منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

انگلینڈ: ورلڈ کپ کے فائنل میں اپنی شاندار کارکردگی سے انگلینڈ کو چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے بین اسٹوکس نے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن سے معافی مانگ لی۔
 
ورلڈکپ ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انگلینڈ نے مایہ ناز آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے کہا کہ انہوں نے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن سے 4 اضافی رنز کے بارے میں بات کرکے ان سے معافی مانگی ہے اور ان سے یہ بھی کہا کہ میں نے یہ جان بوجھ کر نہیں کیا تھا، میں نے کین سے کہا کہ میں اپنی پوری زندگی اس بات کی معافی مانگتا رہوں گا۔
 
بین اسٹوکس کا مزید کہنا تھا کہ عالمی چیمپیئن بننا شاندار احساس ہے اور اس خوشی کوبیان کرنے کیلئے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں، گزشتہ 4 سال میں ہم نے سخت محنت کی جس کا صلہ بڑی کامیابی کی صورت میں ملا۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلنا بہت ہی زبردست ہوتا ہے کیونکہ وہ بہت ہی اچھی ٹیم ہیں۔ انہوں نے شاندار سپر اوور کرانے والے جوفرآرچر کی بھی تعریف کی۔
 
یہ بات قابل ذکر ہے کہ میچ کے 50 ویں اوور میں بین اسٹوکس کو تھرو لگ کر باﺅنڈری کے پار پہنچ گیا تھا جس کے باعث انگلش ٹیم کو اس گیند پر 2 کے بجائے 6 رنز مل گئے اور میچ برابر ہونے کی راہ ہموار ہوگئی تھی ۔

انگلینڈ کے کپتان آوئن مورگن نے ورلڈکپ میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فائنل میں اللہ ہمارے ساتھ تھا۔

 ورلڈ چیمپئن بننے کے بعد جب انگلش کپتان پریس کانفرنس کیلئے آئے تو ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے آوئن مورگن نے کہا کہ اللہ بھی ہمارے ساتھ تھا، میچ کے دوران میں نے لیگ اسپنر عادل رشید سے پوچھا تو اس نے کہا کہ اللہ یقینی طور پر ہمارے ساتھ ہے تو میں نے کہا کہ ہمیں “رَب آف گرین” بھی ملا۔

اوئن مورگن کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں ہر رنگ، نسل اور عقیدے کے لوگ شامل ہیں جنہوں نے اپنے عقائد کے مطابق مجھے یہ بات کہی۔ خیال رہے انگلش کپتان اوئن مورگن کا تعلق آئرلینڈ سے ہے، بین اسٹوکس نیوزی لینڈ، معین علی اور عادل رشید پاکستانی نژاد ہیں جب کہ جوفرا آرچر کا تعلق ویسٹ انڈیز سے ہے۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کے اس بیان کو شائقین بالخصوص مسلمانوں کی طرف سے خاصا سراہا گیا ہے، انگلش کپتان کا مزید کہنا تھا کہ سپر اوور کے دوران میں نے ٹیم کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں اس مشکل گھڑی سے لطف اندوز ہونے کا مشورہ دیا۔

واضح رہے کرکٹ میں ’رب آف گرین‘ ایک اصطلاح ہے، جب گیند کسی دوسری قوت سے ٹکرا کر اپنا رخ موڑ لے تو اسے رب آف گرین کہا جاتا ہے اور ورلڈکپ فائنل کے آخری اوور میں گیند بین اسٹروکس سے ٹکرا کر باؤنڈری پر چلی گئی تھی جس سے انگلینڈ کو 4 رنز اضافی ملے جس نے ان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا

راولپنڈی:  وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مریم نواز ویڈیو ویڈیو کھیل کر ان کو مروانے جارہی ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرشیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم نے نئی ٹرین چلائی اس پر فخر ہے، نئے انجنوں میں سے اس وقت اٹھائیس انجن کھڑے ہیں، ایم ایل ون کا سنگ بنیاد وزیر اعظم پاکستان اور وزیراعظم چائینہ رکھیں گے جس کی تاریخ 21 جولائی کو ایکنک کے اجلاس کے بعد فائنل کی جائے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف پوری کوشش میں ہے اس کی اور حمزہ کی بچت ہو جائے لیکن ان کی کوئی بچت نہیں ہوگی، وزیراعظم نے دو ٹوک الفاظ میں جواب دے دیا ہے،  مریم ان کو مروانے جا رہی ہیں اور ویڈیو ویڈیو کھیل رہی ہے جب کہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور اگر ضمیر پر بوجھ پڑا تو استعفیٰ دے دوں گا۔

لندن: کیوی کپتان کین ولیمسن نے بطور کپتان ایک ورلڈ کپ ایڈیشن میں 578 رنز جوڑ کر مہیلا جے وردنے کا 12سال پرانا ریکارڈ توڑدیا۔

انگلینڈ کیخلاف فائنل میں 30 رنز بناکر میدان بدر ہونے والے ولیمسن نے حالیہ ایونٹ میں ویسٹ انڈیزکیخلاف 148 کی بھرپور اننگز کھیلی جبکہ جنوبی افریقہ کیخلاف 106 ناقابل شکست بھی نمایاں رہے تھے، افغانستان کیخلاف ولیمسن نے 79 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، بھارت کیخلاف انھوں نے 67 کی اننگز کھیلی، رکی پونٹنگ بطور کپتان 2007 کے ایڈیشن میں 539 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ورلڈ کپ کے کسی ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ 673 رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ سابق بھارتی اسٹار سچن ٹنڈولکر کے قبضے میں ہے، جو انھوں نے 2003 میں قائم کیا تھا، ان کے بعد آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن کا نام آتا ہے، انھوں نے 2007 میں 659رنز جوڑے ہیں۔

شملہ: بھارت میں مون سون بارشوں کے دوران ایک عمارت منہدم ہوگئی جس کے نتیجے میں 11 فوجی اور 2 شہری ہلاک ہوگئے جب کہ عمارت کے ملبے سے 5 فوجی اہلکاروں اور 12 شہریوں کو بحفاظت نکالا گیا ہے۔
 
بھارتی میڈیا کے مطابق دو دن سے جاری بارشوں کی ہلاکت خیزی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، تازہ واقعے میں شمالی ریاست ہماچل پردیش میں ایک عمارت گرنے سے 6 فوجی اہلکار اور 2 شہری ہلاک ہوگئے اس طرح دو دنوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 51 ہوگئی ہے۔
 
بھارتی ریسکیو ادارے این ڈی آر ایف کے اہلکاروں نے عمارت کے ملبے سے 5 فوجی اہلکاروں اور 12 شہریوں کو زندہ نکال لیا ہے جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ 6 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
 
حکام کا کہنا ہے کہ نیپال سے بھارت میں داخل ہونے والے بارشوں کے سبب مختلف ریاستوں میں مجموعی طور پر 45 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ 5 ہزار سے زائد شہری بے گھر ہوگئے۔ سب سے زیادہ نقصان آسام میں ہوا جہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہے
 
محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹے تک بارشوں کے جاری رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔ ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ زیادی تر ہلاکتیں گھروں کی دیواریں گرنے اور بجلی کے کرنٹ لگنے کے باعث ہوئیں۔
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے موبائل کمپنیز کو موبائل فون کے بیلنس کارڈ پر اضافی ٹیکس وصولی سے روک دیا۔
 
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے موبائل فون کے کارڈ پر آپریشنل اور سروسز فیس کو فی الحال ختم کردیا گیا ہے۔
 
آپریشنل اور سروسز فیس روکے جانے کے بعد موبائل فون صارفین کے 100 روپے کا کارڈ لوڈ کرنے پر 12 روپے 9 پیسے کی کٹوتی نہیں ہوگی اور اس طرح صارفین 100روپے کے لوڈ پراب 88 روپے 89 پیسے کا بیلنس حاصل کریں گے۔
 
واضح رہےکہ اس سے قبل بھی سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے دور میں سپریم کورٹ نے موبائل فون کے کارڈ پر حکومت کو ٹیکس کی وصولی سے روک دیا تھا تاہم چند ماہ بعد ہی عدالت نے اس حکم کو معطل کردیا تھا۔
آئی جی سندھ کلیم امام کی ہدایت پر پیپلز پارٹی کے کئی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت متعدد اہم شخصیات سے سیکیورٹی واپس لے لی ہے جس پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پولیس سے کبھی اضافی سیکیورٹی نہیں مانگی، مجھے اور شہلا رضا کو پولیس نے سیکیورٹی خدشات سے متعلق آگاہ کیا تھا، پولیس نےخود ہی ہماری سیکیورٹی میں اضافہ کیا اور اب سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔
 
ذرائع کا بتانا ہے کہ کئی دیگر اہم شخصیات کو خطرات کے پیش نظر وزیراعلی سندھ کے حکم پر دی گئی سیکیورٹی بھی واپس لے لی گئی ہے۔
 
کراچی: آئی جی سندھ کلیم امام کی ہدایت پر پیپلز پارٹی کے کئی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت متعدد اہم شخصیات سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔
 
حکومتی، سیاسی اور دیگر شخصیات کی سیکیورٹی پر پولیس ہیڈ کوارٹر سے اہلکار تعینات تھے جنہیں آئی جی سندھ کی ہدایت پر واپس ہیڈ کوارٹر طلب کر لیا گیا ہے۔
 
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے جن اراکین سے اضافی سیکیورٹی واپس لی گئی ہے ان میں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی اور صوبائی وزیر شہلا رضا بھی شامل ہیں۔
 
ذرائع کا بتانا ہے کہ دونوں وزراء کو دی گئی اضافی پولیس موبائلز کو ہیڈ کوارٹر طلب کر لیا گیا ہے۔
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں وزراء کی زندگیوں کو درپیش خطرات کے پیش نظر خصوصی خط جاری کیا گیا تھا اور وزیراعلیٰ سندھ کے حکم پر ان شخصیات کو اضافی سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔
 
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ سے بھی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔
کوئٹہ: سپریم کورٹ رجسٹری میں ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔
 
سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت شروع ہوگئی ہے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مقدمات کی سماعت کی۔
 
چیف جسٹس نے ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کا اہتمام کرنے پر نادرا کے عملے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے اور اس موقع پر کوئٹہ والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، نادرا کے شکرگزار ہیں انھوں نے بہت تعاون کیا، ای کورٹ کے ذریعے لوگوں کی پیسے اور وقت کی بچت ہوگی ۔ میری خواہش تھی ای کورٹ کا آغاز کوئٹہ سے ہوتا لیکن تکنیکی مسائل کی وجہ سے ہمیں ای کورٹ کا آغاز کراچی رجسٹری سے کرنا پڑا۔
 
جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ اب لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سے بیک وقت ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات سنیں گے۔ ایسا میکنزم طے کریں گے کہ روزانہ کی بنیاد پر وڈیو لنک کے ذریعے کیسز کی سماعت کریں گے، چھٹیوں کے بعد ایک خصوصی بینچ صرف ویڈیو لنک سے مقدمات سنے گا
مظفر آباد: وادی نیلم میں لیسوا کے مقام پر طوفانی بارش اور سیلابی ریلے نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق ہوگئے۔
 
آزاد کشمیر کے علاقے لیسوا میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلے سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جس سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا اور  موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل ہوگئیں۔ سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آکر ڈیڑھ درجن سے مکانات بہہ گئے اور متعدد افراد جاں بحق  ہوگئے۔  واقعے میں لیسوا بازار مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔
 
اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر آپریشن سعید الرحمن قریشی نے کہا کہ سیلابی ریلے میں 22 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو فوجی، 8 مقامی افراد اور تبلیغی جماعت کے 11 ارکان شامل ہیں۔
 
سعید الرحمن قریشی نے مزید کہا کہ دو گھروں پر آسمانی بجلی گری ہے اور دو مساجد بھی سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آگئی جہاں موجود لوگ پھنس گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نیلم، ایس ڈی ایم اے اور پولیس کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ گئی ہیں اور امدادی کارروئیاں شروع کیں۔
 
دوسری جانب کامسر ڈونگاکس کے مقام پر مسافر جیپ دریائے نیلم میں جاگری جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔  جیپ میں ایک بچی سمیت چھ افراد سوار تھے۔ مقامی پولیس کے مطابق حادثے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کےلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔