پیر, 13 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(واشنگٹن)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عوامی مقبولیت کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
عالمی میڈیا نے حالیہ عوامی جائزہ سروے کے مطابق صدر ٹرمپ کوکارکردگی کی بناءپر پسند کرنے والوں کی تعداد 38 فی صد جب کہ ناپسند کرنے والوں کی تعداد 56 فی صد ہے جبکہ 6 فی صدر رائے دہندگان نے ملے جلے جذبات کا اظہار کیا ہے
جائزے سے ظاہر ہوا ہے کہ امریکی عوام میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت جنوری میں اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد سے اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے,یہ سروے 14 سے 18 مئی کے عرصے میں کیا گیا۔ اس دوران دو ہزار لوگوں سے انٹرویوز کیے گئے۔پچھلے ہفتے کے سروے میں ری پبلیکنز میں مسٹر ٹرمپ کی غیر مقبولیت 16 فی صد تھی جو اس ہفتے بڑھ کر 23 فی صد ہو گئی۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کے داتا دربارحاضری کے موقع پر صحافی نے سوال پوچھ لیا کہ بختاور کو باکسنگ سکھائی ،کیا مریم کو بھی سکھائیں گے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے باکسر نے کہا کہ نیوٹرل آدمی ہوں اس لئے سب کو باکسنگ سکھاﺅں گا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے معروف باکسر عامر خان نے مزید کہا کہ بختاور بھٹو کو باکسنگ کا شوق ہے اور وہ باکسنگ سیکھنا چاہتی ہے جبکہ ان کی خواہش اور شوق پر باکسنگ کے گر سکھائے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں سابق صدر آصف زرداری کی بیٹی بختاور بھٹو عامر خان سے باکسنگ سیکھتے ہوئے نظر آئی جس کے بعد باکسر کا کہنا تھا کہ بختاور ان کی اہلیہ کی دوست ہیں اور وہ باکسنگ سیکھنا چاہتی ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)کرکٹر خالد لطیف اور ان کے وکیل بدر عالم نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اس کارروائی کو جانبدارانہ قرار دیدیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اینٹی کرپشن ٹربیونل نہیں بلکہ جرگہ ہے کیونکہ تنظیمی کمیٹی کے سربراہ کی ٹربیونل کے انچارج بھی ہیں۔ خالد لطیف نے ٹریبول کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ اصغر حیدر پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خالد لطیف اور ان کے وکیل بدر عالم نے اینٹی کرپشن ٹریبونل کی سماعت کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اس میں مزید شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ خالد لطیف کے وکیل بدر عالم نے کہا کہ ٹریبونل کی کارروائی جانبدارانہ ہے اور 19 مئی کو ہمارے ساتھ بدسلوکی ہوئی۔ ہم نے 19 مئی کی کارروائی کی ویڈیو طلب کی لیکن ٹربیونل نے دینے سے انکار کر دیا ہے اور جب تک ویڈیو نہیں ملے ، ٹربیونل کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔ بدر عالم نے کہا کہ پی سی بی اینٹی کرپشن کے ضابطہ اخلاق کو نہیں مانتے جبکہ اینٹی کرپشن ٹریبونل نہیں بلکہ جرگہ ہے اور عجیب بات ہے کہ تنظیمی کمٹی کے سربراہ ہی ٹریبونل کے چیئرمین بھی ہیں۔ پی سی بی تنظیمی کمیٹی کے چیئرمین کا فیصلہ ہونے تک بائیکاٹ کریں گے اور پی سی بی کو بتا دیا ہے کہ ہم بھاگ نہیں رہے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم نواز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات نہیں ہوگی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بعض میڈ یا رپورٹس میں کہا گیا نواز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب میں ملاقات کریں گے تاہم وزیراعظم نواز شریف کی ریاض میں اسلامک سمٹ کی سائیڈ لائن پر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات نہیں ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ طویل سمٹ کا ایجنڈ ہ مکمل ہے جس میں اسلامی دنیا کے 35سربراہان شرکت کر رہے ہیں جس کے باعث سائیڈ لائن پر دو طرفہ ملاقات نہیں ہو گی ۔امریکہ عرب اور اسلامک سمٹ میں او آئی سی ،عرب لیگ اور جی سی سی کے سیکریٹری جنرل بھی شرکت کریں گے ۔ واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ ،عرب اور اسلامی سمٹ میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں اور اہلیہ میلانیا اور ان کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ بھی ان کے ہمراہ ہیں جبک وزیراعظم میاں نواز شریف کل سعودی عرب روانہ ہونگے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)چیمپینز ٹرافی میں شرکت کیلئے قومی اسکواڈ انگلینڈ پہنچ چکا ہے جہاں ان کے ٹریننگ سیشنز جاری ہیں۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 4 جون کو بھارت کے خلاف کھیلے گئے اور اب ممکنہ حتمی 11 کھلاڑیوں کے نام بھی سامنے آ گئے ہیں جنہیں بھارت کے خلاف میچ کیلئے ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کے سپرد ہوگی اور انہیں شعیب ملک جیسے تجربہ کار کھلاڑی کا ساتھ بھی حاصل ہو گا اور عمر اکمل کو بھی ٹیم میں شامل کئے جانے کا قومی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف میچ میں احمد شہزاد اور محمد حفیظ اوپننگ کریں گے جبکہ بابر اعظم، شعیب ملک، عمر اکمل، سرفراز احمد اور عماد وسیم مڈل آرڈر کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
اس میچ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کیساتھ ساتھ نوجوان فاسٹ باﺅلر حسن علی، جنید خان اور محمد عامر کو بھی ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے جبکہ آل راﺅنڈر فہیم اشرف اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد عباس کو بھی حتمی 11 کھلاڑیوں میں شامل کئے جانے کا قوی امکان ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی (سندھ)ٹھٹھہ کے نواحی علاقے دھابیجی میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری کے بھتیجے کو قتل کر دیا گیا ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ٹھٹھہ کے علاقے دھابیجی میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے بھتیجے اصغر زہری کوسگے بھائی نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اصغر زہری کو بھائی نے نامعلو م وجوہات کی بناءپر فائرنگ کر کے قتل کیا اور فرار ہو گیا جس کی گرفتاری کیلئے پولیس کی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں ۔
اصغر زہری کو اس کے بھائی نے گھر میں 9گولیاں ماریں جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ، پولیس نے مقتول کی لاش قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردی ہے اور واقعے کی تفتیش کا آغاز کر دیا گیاہے مگر ابھی تک قتل کی حقیقی وجہ سامنے نہیں آسکی ۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)قائداعظم سولر پارک ملکی تاریخ کا مہنگا ترین منصوبہ بن گیا تاہم منصوبے پر200 ارب روپے خرچ کرنے کے بعد صرف 160 میگاواٹ بجلی حاصل ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق ابھی تک صرف 400میگاواٹ کے پلانٹس لگائے گئے ہیں جس میں سے 100 میگاواٹ کا ایک پلانٹ پنجاب حکومت نے لگایا اور 300 میگاواٹ کا پلانٹ زونرجی کمپنی نے لگایا، زونرجی نے 900 میگاواٹ کا پلانٹ لگانا تھا تاہم منصوبہ تاخیر کاشکار ہوتا نظر آ رہا ہے، منصوبے کے ٹیرف کے حوالے سے بھی مسئلہ پیدا ہو گیا ہے، کمپنی زیادہ ٹیرف مانگ رہی ہے اورحکومت کم ٹیرف دے رہی ہے۔ واضح رہے کہ منصوبے کا پلانٹ فیکٹر صرف 16 فیصد ہے، منصوبہ زیادہ بجلی پیدا ہی نہیں کر سکتا۔ دوسری جانب ماہرین نے اس نشاندہی کی تھی کہ پلانٹ کی تعمیر سے قبل گرڈ کو بہتر کیا جائے بصورت دیگرمنصوبے سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکیں گے تاہم منصوبے سے ایک میگاواٹ بجلی 10کروڑ میں حاصل ہو رہی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (تجارت)پاکستان سے آم کی برآمدات آج سے شروع کی جارہی ہیں۔ پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے رواں سیزن ایک لاکھ ٹن آم برآمد کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق گزشتہ سال پاکستان سے آم کی برآمدات ہدف سے زائد رہی تھیں۔ گزشتہ سیزن کے لیے ایک لاکھ ٹن آم کی برآمد کا ہدف مقرر کیا گیا تھا تاہم سیزن کے اختتام تک ایکسپورٹ ایک لاکھ 28ہزار ٹن تک پہنچ گئی تھی جس سے 68ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔ وحید احمد کے مطابق رواں سیزن موسمیاتی تغیر کی وجہ سے پنجاب میں آم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے ایکسپورٹ کا ہدف بھی محتاط رہتے ہوئے ایک لاکھ ٹن مقرر کیا گیا ہے۔ پنجاب میں آم کے علاقوں میں دیر تک سردی رہنے، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کی وجہ سے پاکستان میں آم کی مجموعی پیداوار 18لاکھ ٹن میں سے 6لاکھ ٹن پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پاکستان میں آم کی مجموعی پیداوار میں پنجاب کا حصہ 67فیصد ہے جہاں سخت موسم کی وجہ سے 50فیصد پیداوار کو نقصان پہنچا ہے جبکہ موسم کے حتمی نتائج جون تک پنجاب کی فصل مارکیٹ میں آنے سے ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے آم دنیا کے 50ملکوں کو ایکسپورٹ کیا جاتا ہے تاہم رواں سیزن چین، امریکا اور ساؤتھ کوریا پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائیگی۔ چین پاکستان کی وسیع منڈی بن سکتا ہے جہاں حکومت کے تعاون سے پاکستانی آم کی تشہیر اور مارکیٹنگ کے لیے خصوصی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ وحید احمد کے مطابق رواں سیزن یورپی ممالک کو بھی پاکستان سے آم کی برآمدات بڑھانے پر توجہ دی جائیگی۔ رواں سیزن آم 650ڈالر فی ٹن قیمت پر ایکسپورٹ کیا جائے گا گزشتہ سیزن 680سے 700ڈالر فی ٹن تک قیمت پرآم ایکسپورٹ کیا گیا تھا۔ رواں سیزن رمضان اور آم کی ایکسپورٹ کا سیزن ایک ساتھ شروع ہورہے ہیں اس وجہ سے پاکستانی آم کے لیے مسلم ممالک سمیت مسلم آبادی والے مغربی ملکوں میں بھی بھرپور امکانات موجود ہیں تاہم پاکستان میں گڈز ٹرانسپورٹ کی طویل ہڑتال اور بندگاہوں پر کنسائمنٹس کی اژدہام کی صورتحال کی وجہ سے بھی آغاز میں ایکسپورٹ دباؤ کا شکار رہنے کا خدشہ ہے۔ وحید احمد کے مطابق کلائمٹ چینج اس وقت ہارٹی کلچر سیکٹر سمیت پورے زرعی شعبے کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے جس کا ٹیکنالوجی میں حل موجود ہے۔ علاوہ ازیں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے فصلوں کو ژالہ باری سے تحفظ فراہم کیا جاسکتا ہے اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ سندھ اور پنجاب کی صوبائی حکومتیں آئندہ بجٹ میں ژالہ باری سے نمٹنے کے لیے ٹیکنالوجی کے لیے خصوصی فنڈز مختص کریں تاکہ زرعی معیشت کو پہنچنے والے اربوں روپے کے نقصان سے بچاجاسکے۔ وحید احمد نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ ہارٹی کلچر ایکسپورٹ کی لاگت کم کرنے کے لیے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے آئندہ وفاقی بجٹ میں پھل اور سبزیوں کی ایکسپورٹ کے لیے 7فیصد مالی معاونت کا اعلان کیا جائے ساتھ ہی ایک فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ سی اینڈ ایف کے بجائے ایف او بی پرائس پر کیا جائے کیونکہ پھل اور سبزیوں کی قیمت سے کہیں زیادہ فریٹ کی لاگت ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ فضائی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان کے ساتھ امتیازی پالیسی کا بھی سختی سے نوٹس لیتے ہوئے غیرملکی فضائی کمپنیوں کو مناسب فضائی کرایہ مقرر کرنے کا پابند کیا جائے۔ واضح رہے کہ غیرملکی فضائی کمپنیاں بھارت (ممبئی) سے لندن کے لیے آم کا فریٹ 1.26 ڈالر فی کلو گرام جبکہ پاکستان (کراچی) سے لندن کے لیے 1.70 ڈالر فی کلو گرام فریٹ وصول کررہی ہیں جس سے پاکستان کی لاگت میں اضافہ اور مسابقتی صلاحیت میں کمی ہورہی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (تجارت)پاکستان کی معاشی ترقی کے چرچے بھارتی اخباروں میں بھی ہونے لگے۔ بھارتی اخبار کے مطابق پاکستانی معیشت عالمی مالیاتی بحران سے پہلے کی رفتار سے ترقی کرنے لگی ہے۔ بھارتی اخبار نے پاکستان کی نیشنل اکاؤنٹ کمیٹی کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معیشت کی شرح نمو رواں مالی سال کے دوران 5 اعشاریہ 3 فیصد رہی جو گزشتہ 10سال کی بلند ترین شرح ہے۔ علاوہ ازیں بھارتی اخبار کے مطابق رواں سال کی معاشی ترقی کے سبب پاکستانی معیشت کا حجم 300ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)عالمی عدالت انصاف میں پاکستان کی جانب سے کلبھوشن یادیو کا کیس لڑنے والے خاور قریشی بھارت کے وکیل رہ چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس میں پاکستان کی جانب سے نمائندگی کرنے والے وکیل خاور قریشی کو 2005 میں کانگریس حکومت نے ایک مقدمے کے لیے نامزد کیا تھا۔ اینزون، بیک ٹیل، جنرل الیکٹرک نے بھارت کے خلاف 5 ارب ڈالر کا کیس دائر کیا تھا جس پر کانگریس حکومت نے خاور قریشی کی خدمات بھی حاصل کی تھیں۔
یاد رہے عالمی عدالتِ انصاف میں کلبھوشن کیس میں پاکستان کی جانب سے نمائندگی کرنے والے وکیل خاور قریشی پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھی تنقید کی جارہی ہے جبکہ خبریں یہ بھی زیر گردش ہیں کہ انہوں نے مقدمہ لڑنے کے عوض بھاری فیس حاصل کی۔
دوسری جانب خاور قریشی نے بھاری فیس کی وصول سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جتنی فیس کے بارے میں بولا جارہا ہے اس کا دس فیصد بھی نہیں لیا۔