منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
 
کراچی : سندھ میں سی این جی کی قیمت 125 روپے فی کلوتک ہونےکاامکان ہے ، سی این جی کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ آج دوپہر تک ہوجائےگا، غیاث پراچہ نے کہا حکومت سی این جی پرٹیکس سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کرے۔
 
سی این جی اسٹیشنز مالکان ایسوسی ایشن نے سی این جی پر ٹیکس کے ردعمل میں کہا سی این جی کی قیمتوں میں اضافی ٹیکس کے باعث اضافہ ہوا، اضافے کے بعد کے پی میں سی این جی کی قیمت 138روپے 90 پیسے فی کلو ہوگئی۔
 
ایسوسی ایشن کا کہناتھا سندھ میں سی این جی کی قیمت125روپےفی کلوتک ہونےکاامکان ہے ، سی این جی کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ آج دوپہر تک ہوجائے گا۔
 
این جی اسٹیشنز مالکان ایسوسی ایشن نے کہا پنجاب میں سی این جی سیکٹردرآمدی آرایل این جی استعمال کرتا ہے، پنجاب میں ٹیکس میں ہونے والے حالیہ اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا، درآمدی ایل ا ین جی پربھی ڈیوٹی لگائی گئی ہے، پنجاب میں سی این جی قیمت میں اضافے کا تعین ڈیوٹی کے نوٹی فکیشن کے بعد ہوگا۔
 
دوسری جانب آل پاکستان سی این جی ایسو سی ایشن کے چیئر مین غیاث پراچہ نے کہا سندھ میں قیمت سی این جی کی قیمت 120 سے 125 روپے تک ہوجائےگی، گیس کے فی کلو نرخ میں 20 روپے تک کا اضافہ ہوگا۔
 
غیاث پراچہ کا کہنا تھا حکومت سے کہاگیا اور لوگوں کا بوجھ ہم پر نہ ڈالا جائے، سی این جی کی قیمت بڑھنے سے سب کا بجٹ خراب ہو جائے گا، حکومت سی این جی پر ٹیکس سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
 
انھوں نے کہا پیٹرول کے استعمال سے گاڑی کی دیکھ بھال میں اضافہ ہوتاہے، پیٹرول تو ابھی بھی مہنگا ہے، وقت کے ساتھ اور مہنگا ہوگا۔
 
یاد رہے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے سی این جی پر سیلز ٹیکس کے نئے اضافی ریٹس کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا ، جس کا اطلاق آج یکم جولائی سے ہوگا۔
 
سی این جی سیکٹر کیلیےگیس کی قیمت بارہ سو تیراسی روپےفی ایم ایم بی ٹی یومقرر کی گئی ، سیلزٹیکس فارمولے شامل کرکے سی این جی کی قیمتوں پر مجموعی اضافہ بائیس روپے فی کلوگرام تک ہوجائےگا۔
 
ریجن ون کے سی این جی صارفین کو گیس سپلائی پر 69 روپے 57 پیسے فی کلو ٹیکس دینا ہوگا، ریجن ٹو کے صارفین پر سی این جی سپلائی 74 روپے 4 پیسے کلو ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔
لاہور: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی بجٹ اجلاس میں سے 15 ارکان غائب تھے، وہ ان 15 سے مختلف ہیں جن کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی۔
 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شہباز گل نے اپنے پیغام میں کہا کہ رانا صاحب نے کہا تھا پارٹی چھوڑنے والوں کے گھروں کا گھیراؤ کروں گا، راناصاحب 46 لوگوں کے گھروں کا گھیراؤکرنے کا انتظام کرلیں۔
 
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب اسمبلی بجٹ اجلاس میں سے 15 ارکان غائب تھے، وہ ان 15 سے مختلف ہیں جن کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، اس کے علاوہ 31 لوگ اور ہیں۔
 
یاد رہے کہ 29 جون کو وزیراعظم عمران خان نے حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن کے 15 ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی تھی۔ ن لیگی ارکان پنجاب اسمبلی کی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب بھی موجود تھے۔
 
ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا تھا۔
 
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے ن لیگی ارکان پنجاب اسمبلی کی وزیراعظم سے ملاقات کی تصدیق کی تھی۔
اسلام آباد: پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے بھارت پر زور دیا ہے کہ مسلمانوں کے قدیم تاریخی مذہبی مقامات کو کھولنے کے انتظامات کیے جائیں۔
 
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار نے بتایا کہ پاکستان ہندو کونسل کے اعلیٰ سطحی وفدنے وزیراعظم آزاد جموں کشمیر راجا فاروق حیدر خان کی خصوصی دعوت پرقدیمی مندرشاردا پیٹھ کی بحالی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی تجاویز پیش کردی ہیں۔
 
ڈاکٹر رمیش وانکوانی کا کہنا تھا کہ دنیا کی خوبصورت ترین وادی نیلم میں واقع علم و دانش کی ہندو دیوی شاردا سے منسوب شاردا پیٹھ کا تاریخی مقام زمانہ قدیم میں ایک نمایاں تعلیم درس گاہ تھی ، جہاں دنیا بھر سے لوگ علم کی پیاس بجھانے آتے تھے۔
 
انہوں نے امریکہ کی جانب سے مذہبی آزادی کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹ پر اپنے تبصرے میں کہا کہ موجودہ ملکی قیادت نے کرتارپور راہداری اور شادرا پیٹھ کی بحالی سے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و امان کے قیام، علاقائی سلامتی، مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے۔
 
انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے مثبت اقدامات کے جواب میں وہاں بھی مسلمانوں کے تاریخی مذہبی مقامات کو بحال کرتے ہوئے مذہبی آزادی کا خاص خیال رکھا جائے۔
 
یا د رہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کے سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے گوردوارہ صاحب کرتار پور سے پاک بھارت سرحد تک اپنی حدود میں کرتارپور کوریڈور فیز ون میں ساڑھے 4 کلو میٹر سڑک تعمیر جاری ہے ، اسی طرح بھارت بھی اپنی حدود میں سرحد تک راہداری بنائے گا۔
 
تاہم بھارت کی جانب اس معاملے میں بھی ٹال مٹول کا سلسلہ جاری ہے اور ایک سیدھے سادھے معاملے کو، جس میں بھارت سے آنے والے یاتریوں کے لیے بے پناہ سہولیات ہیں بلاوجہ تاخیر کا شکار کررہا ہے۔
 
کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل نے مشہور بھارتی فلم ویر زارا میں کام نہ کرنے کی وجہ بتادی۔
 
معروف پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل کو آنجہانی یش چوپڑا نے فلم ویر زارا رانی مکھرجی کا وکیل کا کردار ادا کرنے کی آفر کی تھی جسے کرنے سے نادیہ جمیل نے انکار کردیاتھا۔
 
میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل نادیہ جمیل نے ثمینہ پیرزادہ کے شو میں شرکت کی اور کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر پر بچوں کو ترجیح دیتے ہوئے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔
 
اداکارہ نے کہا کہ جس وقت مجھے ویر زارا فلم کی آفر ہوئی اس وقت میرے بیٹے کی عمر دو ماہ تھی، اس کا خیال میری والدہ رکھتی تھیں لیکن جلد مجھے احساس ہوا کہ ایک مرتبہ میں نے فلم کے لیے ہامی بھرلی تو پھر مجھے اس کی عادت ہوجائے گی اورمیں اسے چھوڑ نہیں پاؤں گی۔
 
انہوں نے کہا کہ اس وقت میں نے فیصلہ کیا کہ یا تو میں ایک اچھی ماں بن جاؤں یا پھر اداکارہ تاہم میں نے ماں کا انتخاب کیا اور فلم کی آفر ٹھکرادی۔
 
نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ اس فلم کی کاسٹ میں پہلے شاہ رخ خان اور ان کے مقابل ایشوریا رائے اور مجھے کاسٹ کیا جانا تھا بعد میں کاسٹ تبدیل کی گئی اور شاہ رخ کی ہیروئن پریتی زنٹا اور ان کی وکیل کا کردار رانی مکھرجی نے ادا کیا۔
 
واضح رہے کہ چند روز قبل اداکار دانش تیمور نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں فلم ویرے دی ویڈنگ میں کرینہ کپور کے مقابل کرنے کی آفر ہوئی تھی۔
 
دانش نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ شروع ہونے ہی والی تھی کہ پتا چلا کہ کرینہ کپور حاملہ ہیں اور پھر یہ فیصلہ ہوا کہ بچے کی پیدائش کے بعد فلم کی شوٹنگ کا آغاز کیا جائے گا۔
 
دانش تیمور نے کہا کہ کرینہ کے بیٹے کی پیدائش 2016 میں ہوگئی تھی لیکن اس وقت پاکستان اور بھارت کے حالات کشیدہ ہوگئے تھے جس کے سبب میں فلم نہ کرسکا۔
اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود میں وفاقی حکومت نے اہم سنگ میل عبور کرلیا، پہلی بار نوجوانوں کوقومی فیصلہ سازی میں شراکت دار بنایا جا رہا ہے۔
 
وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ کی پہلی یوتھ کونسل قائم کر دی، کونسل کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم عمران خان اور چیئرمین عثمان ڈار ہوں گے۔
 
کھیل، تعلیم، مذہب،معیشت اورآرٹس اینڈ کلچرل سے وابستہ شخصیات کونسل کا حصہ ہیں، بہادری کی تاریخ رقم کرنے والا پاک فوج کا جوان بھی کونسل کا حصہ ہوگا۔
 
آپریشن ضرب عضب کے غازی میجر تنویر شافی کونسل کے پہلے رکن ہیں، کرکٹرحسن علی ، ثنامیر، اداکارحمزہ علی عباسی اور ماہرہ خان، منیبہ مزاری بھی یوتھ کونسل کا حصہ ہیں۔
 
عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کی فلاح وبہبود میں وفاقی حکومت نے اہم سنگ میل عبورکرلیا، پہلی بارنوجوانوں کو قومی فیصلہ سازی میں شراکت دار بنایا جا رہا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے قومی یوتھ کونسل کی اصولی منظوری دی ہے، چاروں صوبوں اورگلگت بلتستان کے یوتھ منسٹرز کونسل میں شامل ہوں گے۔
 
عثمان بزدار نے کہا کہ کونسل کا ایجنڈا صرف نوجوانوں کی ترقی ہوگا، ملکی نوجوانوں کو قومی سطح پر فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے گا، کونسل ارکان پالیسی گائیڈ لائن اورفریم ورک کی تیاری میں حصہ لیں گے۔
 
 
 
 
سری نگر: قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔
 
تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری رکھتے ہوئے بڈگام میں کشمیری نوجوانون کو فائرنگ کرکے شہید کردیا جبکہ ایک نوجوان زخمی ہوگیا جسے گرفتار کرلیا گیا۔
 
کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ ظالم بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوان کی شہادت کے بعد علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے۔
 
کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فورسزنے تلاشی کے بہانے خواتین، بچوں کوگھروں سے نکال دیا۔
 
 
خیال رہے کہ دو روز قبل قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے اننت ناگ میں فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان کو شہید کردیا تھا۔
 
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔
لندن: برطانوی شاہی خاندان کے شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے ہمراہ رواں سال موسم خزاں میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔
 
برطانی شاہی محل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج پاکستان کا دورہ دفترخارجہ کی دعوت پر کررہے ہیں۔
 
 
 
برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا نے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کی جانب سے دورہ پاکستان ترتیب دیے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ان کے استقبال کے منتظر ہیں۔
 
 
نفیس ذکریا نے کہا کہ شاہی جوڑے کا دورہ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات کی عکاسی کرے گا، پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی روابط ہیں جنہیں دونوں مزید مستحکم کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
 
پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کے عوام برطانوی ملکہ کے 1961 اور 1997 کے دورے کو تاحال نہیں بھولے، دونوں ممالک تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے خواہش مند ہیں۔
 
 
 
واضح رہے کہ 2006ء میں شہزادہ چارلس نے اپنی اہلیہ کمیلہ پارکر کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
 
 
 
اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ 10 ماہ اقتدارکے بغیر نہیں گزار سکتے؟، اقتدار کے بغیر ایسے تڑپ رہے ہیں جیسے مچھلی پانی کے بغیر تڑپتی ہے۔
 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ مدت پوری کرنے کی حمایت کرنے والےکس منہ سے مڈٹرم الیکشن کی بات کر رہے ہیں؟۔
 
 
اپنے دور میں میں آئینی مدت پوری کرنے کی حمایت کرنے والے آج کس منہ سے مڈ ٹرم انتخابات کی بات کر رہے ہیں؟یہ لوگ 10 ماہ اقتدار کے بغیر نہیں گزار سکتے؟اقتدار کے بغیر ایسے تڑپ رہے ہیں جیسے مچھلی پانی کے بغیر۔اب انہیں چار سال ایسے ہی تڑپنا ہوگا۔
 
 
 
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ یہ لوگ 10 ماہ اقتدارکے بغیر نہیں گزار سکتے؟، اقتدار کے بغیر ایسے تڑپ رہے ہیں جیسے مچھلی پانی کے بغیر تڑپتی ہے، اب انہیں 4 سال ایسے ہی تڑپنا ہوگا۔
 
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اقتدارکی پچ پر لگاتار کھیلنے والوں کو سرکاری وسائل کے بغیررہنے کی اب عادت ڈالنا ہوگی۔
 
 
 
اپنے دور میں میں آئینی مدت پوری کرنے کی حمایت کرنے والے آج کس منہ سے مڈ ٹرم انتخابات کی بات کر رہے ہیں؟یہ لوگ 10 ماہ اقتدار کے بغیر نہیں گزار سکتے؟اقتدار کے بغیر ایسے تڑپ رہے ہیں جیسے مچھلی پانی کے بغیر۔اب انہیں چار سال ایسے ہی تڑپنا ہوگا۔
 
اقتدار کی پچ پر لگاتار کھیلنے والوں کو سرکاری وسائل کے بغیر رہنے کی اب عادت ڈالنا ہوگی۔
 
 
اپوزیشن اراکین نے بجٹ کو پاس نہ ہونے کی ناکام کوشش کی، فردوس عاشق اعوان
 
یاد رہے کہ گزشتہ روز معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے بجٹ کو پاس نہ ہونے کی بہت کوشش کی، یہ پاکستان کی تاریخ کا طویل ترین بجٹ سیشن تھا۔
 
برمنگھم: آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، آج انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔
 
آئی سی سی ورلڈکپ کے 38ویں میچ میں آج انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہرڈھائی بجے شروع ہوگا۔
 
انگلینڈ کی ٹیم اب تک سات میچز کھیل چکی ہے جس میں سے 4 میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبرپر ہے۔ انگلش ٹیم کو تین میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
 
بھارت کی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک چھ میچز کھیل چکی ہے، جس میں سے انہیں پانچ میچز میں کامیابی ملی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ اس طرح بھارتی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔
 
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔
 
ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔
 
آئی سی سی ورلڈکپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9،9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 14 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا