منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور: پولیس نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر سے 10 مسلح ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

لاہور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے باہر سے 10 مسلح ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق 3 افراد اسلحہ سےکیس عدالت کی پارکنگ میں کھڑے تھے جب کہ 7 افراد عدالت میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔

پولیس کے مطابق اسپیشل برانچ کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، ملزمان کے قبضے سے 10 عدد پسٹل اور بھاری مقدار میں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی میں گرفتار افراد اجرتی قاتل ہیں، گرفتار افراد آج پیشی پر آئے ملزم کو قتل کرنا چاہتے تھے۔

سکھر: رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہم بار بار پوچھ رہے ہیں کہ کون این آر او مانگ رہا ہے، یہ صرف باتیں کرتے ہیں کوئی بھی این آر او نہیں مانگ رہا۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سونامی کا مطلب ہے تباہی جو اس وقت عوام بھگت رہے ہیں، معیشت کو تباہ کر دیا ہے اور عوام پریشان ہیں، عام آدمی روٹی کے لیے پریشان ہے، ڈالر بڑھنے سے ہر بندہ متاثر ہو رہا ہے، گیس بجلی کے بلوں سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں، لوگوں کو نوکریاں دینے کے اعلان تو کیا گیا مگر لوگوں سے روزگار چھینا جا رہا ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اگر عوام تنگ ہوکر باہر نکلے تو خدا نہ کرے کوئی نا خوشگوار صورتحال بن جائے،اس ملک میں مارشل لاء لگے اور قانون بدلے گئے، سیاسی لوگوں نے جیلیں بھگتی ہیں، اگر ہمارے جیل جانے سے لوگوں کی مشکلات کم ہوتی ہیں تو ہم تیار ہیں، ہم بار بار پوچھ رہے ہیں کہ کون این آر او مانگ رہا ہے، یہ صرف باتیں کرتے ہیں کوئی بھی این آر او نہیں مانگ رہا۔

 اسلام آباد: روڈ ٹو مکہ منصوبے کے آغاز کے بعد سعودی ایئرلائن کی پرواز ایس وی 719 عازمین حج کولے کرمدینہ روانہ ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق روڈ ٹومکہ منصوبے کا آغاز ہوگیا۔ سعودی ایئرلائن کی پرواز 350 عازمین حج کو لے کر 10 بجکر40 منٹ پر مدینہ روانہ ہوگئی۔ پہلی حج فلائٹ کو وزیرمذہبی امورپیرنورالحق قادری اوروفاقی وزیرہوابازی غلام سرورخان نے روانہ کیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیرغلام سرورخان کا کہنا ہے کہ روڈ ٹومکہ کے انعقاد پر ہم سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں، روڈ ٹو مکہ کے لیۓ وزیر اعظم عمران خان نے اہم کردار ادا کیا، منصوبے کے تحت 22000 حجاج فائدہ اٹھائیں گے۔

ادھر کراچی سے پہلی حج پرواز کل سعودی عرب جائے گی۔ مجموعی طور پر 95 پروازوں سے 25 ہزار 81 سے زائد عازمینِ حج کو جدہ اور مدینہ منورہ بھیجا جائے گا۔
لائن آف کنٹرول پر آزاد کشمیر کے سیکٹر چھمب میں دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوگئے۔
 
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر چھمب سیکٹر میں برنالہ کے مقام پر دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔
 
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونیوالے اہلکاروں میں صوبیدار محمد صادق، سپاہی محمد طیب، زوہیب، شیر زمان اور غلام قاسم شامل ہیں۔
 
آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہےکہ حکومت سے ٹی وی پر تقریر کروانی ہو تو کروالیں لیکن کام نہیں اور کوئی بیوروکریٹ ڈر کی وجہ سے ٹھیک کام بھی کرنے کیلئے تیار نہیں۔
 
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ملازمت اپ گریڈیشن کیس میں جسٹس محسن اخترکیانی نے ریمارکس دیےکہ حکومت سے ٹی وی پر تقریر کروانی ہو تو کروا لیں، کام نہیں، کوئی بیوروکریٹ ڈر کی وجہ سے ٹھیک کام بھی کرنے کیلئے تیار نہیں، پبلک سرونٹس کو پتہ ہے وہ 5 سال بعد نیب کے کیس بھگت رہا ہوگا، پچھلے 5 سال والے پبلک سرونٹ اب کیس بھگت رہے ہیں۔
 
جسٹس محسن اختر کیانی کا کہنا تھا کہ صحیح کام میں بھی غلطی ہوجاتی ہے، کوئی پبلک سرونٹ غلطی کرنا نہیں چاہتا، ہم نے ایڈمنسٹریٹو آرڈرز بھی نیب کے دائرہ کار میں دے دیے، اگر کوئی بیوروکریٹ 100 آرڈر کرتے ہوں گے تو کچھ غلط بھی ہوسکتا ہے، ایڈمنسٹریٹو کام مختلف اور نیب کرپشن مختلف ہے لیکن ہم نے دونوں ملا دیے۔
 
معزز جج نے مزید کہا کہ نائب قاصد کا کیس بھی نیب کے پاس اور ڈی جی کا کیس بھی نیب کے پاس ہے، اس طرح کیسے کام آگے بڑھے گا۔
بعد ازاں عدالت نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے ملازم کے ریگولرائزیشن کیس کی رپورٹ طلب کرلی
نبیلہ ثناء اللہ نے شوہر سے کی جانے والی ملاقات کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سیڑھیاں چڑھ کر کافی آگے جا کر کمرہ آیا جس میں تین چارکرسیاں پڑی تھیں اور ایک پررانا ثناء صاحب بیٹھے تھے۔ میں نے ان کی طبیعت پوچھی کیونکہ کچھ دنوں سے ان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔
 
نبیلہ ثناء اللہ کے مطابق وہاں موجود اہلکارنے مجھے کہا کہ باجی آپ ملازموں سے پوچھیں جنہوں نےبیگ رانا ثناء اللہ کی گاڑی میں رکھا۔ میرے استفسار پر بولا کہ وہ بیگ جس میں سے 15 کلو ہیروئن نکلی ہے۔ میں نے پوچھا کہ کون سی ہیروئن؟ میرا نکلی ہے کہ ریما نکلی ہے۔
 
اہلیہ کے مطابق رانا ثناء نے میرا ہاتھ پکڑ کر اشارہ کیا کہ ان کے ساتھ لوزٹاک نہ کرو لیکن مجھے غصہ تھا۔ میں نے اہلکاروں کو کہا کہ ایک بندے کو علم ہے کہ مجھے دھمکیاں دی جا رہی ہیں تو کیا وہ اپنی گاڑی میں ہیروئن رکھے گا؟ جس پرجواب ملا کہ نہیں ہم نے تو رانا صاحب کو پکڑا اور ان کے ساتھ گاڑٰی میں بیٹھ کر یہاں آ گئے۔ اس بات پر رانا صاحب بولے کہ نہیں یہ جھوٹ ہے، موٹروے پراے این ایف کی گاڑیاں آگے آئیں۔ ڈرائیورکواتارکرتین اہلکار گاڑی میں بیٹھ کر تلاشی لینےلگے اور ڈگی بھی کھولی۔
 
اہلیہ نے بتایا کہ راناصاحب کودفترلاکر بیگ دکھایاگیا کہ یہ ہیروئن آپ کی گاڑِی سے ملی۔ انہوں نے اہلکاروں سے کہا بھی کہ آپ مجھے وہیں بتاتے کہ یہ بیگ آپ کی گاڑی سے ملا ہے ۔ مجھے یہاں آکر کیوں دکھایا۔
 
نبیلہ ثناءاللہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ رانا صاحب کو مینٹلی ٹارچر کیا جا رہا ہے۔ انہیں آنکھوں سے اشارہ کیا گھیا کہ اہلیہ سے کہیں یہاں سے جائیں اور مجھ سے کہا کہ میڈیا میں غلط باتیں نہ کریں۔ میں تقریبا 15 منٹ وہاں بیٹھی اور رانا صاحب کو کہا کہ ان کی زبان نہیں بولنی ہے آپ نے۔ جس پر وہ ہنسے اور کہا کہ یہ جو مرضی کرلیں،میرے حوصلے بلند ہیں۔
 
دوران گفتگو رانا ثناء کی اہلیہ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہیں آج صبح موبائل فون پر ایک نامعلوم نمبر سے کال موصول ہوئی اور کہا گیا کہ تمہیں بات کی سمجھ نہیں آتی، تم نے کوئی فالتو بات نہیں کرنی۔ جس پر مجھے بھی غصہ آگیا اور جیسے اس نے بات کی میں نے بھی اسی ٹون میں جواب دیا جس پر اس نے خود فون بند کردیا۔
 
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ رانا ثناء اللہ دو تین دن سے کہہ رہے تھے کہ اکیلی باہر نہ جایا کرو، اپنے ساتھ کسی کو رکھا کرو۔
 
نبیلہ ثناء اللہ کے مطابق نیب کو کچھ نہ ملا تو ہیروئن ہمارا کیا کرلے گی، رانا ثناء اللہ کو ان کی فیملی کی وجہ سے دباؤ کا شکار کیا جا رہا ہے۔ میں نے انہیں بتایا کہ گاڑی میں ادویات کا ڈبہ اور آکسیجن باکس ہے کیوں کہ وہ رات کو آکسیجن لگا کر سوتے ہیں۔ اس کے علاوہ دن میں 3 بار ان کی تھراپی ہوتی ہے۔
 
رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نے دعویٰ کیاکہ آخر میں اے این ایف والوں نے مجھے خود بتایا کہ رانا صاحب کو پکڑنے کا حکم رات کو ڈیڑھ بجے آیا تھا، ہمیں خود بھی سمجھ نہیں آئی کہ کیا کرنا ہے۔
 
اہلیہ کے مطابق ملاقات کے وقت ہی اےاین ایف والوں نے بتایا کہ ہم انہیں کیمپ جیل بھیج دیں گے۔ جب انہیں راناصاحب کی صحت خراب نظرآئی توانہوں نےجسمانی ریمانڈ نہیں لیا۔ رانا ثناء کے علاوہ ان کے اسٹاف سے بھی کچھ نہیں مل سکے گا کیونکہ انہوں نےملازموں کو اپنے بچوں کی طرح رکھا ہے اس لیےوہ سچ بولیں گے
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نئے کرکٹ ڈھانچے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نظرثانی شدہ سسٹم منظور کرلیا، وزیراعظم نے بطور پیٹرن ان چیف پی سی بی نئے نظام کی منظوری دی جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
 
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں وزیراعظم عمران خان نے ڈیپارٹمنٹس کو نئے نظام میں تعاون کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ٹیمیں رکھنے والے تمام سرکاری ڈیپارٹمنٹس پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔
 
نوٹی فکیشن کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے 11 سرکاری ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت نامہ بھجوایا گیا جن میں واپڈا، ایس این جی پی ایل، اسٹیٹ بینک، نیشنل بینک، کے آر ایل، پی ٹی وی، زیڈ ٹی بی ایل، پی آئی اے، ریلوے اور سول ایوی ایشن شامل ہیں۔
 
نئے کرکٹ ڈھانچے میں 15 ریجنل ایسوسی ایشنز کو 6 میں تبدیل کر دیا گیا اور نئے سیٹ اپ میں پنجاب سینٹرل، پنجاب ساؤتھ، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور ناردرن کے ریجنز اور ٹیمیں شامل ہیں۔



ورلڈکپ کے اہم میچ میں انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلش کپتان آئن مورگن نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

انگلینڈ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ نیوزی لینڈ 2 کھلاڑیوں کی تبدیلی کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن کے کہا کہ آج کے میچ کے لیے انہوں نے بھرپور تیاری کی ہے، یہ میچ ان کے لیے ایک کوارٹر فائل کی طرح ہے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، تاہم وہ ٹاس ہار کر بھی اپنا بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

یہ میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے لیے مارو یا مرجاؤ کی صورت اختیار کر گیا ہے جہاں شکست کی صورت ان ٹیموں کے ایونٹ سے باہر ہونے کے امکانات ہیں۔

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں ایونٹ کے گروپ اسٹیج کے دوران اپنا آخری میچ کھیل رہی ہیں۔

اب تک کے 8 میچز میں انگلینڈ کے 5 فتوحات کے ساتھ 10 پوائنٹس ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے، جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی کی صورت میں یہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی جبکہ شکست کی صورت میں ایونٹ سے باہر ہونے کے امکانات ہیں۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کی بھی یہی صورتحال ہے، اس نے اپنے 8 میچز میں 5 فتوحات اور ایک بارش سے متاثرہ میچ کی وجہ سے 11 پوائنٹس حاصل کیے ہوئے ہیں، یہ بھی فتح کی صورت میں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی جبکہ شکست کی صورت میں اس کے بھی ایونٹ سے باہر ہونے کے امکانات ہیں۔

  لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

‍ ذرائع کے مطابق لاہورمیں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمرہ ادا کرکے واپس آنے والے دو افراد کو گولیاں مار کرقتل کردیا گیا۔  فائرنگ کا واقعہ انٹرنیشنل لاؤنج میں پیش آیا۔ مقتولین کی شناخت زین اور نفیس کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں افراد پر پیپلز پارٹی کے رہنما بابر بٹ کے قتل کا مقدمہ درج تھا۔ ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے فائرنگ کرنے والے ملزم شان اور اس کے ساتھی ارشد کو گرفتار کرلیا ہے۔


واقعے کے بعد ایئرپورٹ پر مسافروں کو لینے آنے والے افراد کا داخلہ بھی روک دیا گیا ہے اور پولیس کی بھاری نفری موقع پرموجود ہے۔  سخت چیکنگ کی وجہ سے ائیرپورٹ کے داخلی راستے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کی اے ایس ایف سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔پر