منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

حیدرآباد میں پٹھان گوٹھ کے قریب دو ٹرینوں میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی سے راولپنڈی جانے والی جناح ایکسپریس حیدر آباد میں پٹھان گوٹھ کے قریب پنجاب سے آنے والی مال بردار ٹرین سے ٹکراگئی، تصادم کے باعث بعض بوگیاں پٹری سے اتر گئی ہیں جس میں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔ حادثے میں دونوں ٹرینوں کے انجن تباہ ہوگئے ہیں۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ٹرینوں کی آمد ورفت معطل کردی گئی جب کہ حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

کراچی: کراچی کے بڑے حصے میں رات گئے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان ہو گئے، شکایت کرنے پر لوگوں کو صرف فالٹ ہونے کا لالی پاپ دے دیا گیا۔
کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈ مینجمنٹ اور فالٹ کے نام پر گھنٹوں بجلی بند کی جا رہی ہے۔ ملیر، گلشن معمار، احسن آباد، بلدیہ ٹاؤن میں بجلی غائب ہے، پہلوان گوٹھ، ایف سی ایریا، جناح اسکوائر، لیاقت سکوائر، علیم آباد، شیش محل میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ محبت نگر، ملیر جعفر طیار کالونی اور غریب آباد کے غریب مکین بھی بجلی کی بندش سے بے حال ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کے الیکٹرک کو شکایت کی تو جواب میں علاقائی فالٹ بتایا گیا۔
 
ادھر کراچی کے شہریوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے کے الیکڑک کو 150 میگاواٹ بجلی بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق کے الیکڑک کے ساتھ اضافی 150 میگاواٹ بجلی کی سپلائی کا معاہدہ طے پاگیا ہے، بجلی کے الیکٹرک کی ڈیمانڈ اور عوام کی سہولت کے پیش نظر مہیا کی جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق قومی گرڈ سے کے الیکڑک کو 650 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔
لاہور: کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف سے اہلخانہ سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ۔
 
ذرائع کے مطابق نوازشریف سے خاندان کے چند افراد نے دو گھنٹے طویل ملاقات کی جس دوران نوازشریف کی صحت اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ لیگی قیادت کو ملاقات کی اجازت نہ دیئے جانے پر سابق وزیراعظم نے تشویش کا اظہار کیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ملاقات کے دوران شہبازشریف نے اپوزیشن قیادت سے ملاقاتوں اور اے پی سی کے بارے میں بریفنگ دی اور بجٹ کارروائی کے بارے میں آگاہ کیا، شہبازشریف کا کہنا تھاکہ حکومت اپوزیشن جماعتوں کی صف بندی سے پریشان ہے جبکہ نوازشریف نے شہبازشریف کی بجٹ تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ تقریر کی دھوم مچی ہوئی ہے اور اے پی سی کے بارے میں تمام اختیارات شہبازشریف کو سونپ دیئے اور ہدایت کی کہ حکومت کو ٹف ٹائم دیں۔
 
ملاقات کے دوران مریم نواز نے اپنے والد کو عوامی رابطہ مہم پر بریفنگ دی جس پر نوازشریف نے تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے مریم اور شہبازشریف کو آپس میں مشاور ت کی ہدایت کردی۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے پاکستان آمد کے شیڈول میں تبدیلی ہو گئی ،امیر قطر اتوار کی بجائے ہفتے کی شام کو پاکستان پہنچیں گے، وزیراعظم عمران خان امیر قطر کا استقبال کریں گے۔
 
میڈیا رپورٹس کے مطابق میر قطر کا نتھیا گلی جانے کا پروگرام بھی منسوخ کردیاہے امیر قطر کا پاکستان آمد پر وزیراعظم عمران خان استقبال کریں گے ،شیخ تمیم بن حمد الثانی ایئر پورٹس سے وزیراعظم ہاﺅس جائیں گے جہاں شاہی مہمان کو وزیراعظم ہاﺅس میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔
 
قطر کے امیر وزیراعظم سے ون آن ون کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے ،پاکستان اورقطر کے درمیان مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے ،وزیراعظم عمران خان مہمانوں کے اعزازمیں عشائیہ دیں گے ،قطرکے امیر کی اتوار کی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت متوقع ہے ،امیر قطر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کریں گے ،صدر مملکت شاہی مہمان کو اعلیٰ ترین اعزاز اور ظہرانہ دیں گے ۔
ننگر پارکر: بالآخر ساون رت کی گھٹاﺅں کو تھر کی پیاسی دھرتی پر رحم آ ہی گیا، سندھ کے ضلع تھر پارکر کے علاقے ننگر پارکر کی پیاسی دھرتی پر بارش برس گئی۔ننگر پارکر میں 3 سال کے بعد ساون کی پڑنے والی پہلی بارش سے لوگوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔
 
بارش کا سلسلہ مٹھی اور گردونواح میں بوندا باندی اور ہلکی بارش سے شروع ہوا اور ننگرپارکر تک پھیل گیا۔گرے نائٹ کے قیمتی پتھروں کے پہاڑی سلسلے کارونجھر کی چوٹیوں پر میگھا رت کی بدلیاں اٹھیکیلیاں کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
 
ان پہاڑی چوٹیوں پر بارش کچھ ایسی برسی کے موسم ہی سہانا ہوگیا۔اگرچہ مون سون کی پہلی بارش نہ تو طویل ہے اور نہ ہی شدید مگر جو ہے، جتنی ہے، علاقہ مکینوں کے لے خوشی کا باعث ہے۔
 
نئی دہلی: بھارت نے پاکستان سے مذاکرات کی تردیدکردی،بھارتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ نئی دہلی پاکستان کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار نہیں ،پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرنے کی آمادگی ظاہر نہیں کی ۔ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم مودی اور وزیر خارجہ نے خطوط میں مذاکرات کا ذکر نہیں ،خطوط میں ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کا کہا گیا ہے،مذاکرات کے بارے میں خطوط میں ذکر نہیں کیاگیا۔
 
بھارتی وزیر خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اس سلسلے میں کئے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’مروجہ سفارتی روایت کے تحت وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصبوں کی جانب سے موصول ہونے والے تہنیتی پیغامات کا جواب دیا‘۔ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے جوابی خط میں لکھا کہ ’دہشت، تشدد اور عداوت سے پاک اعتماد کی فضا قائم کرنا نہایت ضروری ہے‘ اور وزیر خارجہ نے بھی تشدد اور دہشت کے سایے سے محفوظ ماحول کی ضرورت پر زور دیا۔اس پر ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ان خطوط میں مذاکرات کے حوالے سے کوئی بات کی تو ترجمان دفتر خارجہ نے تردید کرتے ہوئے کہ ’اس میں ایسی کوئی بات نہیں تھی‘۔
 
واضح رہے کہ قبل ازیں میڈیا پر خبریں گردش کررہی تھیں کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔

کراچی: الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان اور گورنر سندھ عمران اسماعیل سمیت وفاقی وزراء کو انتخابی ضابطے کی خلاف ورزی پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ضمنی انتخاب کے شیڈول کے اعلان کے بعد گھوٹکی کا دورہ کیا جو کہ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گورنرسندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزراء فہمیدہ مرزا اور میاں محمد سومرو کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعظم، گورنر اور وزراء نے کوڈ آف کنڈکٹ کے پیرا 17 کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے انہیں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا جس کا جواب انہیں 7 روز کے اندر داخل کرانے کا کہا گیا ہے۔

ریجنل الیکشن کمشنر کے مطابق وزیراعظم اور دیگر کو نوٹس پیپلز پارٹی کے عبدالباری پتافی کی شکایت پر جاری کیا گیا۔ 

یاد رہے کہ علی محمد مہر کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 205 پر انتخابی شیڈول کا اعلان ہوچکا ہے اور وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز علی محمد خان مہر کے گھر تعزیت کے لیے گئے تھے

اسلام آباد: پاکستان کی قیام امن کے لیے مذاکرات کی پیش کش پر بھارت کی جانب سے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے مثبت جواب دیا گیا ہے۔
 
وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصبوں کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی جس کے جواب میں بھارت کی جانب سے باقاعدہ اور باظابطہ سفارتی چینلز کے ذریعے پاکستان کو دو خطوط منگل کو موصول ہوئے۔
 
ذرائع کے مطابق پاکستان نے کشمیر اور دہشت گردی سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کی پیش کش کی تھی جس کے جواب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ جے شنکر نے اپنے اپنے جوابی خطوط میں پاکستان کی قیام امن کیلئے مذاکرات کی پیشکش پر مثبت جواب دیا۔
 
ذرائع کے مطابق بھارتی خطوط میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع اور ازسرنو مذاکرات کی بات کی گئی ہے۔
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہاں ہے اور خطے میں امن اور ترقی چاہتا ہے۔
 
خط کے متن کے مطابق بھارت نے ہمیشہ عوام کی ترقی اور امن کو ترجیح دی ہے اور پاکستان کی طرف سے بھی اس جذبے کو سراہا گیا ہے۔
 
خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت پاکستان سمیت تمام ممالک سے جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے، مذاکرات میں دہشت گردی کے مدعے پر خصوصی توجہ ہو۔
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھارتی ہم منصبوں کے خطوط کا جلد جواب دیں گے۔

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں بجٹ سیشن کے دوران سابق وزیر خزانہ اسد عمر اپنی ہی حکومت کے پیش کردہ بجٹ پر پھٹ پڑے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر عائد ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔

قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسد عمر نے کہاکہ اگرپکڑ دھکڑ سیاسی انتقام کے لیے ہو رہی ہےتو ملک کے لیے اچھی نہیں، سزا اور جزا کا نظام اللہ کا ہے، ناچیز بندوں کا اس سے تعلق نہیں، جمہوریت قانون کی حکمرانی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت میں کئی مسائل ہیں جو برسوں سے چلے آرہے ہیں، ن لیگ کی حکومت والے معیشت کی مہلک بیماری چھوڑ کر گئے تھے، حکومتی کوششوں سے چند ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسار ے میں 70 فیصد کمی آئی، برآمدات بڑھانے تک بین الاقوامی طاقتوں پر انحصار ختم نہیں ہوگا، نئی سرمایہ کاری لانے والوں کو 5 سال کے لیے ٹیکس سے استثنا دینا چاہیے۔

سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ فوری طور پر جی آئی ڈی سی ختم کرکے یوریا کی بوری پر 400 روپے ختم کرائیں، چینی پر ٹیکس بڑھایا گیا اس پر ورکنگ کرنی چاہیے، چینی پر ٹیکس مناسب نہیں اسے واپس لینا چاہیے، چینی، خوردنی تیل اور گھی پر عائد ٹیکس واپس لینا چاہیے، محنت کشوں کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

اسد عمر نے اپنی حکومت سے مطالبہ کیاکہ بجٹ میں پینشن 10 سے 15 فیصد اور بڑھائی جائے، محنت کشوں کی ای اوبی آئی میں رجسٹریشن کرائی جائے جب کہ گھریلوملازمین اور بھٹہ مزدوروں کی بھی رجسٹریشن کرائی جانی چاہیے۔

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کی کارکردگی کو بہتر اور مضبوط بنانے کے لیے دور حاضر کے ریٹائرڈ کرکٹرز کی خدمات لینے کا فیصلہ کرلیا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق مینیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان دور حاضر میں ریٹائرڈ ہونے والے سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کریں گے اور انہیں اکیڈمی، یوتھ ٹیموں کے ساتھ کام کے لیے آمادہ کریں گے۔

اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ بورڈ حال ہی میں یونس خان، مصباح الحق اور محمد یوسف کی خدمات حاصل نہ کرسکا لیکن ریٹائرڈ کرکٹرز سے بات چیت چل رہی ہے، ورلڈکپ کے بعد کرکٹرز کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یوتھ ماڈل کو بھارت سے بھی بہتر کرنے کے لیے پرعزم ہیں جس کے لیے دور حاضر کے ریٹائرڈ کرکٹرز کو یوتھ کرکٹرز کے ساتھ لگایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مصباح الحق کرکٹ کمیٹی میں شامل ہوں گے اور انہیں مزید ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔