منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
کراچی: اسٹیٹ بینک نے آئندہ دو ماہ کے لیے مالیاتی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے ملک میں رائج شرح سود میں ایک فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجے میں مہنگائی میں اضافے کا امکان ہے۔
 
کراچی میں گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں ایک فیصد اضافہ کردیا ہے، شرح سود کا اطلاق 17 جولائی سے ہوگا اور نئی پالیسی دو ماہ کے لیے ہے۔
 
گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق 100 بیسز پوانٹس اضافے کے نتیجے میں شرح سود بڑھ کر 13.25 فیصد کی سطح پر آگئی ہے، جبکہ قیمتوں میں اضافے کا تناظر بھی شرح سود میں اضافے کی ایک وجہ ہے۔
 
رضا باقر نے کہا کہ مہنگائی کی شرح ہمارے اندازے سے کچھ زیادہ ہے اور اوسط مہنگائی بھی کچھ بڑھنے کا امکان ہے، لیکن آئندہ مالی سال میں مہنگائی کافی حد تک نیچے آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال اوسط مہنگائی 11 سے 12 فیصد رہ سکتی ہے۔ شرح سود میں اضافے کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کی نئی لہر آئے گی اور قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا خطرہ ہے۔
 
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ شرح سود بڑھنے سے سب سے زیادہ نقصان خود حکومت کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ حکومت اپنے خسارے کو پورا کرنے کے لیے بینکوں سے قرض لے رہی ہے اور بلند شرح سود سے حکومت کو سود کی ادائیگی کی مد میں اضافی سوا تین سو ارب روپے ادا کرنا پڑیں گے۔
 
شرح سود میں مسلسل اضافے سے سرمایہ کاری کم ہو گی اور نجی شعبے کے بینکوں سے قرض لے کر کاروبار شروع کرنا مشکل ہو جائے گا۔

اسلام آباد: عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کمانڈرکلبھوشن یادیو کیس کا محفوظ کل سنایا جائے گا۔

پاکستان میں سنگین دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن کے کیس کا محفوظ کیا گیا عالمی عدالت کا فیصلہ کل 17 جولائی کوسنایا جائے گا۔ یہ فیصلہ عالمی عدالت انصاف کے صدراورجج عبدالقوی احمد یوسف سنائیں گے۔ آخری سماعت نے پاک بھارت دونوں وفود نے شرکت کی تھی جہاں بھارتی وفد کی سربراہی جوائنٹ سیکرٹری دیپک متل نے جب کہ پاکستانی وفد کی سربراہی اٹارنی جنرل انور منصورخان نے کی تھی۔ سماعت کے دوران بھارت کی طرف سے ہریش سالوے نے دلائل پیش کیے جبکہ پاکستان کی طرف سے خاور قریشی نے بھرپورکیس لڑا تھا۔

اس سے قبل ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کی جانب سے کیس سے متعلق کہا گیا تھا کہ ہم نے تیاری اچھی کی اوراچھا کیس لڑا، ہمارا گمان اورکوشش اچھی ہے اور17 جولائی کو ہی اس کیس پر تبصرہ کریں گے۔

 

بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیوکومارچ 2016 میں بلوچستان سے گرفتارکیا گیا تھا۔ بھارتی نیوی کے حاضرسروس افسر نے پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا جس پرفوجی عدالت نے کلبھوشن کو سزائے موت سنائی تھی۔ 10 مئی 2017 میں بھارت نے کلبھوشن یادیوکے حوالے سے عالمی عدالت سے رجوع کیا اورکلبھوشن  کی پھانسی کی سزا پر عمدرآمد رکوانے کے لیے درخواست دائرکردی تھی۔ 15 مئی کو عالمی عدالت میں بھارتی درخواست کی سماعت ہوئی، دونوں ممالک کا موقف سننے کے بعد عدالت نے 18 مئی کو فیصلے میں پاکستان کو ہدایت کی کہ مقدمے کا حتمی فیصلہ آنے تک کلبھوشن یادیوکوپھانسی نہ دی جائے۔

کوئٹہ:ڈیگاری میں کوئلے کی کان میں پھنسنے والے 4 مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں جب کہ باقی افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

بلوچستان کےعلاقے ڈیگاری میں کوئلے کی کان میں پھنسے مزدوروں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، ذرائع مائنز حکام کے مطابق کوئلہ کان سے 41 گھنٹے بعد 4 کانکنوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ ایک کانکن کو زندہ نکالا گیا جس کو تشویش ناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

مائنز حکام کے مطابق کان کی گہرائی 4500فٹ ہے جب کہ دیگر محنت کشوں کو نکالنے میں امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے، کان کنوں کو نکالنے کے لیے جانے والے 8 میں سے 3 کان کن بھی بیہوش ہوگئے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ٹیم ڈیگاری پہنچ گئی ہے اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔
برسلز: چیئرمین یورپی یونین برائے خارجہ امور فیڈریکا موروگینی نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے جوہری ڈیل کی کوئی بڑی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔
 
برسلز میں یورپی یونین کے ہونے والے اجلاس میں ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے کو بچانے پر غور کیا گیا جبکہ خلیجی پانیوں میں عالمی تیل بردار جہازوں پر حملوں سمیت امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
 
یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے فیڈریکا کا کہنا تھا کہ پراثر مذاکرات کے ذریعے ایران کو دوبارہ جوہری ڈیل پر قائم رکھا جاسکتا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے جوہری ڈیل 2015 کی حالیہ خلاف ورزیاں اتنی بڑی نہیں کہ اس پر بات ہی نہ کی جائے بلکہ فریقین مذاکرات کے ذریعے تنازع حل کرسکتے ہیں۔
 
چیئرمین یورپی یونین برائے خارجہ امور نے ایران کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں تلخیوں کو بھلا کر بہتر مستقبل کا سوچنا ہوگا، سمجھوتے کے منافی تمام سرگرمیوں کو ترک کرکے آگے بڑھنا چاہیئے۔
 
 
دریں اثنا تین اہم یورپی طاقتوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ علاقے میں تناؤ میں کمی لانے اور ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت بحال کرنے کی راہ تلاش کی جائے۔
 
برطانیہ، جرمنی اور فرانس کے رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے خاتمے کو روکنے کے لیے ذمہ داری سے کام کیا جائے

اسلام آباد: پاکستان نے تمام پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کھول دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے پاک بھارت کشیدگی کے بعد 27 فروری سے بند تمام پروازوں کے لئے فضائی حدود کھول دی۔ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن نے نوٹس جاری کردیا ہے۔ جس کے بعد تمام روٹس کے طیارے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرسکیں گے۔ فضائی حدود کی بندش ختم ہونے کے بعد لاہور سے نئی دہلی، بنکاک، کوالالمپور، سری لنکا اور ارمچی کی پروازیں بحال ہوگئی ہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ابھی تک شمال سے جنوب اور جنوب سے شمال کے صرف تین روٹ کھلے تھے تاہم اب تمام روٹس پروازوں کے لیے کھول دیے گئے ہیں، جس کے بعد اب بھارتی ایئر لائنز بھی پاکستانی ایئر اسپیس استعمال کر سکتی ہیں۔

 واضح رہے کہ رواں برس پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان نے 27 فروری کو اپنی تمام فضائی حدود اور ایئرپورٹس کو بند کردیا تھا تاہم چند روز بعد اہم ہوائی اڈے کھول دیے گئے تھے، ابتدائی طور پر ابتدائی طور پر 3 روٹس کھولے گئے تھے۔ تاہم مشرقی حدود نہیں کھولی گئی تھیں جس سے صرف پاکستان کو یومیہ 15 کروڑ روپے کا نقصان ہورہا تھا۔

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا۔ 

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا۔  اجلاس میں 9 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ کو سربراہان مملکت کے کیمپ آفسزپرہونے والے سرکاری اخراجات پربریفنگ دی جائے گی۔ وفاقی کابینہ کو سربراہان مملکت کے سرکاری میڈیکل اخراجات پر بریفنگ سمیت کابینہ شہبازایئربیس اور ملحقہ علاقوں کو جیکب آباد کنٹونمنٹ قرار دینے کی منظوری دے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیرشفقت محمود کی سربراہی میں وزارتی کمیٹی گورنرہاوسز اورسرکاری عمارتوں کے استعمال پررپورٹ پیش کرے گی۔ وفاقی کابینہ کو زرعی ترقیاتی بینک کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔ کابینہ نیوٹیک کے ایگزیکٹیوڈائریکٹرکی تعیناتی کی منظوری سمیت ای کامرس پالیسی فریم ورک کی بھی منظوری دے گی۔
 
وفاقی کابینہ کیپیٹل مارکیٹ ٹراسیکشن کی ادارہ سازی پربھی غورکرے گی۔ کابینہ کواب تک کے فیصلوں پرعملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی جب کہ کابینہ رولز آف بزنس کے شیڈول ون میں ترمیم پر بھی غور کرے گی۔
 
 
 
کراچی: پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں رواں برس کا دوسرا چاند گرہن آج دیکھا جاسکے گا۔
 
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند گرہن آج رات 11 بجکر 44 منٹ پرشروع ہوگا جبکہ رات 2 بجکر 32 منٹ پر گرہن عروج پر ہوگا۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق چاند پر17جولائی صبح 5 بجکر18منٹ تک گرہن رہے گا، اس دوران چاند زمین سے قریب ترین فاصلے پرہوگا۔
 
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند گرہن پاکستان سمیت یورپ، ایشیا، افریقا اور جنوبی امریکا کے کچھ علاقوں میں دیکھا جاسکے گا۔ بحرالکاہل، بحرہند، بحر اوقیانوس اور بحرمنجمد میں بھی چاند گرہن دیکھا جاسکے گا۔
 
اس سے قبل رواں سال پہلا چاند گرہن 21 جنوری 2019 کو ہوا تھا جو پاکستان میں دیکھا نہیں جا سکا تھا۔
 
یاد رہے کہ رواں برس کے پہلے چاند گرہن کا نظارہ 21 جنوری کو یورپ، جنوبی اور شمالی امریکا اور افریقا میں دیکھا گیا تھا جسے ماہرین فلکیات نے سپربلڈ وولف مون کا نام دیا تھا۔
 
چاند گرہن
 
زمین کا وہ سایہ جو گردش کے دوران کرہ زمین کے چاند اور سورج کے درمیان آ جانے سے چاند کی سطح پر پڑتا ہے اور چاند تاریک نظر آنے لگتا ہے، اُسے چاند گرہن کہتے ہیں۔
 
چاند گرہن کی اقسام
 
1- مکمل چاند گرہن
2-جزوی چاند گرہن
 
چاند گرہن کبھی جزوی ہوتا ہے اور کبھی پورا کیونکہ یہ اس کی گردش پر منحصر ہوتا ہے، چونکہ زمین اور چاند دونوں سورج سے روشنی حاصل کرتے ہیں اس لیے زمین سورج کے گرد اپنے مقررہ مدار پر گھومتی ہے اور چاند زمین کے گرد اپنے مدار پر گھومتا ہے۔
 
چاند اور زمین کا سایہ سورج کے درمیان میں سال میں دوبار آتا ہے اور اس کا سایہ ایک دوسرے پر پڑتا ہے، چاند پر سایہ پڑتا ہے تو چاند گرہن اور سورج پر پڑتا ہے تو زمین پر سورج گرہن دکھائی دیتا ہے۔

مظفر آباد: وادی نیلم میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 3 افراد کی لاشیں مل گئی ہیں جب کہ مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

وادی نیلم میں لیسوا کے مقام پر سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، ایمرجنسی کنٹرول روم کے مطابق سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 19 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے دریائے نیلم میں پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے عوام کو دریا سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب  ریسکیو  اور ریلیف آپریشن کے لیے مزید  ٹیموں کو روانہ کردیا گیا ہے جب کہ بے گھر ہونے والے خاندانوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وادی نیلم میں لیسوا کے مقام پر طوفانی بارش اور سیلابی ریلے نے تباہی مچادی تھی جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتا ہوگئے۔

لاہور: آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ورلڈ چیمپئن انگلینڈ کا ٹاپ پوزیشن پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے۔

ون ڈے رینکنگ میں بھارت دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، آسٹریلیا چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں، پاکستان چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان دسویں نمبر پر موجود رہا۔

بیٹسمینوں میں بھارتی کپتان کوہلی سرفہرست ہیں، ہموطن روہت شرما دوسرے اور پاکستان کے بابر اعظم تیسرے نمبر پر ہیں، جنوبی افریقی کپتان فاف ڈی پلیسی چوتھے، کیوی روس ٹیلر پانچویں، ولیمسن چھٹے، آسٹریلوی ڈیوڈ وارنر ساتویں، انگلش جوئے روٹ آٹھویں، جنوبی افریقی کوئنٹن ڈی کک نویں اور انگلینڈ کے جیسن روئے دسویں درجے پر ہیں۔

بولرز میں بھارتی جسپریت بمرا پہلے، کیوی ٹرینٹ بولٹ دوسرے، جنوبی افریقی کاگیسو ربادا تیسرے نمبر پر ہیں، آسٹریلوی پیٹ کمنز چوتھی، جنوبی افریقی عمران طاہر پانچویں، افغانی مجیب الرحمن چھٹی، انگلش کرس ووئیکس ساتویں، آسٹریلوی مچل اسٹارک آٹھویں، افغانی راشد خان نویں اور کیوی میٹ ہنری دسویں پوزیشن پر رہے۔

آل رائونڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ٹاپ پر ہیں، انگلینڈ کے بین اسٹوکس دوسرے، افغانی محمد نبی تیسرے، پاکستان کے عماد وسیم چوتھے اورافغانی راشد خان پانچویں درجے پر رہے۔