پیر, 13 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی ( چمن) پاکستان اور افغان حکام کی باب دوستی چمن پر ملاقات ہوئی جس میں فریقین نے کسی ہم آہنگی پر پہنچنے تک جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان اور افغان حکام کی ون اسٹار بارڈر فلیگ میٹنگ ہوئی، دونوں ملکوں کے نمائندوں کی ملاقات باب دوستی چمن پرہوئی جس میں پاکستانی وفد کی قیادت ڈی آئی جی ایف سی بلوچستان نے کی جب کہ افغان وفد کی قیادت افغان بارڈر پولیس کے سابق بریگیڈیئر نے کی۔
 
ملاقات میں افغان وفد نے مطالبہ کیا کہ کلی جہانگیر اور کلی لقمان میں بین الااقوامی بارڈر پر تعینات پاکستانی فوجیوں کو ہٹایا جائے جس کے جواب میں پاکستانی وفد نے کہا کہ پاکستانی فوجی انٹرنیشنل سرحد کے ساتھ پاکستانی علاقے میں تعینات ہیں اور یہیں رہیں گے تاہم دونوں فریقین نے مردم شماری تک سیز فائر برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (دی ہیگ)عالمی عدالت انصاف کلبھوشن یادیو کی پھانسی کے معاملے میں بھارتی درخواست پر فیصلہ آج سنائے گی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق عالمی عدالت انصاف بھارت کی جانب سے کلبھوشن یادیو کی پھانسی روکنے کی درخواست پر آج دوپہر 3 بجے فیصلہ سنائے گی جو عالمی عدالت انصاف کے صدر جج رونی ابراہم خود پڑھ کر سنائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے کلبھوشن یادیو کو سزائے موت دینے کے خلاف بھارت نے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا تھا جس کی عوامی سماعت 15 مئی کو ہوئی تھی جس میں پاکستان نے کلبھوشن کیس سے متعلق عالمی عدالت کے دائرہ کار کو چیلنج کیا تھا جب کہ بھارت نے کلبھوشن کی پھانسی رکوانے کی درخواست کی تھی۔

 

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی) فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے مزید 4 دہشت گردوں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے 4 دہشت گردوں کو خیبر پختونخوا کی جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ہے۔
 
آئی ایس پی آر کے مطابق چاروں دہشت گرد فورسز اور تعلیمی اداروں پر حملوں میں ملوث تھے اور سزا پانے والے چاروں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا۔ سزا پانے والے دہشت گردوں میں ابراہیم، رضوان اللہ، سردار علی اور شیر محمد خان شامل ہیں۔
واضح رہے کہ رواں برس فروری میں شروع ہرنے والے آپریشن رد الفساد کے بعد سے اب تک 35 دہشت گردوں کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔

 

 

ایمزٹ وی (اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف آج پاناما کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو اردو زبان میں جاری کریگی ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے آج باضابطہ طور پر پاناما کیس پر سپریم کورٹ کی جانب سے انگریزی زبان میں جاری ہونے والے فیصلے کو اردو زبان میں سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انگریزی زبان میں جاری ہونے والا فیصلہ آج شام 6 بجے قومی زبان میں سنایا جائے گا ۔”قوم کو پڑھوائیں گے کہ سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کے بارے کیا رائے دی “۔
ذرائع نے مزید کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ پاکستان کے مستقبل کے تحفظ کی ضمانت ہے جسے قوم کے سامنے لانا ضروری ہے ۔فیصلہ آنے کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو فیصلے کااردو ترجمہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ مردان)مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں طلباءتشددسے جاں بحق ہونے والے طالب علم مشال خان کے والد نے مطالبہ کیا ہے کہ ’’مشال خان کے بعد اب میری بیٹیوں کی جان کو خطرہ ہے اور ان کو تعلیم جاری رکھنے کیلئے سکیورٹی فراہم کی جائے‘‘۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں مشال خان ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول طالبعلم کے وکیل نے کہا کہ مشال کی بہنوں کو سکیورٹی خدشات لاحق ہے جس کے باعث وہ اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ پارہیں۔
اقبال خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ انکی بیٹیاں تعلیم جاری رکھنا چاہتی ہیں لیکن مشال خان کے بعدان کی جان کو بھی خطرہ ہے جس کی وجہ سے وہ تعلیم جاری نہیں رکھ پارہی اس لئے ان کو سکیورٹی دی جائے۔
مشال خان کے والد نے مزید بات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عبدالولی خان یونیورسٹی کو کھولا جائے اور طلباءکو تعلیم جاری رکھنے دی جائے ،طلباءکی تعلیم کے حصول کے لئے کوئی بھی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونا چاہیے جبکہ یونیورسٹی کے طلباءکو بھی سکیورٹی دی جائے۔
یاد رہے کہ توہین رسالت کے الزام میں عبدالولی خان یونیورسٹی میں مشال خان کو مشتعل ہجوم نے تشدد کرکے قتل کردیا تھا جس کے بعد چیف جسٹس ثاقب نثار نے اس کیس پر ازخود نوٹس لیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم)میٹرو بس سے گر کر جاں بحق ہونیوالی طالبہ نے میڈیکل امتحان میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں میٹرو بس سے گر کر جاں بحق ہونے والی میڈیکل کی طالبہ سمیرا کا نتیجہ آگیا ہے اور مرحومہ نے میڈیکل کے دوسرے سمسٹر میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے اور سمیرا کے والدین کو اس کا رزلٹ کارڈ موصول ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ مہینے کے آخر میں رحمان آباد میٹرو سٹیشن پر بس کھمبے سے جاٹکرائی تھی جس کے نتیجے میں ایک طالبہ جاں بحق ہوگئی تھی۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)پاکستان میں تیزی سے مقبول ہونے والی آن لائن ٹیکسی سروس ”کریم “ نے جڑواں شہروں میں 25ہزار مزید گاڑیاں شامل کر نے کا فیصلہ کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق ”کریم “ ٹیکسی سروس انتظامیہ نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں صارفین کی بڑھتی ہوئی مانگ کے بعد اپنے کارواں میں مزید گاڑیاں شامل کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں کریم کے جنرل مینیجرعمر کا کہنا تھا کہ ”ہماری خواہش ہے موجودہ گاڑیاں اس انقلاب سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں کیونکہ اس اقدام سے انکی رائڈز میں بھی اضافہ ہو گا “۔
انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کیلئے اس اقدام کے بعد نہ صرف سفری سہولیات میں اضافہ ہو گا بلکہ انہیں کم سے کم پیسوں میں اپنی منزل مقصود تک پہنچنے میں آسانی میسر آئے گی ۔”ہم جڑواں شہروں میں تمام گاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ ہمارے کارواں کا حصہ بنیں “۔جنرل مینیجر عمر نے کہا کہ اپنے صارفین کو سستی ، قابل اعتماداور محفوظ رائیڈز دینے کیلئے یہ اقدام ہمارے عزم کا عکاس ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی خدشات کے باعث فوج کی تعیناتی میں90 روز کے لئے توسیع کی منظوری دیدی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں دہشتگردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر آئین کے آرٹیکل245 کے تحت 90 روز کے لئے فوج کی تعینائی میں توسیع کی گئی ہے۔نوٹیفیکشن کے مطابق 350 فوجی جوانوں کی ریڈ زون میں تعیناتی میں توسیع کی منظوری دی گئی ہے

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث محمد نواز کو ایک ماہ پابندی اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے جس کا اطلاق 16 مئی سے ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق سپاٹ فکسنگ کیس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد نواز کو سزا سناتے ہوئے ان پر ایک ماہ کی پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ دو لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ محمد نواز اگلے چھ ماہ تک پی سی بی کے زیر اہتمام اینٹی کرپشن لیکچرز میں بھی حصہ لیں گے۔
ذرائع کے مطابق محمد نواز نے اپنی غلطی تسلیم کی جس کے باعث ان کیساتھ نرمی برتی گئی ہے تاہم شائقین کرکٹ پی سی بی کے اس فیصلے پر حیران ہیں کیونکہ قومی کرکٹر محمد عرفان پر بھی بورڈ کو آگاہ نہ کرنے کا مقدمہ چلایا گیا تھا اور انہوں نے بھی اپنی غلطی تسلیم کی تھی۔
محمد عرفان نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ انہیں دو مرتبہ اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی گئی تھی، جنہیں انہوں نے ٹھکرا دیا اور کوئی بدعنوانی نہیں کی۔ لیکن، اس کی اطلاع وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو نہیں دے سکے، جس کے لئے وہ قوم سے معافی کے طلب گار ہیں۔
پی سی بی نے ان پر ایک سال پابندی عائد کرنے کیساتھ ساتھ 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا اور اگر وہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری کریں گے اور جرمانہ ادا کرنے سمیت پی سی بی کے اینٹی کرپشن لیکچر کا حصہ بنیں گے تو ان پر 6 ماہ کی پابندی ختم کر دی جائے گی۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی) فوجی عدالت سے سزا یافتہ مزید 4 خطرناک دہشت گردوں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔
 
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سزا پانے والے دہشت گردوں میں ہارون الرشید ولد میاں سیدعثمان ، گل رحمان ولد زرین، احمد علی ولد بخت کرم اور اصغر خان ولد عزیزالرحمان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آرکے مطابق چاروں دہشت گرد کالعد م تحریک طالبان پاکستان کے سرگرم رکن تھے، یہ دہشت گرد شہریوں اورسیکیورٹی فورسز پر حملوں کے علاوہ تعلیمی اداروں کی تباہی میں ملوث تھے۔
 
انہوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا، ان کے خلاف مقدمات کی سماعت فوجی عدالت میں ہوئی، فوجی عدالت نے انہیں مقدمے کی سماعت کے بعد سزائے موت سنائی تھی، چاروں کو خیبر پختونخوا کی جیل میں تختہ دار پر لٹکایا گیا۔
واضح رہے کہ آپریشن رد الفساد کے آغاز کے ساتھ ہی دہشت گردوں کی سزاؤں پر عمل درآمد میں تیزی آئی ہے۔