روزانہ کی بنیاد پر میڈیکل بھی کیا جا رہا ہے۔ ان کی طبیعیت بالکل ٹھیک ہے۔
 
واضح رہے انسداد منشیات فورس نے رانا ثنا اللہ کو اسلام آباد سےلاہورجاتےہوئےموٹر وے سے حراست میں لیا تھا ، راناثنااللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔
 
اینٹی نارکوٹکس فورس نے رانا ثنا اللہ کےخلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا ، ایف آئی آر میں کہا گیا رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے 21 کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی ، برآمد منشیات میں 15 کلو ہیروئن بھی شامل ، روکنے پر راناثنااللہ نے اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی کی۔
 
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا تھا رانا ثنا اللہ نےاختیارات کاناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش کی۔
 
بعد ازاں رانا ثنا کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے رانا ثنا منشیات کیس میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
 
 
 
لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہا واشنگٹن میں پاکستانیوں کے جذبے نے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام کر دیں ، وزیراعظم نے پھر واضح کر دیا کچھ ہو جائے این آر او نہیں ملے گا۔
 
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا واشنگٹن میں پاکستانیوں کے جذبے نے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام کر دیں، کیپٹل ون ارینا کا اسٹیڈیم لاہور اور کراچی کا منظر پیش کر رہا تھا، عمران خان سے محبت کے اظہار کی مثال نہیں ملتی۔
 
واشنگٹن میں پاکستانیوں کے جوش وجذبے نے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں. کیپٹل ون ارینا کا سٹیڈیم لاہور اور کراچی کا منظر پیش کر رہا تھا. امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے وزیراعظم عمران خان سے جس محبت اور عقیدت کا اظہار کیا ہے تاریخ میں اسکی مثال نہیں ملتی.
شہبازگل کا کہنا تھا اوورسیز پاکستانیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم زندہ قوم ہیں، عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے پاکستان ہاوس میں قیام کیا ، نئے پاکستان کا وزیراعظم اپنے ٹبرکو امریکانہیں لے کر گیا، عمران خان نےکمرشل پروازپر سفر کرکے مثال قائم کی۔
 
اوورسیز پاکستانیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم زندہ قوم ہیں. عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے فائیو سٹار ہوٹل میں نہیں پاکستان ہاوس میں قیام کیا ہے. نئے پاکستان کا وزیراعظم اپنے ٹبر کو امریکہ نہیں لے کر گیا.عمران خان نے کمرشل فلائیٹ پر سفر کرکے سب کے لیے مثال قائم کی ہیں.
 
انھوں نے کہا ماضی کےحکمرانوں نےبیرونی دوروں پر عوام کاپیسہ بےدردی سےلٹایا، عمران خان نے دنیا میں سبز پاسپورٹ کی عزت بحال کرانےکا وعدہ کیا ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے برابری کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان کا ایک اور ٹویٹ میں کہنا تھا وزیراعظم نے پھر واضح کر دیا کچھ ہو جائے این آر او نہیں ملے گا، ایک طرف کپتان نے واشنگٹن میں تاریخ ساز جلسہ کیا ، دوسری طرف “جلسیاں جلسیاں” کھیلنےوالے دربدر ہیں، کرپٹ سیاستدانوں کو پیغام مل گیا، لوٹی ہوئی دولت ہر صورت واپس کرنا ہو گی۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر واضح کر دیا کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے این آر او نہیں ملے گا.
ایک طرف کپتان نے واشنگٹن میں تاریخ ساز جلسہ کیا دوسری طرف "جلسیاں جلسیاں" کھیلنے والے دربدر پھر رہے ہیں.
کرپٹ سیاستدانوں کو پیغام مل گیا, لوٹی ہوئی دولت ہر صورت واپس کرنا ہو گی.
 
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے واشنگٹن ڈی سی کے اسٹیڈیم کیپٹل ون ارینا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں میرٹ کا سسٹم لے کر آنا ہے، مجھے این آر او کے لیے باہر سے سفارشیں کروائی گئیں، کچھ بھی ہوجائے کسی کو این آر او نہیں دوں گا۔
لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے سیکیورٹی وفد اگست میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔
 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی س بی) کے مطابق سری لنکن بورڈ نے پی سی بی کو سیکورٹی وفد بھجوانے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
 
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ وفد کی پاکستان آمد کے بارے میں حتمی تاریخوں کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔
 
دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ سیریز اکتوبر میں طے ہے۔
 
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل یہ خبر منظر عام پر آئی تھی کہ سری لنکن کرکٹ حکام نے پاکستان میں ٹیم بھیجنے پر رضامندی کا اظہار کردیا ہے۔
 
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مرتبہ 2009 میں لاہور میں ٹیسٹ کھیلا گیا تھا تاہم دہشت گردی کے حملے کے باعث یہ میچ منسوخ کردیا گیا تھا۔
 
حملے کے نتیجے میں متعدد سری لنکن کھلاڑی زخمی ہوگئے تھے جبکہ اس کے بعد سے پاکستان میں کوئی بھی ٹیم ٹیسٹ میچ کھیلنے نہیں آئی۔