منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS



وزیراعظم عمران خان نے تجویز پیش کی ہے کہ گرفتار اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کیے جائیں جبکہ اس سے متعلق قانون سازی بھی کی جائے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کامبینہ کے اجلاس میں پروڈکش آرڈر، حج پالیسی اور پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد کے دورہ امریکا سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم نے تجویز پیش کی کہ جو اراکین اسمبلی منی لانڈرنگ، جعلی اکاؤنٹس سمیت دیگر مقدمات میں گرفتار ہیں ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کیے جائیں۔

مذکورہ تجویز کو وزارت قانون کی جانب بھجوادیا گیا ہے جو اس پر قانونسازی کا مسودہ تیار کرے گا جبکہ اسے کابینہ کے ائندہ اجلاسوں کے دوران پیش کیا جائے گا۔

کابینہ نے سعودی عرب کی جانب سے موصول ہونے والے تقریباً 6 ہزار عازمین حج کے کوٹے کی قرعہ اندازی کرنے کی منظوری بھی دے دی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو اپنے رواں ماہ کے اختتام پر شیڈول دورہ امریکا کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس دورے کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ قلیل وفد امریکا جائے گا جبکہ وزیراعظم امریکا میں پاکستانی سفارتخانے میں قیام کریں گے۔

سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی، تاہم اس حوال سے ناموں کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔




پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیرخان ترین نے کہا ہے کہ نئے وفاقی بجٹ میں انہیں یا ملک کی کسی بھی شوگر ملز کو حکومتی ٹیکس میں اضافے سے فائدہ نہیں ہوگا۔

پی ٹی آئی کے سابق سیکریٹری جنرل نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ میرے یا شوگر ملز کو نہیں ملے گا، یہ تمام ٹیکس حکومت کو جائےگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’لوگ غلط فہمی پھیلا رہے ہیں، چینی کی قیمتوں میں اضافے کا اضافی ریونیو حکومت کو جائے گا، کسی نجی شعبے کو نہیں‘۔

خیال رہے کہ حکومت نے 20-2019 میں شوگر پر عائد ٹیکس میں 17 فیصد اضافہ کیا جس کے نتیجے میں فی کلو قیمت تقریباً ساڑھے تین روپے بڑھ جائے گی۔

دوران پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ’میرے پاس حکومت میں کوئی عہدہ نہیں ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں زراعت ایمرجنسی پروگرام کی ذمہ داری دی ہے اور اس ضمن میں کابینہ کو بھی بریفنگ دی۔

 

 

واضح رہے کہ 15 دسمبر کو سپریم کورٹ کے فیصلے میں پی ٹی آئی کے سابق سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین کو آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت نا اہل قرار دے دیا تھا ، ان پر زرعی آمدن، آف شور کمپنیوں، برطانیہ میں جائیداد اور اسٹاک ایکسچینج میں اِن سائڈ ٹریڈنگ سے متعلق الزامات تھے۔

جہانگیر ترین کی پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس توہینِ عدالت

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے جہانگیر ترین کی پریس کانفرنس پر کہا کہ وہ مالی اور باورچیوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کا سپریم کورٹ میں اعتراف کرنے والے سرکاری وسائل استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے جہانگیر ترین کی پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس توہینِ عدالت قرار دے دی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران صاحب جہانگیر ترین کو کسی بھی چیز سے منع نہیں کر سکتے کیونکہ ’اے ٹی ایم کے ناراض‘ ہونے کا ڈر ہوتا ہے، بنی گالا کے محل کا ’خرچہ بند‘ ہونے کا ڈر ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‎عمران خان سپریم کورٹ سے منی لانڈرنگ پر نااہل شخص آپ کی حکومت کی ترجمانی کر رہا ہے؟

‎انہوں نے کہا کہ نااہل قرار پانے والا مشہورزمانہ منی لانڈرر حکومتی پالیسی بیان کررہے ہیں ۔ یہ ہے نیا پاکستان؟

 
 
کراچی: ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف پیر سے شروع ہونے والی خصوصی مہم کے پہلے روز مجموعی طور پر 14 ہزار چالان کرکے 21 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرکے 15 لاکھ 95 ہزار 700 روپے وصول کرلیے جب کہ مہم کے دوران بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے 8500 شہریوں کی موٹر سائیکلیں ضبط کرلی گئیں۔
 
ٹریفک پولیس کراچی نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف پیر کو شروع کی جانے والی خصوصی مہم میں مجموعی طور پر 14 ہزار ایک چالان کر کے21 لاکھ 150 روپے جرمانہ وصول کرلیا ، خصوصی مہم کے دوران ٹریفک پولیس نے 8 ہزار 674 موٹر سائیکلوں کو بھی ضبط کیا گیا۔
 
ترجمان ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف شروع کی جانے والی خصوصی مہم کے پہلے روز ٹریفک پولیس ساؤتھ نے 3 ہزار 472 چالان کر کے 5 لاکھ 20 ہزار 800 روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے 2 ہزار 466 موٹر سائیکلوں کو ضبط کرلیا۔
اسی طرح سے ٹریفک پولیس سینٹرل نے 2 ہزار 540 چالان ، 3 لاکھ 81 ہزار جرمانہ عائد کر کے 1313 موٹر سائیکلوں کو ضبط کرلیا ، ٹریفک پولیس ایسٹ نے 2 ہزار 349 چالان ، 3 لاکھ 52 ہزار 350 روپے جرمانہ عائد کر کے 1451 موٹر سائیکلوں کو ضبط کرلیا ، ٹریفک پولیس سٹی نے ایک ہزار 746 چالان ، 2 لاکھ 61 ہزار 900 روپے جرمانہ اور 1272 موٹر سائیکلوں کو ضبط کرلیا۔
 
ٹریفک پولیس ویسٹ نے ایک ہزار 933 چالان ، 2 لاکھ 89 ہزار 950 روپے جرمانہ اور 858 موٹر سائیکلوں کو ضبط کرلیا ، ٹریفک پولیس کورنگی نے 963 چالان ، ایک لاکھ 44 ہزار 450 روپے جرمانہ ، 705 موٹر سائیکلیں جبکہ ٹریفک پولیس ملیر نے 998 چالان ، ایک لاکھ 49 ہزار 700 روپے چالان اور 609 موٹر سائیکلوں کو ضبط کرلیا۔
 
قبل ازیں پیر کی صبح کراچی ٹریفک پولیس نے شارع فیصل میٹروپول چورنگی پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف خصوصی مہم شروع کی۔
 
ڈی آئی جی ٹریفک جاوید علی مہر نے بتایا کہ رمضان المبارک سے شہریوں کو آگاہ کیا جا رہا تھا اور اس سلسلے میں مختلف شاہراہوں پر آگاہی بینرز اور پینا فلکس بھی لگائے گئے تھے شہریوں کو بتادیا تھا کہ ٹریفک پولیس یکم جولائی سے بغیر ہیلمٹ بائیک چلانے والوں کے خلاف سخت مہم شروع کررہی ہے، ٹریفک پولیس نے مہم کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی ہے ٹریفک سیکشن افسران2 شفٹوں میں شارع فیصل پر ڈیوٹی دیں گے اور مشترکہ گشت کریں گے۔
 
انہوں نے بتایا کہ شارع فیصل پر بغیر ہیلمٹ کسی کو بھی موٹرسائیکل چلانے کی اجازت نہیں ہوگی کوئی بھی موٹرسائیکل سوار بغیر ہیلمٹ شارع فیصل پر آئے گا تو اس کا چالان کاٹ کر موٹرسائیکل ضبط کرلی جائے گی موٹرسائیکل شہری کو اسی صورت واپس کی جائے گی جب شہری ہیلمٹ خرید کر لائے گا، بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانا انتہائی خطرناک ہے،مہم کا مقصد ٹریفک حادثات کی شرح کم کرنا ہے مہم بھرپور انداز میں چلائی جائے گی اور شہر بھر میں چالان کیے جائیں گے۔



لاہور: 

 

عدالت نے ن لیگ کے رہنما رانا ثنااللہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے رانا ثنا اللہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے، رانا ثنا اللہ کی عدالت میں پیشی پر ضلع کچہری میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

رانا ثنا اللہ کے خلاف اے این ایف کی طرف سے درج کی گئی ایف آئی آر کی کاپی ایکسپریس نیوز نے حاصل کرلی جس میں کہا گیا ہے کہ مخبر سے اطلاع موصول ہوئی کہ رانا ثنا اللہ اپنی گاڑی میں منشیات چھپا کر لاہور اسمگل کرنے کی کوشش کریں گے، اطلاع پر راوی ٹول پلازہ پہنچ کر موٹر وے سے آنے والی گاڑیوں کی نگرانی شروع کی گئی۔

 

 

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ سوا تین بجے رانا ثنا اللہ اپنی لینڈ کروزر گاڑی نمبر ای ایچ 225 میں سوار اپنے اسکواڈ کی گاڑی کے ہمراہ راوی ٹول پلازہ تک پہنچے، گاڑیوں کو روکا گیا جن میں 3 تین لوگ سوار تھے، لینڈ کروزر کے ڈرائیور نے اپنا نام عامر رستم بتایا، فرنٹ سیٹ پر بیٹھے شخص نے اپنا نام عمر فاروق بتایا جب کہ پچھلی سیٹ پر بیٹھے شخص نے اپنا نام رانا ثنا اللہ ولد شیر محمد بتایا۔

ایف آئی آر میں مزید بتایا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ سے اے این ایف ٹیم نے ہیروئن کا پوچھا تو انہوں نے بریف کیس نکال کر دکھایا، بریف کیس میں مومی لفافوں میں ہیروئن بند تھی، اسی اثنا میں رانا ثنا اللہ کے ہمراہ گارڈز اور دیگر نے اے این ایف اسٹاف کے ساتھ ہاتھا پائی شروع کردی اور رانا ثنا اللہ کو زبردستی اسلحہ کے زور پر چھڑا کر لے جانے کی کوشش کی تاہم رانا ثنا اللہ کو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ حکمت عملی سے غیر مسلح کرکے قابو کرلیا گیا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ رانا ثنا اللہ سے برآمد کی گئی ہیروئن کا بیگ سمیت وزن کیا گیا جو کہ 21.5 کلوگرام تھا، گواہان کی موجودگی میں ہیروئن کا وزن کرنے پر 15 کلو گرام ہیروئن ہوئی، برآمد ہیروئن میں سے 20 گرام برائے کیمیائی تجزیہ الگ نکال لی گئی، ملزمان سے برآمد ہیروئن، اسلحہ، ایمونیشن، گاڑیاں اور دیگر سامان قبضہ میں لے کر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر رانا ثناللہ نے کہا کہ یہ ظلم ہے، ظلم کی حکومت کیسے قائم رہ سکتی ہے یہ خدا کا فیصلہ ہے، اسے شرم آنی چاہیے جو یہ کہتا ہے کہ یہ مدینہ کی ریاست ہے۔

دوسری جانب رانا ثناء اللہ کی گرفتاری سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو آگاہ کر دیا گیا ہے، اے این ایف کی جانب سے مقدمے کی کاپی بھی خط کے ساتھ بجھوائی گئی۔



برمنگھم: 

 

بھارت نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

 

کرکٹ ورلڈکپ کے اہم میچ میں بھارت نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، دونوں ٹیموں نے ایونٹ میں اب تک 7،7 میچز کھیلے ہیں جس میں سے بھارت کو ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب بنگلا دیش نے 3 میچز میں کامیابی حاصل کی۔

بھارتی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، کیدارجادیو اور کلدیپ یادیو کی جگہ دنیش کارتک اور بھونیشور کمار کو شامل کیا گیا ہے جب کہ بنگلا دیش کی ٹیم میں بھی 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، صابر رحمان اور روبیل حسین کو پلینگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔


اس وقت پوئنٹس ٹیبل پر بھارت 11پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور بنگلا دیش 7 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے، میچ ہارنے کی صورت میں بنگلا دیش ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔ اگر آج بنگلا دیش بھارت سے میچ جیت جاتا ہے اور کل انگلینڈ کیویز سے ہارگیا تو پاکستان اور بنگلا دیش کا میچ ڈو آر ڈائی ہوگا۔

 

 

 
انگلینڈ کے خلاف میچ میں ہدف کے تعاقب میں وکٹیں باقی ہونے کے باوجود حیران کن طور پر محتاط انداز میں بیٹنگ پر سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف ان کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں۔
 
اتوار کو برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو فتح کے لیے 338رنز کا ہدف دیا تھا لیکن ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 306 رنز ہی بنا سکی۔
 
جب مہندرا سنگھ دھونی بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے تو بھارت کو میچ میں فتح کے لیے 65 گیندوں پر تقریباً 10 کی اوسط سے 112رنز درکار تھے اور بھارت کی 6 وکٹیں باقی تھیں۔
 
اس موقع پر ہردک پانڈیا نے تیزی سے رنز اسکور کیے لیکن مہندرا سنگھ دھونی نے بڑھتے رن ریٹ کے باوجود جارحانہ انداز نہ اپنا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اپنی اننگز کی ابتدائی 24 گیندوں پر صرف 29 رنز بنائے تھے۔
 
ہردک پانڈیا کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی ہدف کا تعاقب زیادہ مشکل نہ تھا اور بھارتی ٹیم کو 31 گیندوں پر 71 رنز درکار تھے لیکن دھونی اور ان کے نئے ساتھی کیدار جادھو نے کسی بھی موقع پر ہدف حاصل کرنے کی کوشش نہ کی جس کے سبب بھارت کو میچ میں 31 رنز سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔
 
دھونی کو اس طرح کی بیٹنگ پر انہیں سابق کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ بھارتی شائقینِ کرکٹ نے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا لیکن اس مرحلے پر قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف ان کے دفاع میں سامنے آ گئے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ مہندرا سنگھ دھونی کو اسی طرح کی بیٹنگ پر افغانستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا لیکن وہ مستقل اسی طرح سے بیٹنگ کر رہے ہیں لہٰذا صرف انگلینڈ کے خلاف تنقید جائز نہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ میچ ہردک پانڈیا کے ہاتھ میں تھا کیونکہ دھونی جب آیا 13 سے 12 کا رن ریٹ درکار تھا، پانڈیا نے 400 اوور تک جارحانہ بیٹنگ کی لیکن فیلڈنگ میں تبدیلی کے ساتھ ہی وہ رنز اسکور نہیں کر سکے۔
 
سابق وکٹ کیپر بلے باز کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف میچ پانڈیا نے خراب کیا کیونکہ وہ ایسا کھلاڑی ہے جو 15رنز فی اوورز کے حساب سے اسکور بنا سکتا ہے، دھونی اب اتنی تیزی سے رنز اسکور نہیں کر سکتا۔
 
اس موقع پر انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ میچ ابتدائی اوورز میں خراب ہو چکا تھا جب بھارتی ٹیم نے 10 اوورز میں 28 رنز بنائے تو انہیں بقیہ 40 اوورز میں 310 رنز بنانے تھے جو نہیں بن سکتے تھے۔
 
راشد لطیف نے بھارتی اوسپنرز کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کلدیپ اور چاہل نے اچھی باؤلنگ نہیں کی، ان کی لینتھ ایک فٹ آگے تھی جس کی وجہ سے انگلش بلے بازوں نے ان کے خلاف باآسانی رنز اسکور کیے۔

 


اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار آصف علی زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 13 روز کی توسیع کردی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) حکام نے سابق صدر کو احتساب عدالت کے ایڈمنسٹریٹو جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے سابق صدر کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی گئی جسے منظور کرلیا گیا۔

عدالت نے آصف علی زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 13 روز کی توسیع کردی جبکہ ان کے خلاف منی لانڈرنگ اور پارک لین اسکینڈل کیس میں تفتیش کی اجازت دیتے ہوئے انہیں نیب کے حوالے کردیا۔

کمزور لوگ ایسا ہی کرتے ہیں، آصف زرداری کا انٹرویو نشر نہ ہونے پر تبصرہ

احاطہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے اپنے انٹرویو کے نشر نہ ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ 'اس طرح تو ہوتا ہے، کیونکہ کمزور لوگ ایسا ہی کرتے ہیں۔'

آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کی بھی مذمت کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ 'کیا وہ شخص اتنی منشیات اپنی گاڑی میں لے کر جارہا ہوگا؟'

ایک اور سوال کے جواب سابق صدر نے کہا کہ ملک چل نہیں رہا اور آپ ٹیکس لگاتے جارہے ہیں، گاڑیوں پر بھی ٹیکس لگادیا۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کی عدالت میں پیشی کے موقع پر نیئر بخاری، شیری رحمان، عامر پراچہ سمیت دیگر رہنما بھی احتساب عدالت پہنچے تھے۔

لاہور: اے این ایف ہیڈ کوارٹر راولپنڈی حکام نے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔
ززائع کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے رانا ثنااللہ کو تحویل میں لے لیا اور ان سے پوچھ کچھ کی جاری ہے تاہم اس حوالے سے کوئی مصدقہ اطلاعات نہیں کہ انہیں کس کیس میں تحویل میں لیا گیا ہے۔
 
اے این ایف ہیڈ کوارٹر راولپنڈی حکام نے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنااللہ کو اے این ایف لاہور نے گرفتار کیا اور اس حوالے سے اے این ایف لاہور سے مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں، انہیں کس کیس میں گرفتار کیا گیا یہ کچھ دیر بعد بتائیں گے۔
 
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے رانا ثنااللہ کی گرفتاری کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ذیادہ مضحکہ خیز بات کیا ہو سکتی ہے کہ اے این ایف رانا ثنااللہ کو گرفتار کرے، اے این ایف کا رانا ثنااللہ سے کیا لینا دینا ہے، انہیں دلیرانہ موقف کی وجہ سے گرفتارکیا گیا جب کہ رانا ثنااللہ کی گرفتاری کے پیچھے عمران خان ہے، جعلی اعظم چھوٹے ذہن کا مالک ہے۔
لاہور: شعیب اختر کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے بھی بھارتی ٹیم کو کھری کھری سنا دیں۔
 
ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد اپنے پیغام میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ یہ آپ نہیں ہیں ، جو آپ زندگی میں کرتے ہیں، وہ آپ کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کیا ہیں ، پاکستان سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہتا ہے یا نہیں میں اس سے پریشان نہیں بلکہ اس سے ہوں کہ کچھ چیمپئنز کی سپورٹس مین شپ کا امتحان ہوا اور وہ اس میں بری طرح ناکام رہے
 
اس سے قبل سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی انگلینڈ کے ہاتھوں بلیو شرٹس کی ہار پر شکوک وشبہات کا اظہار کیا تھا، پوائنٹس ٹیبل کے اعتبار سے 14 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا تو پہلے ہی کوالیفائی کر چکا ہے، بھارت اور نیوزی لینڈ 11، 11، پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ انگلینڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور پاکستان 9 پوائنٹس کے ہمراہ پانچویں نمبر پر ہے۔