منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

صنعاء : یمن کے عسکری ذرائع نے کہا ہے کہ غیر معمولی نوعیت کی چڑھائی کے سلسلے میں بہت تیزی سے مورچے قائم کیے جا رہے ہیں۔
 
یمن کے الحدیدہ شہر میں جنگ بندی کی نگرانی کے لیے قائم کردہ اقوام متحدہ کی کمیٹی’ آر سی سی‘ میں شامل حکومتی کمیٹی نے الزام عاید کیا ہے کہ یمن کے مغربی شہر الحدیدہ میں باغی حوثی ملیشیا نے رہائشی عمارتوں میں میں مورچہ بندی کی کارروائیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت باغی ملیشیا کی جانب سے وسیع پیمانے پر تین حملوں میں ناکامی کے بعد سامنے آئی ہے۔آئینی حکومت کی طرف سے قائم کردہ ٹیم کے سربراہ میجر جنرل صغیرحمود عزیز نے اقوام متحدہ کے عہدیدار جنرل مائیکل لولسیگارڈ سے حوثی ملیشیا کی جانب سے گھروں کو مورچوں میں تبدیل کرنے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
 
غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یمنی مشترکہ مزاحمت کے زیر انتظام عسکری میڈیا نے الحدیدہ میں الخمسین اسٹریٹ کے نزدیک رہائشی عمارتوں میں حوثی عناصر کی جانب سے مورچے قائم کرنے کی کارروائی کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا۔
 
عسکری ذرائع کے مطابق غیر معمولی نوعیت کی چڑھائی کے سلسلے میں بہت تیزی سے مورچے قائم کیے جا رہے ہیں، اس دوران باغیوں کی جانب سے فائرنگ، گولہ باری اور دراندازی کی کوششوں کے علاوہ آزاد کرائے جانے والے رہائشی علاقوں میں وسیع پیمانے پر حملوں اور پیش قدمی کی سر توڑ کوشش کی جا رہی ہے۔
 
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حوثی ملیشیا اقوام متحدہ کے زیر سرپرستی اعلان کردہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الحدیدہ شہر میں آزاد کرائے جانے والے علاقوں اور محلوں میں رہائشی علاقوں پر بھاری گولہ باری کر رہی ہے، ملیشیا نے دسمبر میں دستخط کیے گئے سویڈن معاہدے پر عمل درامد سے بھی انکار کر دیا ہے۔
 
اس سے قبل عسکری ذرائع نے خبردار کیا تھا کہ مغربی ساحل کے محاذوں پر اور الحدیدہ شہر کے اندر مسلح جتّھے نقل و حرکت کر رہے ہیں، اس کے علاوہ صوبے کے باہر سے کُمک بھی منگوائی جا رہی ہے۔
 
عسکری ذرائع کے مطابق ادھر اقوام متحدہ الحدیدہ کے حوالے سے سویڈن معاہدے پر عمل درامد میں پیش رفت کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ اس میں الحدیدہ شہر اور اس کی بندرگاہوں سے حوثی ملیشیا کا انخلا شامل ہے۔
کراچی : صوبائی وزیر رسد و قیمت محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے دودھ کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا، متعلقہ افسران مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔
 
سندھ حکومت نے دودھ کی قیمتوں میں دس روپے اضافہ مسترد کردیا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر رسد و قیمت محمد اسماعیل راہو نے یوتھ پارلیمنٹ کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے دودھ کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا، قیمت میں اضافہ مسترد کرتے ہیں۔
 
انہوں نے بتایا کہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور پرائز مجسٹریٹس کو مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا گیا ہے، اس سلسلے میں ڈیری فارمز کے ساتھ بات کی جائے گی، ان کے جو بھی مسائل ہیں بیٹھ کے حل کریں گے۔
 
وزیر رسد و قیمت نے مزید کہا کہ ڈیری فارمزایسوسی ایشن نے سندھ حکومت کی منظوری کے بغیر دودھ کی قیمت میں اضافہ کیسے کیا۔
 
 
اسماعیل راہو نے ہدایت کی کہ کمشنر کراچی ڈیری فارمز کے عہدیداران کو طلب کریں اور دودھ کی قیمت میں اضافہ واپس کروائیں۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ وفاقی حکومت کے بجٹ کے بعد مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ کمر توڑ مہنگائی میں عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا،
کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے ویڈیو اس کی فراہم کی جو 14 کیسز میں مطلوب ہے، اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی سامنے آجائے گا۔
 
کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری بڑی تقریریں کر رہے ہیں، نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔
 
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ فاٹا قومی دھارے میں آیا تب بلاول بھٹو زرداری کو پشتون یاد آگئے، راؤ انوار پشتونوں کوقتل کررہا تھا تو بلاول بھٹو کہاں تھے؟۔
 
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو لاڑکانہ، رتو ڈیرو جانا چاہیے جہاں ایڈز پھیل چکا، معصوم مررہے ہیں، صحت کی سہولیات کیوں نہیں دی جاتیں، رتوڈیرو میں 903 متاثرہ بچے ہیں، ٹریٹمنٹ سینٹر بھی بحال نہیں ہوا۔
 
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ہمارے چیمپئن وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ٹوپی ڈراما شروع کر دیا ہے، 11 سال بعد وزیراعلیٰ کوکراچی کا خیال آیا ہے کہ پانی دیا جائے۔
 
حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی بھی تھر کے معصوم بچوں سے ٹوپی ڈراما کرنے آگئے۔
دور حاضر میں شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو جو اسمارٹ فون استعمال نہ کرتا ہو اور بالخصوص اپنے بسترپر لیٹ کر اس کا استعمال نہ کرتا ہو لیکن یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ اس طرح کا عمل آپ کی صحت کے لیے کتنا نقصان دہ ہے۔
 
کیلیفورنیا یونیورسٹی نے موبائل فون کے استعمال سے متعلق حالیہ تحقیق میں صارفین کو خبردار کیا ہے کہ لیٹ کر موبائل فون کا استعمال جسم اور دماغ کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
 
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اسمارٹ فون کی اسکرین سے خارج ہونے والی شعاعیں آنکھوں کو متاثر کرتی ہیں اور دماغ کو جاگنے پر مجبور کرتی ہیں۔
 
تحقیق کے مطابق اگر آپ کی نیند متاثر ہوتی ہے اور آپ 5 سے 6 گھنٹے ہی سو پاتے ہیں، اس کے نتیجے میں دوران نیند جسم کے اندر زہریلے مواد کی صفائی کا عمل مناسب طریقے سے نہیں ہوپاتا۔
 
یہ زہریلے اثرات پھر جسم کے اندر موجود رہتے ہیں جس کے نتیجے میں توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے، مختصر المدت یادداشت پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، مسائل کا حل نکالنے کی صلاحیت بھی ناقص ہوسکتی ہے۔
 
کم نیند کا نتیجہ لوگوں کے اندر نقصان دہ غذا کے استعمال کا رجحان بھی بڑھاتا ہے جس کے نتیجے میں موٹاپے، ذیابیطس اور بلڈ پریشر جیسے امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
 
کسی بھی چیز کے استعمال کے لیے اعتدال پہلی شرط ہوتی ہے اس لیے موبائل کے استعمال کے معاملے میں بھی توازن کے بگڑ جانے سے معاملہ گڑبڑ ہوجاتا ہے۔

لاہور:معروف اداکارہ ماہرہ خان کی فلم 'سپر سٹار' کا پہلا گیت 'بے کراں' ریلیز کر دیا گیا جس میں ماہرہ خان اور بلال کو سیاہ لباس میں اسٹیج پر ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

 واضح رہے کہ دونوں اداکاروں کی اس کیمسٹری کا سوشل میڈیا پر کافی چرچہ ہے اور اس جوڑی کو خوب پسند بھی کیا جا رہا ہے۔
 
یہ گیت گلوکار علی سیٹھی اور زیب بنگش کی آوا ز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے نغمہ نگار شکیل سہیل ہیں،موسیقی اذان سمیع خان اور سعد سلطان نے ترتیب دی ہے۔

ریلیز ہونے کے دو روز میں ہی اس گیت کو 2 لاکھ کے قریب لوگ دیکھ چکے ہیں۔

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے مریم نواز کی جانب سے بذریعہ ویڈیو الزامات پر پریس ریلیز کے ذریعے جواب دے دیا۔
 
جج محمد ارشد ملک نے رجسٹرار احتساب عدالت کے دستخط سے وضاحتی بیان جاری کیا جس میں فاضل جج نے مریم نواز کی پریس کانفرنس اور اس میں دکھائی جانے والی ویڈیو پر ردعمل دیا۔
 
پریس ریلیز میں فاضل جج نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف مقدمات کی سماعت کے دوران ان کے نمائندوں کی طرف سے بارہا نہ صرف رشوت کی پیش کش کی گئی بلکہ تعاون نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں جنہیں سختی سے رد کرتے ہوئے حق پر قائم رہنے کا عزم کیا۔
 
جج ارشد ملک نے کہا کہ اگر دباؤ یا رشوت کی لالچ میں فیصلہ سنانا ہوتا تو ایک مقدمے میں سزا اور دوسرے میں بری نہ کرتا، انصاف کرتے ہوئے شواہد کی بنا پر نواز شریف کو العزیزیہ کیس میں سزا اور فلیگ شپ کیس میں بری کیا۔
 
نواز شریف کیخلاف فیصلہ دینے والے جج کو بلیک میل کیا گیا، مریم نواز ویڈیو سامنے لے آئیں
 
جج ارشد ملک کا کہنا تھا کہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مجھ پر بالواسطہ یا بلا واسطہ کوئی دباؤ نہیں تھا، مریم نواز کی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی ویڈیو جعلی، مفروضی اور جھوٹی ہے، اس ویڈیو میں ملوث افراد کے ساتھ قانونی چارہ جوئی کی جائے۔
 
جج ارشد ملک نے کہا کہ میں نے گزشتہ روز مریم صفدر کی پریس کانفرنس اور مجھ سے منسوب ویڈیو دیکھی، اس پریس کانفرنس میں مجھ پر سنگین الزامات لگائے گئے اور میری ذات اور میرے خاندان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی سازش کی گئی۔
 
جج ارشد ملک نے اعتراف کیا کہ 'میری ناصر بٹ سے پُرانی شناسائی ہے، ناصر بٹ اور اس کا بھائی عبداللہ بٹ عرصہ دراز سے مجھ سے بے شمار بار ملتے رہے ہیں'۔
 
احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ مریم نواز کی جانب سے دکھائی جانے والی ویڈیو میں گفتگو کو توڑ مروڑ کر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے کی مذموم کوشش کی گئی ہے۔
 
جج ارشد ملک نے پریس ریلیز میں مزید کہا کہ انہوں نے جو فیصلے کیے وہ خدا کو حاضر و ناظر جان کر قانون و شواہد کی بنیاد پر کیے ہیں تاہم مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس محض ان کے فیصلوں کو متنازع بنانے اور سیاسی فوائد حاصل کرنے کے لیے کی گئی ہے۔

کراچی: تاجر ایکشن کمیٹی نے وفاقی بجٹ میں ٹیکسوں کی بھر مار کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کل سے تین روزہ ہڑتال کا اعلان کردیا۔

ملک کی تمام تاجر تنظیموں کا مالی سال کے بجٹ اور ٹیکسوں کی بھرمار پر مشترکہ اجلاس ہوا جس میں حکومت کی عدم توجہ کیخلاف سب نے 13 جولائی کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی تاجر ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے صدر میں پریس کانفرنس کی جس میں تاجر رہنما رضوان عرفان کا کہنا تھا کہ حکومت کے غیر ذمہ دارانہ روئیے اور بجٹ پر ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔

اس دوران تاجر رہنماؤں نے وفاقی حکومت کو 11مطالبات بھی پیش کیے جن میں انکم ٹیکس کی چھوٹ کو 12 لاکھ پر واپس لانے، ہر دکاندار سے ایک جیسا ٹیکس لینے، ٹیکس دینے والوں کا آڈٹ نہ کرنے ، گاڑیوں کی درآمد پر ٹیکس کم کرنا شامل ہے۔

ادھر لاہور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ 30 جون کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کی جس کی منظوری کے لیے حکومت کو 7 جولائی کی ڈیڈلائن دی تھی لیکن حکومت نے 32 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ تسلیم نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ مطالبات پورے نہ ہونے پر احتجاج کا دائرہ پاکستان بھر میں لے جائیں گے۔ 

دوسری جانب وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ تاجروں کاروزگار نہ چلا تو معیشت کا پہیہ بھی نہیں چلتا، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین ایف بی آر نے معیشت چلانے کے لیے تاجروں کو انجیکشن لگادیا ہے۔

دوحا: قطر اور جرمنی کے تعاون سے افغان وفد اور طالبان کے درمیان افغانستان میں جنگ کے خاتمے اور قیام امن کے لیے دو روزہ کانفرنس کا آج سے آغاز ہونے جارہا ہے۔
 
دوحا میں افغانستان کے سیاستدانوں، سول سوسائٹی اور صحافیوں پر مشتمل 50 افراد کا ایک وفد آج طالبان سے ملاقات کرے گا جس کے دوران قیام امن سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
 
پاکستان میں سابق افغان سفیر عمر زخیلوال بھی کانفرنس میں شریک ہوں گے جن کا کہنا ہے کہ طالبان سے ملاقات کا مقصد امن مذاکرات کو آگے بڑھانا ہے جب کہ آج کی کانفرنس امریکا اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات کا حصہ ہے۔
 
طالبان نے افغانستان کی موجودہ اشرف غنی حکومت سے براہ راست مذاکرات سے صاف انکار کر رکھا ہے تاہم طالبان کا کہنا ہے کہ حکومتی افراد ذاتی حیثیت میں کانفرنس میں شریک ہوسکتے ہیں۔
 
یاد رہے کہ طالبان افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حق میں نہیں اور وہ اشرف غنی حکومت کو امریکا کا کٹھ پتلی قرار دیتے ہیں اور وہ براہ راست امریکا سے مذاکرات کو ترجیح دیتے ہیں۔
منڈی بہاؤالدین: مسلم لیگ (ن) کی قیادت قائداعظم گراؤنڈ میں ہی جلسہ کرنے پر اصرار کررہی ہے لیکن انتظامیہ نے اجازت دینے سے انکار کردیا۔
 
دوسری جانب منڈی بہاؤالدین میں جلسہ گاہ کے گراؤنڈ میں ابھی تک 6 انچ سے زائد پانی بھی موجود ہے اور جلسہ گاہ میں کرسیاں، شامیانے اور دوسرا سامان بھی نہیں پہنچا جب کہ انتظامیہ نے قائداعظم گراؤنڈ کے تینوں دروازوں کو تالے لگا دیے لیکن لیگی قیادت قائداعظم گراؤنڈ میں ہی جلسہ کرنے پر اصرار کررہی ہے۔ ڈی پی او منڈی بہاءالدین کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کےباعث ن لیگ کو جلسے کی اجازت نہیں دی۔
 
جلسے کی اجازت نہ ملنے پر (ن) لیگی کارکن سینما گراؤنڈ کے باہر احتجاج کررہے ہیں، لیگی کارکنوں کی حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی جب کہ ان کا کہنا ہے کہ حکومت (ن) لیگ کے جلسے سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

کراچی: ورلڈکپ میں شکست پر بڑے بڑے برج الٹنے کا امکان روشن ہوگیا جب کہ سلیکشن کمیٹی اور کوچز کو گھر جانا پڑے گا۔

انگلینڈ میں منعقدہ میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم فائنل فور میں بھی جگہ نہ بنا سکی، غیرمعیاری کارکردگی کے بعد قومی کرکٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا گیا،یہ بات تو یقینی ہے کہ انضمام الحق کی زیرسربراہی سلیکشن کمیٹی اب برقرار نہیں رہے گی۔

بورڈ کی جانب سے جلد ان کی ’’خدمات‘‘ کو خراج تحسین ادا کرنے کی پریس ریلیز سامنے آ سکتی ہے،ان کی جگہ سنبھالنے کیلیے بعض سابق کرکٹرز کے نام زیرغور ہیں البتہ ابھی کسی کو فائنل نہیں کیا گیا، انضمام سے موجودہ بورڈ حکام خوش نہیں اور ورلڈکپ سے قبل ہی انھیں بتا دیا گیا تھا کہ نتائج کچھ بھی ہوں معاہدے میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

 ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور ان کی ٹیم کے بھی برقرار رہنے کا امکان کم ہے،ابھی پی سی بی نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ نیا کوچ ملکی ہو یا غیر ملکی، چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی لندن میں مکی آرتھر سے ملاقات ہوگی جس میں ان کے مستقبل پر بات ہونی ہے، ون ڈے اور ٹیسٹ میں ٹیم کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے بورڈ تبدیلی چاہتا ہے۔

اسی طرح کپتان سرفراز احمد کا مستقبل بھی غیریقینی کا شکار ہے،البتہ مناسب متبادل موجود نہ ہونے کی وجہ سے شاید ان کے حوالے سے فیصلے میں تاخیر ہو جائے،ذرائع نے بتایا کہ مکی آرتھر اور سرفراز دونوں کی خواہش ہے کہ بدستور فرائض نبھاتے رہیں مگر بورڈ نے کسی قسم کی یقین دہانی کرانے سے گریز کیا ہے۔

انگلینڈ میں آئی سی سی میٹنگز سے فراغت کے بعد ایم ڈی وسیم خان کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں اس حوالے سے تبادلہ خیال کرینگے، فی الحال آئندہ کچھ ماہ پاکستانی ٹیم کی بھی کوئی مصروفیت نہیں لہذا بورڈ جلد بازی میںکوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتا۔