ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ اداکارعرفان خان کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں اب ہندی فلموں کو مزید بہتر اور معیاری بنانے کی ضرورت ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارعرفان خان نے اپنی نئی آنے والی فلم ’ہندی میڈئیم‘ کی اسکریننگ کے دوران کہا کہ آج کا سنیما تبدیل ہورہا ہے اورشائقین اس بدلتے دور کے ساتھ سنیما کو لے کر بہت سنجیدہ ہوتے جارہے ہیں جہاں اچھی فلمیں بن رہی ہوں تو شائقین تعریف کرتے ہیں لیکن ہالی ووڈ اورعلاقائی فلموں کے مقابلے میں اب ہندی سنیما کومزید بہتری اورمعیاری ہونے کی ضرورت ہے۔ عرفان خان نے حال ہی میں ریکارڈ توڑبزنس دینے والی تیلگو فلم باہوبالی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فلم کی بہترین انداز میں نبھائی گئی کہانی نے بھارت بھر میں بہترین کمائی کی۔ اداکار کا اپنی فلم ہندی میڈیم کے حوالے سے کہنا تھا کہ فلم کے ذریعے بھارت میں بہترین انگریزی بولنے کے جنون کو دکھایا گیا ہے، انگریزی زبان کی اہمیت اپنی جگہ ہے لیکن ہمیں صرف ایک زبان کے پیچھے نہیں پڑنا چاہیئے بلکہ ساری زبانیں سیکھنی چاہیئں۔ اس سے قبل بھی اداکارنے کہا تھا کہ بالی ووڈ فلمیں ناظرین کو ذہنی تفریح مہیا نہیں کرپا رہی ہیں اور آج کے دور میں کہانی کہنے کا طریقہ بدل رہا ہے جب کہ نوجوان ناظرین ہالی ووڈ فلمیں زیادہ پسند کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ اداکارعرفان خان کی پاکستانی اداکارہ صبا قمرکے ہمراہ فلم ’ہندی میڈئیم‘ رواں ماہ 19 مئی کو ریلیزکی جارہی ہے۔