منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

پشاور: قبائلی اضلاع میں انتخابات، الیکشن کمیشن نے تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔اب فوج صرف حساس ترین پولنگ اسٹیشنز کے اندر ہی تعینات ہوگی۔ قبائلی اضلاع میں نافذ دفعہ 144 بھی ختم کر دی گئی۔
 
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقوں میں انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ تبدیل کر لیا ہے، اب فوج صرف حساس ترین پولنگ سٹیشنز کے اندر ہی تعینات ہوگی۔
 
یہ فیصلہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا جس میں صوبائی الیکشن کمشنر، خیبر پختونخوا کے ڈی آر اوز اور سیکیورٹی حکام نے شرکت کی۔
 
الیکشن کمیشن کے مطابق اب تمام پولنگ سٹیشنز کے باہر تو فوج بدستور تعینات رہے گی لیکن اندر تعیناتی صرف انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز تک محدود کر دی گئی ہے۔
 
الیکشن کمیشن کے حکم پر قبائلی اضلاع میں نافذ دفعہ 144 بھی ختم کر دی گئی ہے تاکہ امیدواروں کو الیکشن مہم میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔
 
الیکشن کمیشن نے تمام پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 20 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں
اسلام آباد: نیپرا کی جانب سے بجلی قیمت میں حالیہ اضافہ سے صارفین پر ایک ارب بیس کروڑ کا بوجھ پڑے گا۔
 
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں دس پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا ہے۔ اس اضافہ کا اطلاق لائف لائن، زرعی اور کے الیکٹرک صارفین کے لیے نہیں ہوگا۔
 
نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ مئی کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے جو صارفین کو آئندہ ماہ کے بجلی بلوں میں دینا ہوگا۔ نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمت میں اضافہ کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

مانچسٹر: کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ اور بھارت کا میچ گزشتہ روز بارش سے متاثر ہوا جس کے باعث میچ آج مکمل کیا جائے گا۔

نیوزی لینڈ اپنی ادھوری اننگز 211 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر آج پھر سے شروع کرے گی اور بقیہ 3.5 اوورز کا میچ مکمل ہوگا جس کے بعد بھارت ہدف کا تعاقب کرے گا۔ 

گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا، اگر آج بھی میچ بارش سے متاثر ہوجاتا ہے تو بھارت  کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہونے کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جائے گی۔

ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہورہا ہے جہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے میچ کا انتہائی سست انداز میں آغاز کیا اور اس کی پہلی وکٹ بھی ایک رن پر گئی اور  مارٹن گپٹل صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے تھے۔

19 ویں اوور میں 69 کے مجموعے پر نکولس 28 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 

کیم ولیمسن اور ٹیلر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ پر 65 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 134 کے مجموعی اسکور پر ولیمسن 67 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جیمز نیشم اور گرینڈ ہوم بھی بالترتیب 12 اور 16 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ 

نیوزی لینڈ کی اننگز کے دوران 47 ویں اوور میں بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا جب کیویز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے۔

روس ٹیلر 67 اور ٹوم لیتھم 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں جب کہ بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار، ہاردک پانڈیا، بمراہ، جدیجا اور چہل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 

بارش کے باعث میچ کے لیے اگلا روز بھی متبادل کے طور پر رکھا گیا ہے اور اس دن بھی میچ نہ ہونے کی صورت پر بھارت پوائنٹس ٹیبل پرسرفہرست ہونے کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جائے گا۔ 

ورلڈکپ میں سیمی فائنل کیلئے بھارت نے 7 ویں مرتبہ کوالیفائی کیا ہے، اس سے قبل وہ 6 مرتبہ سیمی فائنل کھیل چکا ہے جن میں سے اسے 3 میں کامیابی اور 3 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

جب کہ ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 8 ویں مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے، کیویز اب تک ورلڈکپ کے 6 سیمی فائنلز میں ناکام اور ایک میں فاتح رہے ہیں۔

اسلام آباد: حکومت نے بزرگ شہری کی شکایت پر انگوٹھے کے نشانات مٹ جانے والے شہریوں کے لیے بائیومیٹرک کی شرط ختم کرنےکافیصلہ کیا ہے۔
 
وزیراعظم آفس کے مطابق ایک بزرگ شہری نے اس حوالے سے شکایت کی تھی جس پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیا اور نادرا کو ایسے افراد کے لیے مختلف لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت کی۔
 
وزیراعظم کی ہدایت پر اب انگوٹھے کے نشانات مٹ جانے والے بزرگ شہریوں کے لیے بائیومیٹرک شرط ختم کرنےکا فیصلہ کیا ہے اور ایسے شہریوں پر شناختی کارڈز، موبائل سم اور بینک اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے بائیومیٹرک کی شرط لاگو نہیں ہو گی۔
 
ذرائع کے مطابق بزرگ شہری متبادل نظام کے تحت فارم (ب) کی مدد سے تصدیق کے عمل کو مکمل کروا سکیں گے۔
 
وزیراعظم نے نادرا کو 30 روز کے اندر ان احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جب کہ وزیراعظم آفس، وزارت داخلہ اور نادرا کے درمیان ٹاسک مینجمنٹ سسٹم بھی قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
 
 
 
لاہور : احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں 24 جولائی تک توسیع کردی۔
 
احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت آج ہوگی، احتساب عدالت کےجج جوادالحسن نے کیس کی سماعت کی۔
 
حمزہ شہباز کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد متبادل راستے سے عدالت میں پیش کیا گیا ، وکیل نیب نے کہا حمزہ شہباز تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے، حمزہ شہباز نے 96 ایچ ماڈل ٹاؤن کا گھر خریدنے پر رقم کے ذرائع نہیں بتا ئے، گھر کی قیمت 14 کروڑ ہے جس میں صرف ڈیڑھ کروڑ کا پتہ چل سکا۔
 
وکیل نیب نے بتایا ساڑھے 5کروڑکی رقم2005سے2007تک اکاؤنٹ میں منتقل ہوگئی، حمزہ تعاون نہیں کر رہےکہ رقم کہاں سے آئی ، اکاؤنٹ کا ریکارڈ منگوایا ہے ، موصول ہونے پر حمزہ سےتفتیش کی جائے گی۔
 
نیب کے وکیل نے مزید کہا باہر سےحمزہ کے اکاونٹ میں 18 کروڑ منتقل ہوئے ، باہر سےآنی والی رقوم سےمتعلق حمزہ شہبازکچھ نہیں بتا رہے ، حمزہ نے بتایا باہر سےرقوم بھیجنے والے سرمایہ کارہیں تاہم وہ انہیں نہیں جانتے۔
 
وکیل نیب کاکہنا تھا حمزہ شہباز نے2013 سے 2017 تک جوہر ٹاؤن میں مختلف جائیدادیں خریدیں ، جائیداد خریدنے کے ذرائع نہیں بتائے ،گوشواروں میں قیمت کم ظاہر کی، جائیدادوَں سےمتعلق تفتیش جاری ہے، جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
 
حمزہ شہباز کا عدالت میں بیان
اپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا پہلےکہا33ارب ہیں اب کہتےہیں18کروڑ کاریکارڈنہیں مل رہا، تفتیشی مجھ سے سوال کرتےہیں پھرچپ کرکےبیٹھ جاتےہیں، میرا 3ماہ کاایک ساتھ ریمانڈدےدیں تاکہ نیب کی مشکل حل ہو۔
 
حمزہ شہباز کا کہنا تھا مجھےاب نیب کےتفتیشی افسران پرترس آنےلگاہے ، کہاتھااگرایک پائی کی کرپشن ثابت ہوئی توسیاست چھوڑدوں گا، جس پر جج نے کہا یہ سیاسی باتیں ہیں عدالت سےباہرہونی چاہئیں، بےشک سیاست چھوڑدیں مگرعدالت میں کیس پربات کریں۔
 
حمزہ شہباز عدالت میں جذباتی ہوگئے اور کہا مجھے سمجھ نہیں آتی نیب چاہتی کیاہے، جو ریکارڈ مانگا اسے فراہم کردیا ہے۔
 
بعد ازاں احتساب عدالت نے آمدن سےزائداثاثہ جات کیس میں حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں 24 جولائی تک توسیع کردی۔
 
احتساب عدالت میں حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، جوڈیشل کمپلیکس آنے والے راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کربندکر دیا گیا اور پولیس کی اضافی نفری احتساب عدالت کے اندر اور باہر تعینات ہیں۔
 
گذشتہ سماعت میں عدالت نے دلائل کے بعد جسمانی ریمانڈ میں 10 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے نیب حکام کو ہدایت کی تھی کہ آئندہ حمزہ شہباز کو پورے دس بجے پیش کیا جائے کیونکہ سیکیورٹی انتظامات اور تاخیر کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
 
 
یاد رہے 5 جولائی کو احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے بیس جولائی تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا تھا۔
 
واضح رہے نیب نے لاہور ہائی کورٹ کی عبوری ضمانت میں توسیع مسترد ہونے کے بعد حمزہ شہباز کو گرفتار کیا تھا ،حمزہ شہبازپرمنی لانڈرنگ اور غیر قانونی اثاثےبنانے کے الزامات ہیں۔
 
بعد ازاں حمزہ شہباز کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں عدالت نے حمزہ شہباز کو 26 جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔
 
نیب نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کی وجوہ بھی جاری کیں تھیں، نیب نے کہا تھا 2003 میں حمزہ شہباز کے اثاثے 18 ملین تھے اور 2017 تک اثاثے 411.630 ملین ہوگئے، جب کہ ملزم نے 181 ملین روپے باہر سے آمدن کا دعویٰ کیا تھا۔
 
خیال رہے منی لانڈرنگ اورآمدن سےزائد اثاثوں پر شریف فیملی کےخلاف مختلف زاویوں سےتحقیقات جاری ہے ، الزامات کے مطابق شریف فیملی کے انیس سو ننانوے میں اثاثہ جات پانچ کروڑچھتیس لاکھ تھے،اب ان کی دولت سواتین ارب کیسےہوگئی؟
لاہور: عالمی کرائم انڈیکس نے مختلف شہروں میں شرح جرائم کی فہرست جاری کردی، صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور نے جرائم کی شرح مزید کم ہونے سے فہرست میں 39 درجے بہتری حاصل کرلی۔
 
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جرائم کی شرح مزید کم ہونے کی تصدیق عالمی کرائم انڈیکس نے کردی، عالمی ڈیٹا بیس نمبیو کی کرنٹ لسٹ میں لاہور 213 ویں نمبر پر آگیا۔
 
رواں برس جنوری میں لاہور جرائم کی شرح کے لحاظ سے 174 ویں نمبر پر تھا۔ 6 ماہ میں کرائم انڈیکس میں لاہور نے 39 درجے کی بہتری حاصل کی۔ ششماہی رپورٹ میں کراچی کا 75 واں اور اسلام آباد کا 257 واں نمبر ہے۔
 
کرائم انڈیکس کے مطابق وینز ویلا کا شہر کراکس بدستور دنیا کا خطرناک شہر ہے جبکہ ابو ظہبی کو محفوظ ترین ملک قرار دیا گیا۔
 
لاہور کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) بی اے ناصر نے جرائم کی شرح میں کمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کرائم کنٹرول میں مزید بہتری کے لیے کام جاری رکھے گی۔ عالمی ادارے کا تازہ انڈیکس لاہور پولیس کے لیے ایک اعزاز ہے۔
 
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ روایتی اقدامات کے بجائے کوالٹی پولیسنگ کی طرف بڑھے ہیں، وسائل میں کمی کے باوجود ایک سال میں کئی گنا بہتری آئی
اسلام آباد: ماروی میمن نے ایک بار پھر اسحاق ڈار کے راز فاش کرنے کی دھمکی دے دی۔
سوشل میڈیا پر جاری نئے بیان میں ناراض لیگی رہنما نے کہا کہ اسحاق ڈار کو دی گئی ڈیڈ لائن اب ختم ہوگئی، بہت صبر کرلیا۔ سارے معاملے کو 3 سال برداشت کیا ہے۔ بہت جلد دو شہروں میں پریس کانفرنس کروں گی۔
 
ان کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنسوں کا وقت وہ متعین کیا جائے گا جو مجھے مناسب لگے گا۔ پریس کانفرنس میں سیاست اور متعلقہ ایشوز پر بات کروں۔ اس سے قبل 4 جولائی کو ماروی میمن نے اسحاق دار سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ معافی نہیں مانگی گئی تو ایسا راز افشاں کروں گی کہ اسحاق ڈار کہیں منہ دکھانے کے لائق نہیں رہیں گے۔
 
مذکورہ ٹویٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ عزت سے سچ بتا کے معافی مانگنے میں کوئی مسئلہ ہے تو ٹھیک ہے، پھر بے عزتی آپ کا مقدر ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ خفیہ طور پر کی گئی شادی چھپانے کے بعد دونوں میں اختلافات بڑھے، جس پر ماروی میمن نے اسحاق ڈار سے مطالبہ کیا ہے کہ مجھے پیسے نہیں معافی چاہئے۔
 
 
 
 
لندن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے، وزیر خارجہ دولت مشترکہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
 
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے، ہیتھرو ایئرپورٹ پر پاکستانی سفیر نفیس ذکریا اور سفارتی حکام نے خیرمقدم کیا، وزیر خارجہ برطانیہ میں آزادی اظہار رائے پر عالمی کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے۔
 
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں
 
شاہ محمود قریشی پاکستانی کمیونٹی کے پروگرام میں شرکت کریں گے، وزیر خارجہ مقامی و بین الاقوامی میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے۔
 
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ برطانوی ہم منصب کی دعوت پر لندن آیا ہوں، کامن ویلتھ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا، اوورسیز کمیونٹی سے بھی ملاقات ہوگی۔
 
جج ارشد ملک کی ویڈیو کے معاملے پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت جج کی ویڈیو کی کوئی حقیقت نہیں ہے، تردید کے بعد ویڈیو کی کوئی اہمیت نہیں رہی۔
 
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حقائق سامنے آگئے ہیں ویڈیو کو توجہ نہیں مل رہی ہے، ویڈیو کے ذریعے حقائق مسخ کرنے کی کوشش کی گئی۔
کراچی: جامعہ کراچی کے شعبہ عمرانیات، ساؤتھ ایشیا ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فار مائنو ریٹیز اور آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی کے اشتراک سے ایک روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان" جنوبی ایشیا میں تنازعات کے حل اور امن کے قیام میں اقلیتوں کا کردار" کی افتتاحی تقریب (آج) بدھ کوصبح 9بجے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگی جبکہ اختتامی تقریب شام چار بجے منعقد ہو گی۔
 
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل ہوں گے جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی صدارت کرینگے ۔کانفرنس میں بین الاقوامی جامعات بشمول کیلیفورنیا اسٹیٹ یونیورسٹی امریکا، ڈھاکہ یونیورسٹی بنگلہ دیش، اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا، انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنس باہا نیپال اور یونیورسٹی آف سری لنکاکے محققین شریک ہوں گے۔
کراچی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے کراچی میں قتل ہونے والے نجی چینل کے اینکر مرید عباس کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ کے ایک واقعے میں جاں بحق ہونے والے ٹی وی اینکر مرید عباس کی موت پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور مغفرت کی دعا کی۔
 
ادھر مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے ٹی وی اینکر سمیت دیگر افراد کے قتل کی مذت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی وی اینکر کا قتل شہر کا امن خراب کرنے کی کوشش ہے۔
 
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی کا امن لوٹانے میں پولیس اور رینجرز کی قربانیاں شامل ہیں، شہر کا امن تباہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
 
 
مشیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ مرید عباس سمیت دیگر افراد کے قاتلوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔
 
خیال رہے کہ آج کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں نجی چینل کے اینکر سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، پولیس کے مطابق اینکر اور خضر کو مارنے والے قاتل عاطف زمان نے خود کشی کی۔
 
نجی ٹی وی چینل کے اینکر مرید عباس کی اہلیہ نے کہا ہے قاتل عاطف زمان ٹائر کا بزنس کرتا تھا، اس نے لوگوں سے پیسے لے رکھے تھے، ہم نے سرمایہ کاری کر رکھی تھی، وہ پیسے نہیں دے رہا تھا، ڈرامے کر رہا تھا۔