ایمزٹی وی (صحت) پاکستان سمیت دنیا بھر کی خواتین مصروف زندگی میں توانائی اور ہمت میں کمی کی شکایت کرتی دکھائی دیتی ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ خواتین روزمرہ کے معاملات میں اس قدر الجھ چکی ہیں کہ انہیں اپنی طرف دیکھنے کا وقت ہی نہیں ملتا لیکن دنیا کے مشہور ڈاکٹر روزانہ کی بنیاد پر توانائی سے بھرپور زندگی گزارنے کے یہ مؤثر طریقے بتا رہے ہیں جس کے لیے انہیں اپنے معمولات میں معمولی تبدیلی لانا ہوگی۔
صبح کے معمولات:
صبح کے وقت کم ازکم نصف گھنٹہ دھوپ میں گزاریں کیونکہ ایک تو اس سے جسم کو وٹامن ڈی بنانے میں مدد ملتی ہے تو دوسری جانب دماغ ایک ہارمون میلاٹونن کی افزائش روک دیتا ہے جو اندھیرے میں بنتا ہے۔ یہ ہارمون ہمیں سلانے میں مدد کرتا ہے۔ صبح کی دھوپ اس کی افزائش روکتی ہے اور ہمیں چاق و چوبند بنانے میں مدد دیتی ہے۔
اس لیے بیدار ہوتے ہی کھڑکیوں کے پردے ہٹادیں اور صبح کی روشنی اندر آنے دیں۔ کوشش کریں کہ ناشتا بھی دن کی روشنی میں ہو اور اس طرح آپ کی اندرونی جسمانی گھڑی بہتر ہونے لگے گی۔ آپ دن بھر چاق وچوبند رہیں گی اور غنودگی کی شکایت بھی نہیں ہوگی۔ سب سے بڑا فائدہ یہ کہ آپ رات کو پرسکون نیند سو سکیں گی۔ دن میں کئی بار پانی پیئیں اور سکون سے پانی پینے کا وقت نکالیں کیونکہ پانی آپ کو بہت چاق و چوبند رکھتا ہے
دوپہر میں ورزش کریں:
دوپہر میں دھیرے دھیرے خواتین آپ سست روی کی شکار ہوجاتی ہیں اس کے لیے کوشش کریں کہ کم شدت کی ورزش کرسکیں خواہ وہ ایئروبکس ہو یا کوئی اور جسمانی مشقت۔ جارجیا یونیورسٹی کے ایک چھوٹے سے سروے سے انکشاف ہوا ہے کہ ہفتے میں تین مرتبہ روزانہ 20 منٹ ورزش کرنے والے خواتین میں تھکاوٹ اور سستی 65 فیصد تک کم ہوجاتی ہے۔ اس کےعلاوہ سونے سے قبل چائے اور کافی سے اجتناب کریں ورنہ یہ نیند پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔
بھر پور نیند:
ایک مصروف دن کے بعد نیند بہت ضروری ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ نیند سے ایک گھنٹے قبل ٹی وی، اسمارٹ فون اور کمپیوٹر وغیرہ بند کردیں۔ اس سے آپ کا دماغ نیند کے لیے تیار ہوگا اور یوں میلاٹونِن بنانا شروع کردیتا ہے۔ سونے کے کمرے میں مکمل اندھیرا رکھیں اور نیند کا شیڈول ضرور بنائیں.
ایمزٹی وی (سکھر)اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کاسکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت نے لوڈشیڈنگ کے معاملے پر پوری قوم کو دھوکا دیا، پورے ملک کی طرح پنجاب میں بھی 10،10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے، جس لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے حکومت نے دعوے اور اپنے نام تبدیل کرنے کے وعدے کئے تھے اس میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، ہم نے اپنے دور حکومت میں 3500 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جب کہ موجودہ حکومت نے 4 سال کے عرصے میں صرف 1300 میگا واٹ بجلی دی، آج ملک میں ساڑھے 8 ہزار میگا واٹ کا شارٹ فال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت تو رمضان المبارک میں بھی عوام کو پوری بجلی نہیں دے سکتی جب کہ پیپلز پارٹی نے ماہ مقدس میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا تھا، لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں جس کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جائے گا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ انتخابات کے دن آچکے ہیں اور الیکشن ہی تحریک کا سب سے بڑا نام ہے، ہم نے لوگوں سے کئے ہوئے وعدے پورے کرنے ہیں، موجودہ حکومت نے ملکی زراعت کو مکمل تباہ کر دیا ہے، 4 سال کے عرصے میں ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد بھی اضافہ نہیں کیا گیا جب کہ ہم نے ملازمین کی تنخواہوں میں 135 فیصد اور پینشن میں 110 فیصد اضافہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے وفاق کو کمزور کیا اور چھوٹے صوبوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیرداخلہ بیمار اور ذہنی مریض شخص ہیں، ان کا یہ حال ہے کہ جب لاہور ماڈل ٹاؤن میں 11 افراد شہید ہوئے، اسلام آباد میں اساتذہ اور کلرکنوں پر تشدد کیا گیا، عمران خان کے گھر پرلوگوں کو مارا گیا وزیراعلیٰ کے پی پر لاٹھیاں برسائی گئیں تو وزیر داخلہ کا کوئی بیان نہیں آیا لیکن کراچی میں صرف واٹر شیلنگ کی گئی تو سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا اور جب اسلام آباد میں رینجرز نے کارروائی کی تو چوہدری نثار سیخ پا ہو گئے، خود کہتے ہیں کہ فوج کے خلاف بات نہ کرو اور خود ہی فوج کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ وزیر داخلہ خود رینجرز کو اختیارات دینے کو تیار نہیں لیکن سندھ میں رینجرز اختیارات کے حوالے سے ان کی پالیسی دوغلی ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت ہر معاملے میں پیچھے ہے اور کلبھوشن کے معاملے پر پاکستان کی خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی سجن جندال اور مودی چلا رہے ہیں۔ خورشید شاہ نے چئرمین پی ٹی آئی کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں سونامی کے ذریعے تباہی پھیلائی۔
ایمزٹی وی (صحت)چکن گنیا مرض کی تشخیص کی کٹس آئندہ ہفتے تک محکمہ صحت کو موصول ہوجائیں گی
سیکریٹری صحت کی ہدایت پر 20ہزارکٹس درآمدکرنے کے احکامات دیدیے گئے ہیں چکن گنیاکی کٹس کراچی کے سرکاری اسپتالوں کے ساتھ بعض نجی اسپتالوں میں بھی دی جائیں گی جہاں بلامعاوضہ تشخیص کی سہولت ہوسکے گی۔
ادھر انسداد چکن گنیا کے فوکل پرسن ڈاکٹر مسعود سولنگی نے بتایا کہ رپیڈکٹس سے فوری تشخیص کی جاسکے گی،انھوں نے بتایاکہ چکن گنیا میں اب تک 27سو سے زائد افراد رپورٹ ہوچکے ہیں، دریں اثنا کراچی میں چکن گنیا وائرس شدت اختیار کررہا ہے۔
فیمیلی فزیشن کاکہنا ہے کہ ہر گھر سے متاثر افراد مسلسل رپورٹ ہورہے ہیں، حکومت کی جانب سے چکن گنیا کے مرض پر قابو پانے کے صرف زبانی وعدے کیے جارہے ہیں لیکن چکن گنیا کا مرض مزید شدت اختیار کررہا ہے جبکہ ماہرین فزیشن کے مطابق کراچی میں چکن گنیاکے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اب بچے بھی اس وائرس کی زد میں آرہے ہیں، تیز بخارکے ساتھ جسم کے جوڑوں میں شدید درد کی شکایت پر مریض مسلسل رپورٹ ہورہے ہیں وائرس لاحق ہونے سے جسم میں نقاہت طاری ہوجاتی ہے جبکہ جسم پر سوجن بھی آرہی ہیں تاہم معالج اس مرض کا علاج علامات کی بنیاد پر کررہے ہیں۔
دوسری جانب سائنسی علاج کے لیے محکمہ صحت کے ماہرین نے گائیڈ لائن مرتب نہیں کی، فیمیلی فزیشن کے مطابق متاثرہ مریض کی علامات اور شکایت پر صرف پیراسیٹامول ادویات دی جارہی ہیں ان فزیشن کاکہنا ہے کہ کیونکہ اس مرض میں مریض کوتیز بخارکے ساتھ جوڑوں میں شدید درد ہوتا ہے اور اس میں اینٹی بائیٹک کا کوئی کردارنہیں۔
ماہرین کے مطابق چکن گنیا کا مرض لاحق ہونے کے ابتدائی تین دن مریض کیلیے پریشان کن ہوتے ہیں جبکہ بعض ماہرین نے بتایا کہ ٹانگوں میں سوجن آنے پر نیم گرم پانی میں نمک ڈال کرسیکھائی کی جانی چاہئے جبکہ اس مرض میں مبتلا ہونے کے بعد مریض کا منہ کڑوا بھی ہوجاتا ہے ایسی صورت میں مریض کوکھانا پینا بھی اچھا نہیں لگتا لیکن وائرل ہونے کے بعد کھانا پینا نہیں چھوڑنا چاہئے کیونکہ اس سے قوت مدافعت مزیدکمزور ہوجاتی ہے جس سے مریض مزید نقاہت کا شکار ہوجاتا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ تیز بخار کو قابوکرنے کیلیے تین وقت سپراسیٹامول استعمال کریں اور اس کے ساتھ تازہ فروٹ کا استعمال بھی جاری رکھیں، ان ماہرین کا کہنا تھا کہ تیز بخار کی وباء شدت اختیار کرتی جارہی ہے لیکن ابی تک صوبائی اور بلدیاتی حکام نے مچھروں کے خاتمے کیلیے کوئی مہم شروع نہیں کی، صرف زبانی دعوے کیے جارہے ہیں ، کراچی کے عوام چکن گنیا، ڈنگی اور ملیریا جیسی خطرناک امراض میں مبتلا ہورہے ہیں جوتشویشناک صورت ہے، تیز بخارکراچی کے مختلف علاقوں میں پھیل گیا ہے جس میں اب بچے بھی متاثر ہورہے ہیں۔
علاوہ ازیں ماہرین طب نے بتایا کہ پاکستان، بھارت، نائیجیریا اورویتنام میں مچھروں کی وجہ سے مختلف امراض جنم لے رہے ہیں ان ممالک میں اب پاکستان بھی شامل ہوگیا ہے
ایمز ٹی وی (نئی دہلی)بھارت نے اپنے جاسوس کلبھوشن یادو کی پھانسی کو روکنے کے لئے عالمی انصاف عدالت سے حکم امتناعی تو حاصل کرلیا لیکن اب اسے اپنے ہی قانونی ماہرین کی تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مارکنڈے کاٹجو نے کلبھوشن یادو کے معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کو حماقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو کشمیر کے معاملے پر پاکستان کو بھی آئی سی جے جانے کا موقع فراہم کردیا ہے۔
مارکنڈے کاٹجو نے سوشل میڈیا پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے صرف ایک شخص کی جان بچانے کےلئے عالمی عدالت انصاف کا دروازہ کھٹکھٹایا لیکن ساتھ ہی پاکستان کے لئے متعدد دروازے کھول دیئے ہیں۔ اگر پاکستان مسئلہ کشمیر سمت دیگر مسائل کو بھی عالمی عدالت میں لے گیا تو پھر عالمی عدالت کے دائرہ اختیار پر بھارت کا اعتراض کرنا ممکن نہیں رہے گا۔
سابق جج نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کے دائرہ اختیار پر پاکستان نے بہت ہی معمولی سا اعتراض کیا کیوں کہ وہ جانتا ہے کہ اب بھارت کے خلاف ہر تنازعے کو عالمی عدالت میں اٹھایا جاسکے گا اب یقیناً پاکستان بہت خوش ہوگا کیوں کہ اب دوطرفہ تنازعات عالمی عدالت میں جائیں گے اوربھارت مشکل میں پڑجائے گا، ہم پاکستان کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں بھارت نے اپنی ایک غلطی سے خود پنڈورا بکس کھول دیا ہے۔
ایمزٹی وی (سندھ)آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنا کام ہمیشہ پیشہ ورانہ انداز میں کیا اس لیے وہ موجودہ صورتحال سے مایوس نہیں ہوئے ہیں۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت سے ان کا کوئی اختلاف نہیں ہے، یہ حکومت سندھ سے پوچھا جائے کہ وہ کس پالیسی پر گامزن ہے، سندھ حکومت نے عدالت میں لکھ کر دیا ہے کہ اے ڈی خواجہ میں کام کرنے کی صلاحیت نہیں ، اس عمل سے اخلاقی طور پر کام کرنے میں مشکل ہوجاتی ہے، سندھ حکومت نے مجھے کوئی ہدف نہیں دیا تھا، پولیس نظام میں بہتری کیلیے جو ٹارگٹ لیکر آگے بڑھا اس میں 80 فیصد کامیابی ہوگئی ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میرٹ پر بھرتیاں کیں اور نوجوانوں کو میرٹ کا راستہ دکھایا، بھرتی ہونے والے اہلکاروں کی پاک فوج سے تربیت مکمل کروائی جبکہ پولیس کے تفتیشی نظام کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس ویلفیئر کیلیے بھی اہم اقدام اٹھا کر ایک تاریخ رقم کردی ہے اور اب لوگ خود فیصلہ کریں گے۔
اے ڈی خواجہ نے واضح کیا کہ وہ کبھی مایوس نہیں ہوتے، اپنی زندگی کے ہر موڑ پر خطروں سے کھیلا ہے، عدالت کے فیصلے کے بعد پولیس نظام میں مزید بہتری آئے گی، سندھ میں امن و امان کے قیام میں صرف پولیس نہیں بلکہ تمام ہی سیکیورٹی اداروں نے بھرپور کردار ادا کیا اور نقصان بھی بہت اٹھایا جس پر سب کو سلام پیش کرتا ہو۔
آئی جی سندھ نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ سوشل میڈیا استعمال کرنے میں احتیاط سے کام لیں اور اپنے والدین، بہن بھائیوں کو دوست بناکر ان سے باتیں شیئر کریں اور صرف ان ہی سائٹ کا وزٹ کریں اور کمنٹس دیں جو اپنے والدین کو دکھا سکیں، موجودہ دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت بڑھ گئی ہے لیکن سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال ذہنی طور پر مفلوج بھی کردیتا ہے، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کی طالبہ نورین لغاری بھی سوشل میڈیا کے بہکاوے میں آکر دہشت گردوں کے پاس گئی جس سے صوبے اور ہمارے کلچر کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔
اے ڈی خواجہ نے خطاب میں کہا کہ کامیابی کے سفر کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا اور تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے،اگر نوجوانوں نے درست تعلیم حاصل نہ کی تو ہماری آئندہ نسلیں متاثر ہونگی، طالبعلم تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے کردار اور تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں۔
علاوہ ازیں اس موقع پر سابق ڈی جی ہیلتھ سندھ ڈاکٹر ہادی بخش جتوئی اور اسکول کے پرنسپل پروفیسر اختر علی قریشی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ڈی آئی جی حیدرآباد خادم حسین رند، ایس ایس پی حیدرآباد عرفان علی بلوچ بھی موجود تھے۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہو گئے جہاں وہ امریکہ عرب اسلامک کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔
میڈ یا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور قانون دان اکر م شیخ کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہو گئے ۔
وزیراعظم ریاض میں امریکا عرب اسلامک کانفرنس میں شرکت کر کے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کریں گے
ایمزٹی وی (کوئٹہ)عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کہتے تھے کہ لوڈ شیڈنگ 6 مہینے میں ختم نہ کی تو میرا نام بدل دو ، میں انہیں ڈرامہ شریف کہتا ہوں ، میں انتظار کر رہا ہوں کہ یہ مجھے عدالت میں لے کر جائیں ، عدالت میں 10 ارب کی آفر دینے والے کا نام بتاﺅں گا ، نیوز لیکس کے فیصلے کو کسی نے قبول نہیں کیا ، میں نے اپنے اثاثے کبھی نہیں چھپائے، میں نے آج سے چودہ سال پہلے فلیٹ بیچا تھا ، انہوں نے یہ بات پہلے کیوں نہیں اٹھائی ، یہ مجھے بلیک میل کر رہے ہیں ، پچھلی بار ہم الیکشن کے لئے تیار نہیں تھے اس بار ہم ابھی سے الیکشن کی تیاری کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئےعمران خان نے کہا کہ پہلے دن سے کہا تھا سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) والوں کا کچھ نہیں پتہ آج کیا کہتے ہیں اور کل کیا۔ عدالت میں آفر دینے والے کا نام بھی بتاﺅں گا پھر جج کو کہوں گا کہ اس کی حفاظت کریں کیونکہ یہ بہت بڑا مافیا ہے یہ اس کا کاروبار بند کریں گے میں اس کو بچا رہا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ شریف برادران نے30سال رشوت کے لین دین کے سوا کچھ نہیں کیا۔ آصف زرداری کا کرپشن کے خلاف جنگ کا اعلان اور شریف برادران کا رشوت نہ لینے کا بیان قیامت کی نشانیاں ہیں۔ کوئٹہ میں گفتگو کے دوران عمران خان نے رانا ثناء اللہ ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاہے کہ جو خود لوگوں کے قاتل ہیں وہ میری سیاست پر کیا بات کریں گے،، پوری قوم کو معلوم ہے کہ ملک پر قابض کرپٹ مافیا کون ہیں عوام کو جلد قابضین سے چھٹکارا دلائیں گے۔ 2018 کے انتخابات میں بلوچستان سمیت پورے ملک سے پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔
ایمزٹی وی (نئی دہلی) بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے افسران کو مختصر نوٹس پر آپریشن کیلئے تیار رہنے کا حکم دیدیا۔
بھارتی اخبار کے مطابق مودی سرکار کا جنگی جنون عملی شکل اختیار کرنے لگا۔ بھارتی ایئر چیف ایئر ڈیفنس ونگ کے 12 ہزار افسران کو خط میں لکھا ہے کہ فضائیہ موجودہ سازوسامان کے ساتھ ہی حملے کیلئے تیار رہے۔ ہدف پاکستان ہوسکتا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے فائٹر اسکواڈرن کی تعداد 33 ہے جن میں 500 سے زائد جنگی طیارے ہیں۔
ایمزٹی وی (کراچی)شہر قائد کے سائٹ ایریا کی پلاسٹک فیکٹری میں آگ لگ گئی جس کے بعد فیکٹری میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
تفصیلات کے مطابق پلاسٹک فیکٹری کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے اور آگ کو آگے بڑھنے سے روک رہی ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ کے باعث بڑے نقصان کا خدشہ ہے کیونکہ فیکٹری کے برابر میں سی این جی سٹیشن،پٹرول پمپ اور کے الیکٹر ک کا گرڈ سٹیشن ہے جو کہ آگ کی لپیٹ میں آنے کا خدشہ ہے۔
فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیدیا ہے اور عمارت کی چھت کے اوپر گیس سلنڈر موجود ہیں جن کو اتارنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ تیز ہواﺅں کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد)مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کلبھوشن یادیو کو ملک کے قانون کے مطابق سزا ملی جسے عالمی عدالت انصاف بھی ختم نہیں کرسکتی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مشیر خارجہ نے کہا کہ کلبھوشن کوئی عام ایجنٹ نہیں بلکہ وہ بھارتی بحریہ کا حاضر سروس افسر ہے، اس نے جعلی پاسپورٹ استعمال کیا اور دہشت گردی کی کارروائیوں کا اعتراف کیا، اسے قانون اور آئین کے مطابق سزا سنائی گئی اور عالمی عدالت اس سزا کو ختم نہیں کرسکتی۔ بھارت نے دہشتگردی کے لیے ریاستی ادارے کو استعمال کیا، کلبھوشن تک قونصلر رسائی کے بارے میں عالمی عدالت نے کوئی حکم نہیں دیا۔
وکیل کی تقرری سے متعلق سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت نے 8 مئی کو اپیل درخواست دائر کی، 9 تاریخ کو ہمیں نوٹس ملا جب کہ 15 مئی کو عدالت کی سماعت ہوگئی، ہم نے آئی سی جے سے وقت مانگنے کی کوشش کی تھی لیکن جواب ملا کہ اس کے لیے پٹیشن دائر کرنی پڑے گی اور جب تک وقت گزر چکا ہوگا، پاکستان کو کیس کی تیاری کے لیے صرف 5 دن ملے اور اتنے وقت میں ایڈہاک جج کا تقرر مشکل تھا، خاور قریشی کو وکیل تعینات کرنا عجلت میں ہی سہی لیکن متفقہ فیصلہ تھا کیونکہ خاور قریشی نے ہی حیدرآباد فنڈز کیس لڑا تھا اور اس میں ہم کامیاب ہوئے تھے ۔ عدالت میں سب ہی نے خاورقریشی کے دلائل کی تعریف کی لیکن اب ہم ایڈہاک جج مقرر کریں گے اور مضبوط قانونی ٹیم بنائیں گے، جس میں خاور قریشی بھی شامل ہوسکتے ہیں۔ عالمی عدالت نے ابھی کیس پر کوئی بات نہیں کی،پاکستان کا کیس ابھی بھی مضبوط ہے، عدالت انصاف میں ہمیں بھارتی دہشت گردی کے حوالے سے اپنے موقف کے اظہار کا بھی موقع ملے گا۔
مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کے معاملے پر بھارتی جج نے بھی بیان دیا کہ بھارت نےعالمی عدالت جاکر غلطی کی، اس سے پاکستان کا کشمیر پر بھی عالمی عدالت جانے کا راستہ کھل گیا لیکن مسئلہ کشمیر سوچ سمجھ کر عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے جو سیاسی رنگ دیا گیا وہ انتہائی غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ ہے، اپوزیشن کو قومی سلامتی جیسے موضوع پر سیاسی اور مقصود مقاصد کےلئے استعمال نہیں کرنا چاہئیے۔