منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

لندن : آئی سی سی ورلڈ کپ میں بھارتی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف آج (اتوار) کے میچ میں نئی کٹ کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
 
بھارتی کرکٹ ٹیم کی سرکاری اسپانسرکٹ نے جرسی کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے چونکہ میزبان ٹیم انگلینڈ کی جرسی کا رنگ بھی نیلا ہے جس کی وجہ سے جرسی کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔
 
آج اتوار کے روز بھارتی ٹیم برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں پہلی مرتبہ نئی جرسی پہن کرکھیلے گی۔جرسی بنانے والی کمپنی کے مطابق اوے کٹ یا نئی جرسی کا ڈیزائن نوجوانوں اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے جوش اور عزم سے متاثر ہو کررکھا گیا ہے۔
 
دلچسپ بات یہ ہے کہ ایسا پہلی بار ہو رہا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم اپنی روایتی آسمانی رنگ کی جرسی کے بغیر نئی جرسی پہن کر کھیلے گی، جرسی کا رنگ پہلے کے مقابلے زیادہ گہرا ہے اور اس میں نارنجی رنگ بھی موجود ہے۔
 
دوسری جانب نئی کٹ کی ایک خاص وجہ یہ بھی ہے کہ یونیسیف جو کہ اقوام متحدہ کا وہ ادارہ ہے جو بچوں کے حقوق کے لیے کام کرتا ہے اس ادارے کی جانب سے ایک مہم چلائی جا رہی جس میں بچوں کے لیے فنڈ جمع کیا جارہا ہے۔
 
انٹرنیشل کرکٹ کونسل کے مطابق نئی کٹ یونیسیف کی مہم کے توسط سے پہنی جارہی ہے جس کے لیے ون ڈے فار چلڈرن کا ہیش ٹیگ استعمال کیا جارہا ہے۔
 
کٹ کو جدید تقاضوں کے عین مطابق بنایا گیا ہے جب کہ اس میں موجود سویٹ زون پسینے کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ جرسی کو بے حد ہلکا پھلکا رکھا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو سانس لینے میں بھی آسانی ہو۔
 
لندن: ورلڈکپ کے 37ویں میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 86 رنز سے باآسانی شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی۔
 
ورلڈکپ کے آج ہونے والے دوسرے جبکہ ایونٹ کا 37واں میچ آسٹریلیا اور نیوزی کی ٹیموں کے درمیان لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
 
آسٹریلیا اننگز
 
آسٹریلوی ٹیم کے کپتان فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا اعلان کیا۔ کینگروز کا پہلے بیٹنگ کا فیصلہ اچھا ثابت نہ ہوسکا کیونکہ کپتان صرف 15 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 38 کے مجموعی اسکور پر گری، نئے آنے والے بلے باز اسمتھ بھی 46 پر پویلین لوٹ گئے۔
 
دوسری اینڈ پر عثمان خواجہ نے محتاط انداز سے بیٹنگ کو جاری رکھا اور خود اعتمادی کے ساتھ کیوی باؤلرز کا سامنا کرتے ہوئے مجموعی اسکور بھی آگے بڑھایا، 81 کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کو ایک اور نقصان کا سامنا کرنا پڑا، 9 رنز اضافے کے بعد پانچویں بلے باز بھی آؤٹ ہوئے۔
 
عثمان خواجہ اور ایلکس کیری وکٹ پر ڈٹ گئے اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی ففٹی بھی مکمل کی، دونوں کھلاڑیوں نے 107 رنز کی شراکت داری قائم کی البتہ ولیم سن نے ایلکس کیری کو 71 کے انفرادی اور 199 کے مجموعی اسکور پر پویلین جانے پر مجبور کیا۔
 
بعد ازاں اننگز کے آخری اوور کی تیسری گیند پر عثمان خواجہ 88 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، اگلی دو گیندوں پر بولٹ نے دو مزید کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی، عثمان خواجہ 88 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے جبکہ بولٹ نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس میں ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔
 
نیوزی لینڈ اننگز
 
نیوزی لینڈ نے 244 رنز ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو اُن کا پہلا بیٹسمین 29 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوا، بارہ رنز اضافے کے بعد کیویز کو دوسری نقصان کا سامنا کرنا پڑا، کپتان ولیم سن محتاط انداز سے بیٹنگ کررہے تھے مگر وہ بھی 97 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
 
کیویز کے دو کھلاڑی 118 رنز پر پویلین روانہ ہوئے، یوں 118 پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، بعد ازاں چھٹی وکٹ 125، ساتویں 131، آٹھویں 141، نویں 144 جبکہ آخری بیٹسمین 243 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
 
 
نیوزی لینڈ کے 6کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے، کیویز 44ویں اوورز میں 157 رنز بنا سکے، کین ولیمسن نے40 اورراس ٹیلر نے 30رنز بنائے جبکہ آسٹریلوی باؤلر مچل اسٹارک نے 5،جیسن بینڈ روف 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
 
لیڈز: قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے افغانستان کے خلاف شاندار باؤلنگ کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کرلیا۔
 
قومی کرکٹ ٹیم نے لیڈز میں افغانستان کے خلاف ورلڈکپ 2019 کا انتہائی اہم میچ کھیلا جس میں سرفراز الیون نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے فتح اپنے نام کی۔
 
افغانستان کی ٹیم کے کپتان گلبدین نائب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، شاہین شاہ آفریدی سمیت دیگر باؤلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مخالف ٹیم کو مختصر ہدف تک محدود رکھا۔
 
شاہین آفریدی نے اپنی شاندار کارکردگی کے تسلسل کو جاری رکھا اور افغانستان کے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انہوں نے 10 اوورز میں صرف 47 رنز دیے۔
 
مزید پڑھیں: ’’ آفریدی کی کارکردگی ٹیم کی فتح کے لیے ضروری تھی ہے اور رہے گی‘‘
 
آئی سی سی کے مطابق شاہین شاہ آفریدی وہ واحد نوجوان باؤلر بن گئے جس نے ورلڈکپ کی تاریخ میں چار وکٹیں لینے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
 
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق ورلڈ کپ میں آج تک کسی بھی 20سال سے کم عمر باؤلر نے 4یا اس سے زائد وکٹیں نہیں لیں لیکن 19سالہ شاہین شاہ آفریدی نے یہ ریکارڈ قائم کردیا۔
 
دوحہ: خلیجی ریاست قطر میں امریکا اور افغان طالبان میں‌ مذاکرات کا آغاز ہوگیا، یہ فریقین میں مذاکرات کا ساتواں دور ہے۔
 
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکا اور افغان طالبان نے امن مذاکرات کے لیے سر جوڑ لیے ہیں.
 
مذاکرات میں امریکا کی قیادت خصوصی مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد، جب کہ افغان طالبان کے وفد کی قیادت ملا عبدالغنی کے سپرد ہے۔
 
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے ایک ٹویٹ کے ذریعے طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی تصدیق کی گئی ہے.
 
خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے گزشتہ دونوں کابل کا غیر اعلانیہ دورہ کیا تھا، اس موقع پر انھوں نے پہلی ستمبر تک امن ڈیل کی امید ظاہر کی تھی۔
 
امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا ہم غیرملکی فوج نکالنے کو تیار ہیں، امید ہے طالبان سے یکم ستمبر تک افغان امن سمجھوتا طے ہوجائے گا۔
 
فریقین میں‌ مذاکرات ایسے وقت میں شروع ہوئے ہیں، جب کابل میں ایک بڑا حملہ ہوا ہے۔
 
حملے میں کابل حکومت کی حامی ملیشیا کے 26 ارکان ہلاک ہوئے. حملے کی ذمے داری افغان طالبان نے قبول کی ہے.
تہران : رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ا مریکی پابندیوں کے باعث ایرانی چینلز پیسے کمانے کے لیے پروڈیوسروں کی شناخت مخفی رکھ کران کاتیار کردہ فلمی مواد یوٹیوب پرچلارہی ہیں۔
 
تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران پرعایدکردہ اقتصادی پابندیوں نے تمام سرکاری شعبوں کو بری طرح متاثر کرنا شروع کیا ہے، پابندیوں کے باعث سپریم لیڈر کے ماتحت ایرانی ٹیلی ویڑن کارپوریشن بھی زبوں حالی کا شکار ہے اور کارپویشن نے مالی کمی پوری کرنے کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ ویڈیو شیئرنگ ویب سائیٹ یوٹیوب کا سہارا لینا شروع کیا ہے۔
 
خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایرانی ٹی وی چینل پر نشرہونے والا مواد یوٹیوب پرپوسٹ کرکے اس پر اشتہارات حاصل کیے جاتے ہیں اوران اشتہارات کی مد میں حاصل ہونے والی آمدنی کوا خراجات پورے کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یوٹیوب پرموجود ایک دوسرے چینل کو’عصرجدید’ کا نام دیا گیا ہے، اس یوٹیوب چینل کے 10 ہزار فالورز ہیں اور اس کی ویڈیوز اب تک 30 لاکھ ناظرین دیکھ چکے ہیں۔ایران کی مشہورایچ ڈی فلمیں بھی اشتہارات کے ذریعے پیسے کے حصول کے لیے یوٹیوب پر پوسٹ کی جاتی ہیں۔
 
اگرچہ یہاں پر عام صارفین کو مفت میں یہ مواد دکھایا جاتا ہے مگر اس پرچلنے والے اشتہارات ایران کے سرکاری ٹی وی چینل کی آمدن کاذریعہ ہیں۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایران بین الاقوامی کاپی رائیٹ معاہدے میں شامل نہیں مگر اس کے باوجود ایران میں فلم پروڈیوسروں کے حقوق کا تحفظ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
 
اخبارکے مطابق ایرانی میڈیا کمپنیاں اصل پروڈیوسروں کی شناخت مخفی رکھ کران کا تیار کردہ فلمی مواد یوٹیوب پرچلاتی ہیں۔
حیدرآباد : پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مولابخش چانڈیونے کہا ہے کہ آرمی چیف کی جانب سے معیشت کی بحالی کے حوالے سے دیا گیا بیان خوش آئند ہے، ملک کے ادارے اور پارلیمنٹ مل کر اس ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں۔
 
حکمران ذاتیات کی بات کرتے ہیں جبکہ بلاول بھٹو نے ہمیں کسی کی ذاتیات پر بات کرنے سے منع کیا ہے۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
 
اس موقع پر ایم کیوایم سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کنٹونمنٹ بورڈ کے تین ارکان سید جمیل رضوی، سید راحت نسیم اور شاہد مسیح نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، پریس کانفرنس میں صغیر قریشی اور حیدر شاہانی بھی موجود تھے۔
 
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جب بھی کبھی ملک سیاسی یا معاشی بحران میں آیا ہے تو فوج نے اپنا کردار ادا کیا ہے، مولابخش چانڈیو نے کہا کہ حکمران دن بدن پاکستان کی سیاست پر بوجھ بنتے جارہے ہیں۔
 
ملک کے ادارے اور پارلیمنٹ مل کر اس ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کبھی ملک سیاسی یا معاشی بحران میں آیا ہے تو فوج نے اپنا کردار ادا کیا ہے۔
 
اب بھی معاشی بحران کے حوالے سے جنرل صاحب نے کہا ہے کہ پاکستان کو بحران سے نکالنے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا لیکن یہاں ایک پارٹی دعویٰ کررہی ہے کہ وہ ملک کو خوشحالی کی طرف گامزن کرے گی آج تک ان کا کون سا دعویٰ پورا ہوا ہے۔
 
 
کراچی : بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے کے الیکٹرک کی املاک کو نقصان پہنچانے پر کے الیکٹرک نے سخت مذمت کا اظہار کیا ہے۔
 
گزشتہ روز کے الیکٹرک نے اپریل 2019 سے ماہانہ بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پر بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کے متعدد کنکشنز منقطع کردیئے تھے۔
 
یہ بات قابل ذکر ہے کہ کے ایم سی پر کے الیکٹرک کے4 ارب 11 کروڑ روپے واجب الادا ہیں اور معزز عدالت نے بلدیہ عظمی کراچی کو اپریل 2019سے کے الیکٹرک کے ماہانہ بلوں کی ادائیگی کیلئے ہدایات جاری کی تھیں۔
 
کے الیکٹرک کی جانب سے کنکشنز منقطع کرنے سے قبل بلدیہ عظمی کراچی کو ماہانہ بلوں کی ادائیگی کیلئے متعدد نوٹسز بھی بھیجے گئے تھے تاہم کے ایم سی نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے دفاتر اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا۔
 
کے الیکٹرک ایک بار پھر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عدالتی احکامات کی پاسداری کرتے ہوئے واجبات کی جلد ادائیگیوں کویقینی بنانے سمیت منصفانہ انداز میں لینڈ ریگولرائزیشن کے معاملے کو حل کیا جائے۔
 
نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ علاقوں کے لوگوں کو حقوق دیے بغیر بیانات کھوکھلے رہیں گے۔
 
جنرل اسمبلی میں مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ مصائب میں گھرے افراد کی مدد کے لیے عالمی کوششوں کوسیاست کی نظر نہیں کرنا چاہیے۔
 
پاکستانی سفیر نے کہا کہ عالمی مسائل کا حل نہ ہونا قوانین کا فقدان نہیں ان پرعملدرآمد نہ ہونا ہے، تنازعات کوبڑھنے سے پہلے ہی سفارت کاری اور ثالثی سے حل کر لینا چاہیے۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام دشمن رویوں کے عالمی امن پر منفی اثرات کونظر انداز نہیں کرنا چاہیے، ہمارے خطے میں نفرت پر مبنی سیاسی بیانات کا پھیلاؤ تشویش کا باعث ہے۔
 
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں کے لوگوں کو حقوق دیے بغیربیانات کھوکھلے رہیں گے۔
 
 
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے نفرت انگیزی کے خلاف 6 نکات پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے پہلے بھی کئی بار تعصب کے خلاف عالمی کوششوں پرزور دیا ہے۔
 
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایسا لائحہ عمل اسلام دشمن تعصب سمیت ہرقسم کی نفرت انگیزی کم کرنے میں معاون ہوگا، اسلام دشمن تعصب عصرحاضر میں نفرت انگیزی کی بڑی مثال ہے۔


اوساکا: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کمپنیوں پر ہواوے کو آلات اور ٹیکنالوجیز فروخت کرنے پر عائد پابندی کو ختم کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے شہر اوساکا میں جی-20 سمٹ کے دوران امریکی صدر کی چینی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تلخیاں ختم ہوگئیں اور ہواوے موبائل کے مستقبل کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ کیا گیا۔

صدر ٹرمپ نے امریکی کمپنیوں کو چینی موبائل کمپنی ہواوے موبائلز کو اپنی مصنوعات فروخت کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ دراصل یہ امریکی کمپنیاں ہی ہیں جنہوں نے ہواوے موبائل کو معروف پروڈکٹ بنایا۔

قبل ازیں ہواوے اپنی مصنوعات کی تیاری کے لیے اہم آلات اور ٹیکنالوجیز امریکی کمپنیوں سے خریدا کرتی تھی، امریکی صدر نے کینیڈا میں ہواوے کمپنی کی ایگزیکیٹو پر جاسوسی کا الزام عائد کرے امریکی کمپنیوں کو ہواوے کو آلات فروخت کرنے پر پابندی لگادی تھی۔

علاوہ ازیں امریکا نے ہواوے کی 5-جی ٹیکنالوجی کو ملکی سیکیورٹی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کرنے کی عالمی مہم بھی چلائی تھی جس کے باعث ہواوے کو پریشانی کا سامنا تھا اور اس نے اینڈرائیڈ کے متبادل کے طور سافٹ متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا تھا۔



اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے موجودہ سیاسی حالات کے تناظر میں مڈٹرم الیکشن کا مطالبہ کردیا۔

علاوہ ازیں بتایا گیا کہ مسلم لیگ (ن) سمیت تمام اپوزیشن نے پارلیمانی کمیٹی ’انتخابی دھاندلی کمیشن‘ سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ دھاندلی والی کمیٹی کا 4 ماہ سے اجلاس ہی نہیں ہورہا۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی بھرپور حمایت کریں گے اور ان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

پی اے سی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے احکامات تسلیم کرنے کے پابند ہیں اس لیے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی سربراہی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے بتایا نواز شریف نے رانا تنویر کو چیئرمین پی اے سی نامزد کیا ہے۔

سابق صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور کی عیادت کے موقعے ان کا کہنا تھا کہ چارٹر آف اکنامک پر مریم نواز کے موقف کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔

رہبر کمیٹی کے لئے نامزدگی

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے رہبرکمیٹی کے لیے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کے نام تجویز کردیئے۔

اس حوالے سے ذرائع نےبتایا کہ اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا شہباز شریف کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں رہبر کمیٹی کے لیے تجویز کردہ ناموں کو مولانا فضل الرحمن کو بھجوا دیئےگئے۔

اجلاس میں قومی اسمبلی میں بجٹ کی منظوری اور سپلمنٹری گرانٹس کے منظوری پر بھی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ اپوزیشن کا فیصلہ تھا ’لاڈلے‘ کو ایکسپوز ہونے دے، سب نے دیکھ لیا معیشت کی تباہی ہوئی ہے۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر کہا معیشت کو لگی بیماری کا علاج صرف نئے انتخابات ہیں، ان ہاؤس تبدیلی ممکن نہیں ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بجٹ کی چوٹ ایک ماہ بعد عوام پر پڑے گی۔

کراچی پریس کلب کے صدر پر تشدد کی مذمت

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ آزادی صحافت کے لیے صحافیوں۔کے ساتھ کھڑے ہیں اور کراچی پریس کلب کے صدر اور سمیع ابراہیم پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے سینئر رہنما جاوید لطیف کو ہدایت دی کہ صحافیوں کی سیکیورٹی سے متعلق رپورٹ جلد ایوان میں لائیں۔

شہبا شریف نے کہا کہ یہ بات عیاں ہوگئی یہ تحریک انصاف پارٹی نہیں ’پٹائی پارٹی‘ ہے، ماضی میں بھی سیاسی جماعتوں میں اختلافات تھے لیکن یہ صورتحال نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا پر جو سنسر شپ لگائی اس کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں تاہم حکومت کی طرف سے فسطائی ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے صحافیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

نواز شریف کو ذاتی معالج تک رسائی نہ دینے پر شدید مذمت

‎پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیر نواز شریف کو ذاتی معالج تک رسائی نہ دینے کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ’عمران خان یاد رکھیں نواز شریف صاحب کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو آپ کا گریبان اور عوام کا ہاتھ ہوگا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’‎سلیکٹڈ‘ وزیراعظم کو سیاسی قیدی نواز شریف سے اتنا خوف ہے کہ اُن کے بنیادی حقوق سے انہیں محروم رکھا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو 10 ماہ میں 7ہزار ارب کے قرضے، گیس کی قیمت میں 200 فیصد اضافے کا جواب دینا پڑے گا۔