منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد: تحریک انصاف حکومت نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلیے مزید ایک اور ایمنسٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کالے دھن سے بنائی گئی پراپرٹی کی مالیت کے 4فیصد ٹیکس ادائیگی کے بعد پراپرٹی کو لیگلائز کیا جاسکے گا۔ فنانس بل کے شیڈول10 میں پنہاں ٹیکس ایمنسٹی کے مطابق رئیل اسٹیٹ انویسٹرزاپنے سرمایے کے ذرائع کو خفیہ رکھتے ہوئے ٹیکس نیٹ سے باہر مالی ٹرانزیکشنز کا4فیصد ادا کرکے اپنے کاروبارکو لیگلائز کراسکیں گے۔ ایف بی آر کے ترجمان ڈاکٹرحامد عتیق سرور کاکہناہے کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلیے ایمنسٹی اسکیم کا تاثر پایاگیا تواسمبلی سے منظوری سے قبل حکومت فنانس بل میں ترمیم کردے گی۔

اسلام آباد: سابق واپڈا کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے ایندھن کی قیمتوں میں ماہانہ بنیاد پر ہونے والے رد وبدل (فیول ایڈجسٹمنٹ) کی مد میں بجلی کی پیداوار کی لاگت بڑھنے کے باعث صارفین کے لیے 22 پیسے فی یونٹ اضافہ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

نیشنل الیکٹرونک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) ڈسکوز کی مئی کے مہینے میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کے لیے قیمتوں میں اضافے کی درخواست پر 26 جون کو سماعت کرے گی۔ ریگولیٹر کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد بجلی کی زائد قیمتیں صارفین سے جولائی 2019 کے بل میں وصول کی جائیں گی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ڈسکوز کی جانب سے 16-2015 کے ٹیرف بیس پر 22 پیسہ فی یونٹ اضافے کا مطالبہ کیا۔ اپنی درخواست میں سی پی پی اے کا کہنا تھا کہ انہوں نے مئی کے مہینے میں صارفین کو فی یونٹ 5 روپے 46 پیسے چارج کیے جبکہ اصل لاگت 5 روپے 25 پیسے فی یونٹ رہی۔ لہٰذا آئندہ ماہ صارفین نے 22 پیسے فی یونٹ کی اضافی لاگت وصول کرنے کی اجازت دی جائے۔

خیال رہے مئی 2018 میں تمام تر ذرائع سے ہونے والی بجلی کی پیداوار مجموعی طور پر12 ہزار 603 گیگا واٹ ہرٹز (جی ڈبلیو ایچ) رہی۔ اس طرح بجلی کی کل پیداوار کی لاگت 63 ارب 78 کروڑ روپے تھی جس کی اوسط 5 روپے 6 پیسے فی یونٹ رہی۔ کل پیداوار میں سے تقریباً 12 ہزار 219 جی ڈبلیو ایچ بجلی ڈسکوز کو 64 ارب 28 کروڑ روپے کے عوض فروخت کی گئی۔ مئی میں ہونے والی بجلی کی کل پیداوار میں سب سے بڑی مقدار یعنی 30 فیصد حصہ پانی سے پیدا ہونے والی بجلی کا رہا۔ جس کے بعد ریگیسیفائیڈ لیکویڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) سے پیدا ہونے والی بجلی کی مقدار 29 فیصد رہی جبکہ مقامی سطح ہر گیس سے پیدا کی جانے والی بجلی کا حصہ بجلی کی کل پیداوار میں 16.3 فیصد رہا۔

اسلام آباد:  سپریم کورٹ نے افغان شہری کی گرفتاری کالعدم کرنے کے فیصلے کے خلاف محکمہ کسٹمز کی نظر ثانی درخواست مسترد کرتے ہوئے افغان شہری کو اپنے ملک جانے کی اجازت دے دی۔

دوران سماعت چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے ریما رکس دیے کہ ایک جانب تو افغان مہاجرین کو واپس جانے کیلیے سرکار پیسے دیتی ہے اور دوسری طرف کسٹمز حکام افغان شہری کو واپس جانے سے روکنے کیلیے عدالت پہنچ گئے، ہم تو افغانیوں کی منت کر رہے ہیں کہ واپس چلے جائیں، وہ جانا چاہتا ہے اور آپ جانے سے روک رہے ہیں۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس قاضی محمد امین پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو عدالت کوبتایا گیاکہ ٹرائل کورٹ نے ملزم کو بری کرتے ہوئے افغانستان جانے کی اجازت دے دی تھی، ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی فیصلہ برقرار رکھا لیکن محکمہ کسٹمز نے فیصلہ چیلنج کردیا۔

 اسلام آباد: امیرقطرشیخ تمیم بن حمد الثانی آج  شام پاکستان پہنچیں گے۔

وزیراعظم عمران خان امیرقطرشیخ تمیم بن حمد الثانی کا استقبال کریں گے انہیں وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

پاک فضائیہ کا جے ایف 17 طیاروں کا دستہ امیرقطر کو سلامی دے گا، قطر کے امیر اور وزیراعظم کی ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔

 پاکستان اورقطر کے درمیان مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے، امیر قطر صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے۔
مری: افغانستان میں قیام امن کے لیے “لاہور پراسیس” سلسلے کی پہلی کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے۔
 
بھوربن مری میں جاری اس کانفرنس میں افغانستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنما اور نمائندہ وفود شریک ہیں۔ ان میں 18 سیاسی جماعتیں اور ان کے 45 مندوبین شامل ہیں۔
 
کانفرنس میں شریک نمایاں شخصیات میں سابق افغان وزیراعظم و حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی افغانستان و سابق گورنر استاد عطا محمد نور، حزب وحدت مردم افغانستان کے استاد محمد محقق، سابق وزیر دفاع وحید اللہ سبوران، سابق گورنر حاجی عزیز الدین، افغان امن جرگہ کے سربراہ محمد کریم خلیل، قومی اسلامی فرنٹ کے سربراہ پیر سید حامد گیلانی شامل ہیں۔ افغانستان کے متعدد سینیٹرز اور ارکان اسمبلی بھی کانفرنس کا حصہ ہیں۔
 
گلبدین حکمت یار
 
گلبدین حکمت یار نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں کہ تمام افغان دھڑوں کو پاکستان میں یکجا کیا، کچھ طاقتیں افغانستان کو استعمال کرکے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں اور افغانستان میں امن نہیں چاہتیں، افغان عوام گزشتہ چالیس سال سے جنگ کی آگ میں جل رہے ہیں، یہ جنگیں افغان عوام پر مسلط کی گئی ہیں۔
 
گلبدین نے کہا کہ افغان جنگ سے جتنا نقصان افغانستان کو پہنچا اس سے زیادہ پاکستان کا ہوا ہے، یہ جنگ افغانستان کی جنگ نہیں بلکہ پاکستان کے بقا کی جنگ بھی ہے، پاکستان اور افغانستان مل دونوں افغان جنگ کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔
 
لاہور پراسیس میں افغان سیکیورٹی کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور عوامی رابطوں اور مستقبل کے لیے تجاویز کا تبادلہ خیال ہوگا پراسیس سے مستقبل کی حکومتوں کے درمیان اعتماد سازی کی فضاء قائم کرنے میں مدد ملے گی، افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے حوالے سے بات ہوگی، کانفرنس سے تجارت، روابط، صحت اور دیگر شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گی۔ مستقبل میں لاہور پراسیس میں طالبان کی شمولیت کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
لندن: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان دیرپا امن واستحکام حاصل کرنے کے قریب ہے۔
 
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لندن میں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔
 
دورے کے دوران آرمی چیف کا علاقائی سیکیورٹی پر پاکستان کے نقطہ نظر سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان امن و استحکام اور پائیدار ترقی کی طرف گامزن ہے، امن وامان کی یہ صورتحال اب کوئی نہیں چھین سکتا، جنوبی ایشیا میں امن کا دارومدار تنازعات کے حل میں ہے۔
 
سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لئےعالمی تعاون ضروری ہے، علاقائی روابط کیلئےسرمایہ کاری کلیدی حیثیت رکھتی ہے، بہترسیکیورٹی صورتحال سےغیرملکی سرمایہ کاری بڑھےگی ۔
کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ وینا ملک پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے پر بھڑک اُٹھیں۔
 
وینا وملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹس میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 30 سال تک ہمارے پیارے ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان کو جن چوروں ڈاکوؤں اور غداروں نے لوٹا آج ان کو پروڈکشن آرڈرز کے ذریعے اسمبلی میں بلایا جارہا ہے، جناب اسد قیصر قوم کے ٹیکس کے پیسے سے چلنے والی اسمبلی میں چوروں کو بلا کر آپ ہمیں مایوس کررہے ہیں۔
 
وینا ملک نے وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیئر خان صاحب یہ قوم صرف اس امید پر بھوکی سوتی رہی ہے کہ ایک دن وزیر اعظم عمران خان بنے گا، اس قوم کو لوٹنے والوں کا احتساب ہوگا مگر قوم کو لوٹنے والوں کو پھر سے اسمبلیوں میں بلایا جا رہا ہے قوم آپ کے ساتھ ہے ان کا تگڑا احتساب کریں۔
 
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں آج بھی غریب کیلئے الگ اور امیر کے لیے الگ الگ قانون ہے۔غریب روٹی چوری کرتا پکڑا جائے تو پوری عمر جیل میں گزارنی پڑتی ہے مگر جن کرپٹ سیاستدانوں کی وجہ سے روٹی چوری کرنے پر مجبور ہوتا ہے ان کی پروڈکشن آرڈرز کے زریعے آنیاں جانیاں لگی رہتی ہیں۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 39 ڈالر جب کہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1800 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

 ذرائع کے مطابق پاکستان میں روپے کی بے قدری اور ڈالر کی اونچی اڑان نے سونے کی قیمتوں کو بھی پر لگا دیئے ہیں، دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت پروان چڑھ رہی ہیں اور ایک ہی دن میں عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 39 ڈالر کا اضافہ ہوگیا ہے، قیمتوں میں اضافے کے بعد اب عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1381 ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، سونے کی  کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی ایک ہی دن میں 1800 روپے کی مسافت طے کی اور تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے فی تولہ سونے کی قیمت 77 ہزار 300 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت1542 روپے بڑھ کر 66 ہزار 272 روپے ہوگئی ہے۔ دوسری جانب اب چاندی کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے اور فی تولہ چاندی کی قیمت 30 روپے بڑھ کر910 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

ناٹنگھم:  ورلڈ کپ کے 26ویں میچ میں آسٹریلیا کی بنگلادیش کے خلاف بیٹنگ جاری ہے اور کینگروز نے 40 اوورز میں ایک وکٹ پر 250 رنز بنا لیے ہیں۔ 

انگلینڈ میں جاری ورلڈکپ کے 26ویں میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا اور 121 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا، کپتان فنچ 53 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس وقت کریز پر ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ موجود ہیں جو پراعتماد انداز میں اننگز کو آگے بڑھا رہے ہیں، دونوں بلے بازوں کے درمیان 150 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوچکی ہے جبکہ اس دوران اوپنر وارنر نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری مکمل کرلی ہے۔

 دونوں ٹیمیں آج ایونٹ میں اپنا چھٹا میچ کھیل رہی ہیں،آسٹریلیا 5 میں سے 4 کامیابیاں حاصل کرکے 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جب کہ نے 2 کامیابیاں سمیٹی ہیں البتہ ایک میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے بنگال ٹائیگرز 5 پوائنٹس کے پانچویں نمبر پر ہے۔
کراچی: خوبرو پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کا نیا آئٹم سانگ ’’گینگسٹر گڑیا‘‘ سوشل میڈیا پر مقبول ہورہاہے۔
 
اداکارہ مہوش حیات اداکاری میں تو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں تاہم فلموں میں آئٹم نمبرز کے لیے فلمسازوں کی پہلی پسند بھی مہوش حیات ہی ہوتی ہیں۔ مہوش فلم ’’نامعلوم افراد‘‘ میں ’’بلی‘‘ اور ’’چھلاوا‘‘میں ’’چڑیا‘‘ جیسے آئٹم نمبرز پر پرفارم کرچکی ہیں۔ جہاں ان کے آئٹم نمبرز مداحوں میں مقبول ہوئے، وہیں انہیں آئٹم نمبرز پر پرفارم کرنے کے لیے شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا لیکن وہ مہوش حیات ہی کیا جو تنقید سے ڈر جائیں۔
 
حال ہی میں مہوش حیات کافلم ’’باجی‘‘ کے لیے فلمایا گیا نیا آئٹم سانگ ’’گینگسٹرگڑیا‘‘ لوگوں کی توجہ کا مرکز بناہوا ہے جس میں مہوش گینگسٹر بنیں اپنے رقص اور قاتل اداؤں سے لوگوں کولُبھاتی نظر آرہی ہیں۔
 
گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اسے بالی ووڈ کی نامور گلوکارہ سنیدھی چوہان نے گایا ہے جب کہ اس کی اوریجنل کمپوزیشن طحہٰ ملک نے کی ہے۔ گانے کے بول عثمان خالد بٹ نے لکھے ہیں اور کوریوگرافی بھی انہوں نے ہی کی ہے۔
 
واضح رہے کہ اداکارہ میرا کی فلم ’’باجی‘‘ رواں ماہ 28 جون کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، فلم میں اداکاہ میرا اور عثمان خالد بٹ کے علاوہ اداکار محسن عباس حیدر اور ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس بھی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی، فلم کا انتظار شائقین بے صبری سے کررہے ہیں۔