منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی پنجاب) نے کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو گرفتار کرلیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو گرفتار کرلیا گیا ہے، حافظ محمد سعید لاہور سے گوجرانوالہ جارہے تھے کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے کارروائی کے دوران انہیں گرفتار کرکے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کردیا ہے۔ ان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں۔

حافظ سعید لاہور میں درج دو مقدمات میں 3 اگست تک ضمانت پر رہا تھے اور گوجرانوالہ میں درج مقدمات میں ضمانت کے لیے جارہے تھے کہ سی ٹی ڈی نے انہیں رستے سے گرفتار کرلیا۔

 حکومت کی جانب سے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔ یکم جولائی کو حافظ سعید اور ان کے دیگر 6 ساتھیوں کے خلاف لشکر طیبہ کا سربراہ ہونے اور دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات میں مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ ان پر دہشت گردی کو پروان چڑھانے اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کے الزامات ہیں۔

حافظ سعید نے اپنے خلاف درج دہشت گردی کے مقدمات پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔ عدالت میں دائر درخواست میں انہوں نے موقف اپنایا کہ ان پر درج ایف آئی آرز ختم کی جائیں، ان کا لشکر طیبہ، القاعدہ یا ایسی کسی بھی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، وہ ریاست کے خلاف اقدامات میں ہرگز ملوث نہیں ہیں، جبکہ انڈین لابی کا حافظ سعید پر ممبئی حملوں میں ملوث ہونے کا الزام حقائق کے منافی ہے۔

اسلام آباد: گزشتہ شب رواں برس کا دوسرا چاند گرہن پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں دیکھا گیا جو پانچ گھنٹے 34 منٹ تک جاری رہا۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں برس دوسرے چاند گرہن کا آغاز 16 جولائی رات 11 بج کر 44 منٹ پر ہوا جو آج صبح 5 بجکر 18 منٹ تک جاری رہا۔
 
گزشتہ روز درمیانی شب کو شروع ہونے والا جزوی چاند گرہن شمالی امریکا اور شمالی روس کے سوا دنیا کے مختلف ممالک میں دیکھا گیا۔
 
یورپ میں جزوری چاند گرہن منگل کی شام کو دیکھا گیا جب سورج غروب ہوا جب کہ ایشیاء اور آسٹریلیا میں بدھ کی صبح سے کچھ دیر قبل جزوی چاند گرہن کو دیکھا گیا۔
 
بحرالکاہل، بحر ہند، بحرہ اوقیانوس اور بحر منجمد میں بھی چاند گرہن دیکھا گیا۔
 
واضح رہے کہ رواں سال کے پہلے مکمل چاند گرہن کا نظارہ 21 جنوری کو افریقا، یورپ، جنوبی اور شمالی امریکا میں کیا گیا تھا جسے ماہرین فلکیات نے 'سپر بلڈ وولف مون' کا نام دیا تھا۔

کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈیگاری کی کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھر جانے کے باعث پھنسے والے 9 کان کُن جاں بحق ہو گئے۔

 ڈیگاری میں کوئلہ کان میں پھنسے سے جاں بحق ہونے والے کان کنوں کی لاشیں 3 روز کے مسلسل ریسکیو آپریشن کے بعد 1000 فٹ گہرائی سے نکال لی گئی ہیں جب کہ میں واحد بچنے والے کان کُن کو علاج کے لیے سول اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ڈیگاری کوئلہ کان حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق کان کنوں کے لواحقین کو ہر ممکن معاونت کے لیے ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو کانوں میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لےکر سفارشات پیش کرنےکی ہدایت کے ساتھ محکمہ معدنیات کو حکم دیا ہے تین روز میں حادثے کی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کریں۔

انہوں نے حادثات کی روک تھام کے لیے کانوں میں حفاظتی اقدامات اور کان کنی کے علاقوں میں صحت کی سہولیات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں مائنز انسپکشن آفیسر اور کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے لیے ضروری آلات کا فقدان ہےجس کے سبب آئے روز کانوں کے اندر زہر یلی گیس بھرنے کے باعث حادثات اب معمول بن چکے ہیں۔

رواں برس اب تک متعدد کان حادثات میں 47 کان کنوں کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔

اسلام آباد: وزیراعظم کے ’نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام‘ میں لاہور، پشاور اورکراچی میں نجی شراکت سے 4 نئے منصوبے زیرغور ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ’نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام‘ میں لاہور، پشاور اورکراچی میں نجی شراکت سے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن جوائنٹ وینچر کے تحت مزید چارمقامات پر منصوبے شروع کرے گا۔

مشترکہ منصوبے کے تحت لاہور کے دو مختلف مقامات پر 32 سو اپارٹمنٹس تعمیرکرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں لاہور کے موضع کچا میں 40 کنال پر 5 سو اپارٹمنٹس جب کہ موضع منگا اوتارہ میں 150 کنال پر 27 سو اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کی تجویز ہے۔

کراچی میں 4 ہزار رہائشی یونٹس نجی شراکت سے تیار کئے جائیں گے جن میں موضع جام چکرو، منگھو پیر اور سرجانی ٹاﺅن میں 184 کنال اراضی پر تعمیراتی منصوبہ زیر غور ہے۔

اسلام آباد: عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کمانڈرکلبھوشن یادیو کیس کا محفوظ فیصلہ آج سنایا جائے گا۔

عالمی عدالت آج پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کے کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سنائے گی۔ عالمی عدالت انصاف کے صدر اور جج عبدالقوی احمد یوسف بھارتی اپیل کا فیصلہ سنائیں گے۔

آخری سماعت میں پاک بھارت دونوں وفود نے شرکت کی تھی جہاں بھارتی وفد کی سربراہی جوائنٹ سیکرٹری دیپک متل نے جب کہ پاکستانی وفد کی سربراہی اٹارنی جنرل انور منصورخان نے کی تھی۔ سماعت کے دوران بھارت کی طرف سے ہریش سالوے نے دلائل پیش کیے جبکہ پاکستان کی طرف سے خاور قریشی نے بھرپور کیس لڑا تھا۔

اس سے قبل ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کی جانب سے کیس سے متعلق کہا گیا تھا کہ ہم نے تیاری اچھی کی اوراچھا کیس لڑا، ہمارا گمان اورکوشش اچھی ہے اور17 جولائی کو ہی اس کیس پر تبصرہ کریں گے۔
  

بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیوکومارچ 2016 میں بلوچستان سے گرفتارکیا گیا تھا۔ بھارتی بحریہ کے حاضر سروس افسر نے پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا جس پرفوجی عدالت نے کلبھوشن کو سزائے موت سنائی تھی۔

10 مئی 2017 میں بھارت نے کلبھوشن یادیوکے حوالے سے عالمی عدالت سے رجوع کیا اورکلبھوشن  کی پھانسی کی سزا پر عمدرآمد رکوانے کے لیے درخواست دائرکردی تھی۔ 15 مئی کو عالمی عدالت میں بھارتی درخواست کی سماعت ہوئی، دونوں ممالک کا موقف سننے کے بعد عدالت نے 18 مئی کو فیصلے میں پاکستان کو ہدایت کی کہ مقدمے کا حتمی فیصلہ آنے تک کلبھوشن یادیوکوپھانسی نہ دی جائے۔

انگلینڈ: سابق انٹرنیشنل امپائر سائمن ٹافل کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ کو غلط طور پر ایک اضافی رن دیا گیا۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے فائنل میچ کے آخری اوور میں نیوزی لینڈ کے فیلڈر کی تھرو بیٹسمین بین اسٹوکس سے ٹکرا کر باؤنڈری لائن کراس کر گئی تھی جب کہ اس دوران اسٹوکس اپنا دوسرا رن مکمل کرنے کے لیے بھاگ رہے تھے۔ اس پر فیلڈ امپائر دھرماسینا نے انگلش ٹیم کو 6 رنز دیئے جو کہ انگلیںڈ کی فتح کا بنیادی سبب بنے۔ سائمن ٹافل کا کہنا ہے کہ فیلڈ امپائر نے یہاں پر انگلینڈ کو چھ رنز دے کر واضح غلطی کی حالانکہ یہاں پانچ رنز ملنے چاہیے تھے کیونکہ جب گیند پھینکی کی گئی تو بیٹسمین نے ابھی اپنا دوسرا رنز مکمل نہیں کیا تھا. اس غلطی کی وجہ سے ہی بین اسٹوکس کو اسٹرائیک ملی۔ آسٹریلوی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے سائمن ٹافل نے ایم سی سی کے قوانین کی کتاب کے قانون 19.8 کا حوالہ دیا اور کہا کہ "یہ ایک واضح غلطی ہے"۔سائمن ٹافل کا شمار کرکٹ کی تاریخ کے بہترین امپائرز میں ہوتا ہے اور انہوں نے 2004 سے 2008 کے دوران لگاتار 5 سال تک آئی سی سی امپائر آف دی ائیر کا ایوارڈ حاصل کیا۔ تاہم، سائمن ٹافل نے دونوں امپائرز کا دفاع کیا اور کہا کہ کمار دھرماسینا اور ماریاس اریسمس بہترین امپائر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں مشکل یہ ہے کہ امپائرز کو دیکھنا ہوتا ہے کہ بیٹسمین نے رنز مکمل کیا ہے یا نہیں کیونکہ انہیں دیکھنا ہوتا ہے کہ کب گیند پکڑی گئی اور کپ پھینکی گئی۔ انہوں نے کہا کہ امپائرز کو یہ بھی دیکھنا ہوتا ہے کہ اس موقع پر بیٹسمین کہاں تھے۔ اس واقعے کے متعلق نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے بھی فلسفیانہ جواب دیا اور کہا یہ کھیل کا حصہ ہے۔

کراچی: اداکارہ ماہرہ خان اور بلال اشرف کی عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے فلم ’سُپراسٹار‘ کا شاندار ٹریلر مداحوں کی دلچسپی سمیٹنے میں کامیاب ہوگیا۔
 
گزشتہ شب فلم ’سُپر اسٹار‘ کے ٹریلر ریلیز کے لیے ستاروں سے بھری رنگا رنگ شام سجائی گئی جس میں 3 منٹ 6 سیکنڈز پر مشتمل شاندار ٹریلر پیش کیا گیا۔
 
فلم میں مرکزی کردار ماہرہ خان بطور ’نوری‘ نبھا رہی ہیں جب کہ بلال اشرف ’سمیر خان‘ کا کردار ادا کررہے ہیں۔
 
فلم کا ٹریلر دیکھتے ہوئے کہانی کو سمجھنا انتہائی آسان ہے کیونکہ فلم میں رومانوی کہانی کے ساتھ شوبز ستاروں کی ذاتی زندگی کے اتار چڑھاؤ بھی دکھائے گئے ہیں۔
 
فلم کی کاسٹ میں ماہرہ اور بلال سمیت ندیم، مرینا خان، علیزے شاہ اور اسماء انصاری بھی شامل ہیں۔ فلم کے ٹریلر کو مداحوں کی جانب سے بےحد پزیرائی مل رہی ہے۔
کینیڈا: معروف شاعر حمایت علی شاعر آج صبح کینیڈا میں وفات پاگئے۔
 
حمایت علی شاعر 14 جولائی 1926 کو اورنگ آباد دکن میں پیدا ہوئے، ان کی شاعری اور فلمی گیت بے انتہا مقبول ہوئے۔
 
حمایت علی شاعر کی پہلا شعری مجموعہ ’آگ میں پھول‘ 1956 میں شائع ہوا جس پر انہیں 1958 میں صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
 
حمایت علی شاعر نے مختلف فلموں میں بھی کام کیا جن میں جب سے دیکھا تمہیں، دل نے تجھے مان لیا، دامن، ایک تیرا سہارا، کنیز، میرے محبوب، تصویر اور کھلونا شامل ہیں۔
 
حمایت علی شاعر کو ادبی خدمات اور اردو ادب پر 2002 میں حکومت پاکستان کی طرف سے پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
 
اس کے علاوہ بہترین فلمی گیت لکھنے پر حمایت علی شاعر کو نگار ایوارڈ اور رائٹرز گلڈ آدم جی ایوارڈ سمیت متعدد ایوارڈ سے نوازا گیا۔
 
حمایت علی شاعر علیل تھے اور کینیڈا میں زیر علاج تھے، انہیں منگل کی صبح دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، حمایت علی شاعر کی تدفین کینیڈا میں ہی ہو گی۔
کراچی: رواں برس کا دوسرا چاند گرہن دنیا کے مختلف ممالک سمیت پاکستان میں بھی آج دیکھا جاسکے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 16 اور 17 جولائی منگل اور بدھ کی درمیانی شب چاند کو جزوی گرہن لگے گا، اس دوران چاند زمین سے قریب ترین فاصلے پر ہو گا۔
 
محکمہ موسمیات کے حکام کا بتانا ہے کہ چاند گرہن منگل کی رات 11 بج کر 44 منٹ پر شروع ہو گا، رات 2 بج کر 32 منٹ پر عروج پر ہو گا اور بدھ کی صبح 5 بج کر 18 منٹ پر اختتام پزیر ہو گا۔
 
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دوسرا چاند گرہن پاکستان سمیت یورپ، ایشیا، افریقا اور جنوبی امریکا کےکچھ علاقوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔بحرالکاہل، بحر ہند، بحرہ اوقیانوس اور بحر منجمد میں بھی چاند گرہن دیکھا جا سکے گا
 
واضح رہے کہ رواں سال کے پہلے مکمل چاند گرہن کا نظارہ 21 جنوری کو افریقا، یورپ، جنوبی اور شمالی امریکا میں کیا گیا تھا جسے ماہرین فلکیات نے 'سپر بلڈ وولف مون' کا نام دیا تھا۔