منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

پشاور: خیبر پختونخوا میں پولیو کے 5نئے کیسز سامنے آگئے،محکمہءصحت کے مطابق ضلع بنوں میں 3اور تورغرمیں 2بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ،

محکمہءصحت کے مطابق متاثرہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے نہیں لگائے گئے خیبر پختونخوا میں رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔

ڈرہم: میزبان انگلینڈ نے انتہائی اہم میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ 

ورلڈکپ کے سیمی فائنل مرحلے کے لیے آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں کوالیفائی کرچکی ہے اور مزید 2 ٹیموں کو سیمی فائنل میں جگہ بنانی ہے۔

ڈرہم کے ریور سائڈ گراؤنڈ میں میزبان انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ 

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔

گزشتہ 5 ورلڈکپ مقابلوں میں دونوں ٹیمیں 5 بار مدمقابل آئیں اور پانچوں مرتبہ نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دی۔

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ دونوں ہی ٹیموں کو شکست کی صورت میں سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے پاکستان کے میچ پر انحصار کرنا ہوگا جب کہ لازمی فتح کے علاوہ پاکستان کا فائنل فور میں جانے کا دار و مدار نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ پر بھی ہے۔

ڈرہم: کرکٹ ورلڈ کپ میں میزبان انگلینڈ کی ٹیم اپنا اہم ترین گروپ میچ آج نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی اور میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔

ورلڈکپ کے سیمی فائنل مرحلے کے لیے آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں کوالیفائی کرچکی ہے اور مزید 2 ٹیموں کو سیمی فائنل میں جگہ بنانی ہے۔

ڈرہم کے ریور سائڈ گراؤنڈ میں میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی تیسری ٹیم ہوگی۔

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ دونوں ہی ٹیموں کو شکست کی صورت میں سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے پاکستان کے میچ پر انحصار کرنا ہوگا جب کہ لازمی فتح کے علاوہ پاکستان کا فائنل فور میں جانے کا دار و مدار نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ پر بھی ہے۔

آسٹریلیا کے بعد بھارت نے بھی کرکٹ ورلڈکپ کے سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا اور اب مزید 2 ٹیموں کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونا جس کے لیے نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ہے۔
 
میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان آج کا میچ انتہائی اہم ہے اور فاتح ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائے گی۔
 
پاکستان کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے بنگلادیش سے جیت کے علاوہ انگلینڈ کی شکست بھی لازم ہے۔
 
اگر انگلش ٹیم آج کا میچ جیتنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو وہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائے گی اور پاکستان کو بنگلادیش سے جیتنے کے بعد نیوزی لینڈ کے رن ریٹ پر انحصار کرنا ہوگا۔
 
پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اور آج کا میچ جیتنے کی صورت میں وہ سیمی فائنل میں جگہ بنالے گی۔
 
میزبان انگلش ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے، آج کی جیت اسے سیمی فائنل میں پہنچا دے گی اور شکست کی صورت میں اسے پاکستان کی ہار کا انتظار کرنا ہوگا۔
 
اگر انگلش ٹیم آج کا میچ ہار گئی اور پاکستان نے بنگلادیش کو 5 جولائی کو کھیلے جانے والے میچ میں شکست دی تو انگلش ٹیم کے ورلڈکپ کا سفر ختم ہوجائے گا۔
 
نیوزی لینڈ کی شکست اور پاکستان کی جیت کی صورت میں پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیموں کے پوائنٹس 11، 11 ہوں گے اور بہتر رن ریٹ رکھنے والی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائے گی۔
 
اس لیے کسی بھی ٹیم کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں اور تینوں ٹیموں کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے لازمی جیتنا ہے۔

  پیٹرزمرٹزبرگ / جنوبی افریقہ: دورہ جنوبی افریقہ میں پاکستان انڈر19 ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری رہا۔

پاکستان نے میزبان کو سیریز کے پانچویں ون ڈے میں116 رنز سے شکست دے کر برتری کو5-0 کرلیا، گرین شرٹس نے8 وکٹ پر300 رنز بنائز، مین آف دی میچ عرفان نیازی نے 122 کی اننگز کھیلی، کپتان روحیل نذیرنے52 جبکہ اوپنرحیدرعلی اور فہد منیر نے یکساں طور پر 25،25 رنز بنائے، حارث خان 22 رنز بناکر میدان بدر ہوئے۔

دوسری جانب لیفااینٹینزی اور سیا پلیٹجی نے 2،2 وکٹیں لیں، ناکام سائیڈ 36.4 اوورز میں 184رنز پر ڈھیر ہوگئی، جوناتھن برڈ نے100رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، نسیم شاہ نے 3 جبکہ محمد وسیم، عامرعلی اور صائم ایوب نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

راولپنڈی: مقبول ترین ملی نغمے ’’دل دل پاکستان‘‘ کے شاعر نثار ناسک انتقال کرگئے۔
 
مقبول ترین ملی نغمے ’’دل دل پاکستان‘‘ کے شاعر نثار ناسک انتقال کرگئے۔ نثار ناسک گزشتہ چند برسوں سے شدید بیمار تھے، انہوں نے آخری ایام حکومتی بے حسی اورغربت کے باعث نہایت کسمپرسی میں گزارے۔ ان کی نماز جنازہ آج دن 11 بجے رتہ امرال قبرستان میں ادا کی جائےگی۔
 
1987 میں مشہور پاپ بینڈ وائٹل سائنس کی جانب سے پیش کیا جانے والا ملی نغمہ ’’دل دل پاکستان‘‘ پاکستان کا مشہور ترین ملی نغمہ ہے جسے جنید جمشید نے اپنی خوبصورت آواز میں گایا۔ اس ملی نغمے نے جنید جمشید کوراتوں رات شہرت کی بلندیوں پرپہنچادیا۔ ’’دل دل پاکستان‘‘ کی شہرت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اسے پاکستان کا دوسرا قومی ترانہ بھی کہا جاتا ہے۔ دہائیاں گزرنے کے باوجود آج بھی یہ ملی نغمہ بچے بچے کی زبان پر ہے۔
 
1943 میں راولپنڈی میں پیدا ہونے والے شاعر نثار ناسک نے’’دل دل پاکستان‘‘ کی شاعری لکھی تھی، نثار ناسک کو اردو لٹریچر میں بہترین خدمات انجام دینے کے لیے پی ٹی وی کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیاتھا۔

اسلام آباد: ایمنسٹی اسکیم کا آج آخری دن ہے اور رات 12 بجے کے بعد بے نامی داروں کے خلاف کارروائی شروع کردی جائے گی۔

حکومت کی جانب سے 31 جون کو ایمسنٹی اسکیم کی مدت ختم ہونے پر مزید 3 دن کی توسیع کی گئی تھی تاہم ایمنسٹی اسکیم کا آج آخری دن ہے۔ ایف بی آر کے مطابق ایسیٹ ڈیکلریشن اسکیم کا آج آخری دن ہے، تمام ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، رات 12 بجے کے بعد سے بے نامی داروں کے خلاف کارروائی شروع کردی جائے گی۔

زرائع ایف بی آر کے مطابق ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد 93ہزارسے تجاوز کر گئی ہے جب کہ ایف بی آر کو ایمنسٹی سے مجموعی طور پر45 ارب روپے کا عبوری اضافی ریونیو حاصل ہوا، ایمنسٹی اسکیم میں دولت اور اثاثے ظاہر کرنے کے ساتھ ٹیکس جمع کروانا لازمی نہیں ہے، اثاثے ظاہر کرکے پورے سال کے دوران ٹیکس جمع کروایا جاسکتا ہے۔




برسبین/پرتھ : سمندروں میں اندھا دھند پھینکا جانے والا پلاسٹک ہر طرح کی پالتو مچھلیوں سے لے کر وھیل تک کو یکساں طور پر تباہ کررہا ہے اور اب ایک مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ آسٹریلیا کے سمندروں میں پائے جانے والے جتنے مردہ کچھوے کے بچے ملے ہیں ان کی نصف تعداد پلاسٹک سے ہلاک ہوئی ہے اور بعض کے پیٹ میں پلاسٹک کا کچرا بھرا ہوا تھا۔
 
اس سے قبل سائنس داں کہہ چکے ہیں کہ پلانکٹن سے لے کر وھیل تک سب ہی پلاسٹک کے شکار ہیں اور ہر سال عالمی سمندروں میں ایک کروڑ ٹن پلاسٹک پھینکا جارہا ہے۔ اس سے قبل کئی مردہ وھیل کے پیٹ سے 12 کلوگرام تک پلاسٹک برآمد ہوا ہے اور اب کچھوے کے ننھے اور معصوم بچے بھی اس کے شکار ہورہے ہیں۔
 
دوسری جانب سمندری کوڑے اور مچھلیوں کے جال بھی سمندری کچھووں کو تباہ کررہے ہیں اور اس طرح سمندروں کو صاف رکھنے والے خوبصورت کچھوے تیزی سے ہلاک ہورہے ہیں۔ کچھ اقسام کے پلاسٹک جانوروں کے معدے کو نقصان پہنچائے بغیر باہر نکل جاتے ہیں لیکن ان کی بہت بڑی تعداد آنتوں اور معدے میں جمع ہوجاتی ہے جس سے یہ جانور مرجاتے ہیں۔
ہفت روزہ سائنسی جریدے نیچر میں شائع ایک رپورٹ میں کامن ویلتھ سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ آرگنائزیشن (سی ایس آئی آر او) آسٹریلیا سے وابستہ ڈاکٹر بریٹا ڈینس اور ان کے ساتھیوں نے لگ بھگ 1000 مردہ کچھووں کا جائزہ لے کر کہا ہے کہ کچھوے جتنے چھوٹے ہوں گے پلاسٹک سے مرنے کا امکان اتنا ہی زیادہ ہوجاتا ہے۔
 
ماہرین نے دیکھا کہ انڈے سے باہر آتے ہی بہت چھوٹے بچے اس سے متاثر ہوتے ہیں اور اس طرح ان کی نصف تعداد مردہ پائی گئی ہے۔ ان سے قدرے بڑے بچوں کی 25 فیصد تعداد موت کی شکار ہوئی جبکہ بڑے کچھووں کی 15 فیصد تعداد موت کے کنارے دیکھی گئی۔
 
ماہرین نے اندازہ لگایا کہ اگر کچھوے کا ایک بچہ پلاسٹک کے صرف 14 ٹکڑے نگل لے تو وہ اس کی موت کے امکانات 50 فیصد تک پہنچ جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ سمندری کچھووں کی 60 فیصد تعداد یا تو معدوم ہوچکی ہے یا فنا کے دہانے پر ہے۔

 

 


اسلام آباد: 

 

ملک بھر میں آج سے ریڑھی لگانے سے لے کر ہر قسم کے کاروبار کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار دیدی گئی ہے جب کہ رجسٹریشن نادرا سہولت مراکز پر ہوگی۔

 

بجٹ کے نفاذ کے بعد پیر سے ٹیکسٹائل، لیدر، سپورٹس اشیا، کارپٹس، سیمنٹ ، اینٹیں،سگریٹ، سریا سمیت دیگر سٹیل مصنوعات،گھی، ککنگ آئل،مشروبات و منرل واٹر،میک اپ کا سامان، جوسز،سی این جی،چینی، برانڈڈ اشیا، فرون اشیاء ،پینٹس، وارنش، الیکٹرک و ہوم اپلائنسز،لبریکنٹ آئل،سٹوریج بیٹریاں، سیمنٹ،ایل این جی،ہیرے جواہرات، سونا چاندی، گاڑیاں،ماربل،ٹرانسپورٹ کرائے اور تمام درآمدی اشیاء مہنگی کردی گئی ہیں جبکہ کیپٹل گین ٹیکس کیلئے جائیداد کا ہولڈنگ پیریڈ جوپہلے تین سال تھا بڑھا دیا ہے۔

پہلے تین سال بعد پراپرٹی کی فروخت پر کیپٹل گین ٹیکس سے چھوٹ تھی۔ اب یہ مدت تعمیر شدہ جائیداد کیلئے پانچ سال اور پلاٹ کیلئے دس سال کردی گئی ہے ۔سُپر ٹیکس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔بینکوں کیلئے آمدنی کا فارمولا لاگو کردیا گیا ہے ۔ایک لاکھ ماہانہ تنخواہ والوں پراڑھائی ہزار روپے ماہانہ ٹیکس عائد کردیا گیاہے ۔80 لاکھ سے اوپر والی پراپرٹی انکم پر ٹیکس20 فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد کردیا گیا ہے ۔ٹرانسپورٹ سروسز پر ٹیکس کی شرح دو سے بڑھا کر چار فیصد کردی گئی ہے۔


 

مقامی رائیلٹی پر پندرہ فیصد ٹیکس عائد کردیا ہے جبکہ یکم جولائی سے ایکٹو ٹیکس پئیر لسٹ میں آنے کیلئے دیر سے گوشوارے جمع کروانے پر ایک ہزار سے20 ہزار روپے جرمانے دینا ہونگے۔ نان فائلرز کیلئے جائیداد و گاڑیاں خریدنے پر پابندی ختم کردی گئی ہے تاہم انہیں جائیداد یا گاری خریدنے کے 45 دن میں ریٹرن جمع کروانا ہوگی۔

ریٹرن جمع نہ کروانے پر ایف بی آر از خود ٹیکس کا تعین کرکے ریکوری کا نوٹس جاری کرے گا ۔عدم ادائیگی پر پراسیکیوشن ہوگی جس میں بھاری جرمانے اور ایک سال سے تین سال تک کی قید ہوسکے گی ۔

رواں مالی سال کے بجٹ میں آرمی چیف، صدر پاکستان، وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان سمیت دیگر تمام مراعات یافتہ طبقے کو انکم ٹیکس سے چھوٹ برقرار رکھی گئی ہے اور مراعات یافتہ طبقے کیلئے ٹیکس سے متعلق دوسرے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق امپورٹڈ شہد، مشروم ٹن میں پیک سبزیاں اور پھل پر ٹیکس بڑھا کر 10 فیصد،امپورٹڈ آٹا، میدہ، مکئی اور اسپغول پر ٹیکس بڑھا کر 10 فی صد اور پان پر ٹیکس 400 روپے فی کلو کردیا گیا،امپورٹڈ کوکا پاؤنڈر، چاکلیٹ پیسٹ اور چینی پر ٹیکس 20 فیصد کردیا گیا،امپورٹڈ بسکٹ، کیک، پیسٹری اور ڈبل روٹی پر ٹیکس 20 فیصد،امپورٹڈ بادام، میوہ جات اور روسٹڈ ڈرائی فروٹ پر ٹیکس 20 فیصد،امپورٹڈ ٹماٹر پیسٹ، سرکہ میں ڈوبی سبزیوں پر بھی ڈیوٹی 20 فیصد اضافہ کر دیا گیا۔

امپورٹڈ کافی کے مختلف برانڈز پر ڈیوٹی  15 فیصد کردی گئی،امپورٹڈ آئس کریم، کریم اور کوکا کریم پر ڈیوٹی  20 فیصد کردی گئی،امپورٹڈ سگار، تمباکو اور پائپ کے تمباکو پر ڈیوٹی 35 فیصد کردی گئی،امپورٹڈ پینٹ، وارنش اور اینے ملز پر ڈیوٹی 10 فی صد کردی گئی،امپورٹڈ شیونگ کے سامان پر ڈیوٹی 50 فی صد کردی گئی،رنگ گورا کرنے کی امپورٹڈ کریم اور صابن پر ڈیوٹی  50 فیصد اورامپوٹڈ وال پیپرز، کھڑکیوں کے لیے بلائنڈز اور شیٹس پر ڈیوٹی 30 فیصد کر دی گئی۔



پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے مہنگائی سے توجہ ہٹانے کے لیے رانا ثنا اللہ کے خلاف مذموم کارروائی کی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ رانا ثنااللہ نے پنجاب میں بطور وزیر قانون 10 سال کام کیا اور اس عرصے میں منشیات کے خلاف کارروائیاں کیں، انہوں نے بے شمار منشیات کے اڈوں کے خلاف آپریشن کروائے۔

ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کو منشیات فروش قرار دینے کے لیے جھوٹا الزام عائد کیا اور آج عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا۔

ن لیگ کے صدر نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی گاڑی میں 15 کلو منشیات کی موجودگی کی مخبری کس نے کی، وہ مخبر خود عمران خان ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس سے آپ اندازہ کرلیں کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کس قدر بوکھلائے ہوئے ہیں، 11 مہینوں میں انہوں نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ جس پر اپوزیشن آواز اٹھائی کہ غریب دشمن ،کسان، مریض، طالب علم،مزدور، بیوہ، علاج معالجہ دشمن بجٹ پیش کیا اور آج ملک بھر میں ہڑتالیں ہورہی ہیں اور یہ کیا ہمارے اکسانے پر ہوئی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ لوگوں کے لیے ایک وقت کی روٹی حاصل کرنا دوبھر ہوگیا ہے، ان پر زندگی تنگ ہوگئی ہے، عمران خان نے اس سب سے توجہ ہٹانے کے لیے رانا ثنا اللہ کے خلاف مذموم کارروائی کی ہے اور اس سے وہ اداروں کو بھی بدنام کرنا چاہتے ہیں۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ آج پوری قوم اس مہنگائی اور بدحالی کا شکار ہے، پریشان ہے ہم پاکستان کے عوام کے ساتھ، غریب اور کسان کے ساتھ کھڑے ہیں، جنہیں نواز شریف کے دور میں بے پناہ سہولتیں ملیں۔

انہوں نے کہا کہ آج مسلم لیگ (ن) کے خلاف وار اس لیے کیے جارہے ہیں کہ ہم کسان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم انہیں کسی ٖصورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ ہتھکنڈے پہلے بھی آزمائے ہیں، عمران خان آج ان ہتھکنڈوں سے مہنگائی اور غربت ختم کردیں تو ہم سب جیل جانے کے لیے تیار ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ ہماری آواز دباسکتے ہیں، ہمارے حوصلے پست ہوسکتے ہیں تو یہ بہت بڑی غلط فہمی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 3 مرتبہ وزیراعظم، پاکستان میں سی پیک کے موجد، ایٹمی توانائی کو منطقی انجام تک پہنچانے والے نواز شریف کو آج جیل میں دوائیاں، پرہیزی کھانے اور ڈاکٹر فراہم کرنے سے انکار کیا جارہا ہے، عمران خان نے ذاتی طور پر نواز شریف کے معالج کو روکنے کی ہدایت کی۔