ایمز ٹی وی(کراچی) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام کو مطلع کیا ہے کہ دھوکہ باز عناصر گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نام سے بنائے گئے جعلی ای میل کے ذریعے بھاری رقوم موصول ہونے کی گمراہ کن اطلاعات پھیلارہے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ایک جعلی ای میل پتا گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نام سے بنایا گیا ہے اور اس پتے سے جعلی ای میل گردش کر رہی ہے جس میں بتایا جاتا ہے کہ ای میل کے وصول کنندہ کو کسی غیرملکی حکومت سے بھاری مالیت کی رقم موصول ہوئی ہے، جن لوگوں کو یہ ای میل ملی ان میں سے بعض یہ معاملہ اسٹیٹ بینک کے علم میں لائے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق عوامی مفاد میں واضح کیاجاتا ہے کہ گورنر ایس بی پی، ان کے دفتر یا اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایسی کوئی ای میل جاری نہیں کی، یہ عوام کو دھوکہ دینے اور ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش ہے، اسٹیٹ بینک نے ان کوششوں کے پسِ پردہ شرپسند عناصر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے ایک درخواست کراچی میں ایف آئی اے حکام کو دے دی ہے۔
ایمز ٹی وی(کراچی) کسٹمز ڈالر کی اسمگلنگ روکنے کیلیے ایئرپورٹس پر مرکزی بینک کے قوانین پر عمل درآمدکیلیے متحرک ہے اورتمام ایئرپورٹس پر حالیہ کریک ڈاؤن کی وجہ سے ڈالر کی نسبت پاکستانی روپے کی قدرمیں 1 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ چیف کلکٹر کسٹمز ساؤتھ انفورسمنٹ زاہد کھوکھر نے منگل کوکلکٹر پریونٹیو سیف الدین جونیجو، ایڈیشنل کلکٹرڈاکٹرندیم کے ہمراہ کسٹمز ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے بتایا کہ کرنسی اسمگل کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلیے تمام ایئرپورٹس پرویب بیسڈ سسٹم قائم ہوچکا ہے جس کے ذریعے مستقل غیرملکی سفرکرنے والوں اور مسافروں کے بیگیج کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔ زاہد کھوکھر نے بتایا کہ سراغ رساں کتوں کے نائن یونٹ کی اب پاکستان میں افزائش کا عمل شروع ہوچکا ہے جوکرنسی سونگھنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں اور مذکورہ 9 تا 10 سراغ رساں کتے پاکستان کسٹمز کے پاس آچکے ہیں جنہیں ملک بھرکی بندرگاہوں اور ایئرپورٹس پرمنشیات اور کرنسی کی کھوج لگانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ چیف کلکٹر کسٹمز ساأتھ انفورسمنٹ نے بتایا کہ پاکستان کسٹمزکے اے ایس اوموچکوچیک پوسٹ نے کوئٹہ سے کراچی آنے والی مسافربس سے 11 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی11 کلوگرام ہیروئین برآمد کر کے نعیم نامی مسافرکوگرفتارکرلیا ہے جس نے اپنے سامان میں ہیروئین چھپا رکھی تھی جب کہ کراچی کے ہوائی اڈے سے بیرون ملک اسمگل کی جانے والی ہیروئن کی 2 کھیپ اسمگل کرنے کے الزام میں کراچی اور اسلام آباد سے پی آئی اے کے4 ملازمین کو بھی گرفتارکیا گیا ہے جواس وقت کراچی سینٹرل جیل میں بند ہیں۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)پاکستانی فلم ’نامعلوم افراد‘ کی کامیابی کو لوگوں نے اچھی قسمت کا نام دیا، جس کے بعد پروڈیوسر فضا علی میرزا اور ہدایت کار نبیل قریشی نے گزشتہ سال فلم ’ایکٹر ان لا‘ کی کامیابی کے بعد سب کو غلط ثابت کیا۔ فلم ’ایکٹر ان لا‘ 2016 کی سب سے زیادہ کمانے والی فلم کے طور پر سامنے آئی، جس میں کئی سچے واقعات پر مبنی کہانیوں کو پیش کیا گیا۔ خیال رہے کہ ’ایکٹر ان لا‘ فضا علی میرزا اور نبیل قریشی کی ایک ساتھ بنائی دوسری ہٹ فلم ہے۔ یہ دونوں ہی فلموں کے علاوہ ٹی وی پر بھی کام کرچکے ہیں، تاہم اب ان کا کیریئر صرف فلموں پر ہی فوکس کرے گا۔ ڈان امیجز کو دیے ایک انٹرویو میں فضا علی میرزا اور نبیل قریشی نے کہا کہ وہ ٹی وی کو خیرباد کہتے ہوئے اپنے کیریئر میں اب فلموں پر فوکس کریں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان دونوں ہی کامیاب فلموں میں اداکار فہد مصطفیٰ نے مرکزی کردار ادا کیا، اس حوالے سے فضا علی میرزا اور نبیل قریشی نے کہا کہ ’ہمیں فہد کے ساتھ فلم نامعلوم افراد میں کام کرکے بےحد مزہ آیا، ہم نے ایکٹر ان لا بناتے ہوئے بھی فہد کو ہی سوچ رکھا تھا‘۔ واضح رہے کہ فضا علی میرزا اور نبیل قریشی بالی ووڈ اداکار اوم پوری کے ساتھ کام کرنے والے آخری پاکستانی فلم ساز ہیں، اپنی فلم میں اوم پوری کے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فضا علی میرزا کا کہنا تھا کہ ’اوم پوری کو فلم میں کام کرتے دیکھنے کا ایک الگ مزہ تھا، ہمیں شدید صدمہ لگا جب ہمیں ان کے انتقال کی خبر ملی‘۔ یہ دونوں بہت جلد اپنی کامیاب فلم ’نامعلوم افراد‘ کا سیکوئل بنانے جارہے ہیں، اور اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس پر کام جاری ہے۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)جوڑی ٹوٹ گئی لیکن یادیں اب بھی زندہ ہیں ۔ہالی ووڈ اسٹار انجلینا جولی نے بریڈ پٹ کو قابل تعریف باپ قرار دے دیا۔انجلینا کا کہنا ہے کہ طلاق کے باوجود بریڈ پٹ اور ان کے چھ بچے ہمیشہ فیملی رہیں گے۔ بچوں پر جھگڑا ہوا،بات طلاق تک جا پہنچی ،علیحدگی ہوئی مگر اب دل کی کڑواہٹ مٹھاس بن گئی، انجلینا جولی نے اپنے سابق شوہر بریڈ پٹ کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے اورانہیں قابل تعریف باپ قرار دے دیا۔ امریکی نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں انٹرویو دیتے ہوئے انجلینا جولی کا دل بھر آیا،میزبان نے طلاق کے فیصلے اور اس کے بعد گذارے گئے پانچ ماہ سے متعلق سوال پوچھا تو جولی خاموش ہو گئیں۔پھر کچھ سوچتے ہوئے بولیں کہ ہم اپنی فیملی کی صحت پر توجہ دے رہے ہیں ،طلاق کے باوجود بریڈ پٹ اور ان کے چھ بچے ہمیشہ فیملی رہیں گے۔ انجلینا جولی آج کل اپنی فلم '’فرسٹ دے کل مائی فادر‘کی تشہیر میں مصروف ہیں ۔ کمبوڈیا کی بچی کی زندگی پر بنی اس فلم کی ہدایت کارہ بھی وہ خود ہیں ۔
ایمز ٹی وی(کشمیر) جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سیاحوں بالخصوص جرمن باشندوں کو وادیِ نیلم کی سیر کیلئے این او سی جاری کرے تو پاکستان میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔ وادیِ نیلم بہت خوبصورت ہے اس میں سیا حت کو فروغ دیا جائے ، جرمن سیاح صفائی پسند اور ماحول دوست ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورزم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن چوہدری عبدالغفور خان سے ملاقات کے دوران کیا۔ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے کہاکہ جرمنی اپنے شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کرے تا کہ زیادہ سے زیادہ جرمن سیاح پاکستان کا وزٹ کریں ۔ جرمن سرمایہ کاروں کیلئے بھی پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔
یمز ٹی وی (کشمیر) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیر کو حاصل کئے بغیر پر امن ، مستحکم اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ پاکستان سٹڈیز کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ،کانفرنس سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر، پروفیسر ڈاکٹر حسن عسکری رضوی ، چین کے دانشوروں ڈاکٹر لیونیگ ، ڈاکٹر ہانگ چی ، ڈاکٹر شی کوانگ ، مقبوضہ کشمیر کے ممتاز صحافی اور دانشور مرتضیٰ شبلی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ، بین الاقوامی کانفرنس کے سات سیشن تھے ،جن میں 42 اسکالرز نے اظہار خیال کیا۔صدر آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ ہمیں دو طرفہ مذاکرات کے ڈرامے کو چھوڑ کر عالمی اداروں سے رجوع کرنا ہو گا۔ کشمیر میں کوئی دہشتگردی نہیں ہو رہی-
ایمزٹی وی (تعلیم /کوئٹہ )بی ایس او(پجار)کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں وائس چانسلر اور یونیورسٹی انتظامیہ کی ملی بھگت سے یونیورسٹی کے کلیدی پوسٹوں پر بندر بانٹ جاری ہے۔ وائس چانسلر کے بلوچوں کے خلاف سازش کا وائٹ پیپر جلد شائع کریں گے ادارے میں بلوچ تعلیم یافتہ نوجوانوں پر ملازمتوں کے دروازے بند کیے جارہے ہیں جوقبول نہیں ترجمان نے کہاکہ یونیورسٹی کے اہم عہدوں پر بغیر اشتہار کے من پسند لوگوں کو تعینات کرنا خلاف قانون ہے اگر موجودہ صورتحال کانوٹس نہ لیاگیاتو بی ایس او پجار احتجاج پرمجبور ہوگی۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)ویسے تو ایک ارب روپے کسی فلم کو بنانے کے لیے بھی کافی سے زیادہ ہیں مگر ایک فلم میں تو صرف ایک گانے کا بجٹ ہی اتنا ہے۔ جی ہاں واقعی یہ دنیا کا مہنگا ترین فلمی گانا قرار دیا گیا ہے جس کے لیے ایک کروڑ ڈالرز (ایک ارب پاکستانی روپے سے زائد) سے زائد کا خرچہ کیا گیا۔یہ ڈزنی اسٹوڈیوز کی اگلے ماہ ریلیز ہونے والی فلم بیوٹی اینڈ دی بیسٹ کا ایک گانا ہے جس میں ایما واٹسن مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ یہ فلم اسی نام سے ماضی میں ریلیز ہونے والی اینیمیٹڈ فلم کا لائیو ایکشن ریمیک ہے جس کے گانے بھی ایما واٹسن اور دیگر اداکاروں پر فلمائے گئے ہیں۔اس فلم کا گانا Be Our Guest تاریخ کا سب سے مہنگا گیت ثابت ہوا ہے۔ فلم کے ڈائریکٹر بل کونڈن نے اس کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ اس فلم کے بیشتر سیکونس کے لیے سی جی آئی اینمیشن ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین منٹ اس فلم کی لاگت کئی فلموں کے مجموعی بجٹ سے بھی زیادہ ہے بلکہ یہ اب تک فلمائے جانے والا سب سے مہنگا گانا ہے۔اس گانے کی جھلک تو سامنے نہیں آسکی ہے تاہم ایک اور گانا ضرور یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ ایک میوزیکل فلم ہے، جسے بچوں کے ساتھ ساتھ بڑے بھی کافی شوق سے دیکھ سکیں گے۔اس سے قبل ڈزنی فلم 'سنڈریلا' کا بھی ریمیک پیش کیا جاچکا ہے، جسے شائقین نے کافی پسند کیا۔ اس فلم کا پہلا ٹیزر گزشتہ سال مئی جبکہ ٹریلر نومبر میں ریلیز کیا گیا تھا۔اس فلم کو 17 مارچ کو دنیا کے مختلف حصوں میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔