منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد: مالی مسائل سے دوچار ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ڈگریوں کی تصدیق کیلیے ارجنٹ سروس متعارف کروا دی۔
 
ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کل سے ڈگریاں تصدیق کرنے کے حوالے سے ارجنٹ فیس 5 ہزار روپے فی ڈگری مقرر کر دی ہے جبکہ اس سلسلے میں مرکزی دفتر کے ساتھ ساتھ علاقائی دفاتر میں ایک دن کیلیے مخصوص سلاٹ بھی مقررکر دی گئی ہے، جس کے تحت ہیڈکوارٹر میں 45، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ریجنل آفس لاہور میں 20، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ریجنل آفس کراچی میں 15جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ریجنل آفس پشاور اور کوئٹہ میں 10,10 سلاٹ مقرر کیے گئے ہیں۔
 
ذرائع نے بتایا کہ ارجنٹ فیس 5 ہزار روپے روٹین کی فیس سے الگ ہوگی جو 800 روپے فی ڈگری وصول کی جاتی ہے اور 100مجموعی سلاٹس پر 5 لاکھ روزانہ کا ٹارگٹ طے کیا گیا ہے جبکہ سالانہ 15 کروڑ سے زائد آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
 
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈگریوں کی تصدیق ایک ایسا عمل ہے جو ہر امیدوار جلدی کروانا چاہتاہے، ایچ ای سی پہلے ہی فیسوں میں اضافہ کرتے ہوئے اصل ڈگری کی تصدیق کے 800 روپے فی ڈگری جبکہ فوٹو کاپی کی تصدیق کیلیے 500روپے فی ڈگری تصدیقی فیس وصول کر رہی ہے۔
 
اس سے قبل اگر کوئی امیدوار بیرون ملک روانگی، ویزا کی معیاد، ٹکٹ کی تاریخ، انٹرویو کی تاریخ، کسی ادارے کی جانب سے تصدیق شدہ ڈگریاں طلب کرنے کا لیٹر یا تاریخ وغیرہ کا ثبوت پیش کرتا تھا تو اس امیدوار کی ڈگریاں ترجیح بنیاد پر بغیر کسی اضافی فیس کے تصدیق کردی جاتی تھیں جس سے شہریوں کو سہولت مل جاتی تھی تاہم اب یہ عمل 5 ہزار روپے میں کیا جائے گا۔
 
اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل اٹیسٹیشن اینڈ ایکولینس طاہر زیدی کا کہنا ہے کہ سفارش کو ختم کرنے کیلیے یہ عمل شروع کیا ہے۔
نئی دہلی: بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو نے حکومت کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ نوجوت سنگھ سندھو بھارت میں ثقافتی امور، لوکل گورنمنٹ، عجائب گھروں اور سیاحت کے وزیر تھے۔ آج انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
 
نوجوت سنگھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے استعفیٰ کی تصدیق کرتے ہوئے راہول گاندھی کی لکھے گئے خط کی کاپی بھی شیئر کی۔ یاد رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو سابق بھارتی کرکٹر ہیں اور میڈیا پرسنالٹی بھی ہیں اور اس کے ساتھ ایک کامیاب سیاستدان بھی ہیں۔
 
وہ2006سے الیکشن جیتتے آرہے ہیں اور پاکستان کے ساتھ بھارت کے اچھے تعلقات کے حامی ہیں اور کئی بار پاکستان آچکے ہیں۔

کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے نجی اسکولوں کی رجسٹریشن اور فیس اسٹرکچر کو آن لائن کر دیا۔ ویب سائٹ کا افتتاح کل ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوٹ نے نجی اسکولوں کی رجسٹریشن آن لائن کر دی، نجی اسکول مالکان ویب سائٹ Dirprivateschools.gos.pk پر آن لائن فارم بھر کر رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔آن لائن رجسٹریشن فارم جمع کرانے کے بعد سلپ کے ساتھ سرکاری فیس محکمہ تعلیم کے بینک اکاؤنٹ میں جمع ہوگی۔ وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ 15 جولائی کو سندھ بوائز آڈیٹوریم میں اس ویب سائٹ کا افتتاح کریں گے۔

رجسٹرار ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوٹ رفیعہ جاوید کاکہنا ہے کہ وزیر تعلیم اور سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ رجسٹریشن اورفیس اسٹرکچر نظام کو آن لائن کردیا گیا۔ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں اسکولوں کی رجسٹریشن، رینوئل ، ڈیٹ آف برتھ فارم سمیت تمام چیزیں ڈیجیٹل کرکے آن لائن کردی گئی ہیں۔ رفیعہ جاوید نے مزید بتایا کہ نظام کو آن لائن کرنے سے سسٹم میں شفافیت آئے گی، تمام اسکولوں اور بالخصوص والدین کو بھی معلوم ہوگا کہ جس اسکول میں وہ اپنے بچے کو داخل کرارہے ہیں وہ رجسٹرڈ ہے کہ نہیں، اسکول کی فیس کیا ہے اور اسکول کس کس مد میں کون کون سی فیس لینے کا اختیار رکھتا ہے، یہ سب کچھ والدین کے سامنے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نجی اسکولوں کے آن لائن فارم حاصل کرلینے کے بعد ہماری انسپکشن ٹیم فیلڈ میں جائے گی اور جو تفصیلات فارم میں ہونگی انہیں چیک کرے گی۔ اگر تمام چیزیں ہمارے اصولوں کے مطابق ہوئیں تو ان اسکول کو رجسٹریشن دی جائے گی۔

کراچی: بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کراچی کے چھٹے کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں کامیاب طلبا کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
 
جاری اعلامیہ کے مطابق کانووکیشن میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبا و طالبات کو تمغوں اور سر ٹیفکیٹس سے بھی نوازا گیا۔وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بطور مہمان خصوصی کانووکیشن کی تقریب میں شرکت کی اور میڈیکل، ڈینٹل اور نرسنگ کے 141 فارغ التحصیل طلبا و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔ ڈاکٹر مرزا جو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت بھی ہیں نے طلبا کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ وزیر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے ،جس میں طلبا کی کردار سازی اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔
 
انہوں نے طلبا و طالبات کو نصیحت کی کہ وہ زندگی کو مثبت انداز میں دیکھیں اور قومی مفاد کی خاطر ہر طرح کی قربانی کے لیے تیار رہیں۔ وزیر مملکت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بحریہ یونیورسٹی اور پاکستان نیوی کی اعلیٰ تعلیم کے میدان میں کردار ادا کرنے پر تعریف کی اور مزید کہا کہ اس تناظر میں میڈیکل اور ڈینٹل اداروں، ان کے طلبا و اساتذہ کو مشترکہ طور پر اپنی صلاحیتوں کونکھارنے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے ۔
 
اس سے پہلے اپنے افتتاحی خطاب میں وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) محمد شفیق ہلال امتیاز (ملٹری)، ریکٹر بحریہ یونیورسٹی نے پاس آؤٹ ہونے والے طلباء کو ان کی محنت، لگن اور کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ بحریہ یونیورسٹی کا مقصد طلباء کو اعلیٰ ومعیاری تعلیم سے روشناس کروانا ہے۔
کراچی:جامعہ اردومیں داخلےکی تاریخ میں توسیع کردی گئی۔
اردو یونیورسٹی ایڈمیشن سیل کے ڈائریکٹر کے مطابق ایل ایل بی(5سالہ)،
کاروبار،تجارت و معاشیات (بیچلرپروگرام) اور ایم کام میں داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں26جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین ملنے والی برطانوی امداد میں چوری کی۔

ڈیلی میل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ برطانیہ کی غیر ملکی امداد میں پوسٹر بوائے کے طور پر استعمال ہونے والے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین کے لیے دی جانے والی امداد میں سے چوری کی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو دی گئی امداد میں شہباز دور میں برطانوی امدادی ادارے نے لگ بھگ 50 کروڑ پاؤنڈ پنجاب کو دیئے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک جانب عالمی ترقیاتی منصوبوں کے لیے امداد دینے والا برطانوی محکمہ DFID سابق وزیراعلیٰ پنجاب پر امدادی رقم کی بارش کرتا رہا تو دوسری جانب ان کا خاندان عوامی فنڈ کے ملین پاونڈز منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل کرتے رہے۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل کی جانیوالی رقم میں DFID سے لی گئی امداد کا حصہ شامل ہے۔

دوسری جانب شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے اسے وزیراعظم عمران خان کی سرپرستی میں سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے اپنے اور اپنے خاندان پر لگائے جانے والے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان الزامات کو ثابت کرنے کے لئے شواہد موجود نہیں۔

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ریکوڈک کیس میں کمیشن بنانے کی ہدایت کردی۔

ریکوڈک کیس میں پاکستان کو جرمانے کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے کمیشن بنانے کی ہدایت کردی، کمیشن تحقیقات کرے گا یہ صورتحال کیسے پیدا ہوئی اور پاکستان کو جرمانہ کیوں ہوا، کمیشن ملک کو نقصان پہنچانے والوں کا تعین بھی کرے گا۔ 

واضح رہے انٹرنیشنل سینٹر فارسیٹلمنٹ آف انوسٹمنٹ ڈسپیوٹس نے ریکوڈک کا معاہدہ منسوخ کرنے کی پاداش میں پاکستان پر 4 ارب 10 کروڑ  روپے جرمانہ عائد کیا ہے جس پر ایک ارب 87 کروڑ ڈالر سود بھی ادا کرنا ہوگا۔

سلام آباد: انٹرنیشنل سینٹر فارسیٹلمنٹ آف انوسٹمنٹ ڈسپیوٹس نے سات سال پرانے ریکوڈک کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان پر 5 ارب 97 کروڑ ڈالر جرمانہ عائد کردیا۔
 
ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل سینٹر فارسیٹلمنٹ آف انوسٹمنٹ ڈسپیوٹس نے ریکوڈک کا معاہدہ منسوخ کرنے کی پاداش میں پاکستان پر 4 ارب 10 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا جب کہ ایک ارب 87 کروڑ ڈالر سود بھی ادا کرنا ہوگا، یہ رقم مجموعی طور پر 5 ارب 97 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔
 
آج ٹربیونل نے پاکستان کے خلاف 700 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا ہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ کی طرف سے معاہدہ منسوخ کرنے کی وجہ نامناسب ہے۔
 
ذرائع کے مطابق ریکوڈک کیس کے فیصلے سے وزیر اعظم عمران خان کو آگاہ کردیا گیا ہے جس پر حکومت نے جرمانے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بہت جلد جرمانے کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی تاہم پاکستان کی جانب سے نظرثانی کی اپیل کے فیصلے پر 2 سے 3 سال لگ سکتے ہیں۔
 
یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چوہدری نے ریکوڈک کا معاہدہ منسوخ کیا تھا جس پر 2012ء میں ٹیتھیان کمپنی نے ورلڈ بینک کے ٹربیونل میں پاکستان کے خلاف مقدمہ درج کردیا تھا، پاکستان 7 سال تک انٹرنیشنل ٹربیونل میں اپنا مقدمہ لڑتا رہا اور اب اس کا فیصلہ آیا ہے۔
رواں برس کا دوسرا چاند گرہن 16 اور 17 جولائی کو ہو گا جسے پاکستان میں بھی دیکھا جا سکے گا۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 اور 17 جولائی منگل اور بدھ کی درمیانی شب چاند کو جزوی گرہن لگے گا، اس دوران چاند زمین سے قریب ترین فاصلے پر ہو گا۔
 
محکمہ موسمیات کے حکام کا بتانا ہے کہ چاند گرہن منگل کی رات 11 بج کر 44 منٹ پر شروع ہو گا، رات 2 بج کر 32 منٹ پر عروج پر ہو گا اور بدھ کی صبح 5 بج کر 18 منٹ پر اختتام پزیر ہو گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دوسرا چاند گرہن پاکستان سمیت یورپ، ایشیا، افریقا اور جنوبی امریکا کےکچھ علاقوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔
 
بحرالکاہل، بحر ہند، بحرہ اوقیانوس اور بحر منجمد میں بھی چاند گرہن دیکھا جا سکے گا۔
 
واضح رہے کہ رواں سال کے پہلے مکمل چاند گرہن کا نظارہ 21 جنوری کو افریقا، یورپ، جنوبی اور شمالی امریکا میں کیا گیا تھا جسے ماہرین فلکیات نے 'سپر بلڈ وولف مون' کا نام دیا تھا۔

انگلینڈ ورلڈکپ فائنل ہارنے کی نحوست ختم کرنے کا خواہاں ہے میزبان ٹیم چوتھی کوشش میں پہلا ٹائٹل حاصل کرنے کا عزم لیے میدان میں اترے گی۔

نیوزی لینڈ مسلسل دوسری بار فیصلہ کن معرکے میں شریک ہوگا، باہمی مقابلوں میں کیویز کو برتری حاصل ہے۔ تفصیلات کے مطابق انگلش ٹیم اپنی تاریخ میں 2 بار کوارٹرفائنلز تک محدود رہی، 2مرتبہ سیمی فائنل میں ہمت ہارگئی، 3بار فائنل تک رسائی پانے میں کامیاب ہوئی لیکن ٹائٹل جیتنے کا خواب پورا نہیں ہوسکا۔

1979 کے میگا ایونٹ میں کلائیو لائیڈکی قیادت میں ویسٹ انڈین ٹیم نے مات دی، 1987 میں ایلن بارڈر کی کپتانی میں کینگروز نے زیر کرلیا، ورلڈکپ 1992 میں عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے راستہ روک دیا، اتوار کو انگلینڈ کے سامنے کین ولیمسن الیون کی دیوار ہوگی۔

میزبان ٹیم پُرعزم ہے کہ اس بار ایون مورگن کی قیادت میں فائنل ہارنے کی نحوست ختم کرنے میں کامیاب ہوجائے گی، دوسری جانب نیوزی لینڈ نے ابھی تک 7 سیمی فائنلز کھیلے ہیں،گذشتہ سال فائنل تک رسائی حاصل کی لیکن آسٹریلیا ٹائٹل لے اڑا۔

یاد رہے کہ حالیہ میگا ایونٹ کے لیگ مرحلے میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 119رنز سے ہرایا تھا،میزبان ٹیم نے جونی بیئراسٹو کی سنچری سے تقویت پاکر 8وکٹ پر 305رنز بنائے تھے،کیویز 45اوورز میں 186پر ڈھیر ہوگئے۔ مارٹن گپٹل حالیہ ورلڈکپ میں تو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے لیکن ان کا انگلینڈ کیخلاف ریکارڈ اچھا ہے،انھوں نے 9اننگز میں 314رنز بنائے ہیں