منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

ملتان: پنجاب اسمبلی کے سابق رکن اور مسلم لیگ نواز کی رہنما فوزیہ ایوب کے گھر سے ان کے بیٹے طیب ایوب کے قبضے سے منشیات آمد ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
 
گزشتہ روز اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بہاولپور میں کارروائی کرتے ہوئے فوزیہ ایوب کے گھر سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی تھیں۔
 
کارروائی کے دوران فوزیہ ایوب کے بیٹے طیب ایوب اور ایک اور ملزم عدیل اسلم کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
 
ذرائع کے مطابق ڈرائیور کی نشاندہی پر کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔
 
گرفتار شدہ ملزمان کو ملتان منتقل کر دیا گیا تھا جہاں ان کے خلاف منشیات برآمدگی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
 
اے این ایف ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
 
یاد رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنااللہ کو بھی منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔
لاہور: قومی آل راؤنڈر فواد عالم پاکستان کرکٹ ٹیم کی دوبارہ نمائندگی کرنے کے لیے پرامید ہیں فواد عالم کا کہنا ہے کہ کرکٹ ہی میری روزی روٹی ہے اور اپنی منزل کے حصول کے لیے میں اپنی کوششوں کا سلسلہ جاری رکھوں گا۔
 
3ٹیسٹ، 38 ایک روزہ اور 24ٹوئنٹی 20 میچز میں گرین شرٹس کی نمائندگی کرنے والے فواد عالم نے تسلیم کیا کہ کچھ عرصے سے ملکی ٹیم کی نمائندگی نہ ملنے کی وجہ سے وہ مایوس تو تھے لیکن انھوں نے ہمت نہیں ہاری، انھوں نے کہا کہ میں بھر پور انداز میں محنت کر رہا ہوں، پرامید ہوں کہ پاکستانی ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے میں ضرور کامیاب ہو جاؤں گا۔ فوادعالم نے سوال اٹھایا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں56.08 کی اوسط سے 11ہزار رنز بنانے کے باوجود مجھے قومی ٹیم کا حصہ کیوں نہیں بنایا گیا۔
 
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے مجھے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بلایا جہاں میری گیم میں مہارت کے ساتھ فٹنس ٹیسٹ بھی لیے گئے، ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے دوران مکی آرتھر نے مجھے مسیج بھی بھیجا کہ وہ ان کی کارکردگی پرگہری نظر رکھے ہوئے ہیں لیکن عمدہ کارکردگی کے باوجود مجھے صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم نہیں کیا گیا۔
ایک سوال پر فواد عالم نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ نئی سلیکشن کمیٹی میرے بارے کیا سوچے گی لیکن یہ بات طے ہے کہ منزل کے حصول تک میں ہمت نہیں ہاروں گا۔ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے فواد عالم نے کہا کہ میگا ایونٹ کے دوران ٹیم کا کمبی نیشن بہتر نہیں تھا ، جونہی ہمارا کمبی نیشن درست ہوا ہم نے جیتنا بھی شروع کردیا، ورلڈ کپ میں ہونے والی غلطیوں سے سبق سیکھ کر ہم مستقبل میں اپنی ٹیم کی پرفارمنس کو بہت بہترکرسکتے ہیں۔
 
بورڈ نے فواد عالم پر غیراعلانیہ پابندی کے تاثرکو مسترد کردیا
 
پاکستان کرکٹ بورڈ نے فواد عالم پر غیر اعلانیہ پابندی کے تاثر کو رد کر دیا، آل راؤنڈرکے بارے میں یہ افواہیں گردش کرتی آئی ہیں کہ میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کی وجہ سے آل راؤنڈر کو قومی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا جارہا لیکن پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے بھی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پی سی بی میں کسی بھی کھلاڑی پر کسی بھی طرح کی کوئی غیراعلانیہ پابندی نہیں ہے لیکن کسی بھی کھلاڑی کے انتخاب کا اختیار سلیکشن کمیٹی کے پاس ہے اور فواد عالم کے بارے میں سلیکٹرز ہی بہترجواب دے سکتے ہیں۔
اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری نے وزیراعظم کے جیل میں سہولتیں واپس لینے کے اعلان پر کہا ہے کہ عمران خان کو بتاؤ ہم بیرکوں میں رہنے کے عادی ہیں۔
 
جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے سلسلے میں احتساب عدالت اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر آصف زرداری نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔
 
صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان کہتے ہیں امریکا سے واپسی پر آپ سے اے سی اور ٹی وی وغیرہ کی سہولتیں واپس لے لیں گے، اس پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ سہولتیں کون سی ہیں جو لے لیں گے، اسے بتاؤ ہم پہلے ہی بیرکوں میں رہنے کے عادی ہیں۔
 
صحافی نے سوال کیا کہ پہلے چیئرمین سینیٹ بنایا اب اتارنے جا رہے ہیں کیا کہیں گے؟ سابق صدر کا کہنا تھا کہ نہ میں نے بنایا اور نہ ہی میں اتارنے جارہا ہوں۔
 
صحافی کے سوال پر کہ چیئرمین سینیٹ کی جگہ ڈپٹی چیئرمین کو ہٹانے کی بات کی جارہی ہے، سابق صدر نے جواب دیا کہ ان کی اپنی مرضی۔
 
دوسری جانب عدالت میں سماعت کے دوران آصف زرداری روسٹرم پر آئے اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے بیان کا اخباری تراشہ پیش کیا۔
 
آصف زرداری نے کہا کہ شہزاد اکبر کہتے ہیں کہ میری 32 جائیدادیں ہیں، عدالت ان کو طلب کرکے اسے سے متعلق پوچھے۔
اداکار اور میزبان محسن عباس حیدر کی جانب سے اہلیہ فاطمہ سہیل پر تشدد کا واقعہ سامنے آنے کے بعد شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی پھٹ پڑیں۔
 
گذشتہ روز اداکار اور میزبان محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے شوہر پر تشدد اور بےوفائی کا الزام عائد کرتے ہوئے زخموں والی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔
 
 
شادی کے چند روز بعد ہی اہلیہ کے جھوٹ سامنے آنے لگے تھے: اداکار محسن عباس
 
فاطمہ سہیل کے الزامات کے بعد اداکار محسن عباس نے گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اہلیہ کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا تھا۔
 
آج محسن عباس حیدر کی اہلیہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا گھربچانے کی بہت کوشش کی، تین ماہ کی حاملہ تھی، اس وقت بھی محسن نے مجھ پرتشدد کیا۔
 
فاطمہ سہیل کا مزید کہنا تھا کہ محسن میڈیا کوکنفیوژکرنا چاہتا ہےجبکہ انہوں نےمیرے نمبر بھی بلاک کردیے تھے، یہ جھوٹا ہے میں نے کبھی گھراپنے نام کرنے کا تقاضہ نہیں کیا۔
 
محسن کا ایک ماڈل کے ساتھ افیئرتھا، جس کا اعتراف اس ماڈل نے بھی کیا تھا۔
 
بچے کے خرچے کے حوالے سے محسن عباس حیدر کی اہلیہ نے بتایا کہ محسن بچےکاخرچہ اٹھارہے ہیں۔
 
لالی وڈ اداکارہ ماہرہ خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرلکھا کہ کیا کوئی کسی کو یہ حق دیتا ہے کہ اس پر یا کسی اور پر ہاتھ اٹھایا جائے؟ یہ ناقابل معافی جرم ہے، ہم سب اس طرح کے تشدد کے واقعات کو بہت معمولی سمجھتے ہیں، خدارا اپنے بچوں کے لیے ہی سہی اسے روکیں۔
 
اداکار گوہر رشید نے بھی اس حوالے سے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا۔
 
گوہر رشید نے بتایا کہ میں فاطمہ سہیل کے ساتھ ناانصافیوں کا گواہ ہوں، 2018 میں جب محسن عباس حیدر نے فاطمہ پر تشدد کیا تھا تو میری دوست انہیں اسپتال لیکر گئی تھیں اور میری دوست نے ہی مجھے پورے معاملے کے بارے میں بتایا۔
 
اداکار نے لکھا کہ فاطمہ سہیل میری بہنوں کی طرح ہیں، وہ اپنی شادی بچانے اور اپنے بچے کی صحت کی خاطر یہ سب برداشت کر رہی تھیں اور ہمیں اس بات کی عزت کرنی چاہیے۔
 
گوہر رشید کا کہنا ہے کہ فاطمہ اب وہ بول رہی ہے تو ہمیں سچ کا ساتھ دینا چاہیے، ایسے آدمی کسی بھی معاشرے کے لیے ناسور ہیں، میں اس شخص کو ذہنی مریض نہیں خطرہ سمجھتا ہوں، فاطمہ کو انصاف چاہیے اور اسے ہماری مدد کی ضرورت ہے۔
 
دوسری جانب اداکارہ دُعا ملک اور ہمائمہ ملک نے بھی سوشل میڈیا پر کہا کہ ہم اس واقعے کے گواہ ہیں۔
 
اداکارہ دعا ملک نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ میں اس واقعے کی واحد گواہ ہوں اور میں یہ راز 3 سال سے اپنے دل میں رکھ کے بیٹھی ہوئی تھی، میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ محسن نے اسے سڑک پر کس طرح مارا تھا۔
 
 
دُعا ملک کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ جو کہ بعد ازاں ڈیلیٹ کردی گئی۔
دُعا ملک نے اپنی پوسٹ میں ایسے بہت سے واقعات کا ذکر کیا اور اپنے آپ کو گواہ کہا لیکن بعدازاں انہوں نے اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کر دی۔
 
اداکارہ دعا ملک کی جانب سے ایک اور پوسٹ شیئر کی گئی جس میں انہوں نے کہا کہ ’میں اب بھی اپنے فیصلے پر قائم ہوں کہ میں ان سب واقعات کی گواہ ہوں، گھریلو تشدد کے ذریعے آپ کسی خاتون کو ڈرا نہیں سکتے‘۔
 
ہمائمہ ملک کا کہنا تھا کہ میری بہن دعا مجھے پچھلے 3 سالوں سے فاطمہ کے ساتھ ہونے والے تشدد کے بارے میں بتایا کرتی تھی، کاش کے فاطمہ پہلے بول دیتی۔
 
اداکارہ ہانیہ عامر نے فاطمہ سہیل کی تشدد زدہ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ تمام محنت، شہرت، راتوں کو جاگ کر اپنی نیند خراب کر کے شوٹ کرنا، ان ساری چیزوں کو کوئی حیثیت باقی نہیں رہتی اگر آپ ایسے ہوں۔
کیا آپ کے روزمرہ غذائی معمولات میں کولڈ ڈرنک یا سافٹ ڈرنک بھی شامل ہے؟ تو پھر جان لیں کہ آپ اپنے لیے موذی مرض کینسر کو دعوت دے رہے ہیں۔
 
سافٹ ڈرنکس کے یوں تو بے حد نقصانات ہیں جن میں سب سے عام موٹاپا اور ذیابیطس ہے، اس کے علاوہ سافٹ ڈرنکس کے دیر سے ظاہر ہونے والے نقصانات اور بیماریوں کی بھی طویل فہرست ہے جس میں دانتوں اور ہڈیوں کو نقصان، جلدی امراض، امراض قلب، ڈپریشن، مرگی، متلی، دست، نظر کی کمزوری اور جلد پر خارش شامل ہیں۔
 
تاہم ان خطرناک ڈرنکس کا ایک اور نقصان یہ بھی ہے کہ یہ کینسر کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔
 
متعدد طبی تحقیقی رپورٹس میں متعدد اقسام کے کینسر اور سافٹ ڈرنکس کے استعمال کے درمیان مضبوط تعلق کو دیکھا گیا، تحقیق کے مطابق ہفتے میں صرف دو سافٹ ڈرنکس ہی انسولین کی سطح بڑھا دیتے ہیں جس سے لبلبے کے کینسر کا خطرہ دوگنا بڑھ جاتا ہے۔
 
اسی طرح روزانہ ایک سافٹ ڈرنک کا استعمال مردوں میں مثانے کے کینسر کا خطرہ 40 فیصد تک بڑھا سکتا ہے جبکہ ڈیڑھ سافٹ ڈرنک کا روزانہ استعمال خواتین میں بریسٹ کینسر کے امکان میں اضافہ کردیتا ہے۔
 
سافٹ ڈرنک میں شامل اجزا 6 اقسام کے کینسر پیدا کرنے کا باعث بن سکتے ہیں، اور اس کے باعث ہونے والے کینسر میں پیٹ اور مثانے کا کینسر سب سے عام ہے۔
 
ماہرین کے مطابق اس زہر کو اپنی غذا سے دور رکھنا چاہیئے اور اس کی جگہ پانی، تازہ پھلوں کا جوس اور شیکس استعمال کرنے چاہئیں۔
تہران : ایران نے امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کے جاسوسی نیٹ ورک کو توڑنے اور 17 جاسوس پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔
 
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران نے سی آئی اے کے لیے کام کرنے والے 17 جاسوسوں کو گرفتار کیا اور ان میں سے بعض کو سزائے موت سنائی ہے۔
 
ایرانی وزارت انٹیلی جنس کی جانب سے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے جاسوسی نیٹ ورک کو توڑنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، ایرانی حکام کے مطابق مختلف کارروائیوں میں 17 جاسوسوں کو گرفتار کیا گیا۔
 
ایرانی وزارت انٹیلی جنس کے مطابق گرفتار جاسوس حساس اداروں اور اہم کمپنیوں میں کام کر رہے تھے۔
 
امریکا نے آبنائے ہرمز میں ایران کا ڈرون مار گرایا، ڈونلڈ ٹرمپ
 
یاد رہے کہ تین روز قبل وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون کو مار گرایا۔
 
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یو ایس ایس باکسر نامی امریکی جنگی جہاز نے جمعرات کو اس وقت دفاعی کارروائی کی جب یہ ڈرون بحری جہاز کے 1000 گز تک قریب آیا۔
 
واضح رہے کہ ایران نے کچھ روز قبل فضائی حدود کی خلاف ورزی پر امریکا کے بغیر پائلٹ کے ایک ڈرون کو مار گرایا تھا جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ایران نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔
 
 
 
 
 
کراچی: اداکار و میزبان یاسر حسین نے ایوارڈ شو کی تقریب میں اقرا کو پروپوز کیا اور منگنی کی انگوٹھی پہنائی تھی اب مداحوں کو انتظار ہے کہ یہ جوڑا رشتہ ازدواج میں کب منسلک ہوگا، یاسر اور اقرا نے اس پر خاموشی توڑ دی ہے۔
 
معروف پاکستانی اداکارہ اقرا عزیز اور یاسر حسین نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران اپنی شادی کے حوالے سے کھل کر باتیں کی، اقرا عزیز کا کہنا تھا کہ میں عرصے سے انڈسٹری میں بہت محنت کررہی ہوں اور اب وقت آگیا ہے کہ زندگی کی رفتار میں کمی لائی جائے۔
 
اقرا عزیز نے کہا کہ شادی جلد ہوگی، مگر ہم سادہ انداز سے شادی کرنا چاہتے ہیں جو ہمارے گھروں میں ہوگی، ہم اس کو پرتعیش بنانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے، اپنی شادی کے دن میں بس اس فکر سے آزاد رہنا چاہتی ہوں کہ لوگ ایک اداکارہ اقرا عزیز کو دیکھ رہے ہیں۔
 
 
یاسر حسین نے کہا کہ شادی اگر میں سینئر فن کاروں کو مدعو کرتا ہوں تو میں دلہا کے طور پر ایک جگہ بیٹھ کر انہیں نظرانداز نہیں کرسکتا، یہ عدم احترام ہوگا، میرا خاندان شادی میں شرکت کرے گا اور اس دن میں بس ان کی شرکت چاہتا ہوں بعدازاں ہم انڈسٹری کے دوستوں کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کریں گے۔
 
یاسر حسین نے مزید کہا کہ ہم ایک شادی پر بہت زیادہ خرچہ کیوں کریں، اپنی شادی پر میں یہ مثال قائم کرنا چاہتا ہوں کہ ہم پرتعیش اور مہنگی شادی کے خواہش مند نہیں ہیں۔
 
 
واضح رہے کہ اداکار و میزبان یاسر حسین نے اقرا عزیز کو ایوارڈز تقریب کے دوران شادی کی پیش کش کی جسے اقرا عزیز نے قبول کرلیا تھا۔
 
لندن: ورلڈکپ 2019 کے فائنل میچ میں امپائرنگ کرنے والے سری لنکن امپائر نے 6 رنز دینے کی غلطی کا اعتراف کرلیا۔
 
برطانوی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے سری لنکن امپائردھرماسیناکاورلڈکپ فائنل میں غلطی کااعتراف کیا اور کہا کہ بیٹسمین کو 5 رنزملنے چاہیے تھے، اضافی رن دینا میری غلطی تھی۔
 
اُن کا کہنا تھا کہ گراؤنڈمیں ٹی وی ری پلےکاآپشن نہیں تھا جس کی وجہ سے غلطی ہوئی جبکہ رنز دینے سے قبل آن فیلڈ لیگ امپائر سے بھی مشورہ کیا تھا اور انہوں نے 6 رنز دینے کا مشورہ دیا۔
 
کمار دھرماسینا کا کہنا تھا کہ انہوں نے دوسرے میچ آفیشل سے گفتگو کرنے کے بعد ہی 6 رنز دینے کا اشارہ کیا تھا لیکن اس دوران امپائرز کی گفتگو کو تمام میچ آفیشلز نے بھی سنا تھا جن میں میچ ریفری بھی شامل تھے۔
 
یاد رہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے فائنل میچ کو ایک ہفتہ گزر چکا تاہم اس حوالے سے ابھی باتیں جاری ہیں اور امپائرنگ سمیت آئی سی سی قوانین پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔
 
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈکپ 2019 کا فائنل لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں کھیلا گیا، جس میں آخری اوور میں میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 15 رنز درکار تھے تو اسی دوران کیوی فیلڈر مارٹن کپٹل کی تھری بین اسٹوکس سے ٹکرا کر باؤنڈری لائن پار کر گئی تھی۔
 
 
انگلش ٹیم کے دونوں بلے بازوں نے ایک رن مکمل کیا تھا اور وہ دوسرے کے لیے بھاگ رہے تھے کہ یہ سب واقعہ پیش آیا، جس کے بعد امپائر نے انگلینڈ کو 6 رنز دیے اور میچ برابر ہوا۔
 
 
لاہور: ورلڈ کپ 2019 میں ناقص کارکردگی کا ذمہ دار کون تھا، اس سلسلے میں ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس 29 جولائی کو منعقد ہوگا۔
 
پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس انتیس جولائی کو طلب کیا گیا ہے جس میں ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
 
ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں قومی ٹیم کی گزشتہ 3 سال کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور منیجر طلعت علی کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
 
ذرایع کے مطابق یہ کمیٹی پاکستان کرکٹ کے مستقبل سے متعلق بھی اہم فیصلے کرے گی، ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کرکٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، سابق کپتان وسیم اکرم کینیڈا سے اسکائپ پر اجلاس میں شریک ہوں گے۔
 
 
خیال رہے کہ سابق کپتان مصباح الحق، سابق قومی خاتون کپتان عروج ممتاز بھی کرکٹ کمیٹی میں شامل ہیں، اجلاس میں بہ طور کپتان سرفراز احمد کے مستقبل سے متعلق بھی فیصلہ کیا جائے گا۔
 
کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں قومی ٹیم کے کوچ اور نئے چیف سلیکٹر کے حوالے سے بھی اہم فیصلے ہوں گے۔
 
یاد رہے کہ دو دن قبل قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر طلعت علی نے دورۂ انگلینڈ اور ورلڈ کپ 2019 کی علیحدہ علیحدہ رپورٹس بورڈ کو بھجوائی تھیں، انھوں نے رپورٹ میں کہا یہ ہماری بد قسمتی تھی کہ ٹیم سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکی، انھوں نے یہ بھی رپورٹ میں لکھا کہ آن دی فیلڈ، آف دی فیلڈ کھلاڑیوں نے بہترین رویے کا مظاہرہ کیا، ٹیم میں کسی قسم کی کوئی گروپنگ یا اختلاف نہیں تھا۔
تہران : ایرانی حکام نے کمسن بچے کے قتل میں ملوث نرس کو پھانسی دے دی، مذکورہ نرس پر مقدمہ جون 201کو چلایا گیا اور اسے اس جرم میں سزائے موت سنائی گئی۔
 
ایران میں ایک نرس کو 6 سالہ بچے کو قتل کرنے کے جرم میں پھانسی دے کرہلاک کردیا گیا،ایران کی جوڈیشل انتظامیہ کی ماتحت نیوز ایجنسی نے بتایا کہ بچے کے قتل کے کیس میں ملوث نرس نے اقبال جرم کرلیا تھا جس کے بعد اسے سزائے موت دی گئی تھی،یہ واقعہ شمالی ایران کے علاقے کلاردشت میں پیش آیا تھا۔
 
نرس کے خلاف بچے کے قتل کامقدمہ جون 201کو چلایا گیا اور اسے اس جرم میں سزائے موت سنائی گئی تھی، اسے حال ہی میں پھانسی دی گئی تاہم سزائے موت پرعمل درآمد کی تاریخ بیان نہیں کی گئی۔
 
خیال رہے کہ ایران میں سرکاری سطح پر سزائے موت کے اعدادو شمار جاری نہیں کیے جاتے، رواں سال اپریل میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران چین کے بعد سزائے موت پرعمل درآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔
 
رپورٹ کےمطابق سال 2018ء میں ایران میں 253 افراد کو تختہ دار پر لٹکایا گیا جب کہ 2017ءمیں 507 قیدیوں کی سزائے موت پرعمل درآمد کیا گیا تھا۔