ایمزٹی وی (خیبرپختونخواہ)شبقدر کے مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے 5 دھماکوں میں خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق پہلا دھماکا شبقدر کے علاقے سروکلے میں ایک نجی اسکول کے باہر ہوا جس کے نتیجے میں اسکول چوکیدار اور طالب علم زخمی ہوا جب کہ دوسرا دھماکا موصل کور کے علاقے میں ایک گھر کے باہر ہوا جس میں 8 افراد زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ دیگر 3 مقامات پر بھی کریکر دھماکے کئے گئے۔
شبقدر میں ہونے والے دھماکوں میں 5 خواتین اور 6 بچوں سمیت 14 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے تاہم طبی عملے کے مطابق تمام افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پانچوں دھماکے دیسی ساختہ کریکر کی مدد سے کئے جب کہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے پورے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ایمزٹی وی(لاہور)لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کو گزشتہ 70 برسوں کے دوران لوٹا گیا لیکن اب ریلوے کا جو خواب دیکھا تھا اس کی تکمیل اور تعمیر کا وقت آ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور سے پشاور تک ریلوے ٹریک کو ڈبل کریں گے، آبادی والے علاقوں میں باڑ نصب کی جائے گی جب کہ ریلوے ٹریک کے تمام سگنلز آٹو میٹک ہوں گے اور ٹرین کی اسپیڈ 120 سے 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو گی۔ کراچی میں سرکلر ریلوے کے لئے وزیراعلیٰ سمیت دیگر حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، دیگر معاملات کے حوالے سے بھی وزیراعلیٰ سندھ سے بات ہو گی۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم لوگ تمام سیاسی اختلافات کو بھلا کر چین گئے تھے اور تمام وزرائے اعلیٰ سمیت ہر کسی نے چین میں پاکستان کے لئے بات کی جو ایک اچھی مثال ہے، دورہ چین سے ثابت ہوتا ہے کہ اگر سیاستدان چاہیں تو لڑائی کے علاوہ کام بھی کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ ریلوے سمیت کئی معاہدوں پر دستخط ہوئے، ریلوے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں لیکن آگے بڑھنے کے لئے ہمیں تھوڑا صبر کرنا ہو گا۔ ون بیلٹ ون روڈ خطے کی ترقی کا منصوبہ ہے اور سی پیک ون بیلٹ ون روڈ کا فلیگ شپ منصوبہ ہے
ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا اجلاس کے دوران قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایک رکن اسمبلی کی جانب سے دھمکی دی گئی کہ اگر فاٹا اصلاحات کا بل پارلیمنٹ میں لایا گیا تو لڑائی ہو گی، ایک رکن کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد حکومت نے فاٹا اصلاحات بل روک لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا فاٹا کے عوام کے ساتھ رویہ افسوسناک ہے، حکومت فاٹا کے عوام کو لالی پاپ دے رہی ہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت فاٹا اصلاحات کے معاملے پر اپنے اتحادیوں کے ذریعے مخالفت کرا رہی ہے، کسی کی نو یا یس سے کام نہیں چلے گا، ورنہ پارلیمنٹ ختم کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا پاکستان کا حصہ ہے اس پر ملکی قانون لاگو ہوتا ہے، کسی کو پاکستان کا آئین و قانون پسند نہیں تو میں کیا کہوں؟. تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فاٹا اصلاحات کی مخالفت کرنے والے حکمران اتحاد میں بیٹھے ہیں، حکومت نے اجلاس فاٹا اصلاحات کے حوالے سے ہی بلایا تھا اور حکومت کو اپنے اتحادیوں کو پہلے اعتماد میں لینا چاہیئے تھا۔
محمود خان اچکزئی نے فاٹا اصلاحات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے کوئی مجھے آئین کا درس دینے کی کوشش نہ کرے۔ جب ڈیورنڈ لائن موجود نہیں تھی تب بھی خیبر ایجنسی کا وجود تھا، پاکستان بنا تو ایف سی آر لاگو کیا گیا، ایف سی آر بلوچستان اور کچھ دیگر علاقوں کے لئے لایا گیا تھا، 1947 سے پہلے ایف سی آر فاٹا پر لاگو نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے صرف 4 آرٹیکلز کا اطلاق فاٹا پر ہوتا ہے، آپ 280 آرٹیکل ان کے گلے میں ڈال رہے ہیں، فاٹا کے عوام کی مرضی کے بغیر کچھ کیا گیا تو زیادتی ہو گی۔ انگریز اور افغان حکومت میں طے پایا تھا کہ طورخم سے جمرود تک کا علاقہ دونوں ممالک کا حصہ نہیں ہو گا، علاقے میں دونوں اطراف سے کوئی مداخلت ہوئی تو بین الاقوامی اثرات مرتب ہوں گے۔
محمود اچکزئی کے بیان پر فاٹا سے رکن اسمبلی شاہ جی گل آفریدی جذباتی ہو گئے اور ایوان میں ہنگامہ کھڑا کردیا جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فاٹا سے متعلق محمود خان اچکزئی کا بیان ذاتی رائے پر مبنی ہے، آپ مجھے مجبور نہ کریں کہ میں آپ کو ایوان سے اٹھا کر باہر پھنکوا دوں۔ اس کے علاوہ اسمبلی میں کسی رکن سے متعلق ریمارکس دینے پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کی رکن شیریں مزاری کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ آپ کسی رکن سے متعلق ریمارکس نہیں دے سکتیں۔
وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا اصلاحات 36 نکات پر مشتمل ہیں جس میں ایف سی آر کا خاتمہ اور فاٹا کا انضمام سر فہرست ہیں، گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کی غلط خبر چلی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اتحادیوں کو 36 میں سے چند نکات پر اعتراض ہے اور اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنا پڑتا ہے، فاٹا اصلاحات اور رواج ایکٹ سے متعلق وزیر اعظم کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔
کارروائی کے دوران خواجہ آصف کی جانب سے گزشتہ روز پشاور میں واپڈا ہاؤس کے باہر احتجاج کرنے والوں کو چوروں کا جلوس کہا تو تحریک انصاف کی جانب سے اس کی مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ خواجہ آصف اپنے اس بیان پر معافی مانگیں، خواجہ آصف کی جانب سے معافی مانگنے سے انکار پر متحدہ اپوزیشن نے واک آؤٹ کردیا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال بدستور خراب ہوتی جارہی ہے معصوم کشمیریوں کو قتل کیا جارہا ہے بھارتی انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کے کارکنوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کیا جارہا ہے اور آر ایس ایس کے کارکن بھارت کی سرپرستی میں اپنے یونٹ بنا رہے ہیں تاکہ کشمیریوں کی تحریک کو کچل سکیں۔
انتہا پسند تنظیم کے کارکن دہشت گردی میں ملوث ہیں اور کشمیریوں کو قتل کررہے ہیں اور لوگوں کو خوفزدہ کررہے ہیں کہ وہ تحریک میں حصہ نہ لیں۔ دو سو کے قریب طالب علموں کو گرفتار کیا گیا اور پرامن احتجاج پر تشدد کیا جارہا ہے۔ آٹھ لوگوں کو فائرنگ کرکے شہید کیا گیا ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں سوشل میڈیا پر مکمل پابندی لگا رکھی ہے اور 36 ٹیلی ویژن چینلز کو بند کردیا گیا ہے تاکہ انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو دبایا جاسکے۔
حریت قائدین کو گرفتار کیا گیا ہے سنگین انسانی حقوق کی صورتحال افسوسناک ہے آسیہ اندرابی کی صحت تشویشناک بتائی جارہی ہے لوگوں کو علاج کی سہولت فراہم نہیں کی جارہی اور سید علی گیلانی کو سیمینار سے خطاب کرنے سے روکا گیا۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے حوالے سے خط لکھا ہے۔
عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے حالات پر مداخلت کرے اور بھارتی مظالم رکوائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے کل بھوشن یادیو کے حوالے سے پروپیگنڈا سے آگاہ ہیں پاکستان نے کیس کے حوالے سے آئی سی جے کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا ہے معاملہ پر غور کررہے ہیں۔ اس معامل پر ابھی تبصرہ نہیں کروں گا۔ پاکستان نے کل بھوشن کے معاملے پر ویانا کنونشن کی خلاف ورزی نہیں کی۔ وہ ایک بھارتی جاسوس تھا اور پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کارانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کے اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی لوگوں کو مستقل رہائشی سرٹیفکیٹس دیئے جارہے ہیں بھارتی فوجیوں کو آباد کیا جارہاہے اور پنڈتوں کی کالونیاں بنائی جارہی ہیں تاکہ استصواب رائے پر اثر انداز ہوسکے۔ مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلا جارہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہاورڈ کی بھارت کے نیوکلیئرمیٹریل کے حوالے سے سٹڈی پر غور کررہے ہیں۔ عالمی سطح پر بھارت کی جانب سے نیوکلیئر میٹریل کے حوالے سے غیر شفافیت اور عالمی سیف گارڈز کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہارکیا جارہا ہے۔
بھارت نیوکلیئر ہتھیاروں کو دنیا میں سب سے زیادہ تیزی سے بڑھا رہا ہے۔ جنوبی ایشیاء کے استحکام کے لئے خطرہ ہے پاسکتان کی قومی سلامتی کے لئے بھی خطرہ ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کا پرامن حل کا خواہاں ہے۔ ڈاکٹر شکیل آفریدی کے حوالے سے امریکی انتظامیہ کی جانب سے رابطہ سے آگاہ نہیں ہوں۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد پر مسئلہ حل کرنے کے لئے دونوں اطراف کی ملٹری کی سطح پر رابطہ جاری ہے اور سروے کیا جارہا ہے مسئلہ کے حل ہونے تک سرحد کو کھولنا لوگوںکی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے پہلے بھی قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی قابض افواج مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کررہی ہیں اور سول آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں تاکہ مقبوضہ کشمیر میںسنگین انسانی حقوق کی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹا سکے۔
ایمزٹی وی (دی ہیگ) عالمی عدالت انصاف نے دائرہ اختیار کی پاکستانی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے اپنے عبوری حکم نامے میں فاضل عدالت کا حتمی فیصلہ آنے تک بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی پھانسی پر عملدرآمد روک دیااورہدایت کی ہے کہ اسے قونصلر رسائی دی جائے اور اس ضمن میں ہونے والے اقدامات سے عالمی عدالت کو آگاہ کیا جائے ۔”عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ آنے تک کلبھوشن یادیو کو پھانسی نہیں دی جا سکتی “۔
عالمی عدالت کے 11 رکنی پینل کی سربراہی ابراہم رونی نے کی اور قراردیا ہے کہ کلبھوشن یادیو پاک فوج کی تحویل میں ہے اور درخواست کے مطابق بھارت نے پاکستانی ہائی کمشنر کے ذریعے قونصلررسائی مانگی تاہم پاکستان نے تحقیقات میں معاونت طلب کرتے ہوئے جواب دیا کہ قونصلر رسائی کی درخواست کو بھارتی معاونت کے تناظر میں دیکھاجائے گا۔ دوران سماعت پاکستان نے ثابت کیا کہ کلبھوشن یادیو بھارتی شہری ہے ، بھارت نے بھی تسلیم کیا اور مارچ 2016 ء سے پاکستانی حکام کی تحویل میں ہے جسےپاکستانی آرمی ایکٹ کے تحت کورٹ مارشل کے ذریعے سزا سنائی گئی ۔ پاکستان نے باضابطہ طورپر گرفتاری سے متعلق بھارت کو آگاہ کیا۔
عدالت نے بتایاکہ کلبھوشن یادیو کے پاس اپیل کیلئے 40 دن کا وقت تھا تاہم یادیو کی طرف سے کوئی اپیل دائر نہیں کی گئی ۔پاکستان اور بھارت میں سے کوئی بھی ویانا کنونشن سے انکار نہیں کرسکتا، دونوں ممالک نے دستخط کیے لیکن قونصلر رسائی کے معاملے میں دونوں ممالک کےد رمیان اختلاف پایا جاتاہے ۔ عدالت نے واضح کیا کہ ویانا کنونشن کے آرٹیکل 36 کا اطلاق اس کیس پر نہیں ہوتا تاہم مکمل شواہد کے بعد بھارت کو ریلیف مل سکتا ہے ، بھارت عدالت کو کیس کے میرٹ پر مطمئن نہیں کرسکا تاہم عالمی عدالت کا حتمی فیصلہ آنے تک عالمی عدالت نے کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر عمل درآمد روک دیا۔
عدالت کے جج رونی ابراہم کاکہناتھاکہ عدالت آرٹیکل ون کے تحت اس معاملے میں مکمل سماعت کا اختیار رکھتی ہے اور جاسوسی کے الزام میں گرفتار افراد کو ویانا کنونشن سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔
یادرہے کہ پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کا اعتراف کرنے والے جاسوس کلبھوشن یادیوکے خلاف عالمی عدالت انصاف میں کیس کی سماعت کے دوران پاکستانی وکلاءنے بھارتی وکلاءکے دلائل مسترد کردیئے تھے اور ایسے جوابات دیئے کہ بھارتی وکیل کے پسینے چھوٹ گئے تھے ۔ پاکستان نے موقف اپنایا کہ کلبھوشن ویڈیو بیان میں اپنے جاسوس ہونے کا اعتراف کرچکا ہے لہٰذا اس پر ویانا کنونشن کا اطلاق نہیں ہوتا اور اس کے علاوہ معاملہ ہنگامی نوعیت کا بھی نہیں ، بھارت کے پاس کلبھوشن یادیو کو جعلی پاسپورٹ پر بھجوائے جانے کابھی جواب نہیں اور باضابطہ طورپر بھارت کو گرفتاری کی اطلاع دی گئی تھی ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذ کر ہے کہ بھارت نے کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا تھا جس کے بعد ایک ہی سماعت میں عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔لائیو دیکھئے
ایمزٹی وی (دی ہیگ)عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو کی پھانسی کے معاملے میں بھارتی درخواست پر فیصلہ سنایا جارہا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق عالمی عدالت انصاف کے جج رونی ابراہم نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ویانا کنونشن کے پابند ہیں، بھارت کا دعویٰ ہے کہ کل بھوشن یادیو بھارتی شہری ہے اور پاکستان بھی یہ مانتا ہے، کلبھوشن یادو کی گرفتاری پر دونوں فریقین کے دلائل مختلف ہیں، کلبھوشن کا معاملہ پاکستان کی فوجی عدالت میں چلایا گیا جب کہ بھارت نے عالمی عدالت سے کلبھوشن تک کونسلر رسائی کی اپیل دہرائی۔ قانون کے مطابق کل بھوشن کے پاس اپنی سزا کے خلاف چالیس دن تک اپیل کا وقت تھا لیکن ابھی تک یہ ثابت نہیں ہوا کہ اپیل دائر کی گئی ہے یا نہیں۔
فاضل جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ویانا کنونشن کے تحت جاسوسوں تک رسائی ممکن نہیں، عدالت صرف اسی صورت حتمی فیصلہ سنا سکتی ہے جب عدالت کا اختیار ثابت کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے کلبھوشن یادیو کو سزائے موت دینے کے خلاف بھارت نے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا تھا جس کی عوامی سماعت 15 مئی کو ہوئی تھی جس میں پاکستان نے کلبھوشن کیس سے متعلق عالمی عدالت کے دائرہ کار کو چیلنج کیا تھا جب کہ بھارت نے کلبھوشن کی پھانسی رکوانے کی درخواست کی تھی۔
ایمزٹی وی(کراچی)پاک فضائیہ کی پہلی شہید خاتون فائٹر پائلٹ مریم مختیار کی 25 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے مریم مختیار 18مئی 1992ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں، ابتدائی تعلیم کراچی میں حاصل کی اور سول انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی، مریم کے والد کرنل (ر) مختیار احمد شیخ پاک فوج میں شامل تھے، ایک فوجی گھرانے سے تعلق رکھنے کی وجہ سے ملک و قوم کیلئے کچھ کر دکھانے کی امنگ ان میں بچپن سے ہی موجزن تھی۔
مریم مختیار نے 6 مئی 2011 میں پاکستان ایئر فورس کو جوائن کیا اور 24 ستمبر 2014 کو ایئر فورس سے گریجوایشن مکمل کی، مریم مختیار 132 ویں جی ڈی پائلٹ کورس میں شریک تھیں۔مریم مختیار نے پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں فائٹر جیٹ پائلٹ کی تربیت حاصل کی۔
مریم افواج پاکستان کے نظم و ضبط سے بہت متاثر تھی، مریم کہتی تھی کہ مجھے فوج کی وردی بہت متاثر کرتی تھی، اس لیے میں نے پاکستان ایئر فورس جوائن کرنے کا فیصلہ کیا، میں کچھ ایسا کرنا چاہتی تھی، جو معمول کے کاموں سے کچھ ہٹ کر ہو۔
فلائنگ آفیسر مریم مختیار چوبیس نومبر 2015 کو اپنے انسٹرکٹر، ثاقب عباسی کے ساتھ معمول کی تربیتی پرواز پر تھیں، جب میانوالی کے قریب ان کا طیارہ تیکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہوگیا تھا اور مریم مختیار حادثے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جہان فانی سے کوچ کر گئیں تھیںاور پاکستان کی پہلی شہید خاتون پائلٹ کا اعزاز ملا۔
مریم کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ آپ دوران ڈیوٹی شہید ہونے والی پاک فضائیہ کی پہلی فائٹر پائلٹ ہیں، انکو تمغۂ بسالت سے بھی نوازا گیا۔مریم مختیار آج بھی اہل وطن کےدلوں میں زندہ ہیں۔
ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)کئی کامیاب بولی وڈ فلموں میں ماں کا کردار ادا کرنے والی معروف اداکارہ ریما لاگو دل کا دورہ پڑنے کے باعث 59 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریما لاگو کو گزشتہ رات سینے میں تکلیف کے باعث ممبئی کے کوکیلا بین ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
اداکارہ کے داماد ونے ویکل کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا ’ریما لاگو کو سینے میں درد محسوس ہوا جس کے بعد ہم انہیں رات ایک بجے کے قریب ہسپتال لے کر گئے، لیکن رات تین بج کر 15 منٹ پر ان کا انتقال ہوگیا، وہ بالکل ٹھیک تھیں اور انہیں کسی قسم کی بیماری بھی نہیں تھی، یہی وجہ ہے کہ ان کے انتقال پر پورا خاندان صدمے کی حالت میں ہے‘۔
ریما لاگو نے بولی وڈ کی کئی کامیاب فلموں میں اہم کردار ادا کیے، ان میں ’ہم آپ کے ہیں کون‘، ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘، ’میں نے پیار کیا‘ اور ’کل ہو نا ہو‘ جیسی فلمیں شامل ہیں۔
اداکارہ اپنے کیریئر میں ٹیلی ویژن پر بھی کام چکی ہیں، ان میں ’تو تو میں میں‘ اور ’شری مان شری متی‘ شامل ہیں۔وہ آخری مرتبہ ’نام کرن‘ نامی ڈرامے میں جلوہ گر ہوئیں۔
انہوں نے بولی وڈ کے کامیاب ستاروں سلمان خان، شاہ رخ خان، سنجے دت، اکشے کمار، سری دیوی اور مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ بھی کام کیا۔
ریما لاگو کو اپنے کیریئر میں بہترین معاون اداکارہ کے لیے 4 فلم فیئر ایوارڈز سے بھی نوازا جاچکا ہے
ایمز ٹی وی (راولپنڈی)ملک بھر میں جاری آپریشن ردالفساد کے تحت 'شدت پسندی کو شکست دینے میں نوجوانوں کے کردار' پر ایک سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو دہشت گردی سے بچانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ آپریشن رد الفساد کا مقصد ملک میں کیے گئے تمام آپریشنز کے مقاصد کا حصول اور ملک میں امن و استحکام قائم کرنا ہے، اس آپریشن کا ایک مقصد معاشرے سے شدت پسندی کا خاتمہ بھی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس مقصد کا حصول اس لیے بھی ضروری ہوگیا ہے کہ کیونکہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ اب داعش اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے یوئے نوجوان نسل کے ذہنوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ 'ریاست' کی حیثیت سے یہ ہماری مشترکہ اور انفرادی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو اس خطرے سے بچائیں، اس عمل کے دوران خطرے کی نشاندہی اور اس حوالے سے جوابی اقدامات اٹھانا شامل ہیں۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دیگر لوگوں کے ساتھ ساتھ ہماری کامیابیاں نوجوانوں کی ہی مرہون منت ہیں، 'وردی میں ملبوس پاکستانیوں کی جانب سے دی گئی قربانیوں میں سے 90 فیصد نوجوان سپاہیوں اور افسران کی ہیں'۔
انھوں نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'آئیں ہم دائمی کامیابی کے لیے ان عظیم قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دیں'.
ایمزٹی وی (کراچی)رمضان میں شہر میں فلاحی اداروں کی جانب سے مستحقین میں5ارب روپے سے زائد مالیت کا راشن، کپڑے اور عید گفٹ تقسیم کیے جائیں گے۔
گزشتہ کئی سال کی طرح امسال بھی شہر میں رمضان میں فلاحی اداروں کی جانب سے مستحقین میں5ارب روپے سے زائد مالیت کا راشن، کپڑے اورعیدگفٹ تقسیم کیے جائیں گے،شہرکے مختلف مقامات پر تقریبات منعقدکی جائیں گی جن میں مستحقین اورغربا میں راشن، کپڑے اور عیدگفٹ تقسیم کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سیلانی ویلفیئرٹرسٹ، عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ، الخدمت ویلفیئرٹرسٹ، خدمت خلق فاؤنڈیشن، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن سمیت سیکڑوں فلاحی ادارے رمضان میں شہریوں کی امداد کرتے ہیں جبکہ کراچی میں منظم طریقے سے رمضان میں امدادی اشیا کی تقسیم ہوتی ہے اورمستحق افراد میں راشن بیگ اور عید گفٹ تقسیم کیے جاتے ہیں جس سے کم و بیش10لاکھ افراد فیضیاب ہوتے ہیں۔
دوسری جانب مختلف فلاحی اداروں کی جانب سے راشن بیگ کے سلسلے میں شہر کے بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز، ہول سیل مارکیٹوں اور کریانہ کی بڑی دکانوں کو آرڈر دے دیے گئے ہیں،ان بیگ میں آٹا، دالیں، چاول، بیسن، مصالحہ جات اور کھانے پینے کی دیگر اشیا شامل ہوتی ہیں۔
فلاحی اداروں کی جانب سے2لاکھ سے زائد راشن بیگ مستحق خاندانوں میں تقسیم کیے جاتے ہیں، رمضان میں صاحب حیثیت مسلمان فطرہ، زکوۃ، صدقات اور عطیات کی مد میں بھی مستحق افراد کی مدد کرتے ہیں جبکہ رمضان میں فلاحی اداروں کے علاوہ سیاسی، مذہبی و سماجی تنظیموں کی جانب سے بھی مستحقین میں راشن اور عید گفٹ کی تقسیم ہوتی ہے جس کا سلسلہ رمضان کے آخری عشرے تک جاری رہتا ہے، اس سال بھی مختلف فلاحی اداروں کے علاوہ سیاسی، دینی و سماجی تنظیموں نے رمضان میں مستحقین میں راشن کی تقسیم اورعیدگفٹ کی تقسیم کا اعلان کیا۔