منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
 
 
نئی دہلی : بھارت میں 16 کروڑ سے زائد لوگ صاف پانی سے محروم ہیں اور یہ تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے، پانی کا بحران انتہائی غیر منصفانہ ہے‘ امیر طبقے کو کوئی فرق نہیں پڑتابس غریب کو جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔
 
دو کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل بھارت کے گنجان آباد دارالحکومت نئی دہلی میں بد ترین خشک سالی امیر اور غریب طبقے کے درمیان پہلے سے موجود عدم مساوات کو مزید بڑھا رہی ہے۔
 
میڈیا ذرائع کا کہنا تھا کہ مرکزی دہلی کے وسیع و عریض گھروں اور لگڑری اپارٹمنٹس میں رہنے والے سیاستدان، سرکاری ملازمین اور کاروباری افراد پائپ لائن کے ذریعے مہینہ بھر اپنے واش رومز اور کچن کے استعمال کے علاوہ گاڑیاں دھونے، کتے نہلانے اور گھر کے باغیچے کو سیراب کرنے کے لیے لامحدود پانی صرف 10 سے 15 ڈالرز میں خرید سکتے ہیں۔
 
دوسری طرف کچی آبادیوں یا مرکزی شہر کے گردونواح میں آباد نسبتاً غریب طبقے کی کالونیوں میں رہنے والوں کو محدود مقدار میں پانی لینے کے لیے روزانہ مشقت کرنا پڑتی ہے۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس طقبے کو پانی کی سپلائی پائپ لائن سے نہیں بلکہ ٹینکرز کے ذریعے کی جاتی ہے اور دن بدن پانی کی کم ہوتی سپلائی کے ساتھ اس کی قیمت تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے۔
 
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بھارت میں پانی کا بحران انتہائی غیر منصفانہ ہے۔ دہلی اور ملک کے دیگر حصوں میں امیر طبقے کو اس بحران سے کوئی فرق نہیں پڑتا جبکہ غریب عوام کو پانی کے حصول کی خاطر روزانہ جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔
 
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی کابینہ سمیت زیادہ تر قانون سازوں کی سرکاری رہائش گاہیں مرکزی دہلی میں ہی ہیں، شاید یہی وجہ ہے کہ مودی کو پانی کے تحفظ کے لیے حکومتی سطح پر ایک بڑے پروگرام کا اعلان کرنے میں کئی سال لگے۔
 
غیر ملکی میڈیا کا کہناتھا کہ دہلی کے مرکزی سرکاری ضلع اور آرمی کنٹونمنٹ کے علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہر رہائشی کو تقریباً 375 لیٹر پانی ملتا ہے جبکہ سنگم وہار کے ضلعے کے ہر رہائشی کے حصے میں یومیہ صرف 40 لیٹر پانی آتا ہے۔
 
خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ کنوؤں سے نکال کر یہ پانی شہر میں سرکاری ادارے دہلی واٹر بورڈ کی زیر نگرانی ٹینکرز کے ذریعے سپلائی کیا جاتا ہےلیکن مقامی رہائشی کہتے ہیں کہ پانی کے کچھ کنوؤں پر جرائم پیشہ گینگز اور مقامی سیاستدانوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے قبضہ کر رکھا ہے، ان گینگز کا غیر قانونی طور پر پانی کے پرائیویٹ ٹینکرز بیچنے میں بھی بڑا کردار ہے۔
 
رپورٹ کے مطابق یہ سب ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب دہلی نے رواں سال جون میں خشک سالی کا 26 سالہ ریکارڈ توڑا ہے اور 10 جون کو یہاں 48 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔
 
برطانوی سماجی تنظیم ’واٹر ایڈ‘ کے مطابق بھارت میں لگ بھگ 16 کروڑ سے زائد لوگ (آبادی کا 12 فیصد) صاف پانی سے محروم ہیں اور یہ تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔
 
 
 
 
 
ہانگ کانگ سٹی :حکومت مخالف مظاہرین پولیس کے لاٹھی چارج کا مقابلہ اپنی چھتریو ں سے کرتے رہے،پولیس نے وارننگ دینے کے بعد 300 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔
 
سابق برطانوی کالونی ہانگ کانگ میں سیاسی کشیدگی کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہوگیا ہے جہاں مظاہرین کی ریلی کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیا گیا۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ کے ضلع مونگ کوک میں 20 منٹ تک مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید کشیدگی کی صورت حال رہی جس کے بعدپولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج شروع کردی جبکہ مظاہرین چھتریوں سے اپنا دفاع کررہے تھے۔
 
پولیس نے 300 نوجوان کے ایک گروپ کو مظاہرہ ختم کرنے کے لیے وارننگ جاری کی لیکن انہوں نے پولیس کی ایک نہ سنی۔حکومت مخالف مظاہرین پر پولیس کی جانب سے تشدد کیوں شروع اس حوالے سے واضح طور پر رپورٹس سامنے نہیں آئیں تاہم اس سے قبل پرامن مظاہرے دیکھے گئے تھے۔
 
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ہانگ کانگ میں مجرموں کی حوالگی سے متعلق متنازع بل کے خلاف لاکھوں افراد نے احتجاج کیا تھا جس کے باعث چیف ایگزیکٹو کیری لام نے عوام سے مانگ لی تھی۔
 
خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ عوام کی جانب سے غم و غصے اور شدید احتجاج کے بعد کیرم لام مجرمان کی حوالگی سے متعلق مجوزہ بل پر بحث منسوخ کرنے پر مجبور ہوگئی تھیں لیکن عوام نے احتجاج وقتی طور پر ختم کردیا تھا لیکن ملک میں جمہوری اصلاحات کا مطالبہ کر دیا تھا۔
 
ہانگ کانگ میں تازہ مظاہروں کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا جس کے بعد مظاہرین نے گرفتار افراد کی رہائی کے لیے نعرے بازی کی۔
 
یاد رہے کہ ہانگ کانگ میں 2014 میں جمہوریت پسندوں نے دو ماہ تک طویل احتجاج کیا تھا اور اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوتی تھیں جس سے مونگ کوک سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اضلاع میں شامل تھا۔
 
 
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ غلط اقتصادی پالیسیوں سے ملک وقوم کو بہت نقصان پہنچایا گیا، معیشت کی تباہی کی بات کریں تو مخالفین تلملا اٹھتے ہیں۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ لوٹی ہوئی دولت کی واپسی ہر پاکستانی کی خواہش ہے، قومی وسائل لوٹنے والوں نے ملک کے بچے بچے کو مقروض کر دیا۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ معیشت کی تباہی کی بات کریں تو مخالفین تلملا اٹھتے ہیں، غلط اقتصادی پالیسیوں سے ملک وقوم کو بہت نقصان پہنچایا گیا، ادارے خود مختار ہیں، احتساب بلاامتیازہو رہا ہے۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کی کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلاکیا، بدعنوان عناصر نے ذاتی تجوریاں بھرنے کے لیے ملک کا بیڑاغرق کیا، نئے پاکستان میں کرپٹ عناصر کا بلاتفریق احتساب ہورہا ہے۔
 
عثمان بزدار کا کہنا تھا اپوزیشن لوٹ مارکی دولت بچانے کی ناکام کوشش کررہی ہے، وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی قوم کونئی امید دی، شفاف قیادت ہی کرپشن فری پاکستان بنائےگی۔
عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر میں بیماریوں اور معذوریوں کی بڑی وجہ ڈپریشن کو قرار دے دیا۔ دنیا کا ہر تیسرا شخص اور مجموعی طور پر 30 کروڑ سے زائد افراد اس مرض کا شکار ہیں۔
 
غیر ملکی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ضرورت سے زیادہ کسی بھی معاملے کو سنجیدگی سے لے لینا، اور اس کی بے جا فکر کرنا انسان کے ذہنی تناؤ کا سب سے بڑا سبب ہوتی ہے۔
 
اگر کسی کو اچانک سے شدید غصہ آجائے اور وہ بغیر کسی ٹھوس وجہ کے دوسروں پر چیخے چلائے لیکن دل کی بھڑاس نکال دینے کے کچھ دیر بعد اسے اپنے اس عمل پر پچھتاوا محسوس ہو تو یہ علامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ متعلقہ شخص ڈپریشن یا ذہنی تناؤ کا شکار ہے۔
 
گزشتہ سال ایک تحقیق میں امریکا میں ذہنی تناؤ کو سب سے بڑی دماغی بیماری قرار دیا گیا تھا کیونکہ وہاں ڈپریشن کے شکار افراد کی تعداد 4 کروڑ سے زائد پائی گئی۔ رواں سال اس تعداد میں بجائے کمی ہونے کے مزید اضافہ ہوا ہے۔
 
سال 2017 میں عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کیے گئے جانے والے انکشاف کے مطابق اس حوالے سے پاکستان میں بھی صورتحال حوصلہ افزا نہیں تھی۔
 
رپورٹ کے مطابق دو سال قبل تک پاکستان کی 34 فیصد آبادی ڈپریشن کا شکار تھی اور 2019 تک یقینی طور پراس میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ ن لیگی کرپشن چھپانے کیلئے معزز اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی سزا یافتہ جلسے کر رہا ہے۔
 
 
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں پنجاب کے وزیر اطلاعات و نشریات صمصام بخاری نے مریم نواز کے منڈی بہاو الدین میں ہونے والے جلسے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کے مفرور بھائی عدالت میں یش نہیں ہوتے، مریم نواز خود سزا یافتہ ہیں، تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی سزا یافتہ جلسے کر رہا ہے،تاہم حکومت نے مسلم لیگ ن کو جلسے سے پھر بھی نہیں روکا۔
 
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے بانی ایم کیوایم کی لائن پکڑلی ہے، یہ لوگ کرپشن چھپانے کیلئے اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، رانا ثناء کے خلاف پہلی ایف آئی آر ن لیگ نے درج کرائی، یہ لوگ اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جعلی ویڈیوعدلیہ پر دباؤ ڈالنے کی ناکام کوشش ہے، یہ ن لیگ کی روایت ہے کہ وہ اداروں پر الزام تراشی کرتی ہے۔
 
مریم نواز کی پریس کانفرنس کے ذکر پر وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ پوری پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف خاموش رہے اور مریم نواز بولتی رہیں، پریس کانفرنس میں شہباز شریف پریشان نظر آئے، مسلم لیگ ن میں تخت کی جنگ چل رہی ہے، نیوز کانفرنس میں پارٹی صدر کو سائیڈ لائن کیا گیا۔
پشاور میں بس ریپیڈ ٹرانسزٹ (بی آر ٹی) کے تعمیراتی کام کے دوران پل سے لوہے کی بھاری پلیٹس روڈ پر کھڑی گاڑی پر جا گری۔ حادثے میں کرین کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
 
انتظامیہ کے مطابق پشاور میں شعبہ بازار سے گزرنے والے بی آر ٹی پل سے لوہے کی بھاری پلیٹیں گاڑی پر گرگئیں۔ لوہے کو بھاری پل پر منتقل کرتے ہوئے پلیٹس توازن بگڑنے سے گر گئیں، جس سے ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ، جب کہ پلیٹس کو منتقل کرنے والی کرین بھی متاثر ہوئی۔
 
 
 
لوہے کی پلیٹس 25 فٹ بلندی سے گریں، واقعہ کے دوران کرین کا ڈرائیور زخمی ہوگیا، جسے طبعی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ عینی شاہد نے واقعہ کو غیر ذمہ داری قرار دے دیا۔
 
 
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ کی انسپیکشن ٹیم نے پشاور میٹرو میں کئی خامیوں اور نقص کی نشاندہی کی تھی، جس کے بعد ایک خاتون بھی آزمائشی سروس کے دوران میٹرو بس کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئی تھی۔ اس کے بعد بھی اس منصوبے میں کئی خامیوں کی نشاندہی ہوئی۔
 
 
 
پشاور میٹرو بس کا منصوبہ سابقہ وزیراعلیٰ و موجودہ وزیر دفاع پرویز خٹک کے دور میں شروع ہوا تھا جو اب تک مکمل نہیں ہوسکا، جب کہ اس منصوبے کی تکمیل کی ڈیڈ لائن میں بھی 5 بار توسیع ہوچکی ہے۔
نیب لاہور نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو اہلیہ اور بیٹے سمیت طلب کرلیا ہے۔
 
احتساب عدالت نے خواجہ آصف ، ان کی اہلیہ ایم این اے مسرت آصف اور بیٹے خواجہ اسد آصف کو سیالکوٹ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں طلب کیا ہے۔
 
تینوں کو احتساب عدالت نے گزشتہ ہفتہ بھی طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے تھے جس پر نیب نے ملزمان کو آج دوبارہ طلب کرلیا ہے۔
 
ملزمان کےخلاف کینٹ ہاؤسنگ اسکیم سیالکوٹ کے نام پر کروڑوں روپے وصول کرنے کا الزام ہے۔
 
اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کا کہناہے کہ حکومت کو اپوزیشن کےاحتجاج کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
 
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ موجودہ چیئرمین سینیٹ اچھا کردار ادا کررہے ہیں اور نئے چیئرمین سینیٹ کے لیے اپوزیشن کسی ایک نام پر متفق نہیں ہوسکی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قوانین کے تحت احتجاج کرتی ہے تو اس کی مخالفت نہیں کریں گے لیکن قوانین توڑنے کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔
 
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھاکہ حکومت کو اپوزیشن کےاحتجاج کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
کراچی: پاکستانی ٹی وی ادکارہ اقرا عزیز اور اداکاروکامیڈین یاسر خان کے دوستی کے چرچے تو شوبز انڈسٹری میں تھے ہی پر اب اداکارہ نے یاسر خان کی شادی کی پیشکش پرہاں کردی ہے۔
 
اقرا عزیز اور یاسرخان کی گہری دوستی کے بارے کسے خبرنہ تھی۔ لیکن دونوں کی جانب سے کبھی محبت کا اعتراف نہیں کیا گیا تھا۔ پچھلے دنوں دونوں کی ساتھ بیرون ملک گھومنے پھرنے کی تصاویر بھی خوب میڈیا کی زینت بنی تھیں۔
تاہم لکس اسٹائل ایوارڈزمیں اداکاریاسر خان نے ٹی وی اداکارہ اقرا عزیز کو شادی کی پیشکش کی جوانہوں نے فوری طور پر خوشی خوشی قبول کرلی۔ دونوں ہی اس موقع نہایت خوش نظر آئے۔
 
دونوں کی وڈیوسوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے جہاں یاسر خان بے حد خوشی کا اظہارکرتے ہوئے اداکارہ کو انگوٹھی پہنا رہے ہیں۔
 
دوسری جانب اداکاریاسرخان کی جانب سے شادی کی پیشکش کے اندازکوسوشل میڈیا پرتنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ مداحوں کی زیادہ تر تعداد نے ان کے بے باک انداز پر خوب کھری کھری سنائی ہیں۔
 
ایک صارف کا کہنا تھا کہ ایک ایوارڈ شو میں منگنی کے اس اندازکو اپنانے کے بعد وہ کیا بتانا چاہتے ہیں۔ دوسرے صارف کے مطابق یاسرحسین کو ایورڈ شو میں بالی ووڈ اداکارعمران ہاشمی بننے کی ضرورت نہیں تھی جب کہ کچھ صارفین نے دونوں کومعروف کارٹون ’ٹام اورجیری‘ سے بھی تشبیہہ دے دی۔
 
ایک اورصارف نے دونوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ یاسرخان اقراعزیز کے باپ جیسے لگتے ہیں جب کہ دونوں کی جوڑی بہت بے کار ہے۔

ڈربن:  انڈر19 کرکٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کیخلاف پاکستان کا کلین سوئپ مکمل ہوگیا، گرین شرٹس نے ساتویں اور آخری ون ڈے میں بھی 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی، حارث خان اور محمد باسط علی نے نصف سنچریاں بنائیں، محمد عامر نے 3 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، عامر علی اور حارث نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

تفصیلات کے مطابق انڈر19 کرکٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کیخلاف پاکستانی مشن 7-0 سے مکمل ہوگیا، گرین شرٹس نے آخری ون ڈے میں 7 وکٹ سے کامیابی سمیٹ لی، 183 کا ہدف پانے والی قومی ٹیم کو اوپنرز باسط علی اور حیدرعلی نے 49 رنز کی بنیاد فراہم کی، اس میں حیدر کا حصہ 30 رنز رہا، انھوں نے 38 گیندوں پر 3 چوکے اور ایک سکسر لگایا، کپتان روحیل نذیر 1 رن کے مہمان ثابت ہوئے، انھوں نے 12 بالز کا سامنا کیا، حارث اور باسط کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے82 کی شراکت بنی، باسط 56 رنز بناکر پویلین کی راہ لی، حارث 69 اور فہد منیر21 پر ناقابل شکست رہے۔

ٹیم نے 37.3 اوورز میں 3 وکٹ پر 185 رنز جوڑ کر کامیابی سمیٹی، اس سے قبل میزبان پروٹیز 48 اوورز میں 182 پر آل آؤٹ ہوگئے، کپتان برائس پیئرسن37 اور کھانیا کوٹانی 35 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، عامر نے 40 رنز دیکر3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، عامر علی اور حارث خان نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں، واضح رہے کہ قومی جونیئر ٹیم نے ٹور میں اس سے قبل منعقدہ 6 میچز میں جنوبی افریقہ کیخلاف بالترتیب 17 رنز، چار وکٹ، 6 وکٹ، 88 رنز 116 رنز اور 60 رنز سے فتوحات کو گلے لگایا۔