منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
صادق آباد: ولہار پھاٹک کے قریب مسافر ٹرین اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 32 زخمی ہوگئے۔
 
صبح سوا چار بجے کے قریب لاہور سے آنے والی اکبر ایکسپریس ولہار اسٹیشن پر موجود مال گاڑی سے جا ٹکرائی، حادثے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 32 زخمی ہوگئے۔
 
حادثے کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی ڈاکٹر حفیظ الرحمان اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔ ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ٹی ایچ کیو صادق آباد اور شیخ زید اسپتال رحیم یار خان منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
 
ڈی پی او عمر سلامت کے مطابق حادثے میں اکبر ایکسپریس کے اسسٹنٹ ڈرائیور سمیت 10افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہیں۔ حادثے کے باعث4 بوگیاں متاثر اور 2 ٹریک سے اتر گئیں۔
 
اکبرایکسپریس حادثے کے بعد ٹرین آپریشن معطل کردیا گیا، بزنس ایکسپریس، کراچی ایکسپریس کو مختلف اسٹیشنزپرروک لیا گیا، گرین لائن، رحمان بابا ٹرین کا سفر بھی تعطل کا شکار ہے۔
 
ڈپٹی کمشنرجمیل احمد اورڈی پی اوعمرسلامت ریسکیواینڈ ریلیف آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں، آپریشن میں ریسکیو1122 کی21 اور10 نجی ایمبولینس حصہ لیا۔
 
ڈپٹی کمشنرجمیل احمد جمیل نے بتایا کہ 32 زخمی مسافروں کواسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اپ اینڈ ڈاؤن دونوں ٹریک کو ٹرینوں کی آمدورفت کےلیے بند کر دیا گیا ہے۔
 
ٹرین حادثے میں زخمی اورجاں بحق افراد کی معلومات کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، شہری 9230709-068 اور03009402579 پر رابطہ کریں۔
واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خلیج عمان اور یمنی پانیوں میں امریکا کو تیل سپلائی کرنے پر خلیجی ممالک سے آنے والے آئل ٹینکرز اور فوجی تنصیبات کے تحفظ کے لیے فوجی اتحاد بنانے کا اعلان کیا ہے۔
 
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا ایران اور یمن کے اطراف سمندر میں تجارتی گزرگاہوں کی حفاظت کے لیے عالمی فوجی اتحاد قائم کرنا چاہتا ہے۔ اس حوالے سے امریکی افواج نے کئی دوست ممالک سے بات چیت بھی کی ہے اور رائے عامہ بحال کرنے کی کوششوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
 
اس حوالے سے امریکی جنرل جوزف ڈنفرڈ کا کہنا تھا کہ امریکا خلیجی خطے میں جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانا چاہتا ہے جس کے لیے عالمی فوجی اتحاد کا قیام ناگزیر ہو گیا ہے جس کے لیے خدوخال مرتب کر لیے ہیں اور دوست ممالک سے مشاورت جاری ہے۔
امریکی جنرل جوزف ڈنفرڈ نے مزید کہا کہ امریکا کمانڈ اینڈ کنٹرول کے عمل کے لیے بحری جہاز مہیا کرے گا جو امریکا کو تیل کی سپلائی پر مامور بحری جہازوں کے درمیان گشت کریں گے اور امریکی فوجی تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔
 
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں امریکا کو تیل سپلائی کرنے پر مامور سعودی بحری جہازوں پر حملوں کے بعد امریکا پہلے ہی خلیج عمان میں ایک طیارے بردار بحری بیڑا تعینات کرچکا ہے اس کے علاوہ جنگی طیاروں کی دو کھیپ بھی قطر میں اپنے فوجی کیمپ میں منتقل کرچکا ہے۔
 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام نے آن لائن ہراسمنٹ کے واقعات کو کنٹرول کرنے کے لیے نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
 
انسٹاگرام کے بانی ایڈم موسیری کے مطابق ’رسٹرکٹ‘ فیچر متنازع پوسٹ کرنے سے پہلے صارفین کو متنبہ کرے گا۔
 
انسٹاگرام کے بانی کا کہنا تھا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ تمام صارفین کو محفوظ ماحول فراہم کریں، ہمیں کافی عرصے سے صارفین مختلف شکایات درج کروارہے تھے، امید ہے اس فیچر کے ذریعے صارفین کو بہتر ماحول ملے گا۔
 
انہوں نے کہا کہ نئے فیچر سے لوگوں کو کمنٹس پوسٹ کرنے سے قبل نظرثانی اور اسے منسوخ کرنے کا پیغام دیا جائے گا، اگر صارف نے پھر بھی کوئی نازیبا کمنٹ کیا تو اُسے رپورٹ ہونے کی صورت میں کمپنی کی جانب سے ایکشن لیا جائے گا۔
 
 
فیچر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ رسٹرکٹ کی سہولت پہلے چند صارفین کو دی گئی اور اس کی آزمائش کی گئی، اس دوران لوگوں کا مثبت ردعمل سامنے آیا اور سہولت استعمال کرنے والوں نے اپنے کمنٹس منسوخ بھی کیے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ انسٹاگرام وہ واحد ادارہ ہے جو نازیبا کلمات کی تشہیر کو عملی طور پر محدود کرنے جارہا ہے، اس فیچر کے ذریعے صارفین کو یہ بھی فائدہ ہوگا کہ وہ نفرت آمیز مواد شیئر کرنے والے صارف کو ’رسٹرکٹ‘ کرسکیں گے جس کے ذریعے رسٹرکٹ کیا گیا صارف نا تو کوئی کمنٹ کرسکے گا اور نا ہی اسے ’ڈی ایم‘ میں میسیج پڑھے جانے کا علم ہوگا۔
 ‎پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
 
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس 30 جون کو ختم ہو چکے ہیں جس میں 33 کھلاڑی شامل تھے جب کہ نئے کنٹریکٹ کے لیے پی سی بی نے کھلاڑیوں کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 
ذرائع نے بتایا کہ آئندہ سینٹرل کنٹریکٹ میں 15 سے 17 کھلاڑی شامل ہوں گے اور ‎تینوں فارمیٹ میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دیا جائے گا۔
 
پی سی بی نے خواتین کے سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی کھلاڑیوں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ کیا ہے، موجودہ ویمن سینٹرل کنٹریکٹ میں 10 کھلاڑی شامل ہیں۔
 
اس کے علاوہ سینٹرل کنٹریکٹ سے ای کیٹیگری بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 
ذرائع کا کہنا ہےکہ دوسرے بورڈ کی طرح کھلاڑیوں کی تعداد کم اور معاوضہ بڑھانے کی تجویز مینیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کی ہے۔
 
ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کے ناموں کا اعلان نئی سلیکشن کمیٹی کی تقرری کے بعد کیا جائے گا۔
اسلام آباد: حکومت نے وفاقی وزیر حماد اظہر کو وزارت ریونیو کا قلمدان دے کر اگلے روز ہی واپس لے لیا۔
 
وزیراعظم عمران خان نے وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کو وفاقی وزیر بناکر ریونیو کا قلمدان سونپا جس کے بعد صدر مملکت عارف علوی نے ان سے وفاقی وزارت کا حلف لیا تھا۔
 
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے ایک نوٹی فکیشن جاری کیا ہے جس میں حماد اظہر سے ریونیو کا قلمدان واپس لے لیا گیا ہے اور انہیں اقتصادی امور ڈویژن کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
 
قلمدان میں تبدیلی کے بعد مشیر خزانہ حفیظ شیخ سے اقتصادی امور ڈویژن کا قلمدان واپس لے کر انہیں ریونیو ڈویژن کا قلمدان واپس دے دیا گیا ہے۔
 
واضح رہے کہ حماد اظہر نے بطور وزیر مملکت برائے ریونیو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا پہلا سالانہ بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا۔
 
قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے حماد اظہر کے بجٹ پیش کرنے اور تمام امور بہترین طریقے سے انجام دینے پر خوب سراہا تھا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق حادثے میں کامران یوسف کے دوست بھی چل بسے، کامران یوسف خود گاڑی ڈرائیو کرکے لاہور سے اسلام آباد آرہے تھے۔
 
ڈی جی پنجاب کی گاڑی اور ٹریلر کے درمیان حادثہ موٹر وے ایم 2 سیال انٹرچینج کے قریب پیش آیا۔
 
ترجمان موٹر وے پولیس نے بتایا کہ ٹریلر ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہوگیا ہے جس کی پولیس نے تلاش شروع کر دی ہے۔
کراچی کی نجی جامعات میں زیرِتعلیم طالبعلموں نے آنکھ کے اشاروں سے چلنے والی گاڑی تیار کرلی ہے۔ گاڑی تیار کرنے والے طالبعلموں نے بتایا کہ آئی پیس کو فکس کرکےاسکین کرتے ہیں اور پھر سافٹ ویئرکے ذریعے گاڑی اشاروں پر چلتی ہے، اس گاڑی کا مقصد معذور افراد کو گاڑی چلانے کی سہولت دینا ہے۔
 
اس کارنامے کے بعد یہ ان پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر تھائی لینڈ میں ہونیوالے مقابلے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
 
نوجوان اینجینیئرز نے کہا ہے کہ حکومت سطح پر حوصلہ افزائی کے بعد وہ اس ٹیکنالوجی میں مزید بہتری لاسکتے ہیں۔
اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہےکہ سابق حکمرانوں کے غیر ملکی دورے ’مال مفت دل بے رحم‘ کے مصداق ہیں اب غریبوں کے مال پر سیر سپاٹے کا یوم حساب آن پہنچا ہے۔
 
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی سمیت سابق صدر آصف زرداری کے بیرونی دوروں کی تفصیلات پیش کیں۔
 
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ غریبوں کے مال پر سیر سپاٹے کا یوم حساب آن پہنچا ہے، سابق حکمرانوں کے غیر ملکی دورے ’مال مفت دل بے رحم‘ کے مصداق ہیں۔
 
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپنی چونی نہ خرچ کرنے والوں نے قوم کے سرمائے سے کروڑوں روپے ٹپ دے دی، لٹیرے ٹپ میں قوم کا مال نہ دیتے تو آج قوم غربت سے ہلکان نہ ہوتی۔
 
ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق حکمران قوم کے مال پر بادشاہ بنے پھرتے تھے، آج اس لوٹ مار کو بے شرمی سے استحقاق قرار دیتے ہیں۔
 
غریبوں کے مال پر سیرسپاٹے کا یوم حساب آن پہنچا ہے۔ سابق حکمرانوں کے غیر ملکی دورے "مال مفت دل بے رحم" کے مصداق ہیں۔اپنی چونی نہ خرچ کرنے والوں نے قوم کے سرمائے سے کروڑوں روپے ٹپ دے دی۔ لٹیرے ٹپ میں قوم کا مال نہ دیتے تو آج قوم غربت سے ہلکان نہ ہوتی۔
 
سابق حکمران قوم کے مال پر بادشاہ بنے پھرتے تھے۔ آج اس لوٹ مار کو بے شرمی سے استحقاق قرار دیتے ہیں۔ گاڑیاں سرکاری، بیرون ملک ذاتی دورے بھی قوم کی جیب سے کئے گئے۔ آج حساب کی باری آئی تو رونا دھونا ختم نہیں ہورہا۔ اب روئیں ناں، حساب دیئے بغیر جان چھوٹنے والی نہیں۔
 
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گاڑیاں سرکاری، بیرون ملک ذاتی دورے بھی قوم کی جیب سے کیے گئے، آج حساب کی باری آئی تو رونا دھونا ختم نہیں ہورہا، اب روئیں ناں، حساب دیے بغیر جان چھوٹنے والی نہیں۔
کراچی: وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، گورنر ہاؤس میں سیاسی اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں شیڈول ہیں، سندھ کے ترقیاتی پیکج کا جائزہ بھی لیں گے۔
 
وفاقی وزراء علی زیدی، حماد اظہر، فیصل واؤڈا ، مشیران عبدالرزاق داؤد، عبدالحفیظ شیخ، ڈاکٹرعشرت حسین اور چئیرمین ایف بی آر شبرزیدی بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ ہیں۔
 
وزیرِاعظم عمران خان سے ایف پی سی سی آئی، کے سی سی آئی، آٹو پارٹس ایسوسی ایشن کے وفود ملاقاتیں کرینگے، ٹیکسٹائل، لیدر، ہوزری، ٹاول مینو فیکچرنگ، ایگرو، فوڈ، فیشریز، فارما، کنسٹرکشن، سیمینٹ، سٹیل سیکٹرز کے وفود ملاقاتیں کریںگے، وزیرِاعظم عمران خان سندھ کے پارٹی رہنماؤں اور صوبائی اسمبلی کے اراکین سے بھی ملاقات کریں گے۔
نئی دہلی : یرالا جیل کے ڈائریکٹر جنرل پولیس رشی راج سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ لیجنڈ اداکارہ سری دیوی کی موت حادثہ نہیں بلکہ انہیں قتل کیا گیا تھا۔
 
رپورٹ کے مطابق بھارتی اخبار میں ڈی جی پی شری راج سنگھ کا سری دیوی کی موت کے حوالے سے مضمون شائع ہوا جس میں انہوں نے تہلکہ خیز انکشاف کئے۔ انہوں نے آنجہانی فارنسک سرجن ڈاکٹر عما دھتن کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ ڈاکٹر نے مجھے بتایا تھا کہ سری دیوی کی موت قتل کا شاخسانہ ہو سکتی ہے۔
 
شری راج سنگھ کے مطابق میں نے اُن سے وجہ پوچھی تو انہوں نے کچھ باتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بہت سارے ثبوت ایسے بھی ہیں جس سے ثابت ہو سکتا ہے کہ سری دیوی کی موت محض ایک حادثہ نہیں بلکہ قتل تھا۔ ڈی جی پی نے مضمون میں یہ بھی لکھا کہ ڈاکٹر عمادھتن کے مطابق ایسا ممکن نہیں کہ کسی دوسرے شخص کی ڈبانے کی کوشش کے بغیر کوئی بھی ایک پاؤں یا سر کے ساتھ باتھ ٹب میں ڈوب جائے۔