منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

کراچی میں آج صبح سے ہی بادلوں نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں جب کہ آج صبح ہونے والی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی، اور کراچی کے باسیوں نے ابرِ رحمت برسنے پر خدا کا شکرادا کیا۔

کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال، اسکیم 33، سپرہائی وے، ایف بی ایریا، نارتھ کراچی اور سرجانی ٹاؤن میں ہلکی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں 1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ہے۔

دوسری جانب شہر میں ہونے والی ہلکی بارش نے کے الیکٹرک کا پول کھول دیا اور بارش شروع ہوتے ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

لاہور: گڈ بائے مسٹر چپس کو ایف اے کے نصاب سے ختم نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا، تعلیمی سیشن 2020/21 میں پڑھایا جائے گا۔
 
ذرائع کے مطابق سابق ایم ڈی پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نے ایف اے کے انگریزی نصاب میں دہائیوں سے پڑھائے جانے والے ناول گڈ بائے مسٹر چپس کو ختم کر کے اس کی جگہ پر سیرت النبیؐ کی کتاب شامل کرنے کا فیصلہ کیا اور اعلان کیا تھا بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں فیصلہ کر کے اسے 2020/21 کے نصاب سے ختم کیا جائے گا مگر اس کے برعکس بورڈ نے اس فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے اسے لٹریچر کا حصہ قرار دیتے ہوئے ختم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد گڈ بائے مسٹر چپس کی ڈھائی لاکھ کاپی کی پرپوزل تیار کرلی گئی۔
 
دوسری طرف اب تک دو ایم ڈی پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ میں کام کرنے کو تیار نہیں ہوئے، خالد راجو ایک دو روز بعد ہی محکمہ پراسیکیوشن میں واپس چلے گئے اور اب سپیشل ایجوکیشن کے ڈی جی سید طاہر رضا ہمدانی نے آرڈر کو ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود قائم مقام ایم ڈی سے چارج ہی نہیں لیا۔ ذرائع کے مطابق وہ بھی چارج لینے سے پہلے ہی تبادلہ کروانے کی کوشش میں ہیں۔ مستقل ایم ڈی نہ ہونے کی وجہ سے نصابی کتابوں کی ایلوکیشن رکی ہوئی ہے جس سے طلبہ کو نقصان پہنچ رہا ہے اور محکمہ اسکولز ایجوکیشن پنجاب تاحال مستقل ایم ڈی لگانے میں ناکام نظر آرہا ہے۔
 
12 ویں جماعت کی پاکستان سٹڈی کی ایلوکیشن دو سال سے نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے کتاب مارکیٹ میں نایاب ہے۔ طاہر رضا ہمدانی کا کہنا ہے مصروفیت کے باعث چارج نہیں سنبھالا، امید ہے ایک دو روز تک سنبھال لوں گا، جہاں تک کتابوں کی ایلوکیشن نہ ہونے کا مسئلہ ہے وہ ابھی میرے علم میں نہیں۔
کراچی : جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے مطابق بی ڈی ایس فرسٹ ،سیکنڈ پروفیشنل اور ایم بی بی ایس فرسٹ پروفیشنل سالانہ امتحانات برائے 2019 ءکے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔نتائج کے مطابق بی ڈی ایس فرسٹ پروفیشنل کے امتحانات میں کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی قرة العین بنت محمد حسین خان سیٹ نمبر195054 نے 582 نمبرز کے ساتھ پہلی ،سحر تمکین بنت آصف ضیاءسیٹ نمبر195060 نے574 نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ ورینہ سیف بنت سیف الدین انصاری سیٹ نمبر195085 نے 564 نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔امتحانات میں 102 طلبہ شریک ہوئے جبکہ92 طلبہ کو کامیاب قراردیا گیا۔کامیاب طلبہ کا تناسب 90.02 فیصدرہا۔

بی ڈی ایس سیکنڈ پروفیشنل کے امتحانات میں کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی عطیہ ماہین بنت محمد زاہد سیٹ نمبر196011 نے 651 نمبرز کے ساتھ پہلی،زرمین ندیم بنت ندیم سیٹ نمبر196093 نے 650 نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ یمنیٰ زبیر بنت محمد زبیر سیٹ نمبر196090 نے 646 نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔امتحانات میں 103 طلبہ شریک ہوئے جبکہ 89 طلبہ کو کامیاب قراردیا گیا ۔کامیاب طلبہ کا تناسب 86.41 فیصدرہا۔ایم بی بی ایس فرسٹ پروفیشنل کے امتحانات میں 03 طلبہ شریک ہوئے اور تینوں ہی کامیاب قرارپائے۔کامیابی کا تناسب100.00 فیصدرہا۔

کراچی :جامعہ کراچی کے شعبہ نفسیات میں نئی کلاس روم کا افتتاح 24 جولائی کو ہوگا
 
جامعہ کراچی کے شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام شعبہ ہذا میں نئی کلاس روم کی افتتاحی تقریب 24 جولائی 2019 ءکو صبح 11:00 بجے منعقد ہوگی۔
 
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی افتتاحی تقریب کی صدارت کریں گے۔
 
اس موقع پر تمام روئسائے کلیہ جات اور مختلف شعبہ جات کے اساتذہ بھی شرکت کریں گے

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے لاہور میں بارش کا پانی جمع ہونے پر شہبازشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند بارشوں نے مسلسل 10 سالہ لیگی حکومت کا پول کھول دیا اور بارش کے پانی میں خادم اعلیٰ کی کرپشن تیرتی نظر آئی۔ لاہور میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے صمصام بخاری نے کہا کہ بارش کے پانی میں شہبازشریف کی کرپشن تیرتی ہوئی نظر آئی، کارکردگی والوں کو ڈبکیاں لگاتے عوام کیوں نظر نہیں آتے؟ لانگ شوز پہن کر فوٹو سیشن کے علاوہ خادم اعلیٰ نے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چند بارشوں نے مسلسل 10 سالہ لیگی حکومت کا پول کھول دیا، میگا منصوبوں اور کرپشن سے توجہ ہٹتی تو لیگی حکومت کچھ کرتی، عوام پوچھتے ہیں کہ بڑے شہروں پر بھاری فنڈز کہاں خرچ ہوئے؟ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پیرس بنانےکا دعویٰ کرنے والوں نے لاہور کو وینس بنا دیا، 6 مرتبہ حکومت کرنے والوں نےکبھی لانگ ٹرم منصوبہ بندی نہیں کی، کاش شہبازشریف نے اپنے بیٹوں اور داماد کو مثبت کاموں پر لگایا ہوتا، شریف فیملی ملک وقوم کی خدمت کرتی تو آج یہ حال نہ ہوتا۔ صمصام بخاری نے مزید کہا کہ جس شعبےکو دیکھیں شریفوں کی کرپشن سے اٹا ہوا نظر آتا ہے، موجودہ حکومت نے ہر شعبے میں اصلاحات کا کام شروع کردیاہے۔

لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کر دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ 3 سال تک بھرپور طریقے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، 30 جولائی تک اپنی مدت پوری ہونے پر عہدے سے الگ ہو جاؤں گا۔

انضمام الحق نے کہا کہ میں ایک کرکٹر ہوں اور میرا روزگار اسی پیشے سے وابستہ ہے، اگر کرکٹ بورڈ نے مجھے کوئی مختلف ذمہ داری دی تو میـں ضرور دیکھوں گا لیکن سلیکشن کمیٹی کے لیے مزید کام سے معذرت کر چکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اپنی خوشی سے دستبردار ہونے کا اعلان کر رہا ہوں، خواہش ہے پی سی بی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے نئے چیف سلیکٹر کا اعلان کرے۔

قومی ٹیم کی ورلڈکپ میں کارکردگی کے حوالے بات کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو بطور کرکٹر بہتر سجھتا ہوں، ہم نے جس طرح آخری 4 میچز جیتے وہ سب کے سامنے ہے، پاکستان نے فائنل کھیلنے والے دونوں ٹیموں کو ہرایا، ہماری ٹیم اور کارکردگی اچھی رہی لیکن قسمت نے ساتھ نہیں دیا۔ 

انضمام الحق نے کہا کہ ماہرین نے پاکستان کو ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں میں شامل کیا تھا لیکن ٹورنامنٹ کے آخر میں وکٹیں مشکل ہو گئی تھیں جس کا اعتراف نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے بھی کیا۔

شعیب ملک سے متعلق سوال پر قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر نے کہا کہ شعیب ملک گزشتہ تین سال سے بہترین پرفارم کر رہا تھا جس کی بنیاد پر انہیں ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا، شعیب ملک اچھا کھلاڑی ہے لیکن بدقسمتی سے ورلڈکپ میں پرفارم نہیں کر سکا، اگر وہ اچھا کھلاڑی نہ ہوتا تو پاکستان کے لیے 19 سال نہ کھیلتا۔

قومی بلے باز امام الحق کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ جب میں سلیکشن کمیٹی میں نہیں تھا تو 2012 میں امام الحق انڈر 19 کی ٹیم میں تھا، امام انڈر19 کا نائب کپتان بھی تھا، اس وقت بھی میں چیف سلیکٹر نہیں تھا۔

انضمام الحق نے کہا کہ کھلاڑی تعلقات سے نہیں کارکردگی سے منتخب ہوتا ہے، گرانٹ فلاور اور مکی آرتھر نے کہا تھا کہ امام کو ٹیم میں ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی باصلاحیت کھلاڑی کو نادانستہ نظر انداز کر دیا ہو تو واضح کر دوں ہماری ترجیح پاکستان کرکٹ رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ فخر زمان، شاداب، امام الحق اور بابر اعظم سمیت کئی نوجوان کھلاڑیوں کو ڈیبیو کروایا، 2016 سے اب تک 15 نوجوان کھلاڑی تینوں فارمیٹ میں کھیل رہے ہیں، یہ کھلاڑی آئندہ کئی سال تک پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

یاد رہے کہ 3 سال قبل انضمام الحق کو قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، ان کے دور میں پاکستان کی ٹیسٹ اور ون ڈے میں کارکردگی اچھی نہیں رہی اور ان کی سلیکشن اور جانب داری پر سابق ٹیسٹ کرکٹرز بارہا سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔

انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹر عہدے کی معیاد اپریل میں ختم ہو گئی تھی لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کی معیاد میں ورلڈ کپ تک توسیع کر دی تھی۔

اسلام آباد ائر پورٹ پر کسٹم عملے کی کارروائی کے دوران غیر ملکی کرنسی دبئی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ کسٹم حکام کے مطابق بونیر کا رہائشی ذاکر محمد پی آئی اے کی پرواز 211 کے ذریعے دبئی جا رہا تھا ۔ چیکنگ کے دوران ملزم کے قبضہ سے 37 ہزار سعودی ریال اور 37 ہزار 500 اماراتی درہم برآمد ہوئے ۔ کسٹم عملے نے غیر ملکی کرنسی قبضے میں لے کر ملزم کو گرفتار کرلیا جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

نئی دہلی : بالی وڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین کا مذاق بناڈالا۔
 
کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کا نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا فائنل سنسنی خیز اور دلچسپ تھا۔
50 اوورز کے میچ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم 241 رنز پر آؤٹ ہوئی اور یوں میچ برابر ہوگیا، اس کے بعد سپر اوورز میں بھی نیوزی لینڈ نے مقابلہ برابر کردیا تھا تاہم انگلش ٹیم میچ میں زیادہ باؤنڈریز کی بنیاد پر فاتح ٹھہری۔
 
انگلینڈ کی جیت کے بعد پوری دنیا میں کرکٹ قوانین کی تبدیلی کی بحث زور پکڑ گئی ہے، سوشل میڈیا پر کرکٹ فینز بھی ان قوانین کا مختلف انداز میں مذاق اڑا رہے ہیں اور اب بالی وڈ میگا اسٹار نے بھی آئی سی سی قوانین کا مذاق بنایا ہے۔
 
میگا اسٹار امیتابھ بچن کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ آپ کے پاس 2 ہزار روپے ہیں اور میرے پاس بھی 2 ہزار روپے ہیں، آپ کے پاس 2 ہزار کا ایک نوٹ ہے اور میرے پاس 500 والے 4 نوٹ ہیں تو بتائیں کون زیادہ امیر ہوگا؟
 
اس کے بعد انہوں نے کہا کہ آئی سی سی قانون کے مطابق جس کے پاس 500 والے 4 نوٹ ہیں وہ زیادہ امیر ہے، اس کے بعد میگا اسٹار نے ہیش ٹیگ آئی سی سی رولز لکھ کر کرکٹ قوانین کا مذاق اڑایا ہے۔
 
ورلڈ کپ میں امپائرنگ کے فیصلوں پر بھی تنقید جاری ہے۔کسی کو فائنل میں انگلینڈ کو اوور تھرو کے 6 رنز دینے پر اعتراض ہے، کسی کو زیادہ باؤنڈریز پر انگلینڈ کو فاتح قرار دینے پر غصہ ہے۔
 
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے آئی سی سی کو مشورہ دیا ہے کہ مستقبل میں 100 اوورز میں بھی فیصلہ نہ ہو سکے تو ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیا جائے، سمجھ سے باہر ہے کہ 50 اوورز کے کھیل کا فیصلہ ایک اوورپر کیسے کیا جا سکتا ہے؟؟ جن قوانین کے مطابق 7 ہفتے کھیلتے رہے ہوں تو آخری دن کیلئے نیا قانون کیوں؟