منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

راولپنڈی:احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں فریال تالپورکے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔

راولپنڈی کی احتساب عدالت میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، فریال تالپورکوسخت سیکیورٹی میں عدالت لایا گیا۔ نیب پراسیکیوٹرنے موقف اختیار کیا کہ فریال تالپورنے اویس مظفرکورقوم منتقل کیں اوردوران تفتیش اس کا اعتراف کیا ہے، فریال تالپورنے کہا کہ یہ رقوم عبدالغنی مجید نے دی تھیں، انہیں معلوم نہیں تھا کہ اکاؤنٹس جعلی ہیں، انہوں نے مشتاق احمد اورزین ملک کے مشترکہ اکاؤنٹ سے بھی لاعلمی کا اظہارکیا ، پہلے یہ کہتے تھے اومنی گروپ سے گنے کی فروخت کے بدلے رقوم آئیں اوراب ان کا کہنا ہے انہیں یہ بھی معلوم نہیں کس شوگرمل نے انہیں رقم بھیجی۔

فریال تالپورکے وکیل لطیف کھوسہ سے کہا کہ فریال تالپورکے زرداری گروپ میں ایک فیصد سے بھی کم شیئرزہیں، پارک لین میں بھی فریال تالپورکا کوئی کردارنہیں، پارک لین نے نجی بینک سے قرضہ لیا، نیب والے کچھڑی بنا رہے ہیں، نیب ماشاءاللہ بہت شفاف کام کررہا ہے، اللہ ان کومزید شفاف کام کرنے کی ہدایت دے، گھڑلیں جوکچھ گھڑنا ہے، ہم بیس سال سے یہ سہہ رہے ہیں، انہوں نے بی بی شہید کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا، علیمہ باجی کا انہیں کچھ کیوں نظرنہیں آتا۔

 عدالت نے فریال تالپورکے جسمانی ریمانڈ میں 14 روزکی توسیع کرتے ہوئے انہیں 8 جولائی کودوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے نیب حکام کو ہدایت کی کہ اپنی تحقیقات جعلی اکاؤنٹس تک محدود رکھیں، تفتیش میں غیر ضروری لوگوں کو ہراساں نہیں کرنا۔
کراچی: ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں قیمت 157 تک پہنچ گئی ہے۔
 
کاروباری ہفتے کےآغاز پر ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے، ایکسچینج کرنسی ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 157 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے جب کہ انٹر بینک میں 7 پیسے مہنگا ہونے کے بعد قیمت 156.83 سے بڑھ کر 156.90 روپے پر پہنچ گئی ہے۔
 
دوسری جانب کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رُجحان دیکھنے میں آیا اور 100 انڈیکس میں 667 پوائنٹس کی کمی کے بعد انڈیکس 34400 پوائنٹس کی سطح تک گرگیا۔
 
واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ڈالر کی قیمت میں 20 روپے تک کا اضافہ ہوچکا ہے۔

واشنگٹن: ‎امریکی انتظامیہ نے عالمی مذہبی آزادی سے متعلق 2019 کی رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا ہے کہ ‎مودی حکومت کی سرپرستی میں گزشتہ 2 سال سے مذہبی دہشت گردی عروج پر پہنچ چکی ہے۔

امریکا کی جانب سے مذہبی آزادی سے متعلق جاری کردہ سالانہ رپورٹ کے مطابق بھارت میں ہندو قوم پرست دھڑوں نے 'ہندوتوا' کے تحت غیر ہندوؤں پر تشدد کیا اور انہیں دہشت اور خوف کا نشانہ بنایا گیا جب کہ مودی حکومت نے گزشتہ دور میں اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ‎حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی سے وابستہ سیاسی لیڈر کھلے عام 'ہندوتوا' کا پرچار کرتے ہیں اور مودی حکومت کا مستقبل میں بھی توجہ نہ دینے کا عندیہ نظر آرہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ‎ایک تہائی ریاستی حکومتوں نے گائے کی ذبح پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور ‎گائے ذبح کرنے کی جھوٹی اطلاع پر بھی مسلمانوں کو سرعام تشدد کر کے قتل کیا گیا۔

امریکی رپورٹ کے مطابق ‎دودھ، دہی، چمڑے اور گوشت کے کاروبار سے وابستہ افراد پر تشدد ہوا اور ان کاروبار سے وابستہ 10 افراد کو گزشتہ سال قتل کیا گیا۔ 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں سمیت اقلیتوں کی زبردستی مذہب کی تبدیلی کی تقاریب ہورہی ہیں، غیر ہندوؤں کو "گھر واپسی" نامی تقاریب منعقد کر کے زبردستی ہندو بنایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ‎بھارت کی 10 ریاستوں میں اقلیتوں کے لیے حالات بدتر ہوچکے ہیں، ان میں اتر پردیش، آندھرا پردیش، بہار، چھتیس گڑھ، گجرات، اڑیسہ، کرناٹک، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر اور راجھستان شامل ہیں۔

یاد رہے کہ امریکا نے بھارت کو مذہبی دہشت گردی کی فہرست میں بدترین ممالک میں شامل کر رکھا ہے۔

لارڈز:انگلینڈ میں جاری کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف میچ تو جیت گئی لیکن روایتی فیلڈنگ کا مظاہرہ کرنے سے باز نہ آئی، قومی ٹیم نے میچ میں 7 کیچز ڈراپ کئے۔
 
اس میچ میں فاسٹ بولر محمد عامر کے ہاتھ 4 کیچز نہ آئے، وکٹ کیپر سرفراز احمد ، وہاب ریاض اور شاداب خان بھی کیچز نہ تھام سکے۔ جنوبی افریقی اننگز کے پہلے اوور میں ہی حفیظ کی گیند پر ڈی کاک کا کیچ وہاب ریاض نے چھوڑ دیا۔
 
اس کے بعد شاہین شاہ کی گیند پر کپتان فاف ڈوپلیسی کا کیچ شاداب خان پوائنٹ پر تھام نہ سکے۔ تیسرا کیچ محمد عامر نے مڈ اون پر وین ڈیر ڈسن کا گرادیا، چوتھا کیچ محمد عامر نے اپنی ہی گیند پر ڈیوڈ ملر کا چھوڑا۔
 
پانچواں کیچ سرفراز احمد نے وہاب کی گیند پر وین ڈیر ڈسن کا گرایا۔ چھٹا کیچ محمد عامر نے تھرڈ مین پر وہاب کی گیند پر پر ڈیوڈ ملر کا ڈراپ کیا جبکہ ساتواں کیچ بھی محمد عامر نے ڈیوڈ ملر کا چھوڑا۔
 
اعداد وشمار کے مطابق پاکستانی فیلڈرز کی جانب سے رواں ورلڈکپ میں 14 کیچز ڈراپ ہوئے ہیں، صرف جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں ہی سات کیچز اُن کے ہاتھوں میں نہ آسکے۔
اسلام آباد: شیخ رشید نے کہا ہے کہ منتخب آدمی کو سلیکٹڈ کہنا نا مناسب بات ہے، شہباز شریف اور میری مدر پارٹی ایک ہی ہے، ہم نے کبھی پارٹی نہیں بدلی۔
 
شیخ رشید نے کہا ہے کہ ن لیگ میں ایک شہباز لیگ دوسری نواز لیگ ہے، 126 دن بیٹھنا ان کے بس کی بات نہیں، خورشید نے کہا اے پی سی میں مولانا کو سمجھائیں گے، منتخب شخص کو سلیکٹڈ کہنا نا انصافی ہے۔
 
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت نے اداروں کو بہتر بنانے کا تہیہ کیا ہوا ہے، 3 سے 4 ارب کا خسارہ کم کرنے کی کوشش کی ہے، تیل کی قیمت بڑھنے سے کرایوں میں اضافہ کیا گیا، 17 لاکھ لیٹر تیل بچایا اور 34 ٹرینیں بھی چلائی ہیں۔
 
 
 
انہوں نے کہا وزیراعظم سرسید ایکسپریس کا 3 جولائی کو افتتاح کریں گے، ایم ایل ون شروع ہونے تک ڈی ریلنگ کے خدشات رہیں گے، سکھر روہڑی ٹریک کی حالت بہت خراب ہے، نئی چلائی جانیوالی 10 ٹرینیں منافع میں جا رہی ہیں

لندن: پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر ورلڈ کپ کے بولنگ چارٹ میں ایک بار پھر سرفہرست ہوگئے۔

انھوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 10 اوورز میں 49 رنز دیکر2 وکٹیں لیں، اسطرح حالیہ میگا ایونٹ میں ان کے شکاروں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 15 ہوگئی، ان کے علاوہ جوفرا آرچر اور مچل اسٹارک بھی یکساں طور پر 15،15 شکار کرچکے ہیں، پروٹیز کیخلاف 3 وکٹیں اڑانے والے دوسرے قومی بولر وہاب ریاض کے مجموعی شکار8 ہوگئے۔

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے دوسری شادی کے لیے مصالحتی کونسل کی اجازت لازمی قرار دے دی۔
 
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے 12 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا جس کے مطابق دوسری شادی کے لیے بیوی سے اجازت کے باوجود مصالحتی کونسل کی اجازت ضروری ہوگی۔
 
ہائیکورٹ نے کشمیر کے شہری لیاقت علی میر کی بریت کے خلاف پہلی بیوی کی اپیل پر سماعت کی اور بریت کو کالعدم قرار دے دیا۔
 
لیاقت علی میر کو ایک ماہ قید اور 5 ہزار روپے جرمانے کی سزا سناتے ہوئے عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ جس شخص کے پاس قومی شناختی کارڈ ہے، اس پر تمام قوانین کا اطلاق ہوگا۔
 
فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ بیوی کی اجازت کے باوجود مصالحتی کونسل انکار کردے تو دوسری شادی پر سزا ہوگی، ایڈیشنل سیشن جج میرٹ پر لیاقت علی میر کی دوسری شادی کیس کا فیصلہ کریں۔
 
ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ چونکہ نکاح اسلام آباد میں رجسٹرڈ ہے اس لیے عدالت کا مکمل دائرہ اختیار ہے جب کہ مسلم فیملی لاء آرڈیننس 1961 کے مطابق اجازت کے بغیر شادی کرنے والے شخص کو سزا اور جرمانہ ہوگا۔
 
یاد رہے کہ مجسٹریٹ اسلام آباد نے مصالحتی کونسل کی اجازت کے بغیر شادی کرنے والے آزاد کشمیر کے رہائشی لیاقت علی کو سزا سنائی تھی۔
 
دلشاد بی بی اور لیاقت علی میر نے 2011 میں پسند کی شادی کی اور 2013 میں لیاقت علی نے بیوی اور مصالحتی کونسل کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کی تھی۔
 
کراچی: وائس چانسلرز کا اجلاس 24 جون 2019 ءکو جامعہ کراچی کے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوگا
 
دفتر مشیر امورطلبہ اور انٹریونیورسٹیز کنسورشیم کے زیر اہتمام جامعہ کراچی میں وائس چانسلرز کا اجلاس 24 جون 2019 ءکو صبح 11:00 بجے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوگاجبکہ 25 جون کو وائس چانسلرز کی طلباوطالبات کے ساتھ نشت بعنوان: ”جامعات میں پیس بلڈنگ کے لئے بیسٹ پریکٹسز“ ہوگی۔
 
مذکورہ اجلاس زیر صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی منعقد ہوگا جبکہ وائس چانسلرز کمیٹی پاکستان کے چیئر مین اور قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ مہمان خصوصی ہوں گے۔

کراچی: ایم فل ، پی ایچ ڈی ،ایم ایس اور ایم ڈی میں داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ کااعلان ہوگیا۔

جامعہ کراچی کے رجسٹرارپروفیسرڈاکٹر سلیم شہزادکے اعلامیے کے مطابق ایم فل،پی ایچ ڈی ،ایم ایس( سرجری) اور ایم ڈی(میڈیسن) میں داخلوں کے لئے داخلہ فارم  پیر 24جون2019 ءتک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔داخلہ ٹیسٹ کے لئے اہل امیدواروں کی فہرست 02 جولائی2019 ءکو جامعہ کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی۔

داخلہ ٹیسٹ کے اہل امیدوار اپنے ایڈمٹ کارڈ 03 تا12 جولائی تک متعلقہ شعبہ جات ،سینٹر اور انسٹیٹوٹ سے حاصل کرسکتے ہیں جبکہ داخلہ ٹیسٹ اتوار14 جولائی2019 ءکو صبح10:00بجے ہونگے جس میں شرکت کے لئے امیدواروں کو مقررہ وقت سے نصف گھنٹے قبل اصل شناختی کارڈ اور ایڈمٹ کارڈ کے ساتھ ٹیسٹ کے مقام پر پہنچنا لازمی ہوگا۔

داخلہ ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے امیدواروںکی فہرست ویب سائٹ پر31 جولائی2019 ءکو جاری کی جائے گی۔واضح رہے کہ ایسے طلبہ جن کی ڈگری ایچ ای سی سے منظور شدہ نجی یا غیر ملکی تعلیمی ادارے سے ہو ،انہیں پرو یژنل ایڈمیشن سے قبل ڈپٹی رجسٹرار(اکیڈمک ) جامعہ کراچی سے ایکویلنس(Equivalence ) سرٹیفیکٹ حاصل کرنا ہوگا۔

کراچی: موسم گرما کےحوالے سے چلنے والی خبربےبنیاد ہے۔ محکمہ تعلیم کے ترجمان سعید میمن نے گرمیوں کی چھٹیاں بڑھائے جانے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر آنے والی خبروں تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اسکولز میں گرمیوں کی چھٹیاں یکم مئی سے 30 جون تک ہیں اور نئے تعلیمی سال کا آغاز یکم جولائی سے ہوگا۔ اس میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی گئی۔
 
انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی طرف سے 2 جنوری 2019 کو منعقد کیے گئے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ہی پورے سال کے تعلیمی شیڈیول کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے مطابق تمام اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں یکم مئی سے 30 جون تک ہونگی اور نئے تعلیمی سال کا آغاز یکم جولائی سے ہوگا۔
 
لہٰذہ اس حوالے سے کل سے سوشل میڈیا پر کچھ عناصر کی جانب سے پچھلے سال کے کسی چئنل پر نشر ہوئی خبر کے اسکرین شاٹس جاری کرکے عوام کو پریشان کیا جا رہا ہے جن کو خاطر میں نہ لایا جائے۔ گرمیوں کی چھٹیاں طئے شدہ شیڈیول (یکم مئی سے 30 جون تک) کے مطابق برقرار ہے۔ اور اسکولز میں یکم جولائی سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوجائے گا.