منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

دنیا کا پہلا ایسے طیارے کو متعارف کرادیا گیا ہے جسے اڑانے کے لیے روایتی ایندھن کی ضرورت نہیں بلکہ وہ بجلی کی مدد سے پرواز بھر سکے گا۔ ایوی ایشن نامی کمپنی نے ایلس نامی دنیا کا پہلا مکمل الیکٹرک کمرشل طیارہ متعارف کرایا ہے جس کی ساخت عام طیاروں سے کافی مختلف ہے۔ اس طیارے میں لیتھیم اون بیٹری لگائی گئی ہے جس کی بدولت 9 مسافروں کی گنجائش والا طیارہ سنگل چارج پر 276 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے 10 ہزار فٹ کی بلندی پر 650 میل تک سفر کرسکتا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس برقی طارے کے آرڈر بھی ایک امریکی کمپنی کیپ ائیر سے مل چکے ہیں اور اس کا پہلا ماڈل 2022 تک کمرشل پرواز کرنے لگے گا۔ یہ کمپنی اس طرح کے ایک بڑے ماڈل کو بھی تیار کررہی ہے جس میں زیادہ طاقتور بیٹری لگائی جائے گی جس کی بدولت وہ 738 میل تک سفر کرسکے گا۔ اگرچہ طویل فاصلے تک برقی طیاروں کی پرواز طویل عرصے تک ممکن نہیں مگر مختصر فاصلے کے لیے یہ کارآمد ثابت ہوسکیں گے جو کہ ماحولیاتی آلودگی کے مسئلے پر قابو پانے میں بھی مدد فراہم کریں گے۔ اس وقت پائلٹ لیس طیاروں کی تیاری پر بھی کام ہورہا ہے اور ابھی دنیا میں ڈرائیو کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کے تجربات مکمل طور پر کامیاب نہیں ہوسکے مگر پائلٹ لیس طیارے کی تیاری پر بھی کام شروع ہوگیا ہے۔ آن لائن ٹریول ایجنسی کیوی ڈاٹ کام چیک ریپبک کی ایرو ٹیکنالوجی کمپنی زیوری کے ساتھ مل کر ایسے طیارے پر کام کررہی ہے جو پائلٹ کے بغیر اڑان بھرسکے گا۔ ابھی ان کمپنیوں نے اس طیارے کا پروٹوٹائپ ڈیزائن کیا ہے اور ان کے مطابق یہ طیارہ 434 میل تک سفر کرسکے گا۔ ڈرونز کی طرح یہ پائلٹ لیس طیارہ عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا اور اس کی پرواز کے لیے 8 الیکٹرک موٹرز نصب ہوں گی۔ یہ کانسیپٹ طیارہ 4 مسافروں کو لے کر پرواز کرسکے گا اور اب کمپنی فعال پروٹوٹائپ کی تیاری پر کام کررہی ہے۔
 

لاہور: پاکستان شکستوں کی بھول بھلیوں سے نکلنے کا راستہ تلاش کرنے لگا ایونٹ میں بقا کی موہوم سی امید لیے کھلاڑی جنوبی افریقہ کیخلاف میچ کی تیاری میں مصروف رہے۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نئے معرکے سے قبل اعتماد بحال کرنے کیلیے کوشاں نظر آئے، پریکٹس سیشن میں بیٹسمین شارٹ گیندوں پر کارکردگی بہتر بنانے کیلیے سرگرم رہے، بولرز نے اپنی لائن و لینتھ پر کام کیا، اسپنرز نے بھی خود کو لارڈز کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرلیا، پروٹیز کیخلاف گزشتہ 4ورلڈکپ مقابلوں میں صرف ایک فتح سمیٹنے والے گرین شرٹس کیلیے نیا چیلنج بھی آسان نہیں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ اتوارکو ہوم آف کرکٹ لارڈز میں مقابل ہوں گے، ابھی تک دونوں ٹیموں کی کارکردگی ناقص رہی ہے، جنوبی افریقہ کے 6 میچز میں 3پوائنٹس ہیں، پاکستان نے 5 مقابلوں میں 3 پوائنٹس جوڑے ہیں، پروٹیز کا میگا ایونٹ میں سفر اصولی طور پر تمام ہوگیا۔ پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کا امکان نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے، گرین شرٹس اگر اپنے چاروں میچ بھی جیت جائیں تو 11 پوائنٹس ہوں گے،اس کے بعد بھی پیش قدمی جاری رکھنے کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ انگلینڈ، نیوزی لینڈ،آسٹریلیا اور بھارت جیسی مضبوط ٹیموں میں سے کوئی ایک مسلسل ناکامیوں سے دوچار ہوکر راستے سے ہٹ جائے، بظاہر ایسا ہوتا نظر نہیں آتا۔ گزشتہ روز لارڈز میں پریکٹس سیشن کے دوران پاکستانی کرکٹرز شکستوں کی بھول بھلیوں سے نکلنے کے راستے تلاش کرتے نظر آئے،ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھارت کیخلاف میچ میں ناقص کارکردگی سے مزید متزلزل ہونے والا اعتماد بحال کرنے کیلیے لیکچر دیا، لارڈز کی کنڈیشنز اور پچ کی ممکنہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا،بعد ازاں سخت مشقت سے کھلاڑیوں کا لہوگرمایا گیا، نیٹ میں بیٹنگ کرنے والوں کو تسلسل کیساتھ شارٹ گیندوں کا سامنا کرایا گیا۔ ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں نے محمد عامر، وہاب ریاض، محمد حسنین، شاہین شاہ آفریدی اور مقامی بولرز کی پیس اور باؤنس پر اپنی تکنیک بہتر بنانے کیلیے کام کیا،فخرزمان، امام الحق اور بابر اعظم مشکل گیندوں پر اچھے اسٹروکس کھیل کر کوچز سے داد وصول کی، سرفراز احمد نے بھی طویل سیشن میں اپنا کھویا ہوا اعتماد حاصل کرنے کی کوشش جاری رکھی، محمد حفیظ اور حارث سہیل بھی نیٹ میں سرگرم رہے، بولنگ کوچ اظہر محمود پیسرز کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے خامیوں سے آگاہ کرتے نظر آئے،اسپنرز شاداب خان، عماد وسیم الگ نیٹ میں اپنی لائن اور لینتھ درست کرنے کیلیے کوشاں رہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ابھی تک 78ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے گئے ہیں جن میں سے گرین شرٹس نے صرف 27جیتے اور 50میں مات کھائی،ایک مقابلہ بے نتیجہ رہا،گزشتہ سیریز میں جنوبی افریقہ نے مہمان پاکستان ٹیم کو 3-2 سے مات دی تھی،ورلڈکپ کے باہمی مقابلوں میں بھی پروٹیز کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ دونوں ٹیمیں ابھی تک 4 بار مقابل ہوئی ہیں،پاکستان ٹیم نے صرف ایک بار کامیابی حاصل کی،ورلڈکپ 1992میں برسبین میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کو بارش زدہ میچ میں 20رنز سے مات ہوئی، 1996میں کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں گرین شرٹس عامر سہیل کی سنچری کی بدولت 6 وکٹ پر 242رنز بنانے کے بعد ہدف کا دفاع نہیں کرپائے اور 5 وکٹ سے مات کھائی،وقار یونس3اور ثقلین مشتاق 2وکٹیں لینے کے باوجود شکست کو نہ ٹال سکے۔ ورلڈکپ1999میں ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان ٹیم نے معین خان کے 63 رنز کی مدد سے 7 وکٹ پر 220 رنز بنانے کے بعد 3 وکٹ سے ناکام ہوئی،لانس کلوزنر کے ناقابل شکست 46 رنز نے گرین شرٹس کو یقینی فتح سے محروم رکھا، اظہر محمود کی 3 اور شعیب اختر کی 2 وکٹیں کسی کام نہ آئیں، پروٹیز کیخلاف پاکستان کی اکلوتی فتح گزشتہ ورلڈکپ میں تھی، گرین شرٹس نے مصباح الحق(56) اور سرفراز احمد(49) کی بدولت 222 کا مجموعہ حاصل کیا،جواب میں ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ پر جنوبی افریقی ٹیم 29 رنز سے ناکام ہوئی، ڈی ویلیئرز کے 77رنز بیکارگئے، محمد عرفان، راحت علی اور وہاب ریاض نے 3،3شکار کیے۔

لندن: قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا سابق کھلاڑیوں کی تنقید پر ردعمل سامنے آگیا. تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کچھ سابق کھلاڑی خود کو زمینی خدا سمجھ رہے ہیں. پاکستان کو ٹی 20 کی نمبر ون ٹیم بنوانے والے کپتان کا کہنا تھا کہ سابق کھلاڑیوں کی رائے پر کچھ نہیں کہوں گا. سرفراز احمد نے کہا کہ چیمپئینز ٹرافی جیت کربھی ہمارے پیر زمین پر تھے. انھوں نے کہا کہ ورلڈ‌ کپ 2019 ابھی جاری ہے، ٹورنامنٹ ابھی ختم نہیں ہوا، قومی ٹیم سیمی فائنل میں جاسکتی ہے. خیال رہے کہ ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی. ویسٹ انڈیز، بھارت آسٹریلیا کے خلاف گرین شرٹس کو شکست ہوئی. پاکستان نے ٹورنامینٹ کی فیورٹ ٹیم انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی، جب کہ سری لنکا اور پاکستان کا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا. اس وقت پاکستانی ٹیم ٹورنامینٹ میں نویں نمبر پر ہے اور اس کا ٹورنامینٹ میں‌ کم بیک کرنا خاصا دشوار ہے، اسے باعث ٹیم کو سابق کھلاڑیوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے.

معروف دستاویزی فلم ساز اور پاکستان کی آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے کی مختصر اینیمیٹڈ سیریز "آگاہی" کانز لوائنز ایوارڈ کے لیے نامزد ہوگئی۔

شرمین عبید چنائے معاشرے کے ان مسائل کے حوالے سے دستاویزی فلمیں بناتی ہیں جو کہ خواتین اور بچوں میں شعور اجاگر کرنے کا باعث بنتی ہیں۔ 

ان کی حالیہ مختصر اینیمیٹڈ سیریز "آگاہی" جو کہ پاکستان میں خواتین کے قانونی حقوق سے متعلق بنائی گئی ہے، جسے 66ویں عالمی کانز لوائنز ایوارڈ کی تقریب میں "صنفی مساوات میں قابل تائید ترقی" کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے۔

کانز لوائنز ایوارڈ میں 89 ممالک کے فلم سازوں نے حصہ لیا ہے۔

اس ایوارڈ کے لیے پہلی بار نامزد ہونے کے بعد شرمین عبید چنائے نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 'آگاہی' ایک ایسی سیریز ہے جس کے ذریعے پاکستان کی خواتین میں پولیس اور عدالتی نظام کے حوالے سے شعور کو اجاگر کیا جارہا ہے۔

شرمین عبید کا مزید کہنا ہے کہ 'آگاہی' کا مختلف شہروں اور دیہات سے زبردست ردعمل سامنے آیا جس کے بعد یہ سیریز کانز لوائنز ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئی۔

 شرمین عبید کے پروڈکشن ہاؤس ایس او سی فلمز اور وومن ایکشن فورم کراچی کے تعاون سے "آگاہی" ایک مہم کے طور پر پچھلے سات ماہ سے خواتین کے ایسے مسائل جن میں طلاق، سائبر کرائم، ہراساں کرنے اور مقدمات کا اندراج جیسے مسائل اجاگر کرنا شامل ہے

کراچی: معروف قوال امجد صابری کو آج دنیائے فانی سے بچھڑے 3 برس بیت گئے لیکن ان کی دل لبھانے اور سحر طاری کرنے والی آواز آج بھی مداح نہیں بھولے۔

امجد صابری نے 23 دسمبر 1976 کو کراچی میں معروف قوال صابری گھرانے میں آنکھ کھولی، ان کے والد غلام فرید صابری بھی قوالی کی دنیا کا مشہور نام تھے۔

امجد صابری نے 1988 میں فنی سفر کا آغاز کیا اور اپنی بہترین آواز اور انفرادیت کی وجہ سے سب کے دلوں میں گھر کرلیا۔

امجد صابری نے نہ صرف پاکستان میں قوالیوں کو جلا بخشی بلکہ لندن، امریکا اور بھارت تک میں اپنی آواز کا جادو بکھیرا۔

امجد صابری تین برس قبل 22 جون کو رمضان المبارک کے دوران ایک نجی ٹی وی چینل کی ٹرانسمیشن میں شرکت کے لیے جارہے تھے کہ انہیں گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔

آج ان کی تیسری برسی منائی جارہی ہے، اس موقع پر ان کی خوبصورت آواز میں چند یادگار قوالیاں پیش کی جاتی ہیں۔

کراچی: آج سال کا طویل ترین دن ہے جبکہ آج مختصر ترین رات ہوگی۔ کل یعنی 22 جون سے دن کا دورانیہ بتدریج کم ہونے لگے گا اور راتیں طویل ہونا شروع ہوجائیں گی۔
 
بتاتے چلیں کہ سال کے طویل ترین دن کو سائنسی زبان میں ’’انقلابِ گرما‘‘ (summer solstice) کہتے ہیں جس کے بعد دن کا دورانیہ بتدریج کم ہوتے ہوتے 22 یا 23 ستمبر کے روز دن اور رات کا دورانیہ برابر ہوجاتا ہے، جس کے بعد رات کی لمبائی، دن کی لمبائی سے زیادہ ہونے لگتی ہے؛ یہاں تک کہ 21 یا 22 دسمبر کو طویل ترین رات آجاتی ہے۔
 
دلچسپی کی بات یہ ہے کہ دنیا کے شمالی نصف کرے (northern hemisphere) میں آج سال کا سب سے طویل دن ہے جبکہ، اس کے برعکس، جنوبی (southern) نصف کرے میں سال کا سب سے چھوٹا دن ہے۔ شمالی نصف کرے میں واقع ممالک یعنی پاکستان، بھارت، چین، روس، امریکا، کینیڈا اور برطانیہ وغیرہ میں آج سال کا طویل ترین دن ہے جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں سال کا مختصر ترین دن ہے (کیونکہ وہ جنوبی نصف کرے میں واقع ہیں)۔
 
کیونکہ زمین اپنے محور پر جھکی ہوئی ہے، اس لیے شمالی اور جنوبی نصف کرے کے موسم ایک دوسرے سے بالکل الٹ ہوتے ہیں؛ اور جب ایک طرف سال کا طویل ترین دن ہوتا ہے تو دوسری جانب سال کا مختصر ترین دن ہوتا ہے۔
 
واضح رہے کہ شمالی نصف کرے میں انقلابِ گرما کا دن 20 یا 21 جون کو آتا ہے۔ آئندہ سال یعنی 2020 میں سال کا طویل ترین دن 20 جون کو ہوگا۔

کوئٹہ: ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی۔

زرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع سبی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی زیر زمین گہرائی 19 کلومیٹر ریکارڈ ہوئی اور زلزلے کا مرکز سبی کے شمال مشرق میں 55 کلومیٹر کی دوری پر تھا۔

لاہور:  مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نہ یہ مصر ہے اور نہ ہم نواز شریف کو محمد مرسی بننے دیں گے اور نالائق اعظم کو سمجھنا چاہیے وہ شکست کھا گیا ہے۔

لاہور میں مریم نواز نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نوازشریف کو دل کا عارضہ 20سال پرانا ہے، نوازشریف کو 3 ہارٹ اٹیک ہو چکے ہیں، تیسرا ہارٹ اٹیک نوازشریف کو اڈیالہ جیل میں ہوا، اڈیالہ میں نواز شریف کو ہارٹ اٹیک سے لاعلم رکھا گیا، جیل سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں بلا کر کہا گیا نوازشریف کی طبیعت خراب ہے، نواز شریف نے مجھے اڈیالہ چھوڑ کر اسپتال جانے سے انکار کر دیا، کارڈیالوجسٹس پر گھبراہٹ طاری تھی۔ نوازشریف کے ذاتی معالج کو ایمرجنسی میں لاہور سے بلوایا گیا، ان کے ذاتی معالج کو بھی کچھ نہیں بتایا گیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا علاج پاکستان میں ہو سکتا ہے لیکن ڈاکٹرز دباوَ میں ہیں، ڈاکٹرز کے مطابق نواز شریف کا کیس پیچیدہ اور ہائی رسک ہے، نوازشریف کے دل میں 7 اسٹنٹ ہیں، ان کو ایک اور بائی پاس کی ضرورت ہے، اسپتال لے جا کر نواز شریف کے چھوٹے چھوٹے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں، نوازشریف کو کچھ ہوا تو ذمہ داری سب پر ہوگی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ دل کا مریض ہونے کے باوجود نواز شریف کو ضمانت نہیں دی گئی، کیوں عدلیہ کا دروازہ باربار کھٹکھٹانے کے باوجود ریلیف نہیں مل رہا، نوازشریف سے ملاقاتوں پر پابندی لگا دی گئی ہے، خاندان کے 5 افراد کے علاوہ کسی کو ملنے کی اجازت نہیں، ملاقاتیں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی موجودگی میں ہوتی ہیں، جیل میں ہر بات سنی جا رہی ہے، ہماری باتیں سننے کے لیے ایک شخص کی ڈیوٹی لگائی گئی۔ شرم آنی چاہیے قیدیوں کے بھی کچھ حقوق ہوتے ہیں، کون سے مہذب معاشرے میں باپ بیٹی کی باتیں سنی جاتی ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ جعلی وزیر اعظم چھوٹا آدمی ہے، نالائق اعظم کو سمجھا چاہیے وہ شکست کھا گیا ہے، یہ آج بھی نوازشریف کی طاقت سے ڈر رہے ہیں۔ نوازشریف پر کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، نواز شریف کہتے ہیں کہ انہیں ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے کی سزا دی جا رہی ہے۔ نا تو یہ مصر ہے اور نا ہم نواز شریف کو محمد مرسی بننے دیں گے۔

اسلام آباد : چین پاکستان کوایک ارب ڈالرکی گرانٹ فراہم کرےگا، اس کے علاوہ کئی چینی کمپنیوں نے اپنے صنعتی یونٹس پاکستان منتقل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چین نے ایک بار پھر پاکستان سے دوستی کا حق ادا کردیا ، چین پاکستان کو سماجی اور اقتصادی بہتری کیلئےایک ارب ڈالر فراہم کرےگا۔ وزیرمنصوبہ بندی نے کہا سماجی و اقتصادی بہبود کےاس پروگرام میں صحت،تعلیم،صاف پانی اورغربت کاخاتمہ شامل ہے، اس رقم کےساتھ ساتھ سات چینی کمپنیوں نےاپنےانڈسٹریل یونٹ پاکستان میں ری لوکیٹ کرنےمیں دلچسپی کااظہار کیا ہے، اس کےعلاوہ پاک چین بزنس فورم بھی قائم کیاجائےگا۔ خسروبختیار کا کہنا تھا پاکستان اورچین کےتعلقات 7دہائیوں پرمشتمل ہیں، سی پیک بیلٹ اینڈروڈاقدام کااہم منصوبہ ہے، توانائی بحران تھاسی پیک کےتحت 6سال میں بڑی سرمایہ کاری ہوئی۔ انھوں نے کہا سی پیک کےتحت اگلامرحلہ صنعتی اورزرعی تعاون ہے، چین نے313اشیاکی ایکسپورٹ کیلئےفری رسائی کی سہولت دی، زرعی سیکٹرمیں بہت استعدادکارموجودہے، ائیواسٹاک ایکسپورٹ کیلئےپاکستان میں بہت استعدادکارہے، نجی سرمایہ کاروں کو اگلے مرحلےمیں آگے آنا پڑےگا۔ یاد رہے چند روز قبل ہی وزیراعظم نے چینی صدر سے ملاقات میں مشکل وقت میں تعاون فراہم کرنےپر اظہارتشکر کیا تھا۔ خیال رہے مارچ میں چین کی جانب سے پاکستان کو دو ارب دس کروڑ ڈالر موصول ہوئے تھے، جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر17ارب81 کروڑ ڈالر ہوگئے تھے۔

لاہور: ہنڈا اٹلس کمپنی نے ڈالر کی قیمت میں اضافے کو جواز بناتے ہوئے مختلف برانڈز کی گاڑیوں کی قیمتوں میں2 لاکھ 60 ہزار روپے سے 4 لاکھ 25 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا ہنڈا ٹربو آرایس کی قیمت میں 4 لاکھ روپے اضافہ کے بعد 41 لاکھ 99 ہزار ہوگئی۔ ہنڈا وی ٹی آئی سی وی ٹی 1800 سی سی کی قیمت میں 4 لاکھ روپے اضافہ کے بعد 35 لاکھ 99 ہزار روپے، ہنڈا وی ٹی ایس آرسی وی ٹی 1800 سی سی کی قیمت4لاکھ 25ہزار روپے اضافے کے بعد قیمت 38 لاکھ 24 ہزار روپے ہوگئی۔ ہنڈا سٹی1300 سی سی مینول کی قیمت 2 لاکھ 60 ہزار روپے اضافہ کے بعد قیمت 21 لاکھ 79 ہزار روپے، ہنڈا سٹی1300 سی سی آٹومیٹک کی 2 لاکھ 60 ہزارروپے اضافہ کے بعد 23 لاکھ 19 ہزار روپے، ہنڈا سٹی 1500 سی سی مینول کی قیمت میں 2 لاکھ 60 ہزار روپے اضافہ کے بعد قیمت 22 لاکھ 39 ہزار، ہنڈا سٹی 1500 سی سی آٹومیٹک کی قیمت میں 2 لاکھ 60 ہزار روپے اضافہ کے بعد 23لاکھ79 ہزار روپے، ہنڈا سٹی 1500 سی سی مینول ایسپائر کی قیمت 2 لاکھ 60 ہزار روپے اضافے کے بعد 23 لاکھ 94 ہزار روپے، ہنڈا سٹی 1500 سی سی آٹومیٹک ایسپائر کی قیمت 2 لاکھ 80 ہزار روپے اضافے کے بعد 25 لاکھ 54 ہزار روپے ہوگئی۔