پیر, 13 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(کوئٹہ)سیہون شریف کے شہداءکے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے سالانہ سبی میلہ ملتوی کر دیا گیا ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری نے سانحہ سیہون شریف کے شہداءکے لواحقین سے یکجہتی کیلئے سالانہ سبی میلہ ملتوی کر دیا جس کی اگلی تاریخوں کا اعلان کابینہ سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی کابینہ نے سانحہ سیہون شریف اور دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے شہداءکے لواحقین سے یکجہتی اور ہمددری کے اظہار کے طور پر23فروری سے شروع ہونے والے 5روزہ سالانہ سبی میلہ ملتوی کردیا ہے جس کی اگلی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔
 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /فیصل آباد) عا لمی ما ں بو لی دن کے حوالے سے شعبہ پنجابی جی سی یونیورسٹی کے زیر اہتما م تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ اورینٹل لر ننگ ڈاکٹر ہمایوں عباس شمس نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی مادری زبان اور کلچر کو فراموش نہیں کرنا چاہئے۔ یہ ہمارے پنجاب کے اولیاء کرام اور بزرگوں کی زبان ہے اسے بھلانا نہیں چاہئے ہمیں گھر میں بچوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے دوسری زبانوں کے مقابلے میں اپنی مادری زبان کو ترجیح دینی چاہئے۔

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) گوگل کی ویڈیو شیئرنگ سروس یوٹیوب نے صارفین کی آسانی کے لیے ویڈیوز کو فون میں محفوظ کرنے کا آپشن کچھ عرصہ قبل ہی فراہم کیا تھا جبکہ اب ایک بار پھر یوٹیوب صارفین کی آسانی کے لیے ایک اہم اپڈیٹ لانے والا ہے۔

گیجٹس ناؤ کیرپورٹ کے مطابق یوٹیوب نے اپنی ویب سائٹ میں ویڈیو سرفنگ کے دوران اچانک آنے والے اشتہارات کے حوالے سے اہم فیصلہ کرلیا ہے۔ یوٹیوب ویڈیوز کے درمیان آنے والے اشتہارات صارفین کے لیے ناپسندیدگی اور جھنجھلاہٹ کا باعث بننے کی اہم وجہ ہیں، خاص طور پر جب ان کے ساتھ 'اسکپ' (Skip) کا آپشن بھی موجود نہ ہو۔

تاہم یوٹیوب کی متوقع اپڈیٹ میں صارفین کے لیے 30 سیکنڈز کی طویل اور اسکپ نہ ہونے والے اشتہارات غائب ہونے والے ہیں۔ ویب سائٹ کی جانب سے ممکنہ طور پر کی جانے والی اس اپڈیٹ کا مقصد صارفین کے تجرے کو مزید بہتر بنانا ہے۔ گوگل کے ترجمان کی جانب سے سامنے آنے والے بیان کے مطابق عنقریب یوٹیوب ویڈیوز کے درمیان آنے والے 30 سیکنڈز کے اشتہارات کا سلسلہ ختم ہوجائے گا۔ تاہم چند رپورٹس کے مطابق 30 سیکنڈ سے کم دورانیے کے اشتہارات اس اپڈیٹ کے بعد اسکپ نہیں کیے جاسکیں گے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /اسلام آباد ) مصدق ملک خان کو ہٹا کر حسنات قریشی کو چیئرمین نجی تعلیم ریگولیٹری اتھارٹی تعینات کر دیا گیا ۔ سابقہ چیئرمین پیرا کی تبدیلی کی فوری وجہ پرائیویٹ اسکولوں کی رجسٹریشن کے مسائل بنی۔رجسٹریشن نہ ہونے کے سبب پرائیویٹ اسکولوں کے پچیس سے تیس ہزار پرائمری اور مڈل کلاس کے طالب علم ریگولر طالب علم کی بجائے پرائیویٹ طالب علم کے طور پر امتحان دینے پر مجبور تھے۔ وزیر کیڈ نے اس کوتاہی کا سختی سے نوٹس لیا اور ہدایت کی کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ بچے ریگولر طالب علم کے طور پر ہی امتحان دیں۔انھوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے یا فرد کی نااہلی کی وجہ سے بچوں کومشکلات سے دوچار نہیں ہونے دیا جائے گا۔ عہدے کی تبدیلی کے احکامات ہوتے ہی مصدق ملک خان نے منگل کے روز چیئرمین پیر ا کا چارج چھوڑ دیا۔ وزیر مملکت نے نئے چیئرمین کو فوری ہدایت کی کہ تمام دیہی اور شہری پرائیویٹ اسکولوں کے نمائندوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ طلباء کا داخلہ ریگولر طالب علم کے طور پر بھیجا جائے ۔ پیراقوانین میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے ذریعے ضروری ترامیم لائی جائیں تاکہ پرائیویٹ اسکولوں کے مسائل فوری حل ہوں اور طالب علموں کیلئے مشکلات پیدا نہ ہوں۔

ایمز ٹی وی(لاہور) وفاقی حکومت نے پنجاب میں رینجرز تعینات کرنے کی سمری منظور کر لی ۔رینجرز کو پنجاب میں 60روز کیلئے اختیارات دیے جائیں گے۔ وفاقی حکومت نے صوبہ پنجاب میں رینجرز تعیناتی کی سمری منظور کر لی ہے ، رینجرز کو پنجاب میں مکمل اختیارات ہونگے تاہم رینجرز ہوم ڈیپارٹمنٹ کے تحت کام کریگی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کو پنجاب میں ہوم ڈیپارٹمنٹ کے احکامات پر ہی کارروائی کی اجازت ہو گی جبکہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت کارروائی کا اختیار بھی دیا گیا ہے

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ایپل کا نیا آئی فون سامنے آنے میں ابھی کئی ماہ باقی ہیں مگر اس کے حوالے رپورٹس مسلسل سامنے آرہی ہیں اور اس کا ایک فیچر دیگر اسمارٹ فونز کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔
کے جی آئی سیکیورٹیز کی رپورٹ کے مطابق ایپل کا نیا آئی فون (سیون ایس یا ایٹ) ایسے جدید ترین فرنٹ کیمرے سے لیس ہوگا جو کہ تھری ڈی سیلفی لے سکے گا۔
آسان الفاظ میں یہ تھری ڈی فرنٹ کیمرہ ہوگا جو کہ چہرے کی شناخت کرنے والی اپلیکشنز کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔
یہ فون تھری ڈی سیلفیز لینے میں مددگار ثابت ہوگا اور یہ ایسی ٹیکنالوجی ہے جو فی الحال کسی اسمارٹ فون میں نظر نہیں آتی۔
اس مقصد کے لیے ایپل کی جانب سے روایتی کیمرہ سنسر میں تبدیلیاں کی جائیں گی اور ایک انفراریڈ پراجیکٹر اور ریسیور رکھا جائے گا۔
یہ تینوں چیزیں آئی فون کے فرنٹ کیمرے کو منظر کی تفصیلی معلومات کھینچنے میں مدد دے گا۔
اسی طرح یہ کیمرہ آئی فون کو ان لاک کرنے کے لیے بھی مددگار ثابت ہوگا اور کسی کے لیے اس ڈیوائس کو استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق یہ نیا سنسر گیمنگ کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا تاہم ایسا کیسے ہوگا اس بارے میں وضاحت سامنے نہیں آسکی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ایسا کیمرہ آئی فون کے بیک پر بھی نہیں ہوگا تاہم بتدریج اس ٹیکنالوجی کو وہاں بھی منتقل کیا جاسکتا ہے۔
آئی فون کے نئے ماڈل میں ہوم بٹن کو بھی ختم کیے جانے کا امکان ہے جبکہ اس سال دو کی بجائے تین ڈیوائسز بھی سامنے آسکتی ہیں۔
ایک 4.7 انچ، دوسرا 5.5 انچ کے ماڈلز تو ہوں گے مگر 5.8 انچ کا آئی فون بھی متعارف کرایا جائے گا جو کہ او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس ہوگا۔
اسی طرح نئے آئی فون میں پہلی بار ایپل کی جانب سے وائرلیس چارجنگ کو متعارف کرائے جانے کا بھی امکان ہے۔
 

 

 ایمز ٹی وی(لاہور) لاہور سمیت پنجاب کے پانچ اضلاع میں حکومت پنجاب نے سکوٹی فار ورکنگ ویمن منصوبے میں تبدیلی کر دی ہے اور اب ورکنگ خواتین کو سکوٹی کے بجائے اٹلس ہنڈا موٹر سائیکلیں دی جائیں گی ۔ صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے صوبائی ترقیاتی فورم نے خواتین کو موٹر سائیکلیں دینے کیلئے 90 ملین روپے کی منظوری دے دی ہے۔ سکوٹی کو در آمد کرنے پر زیادہ اخراجات آنے کی وجہ سے حکومت نے ہنڈا موٹر سائیکل دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔منصوبے کے مطابق پنجاب کے پانچ اضلاع جن میں لاہور فیصل آباد، راولپنڈی ، ملتان اور گوجرانوالہ شامل ہیں میں بیس ہزار خواتین کو گلابی رنگ کی موٹر سائیکلیں دی جائیں گی ۔ حکومت پنجاب کے اس قدم سے جہاں ورکنگ خواتین کو سفری سہولیات میسر ہونگی وہیں پر عدم تحفظ کا شکار خواتین کی مشکلات میں بھی کمی واقع ہو گی۔ مختلف شعبہ جات میں کام کرنے والی خواتین کو موٹر سائیکلیں ملنے کی صورت میں انہیں کام کی جگہ پر آنے اور جانے میں آسانی رہے گی اور خود انحصار و تحفظ میں بھی اضافہ ہو گا۔ حکومت نے خواتین کیلئے مختص اس منصوبے میں موٹرسائیکلوں کا رنگ خصوصی طور پر گلابی رکھا ہے جبکہ اب رقم کی منظوری کے بعد اس پر جلد عملدرآمد ممکن ہو گا 

 ایمز ٹی وی(لاہور) وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم جب تک شہدا کے قیمتی خون کا بدلہ نہیں لے لیتے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ،ہم اپنی اتحادی قوت کے سر پر امن کے دشمنوں کو شکست دیں گے ۔ وزیراعلی پنجاب کا میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے،ہمیں چاہیے کہ ہم سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں ۔ہمارے لئے عوام کے جان و مال سے بڑھ کرکوئی ترجیح نہیں ہوسکتی ، ہم ہر قیمت پر عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے 

ایمز ٹی وی(تہران) ایران اور پاکستان نے کہا ہے کہ دونوں برادر ملک مشترکہ تاریخی، دینی ثقافتی اقدار اور طویل مشترکہ سرحدوں کے ساتھ بندھے ہوئے اور دونوں ملکوں کی سیکیورٹی ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوئی ہے ،پاک ایران دو طرفہ تعلقات کے فروغ کی ضرورت ہے ، ایران پاکستان کے ساتھ دفاعی اور فوجی تعاون میں کسی حد کا قائل نہیں ۔ تہران میں پاکستان کے مشیر خارجہ سینیٹر سرتاج عزیز کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیر جنرل حسین دہقان نے دو طرفہ امور ،عالمی اور علاقائی صورتحال اور دہشت گردی سے نبٹنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینے کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیر جنرل حسین دہقان نے دونوں ملکوں کی طویل مشترکہ سرحدوں اور دونوں ممالک کے مشترکہ تاریخی، دینی اور ثقافتی اقدار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کی سیکیورٹی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے اور اسی بنا پر ایران، پاکستان کے ساتھ فوجی اور دفاعی تعاون کی توسیع میں کسی حد کا قائل نہیں۔انھوں نے دہشت گردی اور فرقہ واریت کے مقابلے کے لئے علاقے کے ملکوں کے درمیان ہمہ جہتی تعاون کی ضرورت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پاک ایران مشترکہ تعاون کو اہم قرار دیا۔ انھوں نے علاقے میں دہشت گردی کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شام، عراق، یمن اور افغانستان کے مسائل کو فوجی طریقے سے حل نہیں کیا جاسکتا۔ مشیر خارجہ سینیٹر سرتاج عزیز کا دونوں ملکوں کی مشترکہ اقدار کو دو طرفہ تعلقات کی توسیع کے بہترین ذرائع قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ اور اچھی ہمسائیگی کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اصول سے تعبیر کیا اور امید ظاہر کی کہ دفاعی شعبے میں دونوں ملکوں کے تعلقات ماضی سے زیادہ فروغ پائیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز، ایران کے ساتھ مختلف شعبوں اور خاص طور سے دفاعی شعبے میں تعلقات و تعاون کی توسیع کے مقصد سے ایران کے دورے پر تہران پہنچے ہیں

 ایمز ٹی وی(واشنگٹن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر قانونی تارکین وطن کو امریکہ سے نکالنے کے عمل کو تیز کرنے کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ ان نئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ایسے غیر قانونی تارکین وطن کو جن کے پاس دستاویزات نہیں ہیں اور ان کا مجرمانہ ریکارڈ بھی ہے ان کو انھیں لوگوں کے ساتھ ہی ہدف بنایا جائے گا جو کہ امریکی سکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں اور یا بینیفٹ سسٹم کا غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ نئے حکمنامے کے مطابق کم عمر بچے اور نوجوان جنھیں امریکہ غیر قانونی طور پر لایا گیا، انھیں امریکہ میں رہنے کی اجازت ہو گی، اس اقدام سے ہزاروں نوجوانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ کہ وہ نئے اقدامات پر عمل درآمد کے لیے دس ہزار مزید آفیسرز کو تعنیات کرے گی،ان گائیڈ لائنز کا مقصد صدر ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ ماہ متعارف کروائے گئے بارڈر سکیورٹی اور امیگریشن کے ایگزکٹو آرڈرز پر عمل درآمد کروانا ہے، ہوم لینڈ سکیورٹی نے اس بارے میں جو دو میموز جاری کیے ان میں حکام سے یہ بھی کہا گیا کہ ان والدین کو بھی سزا دی جائے جو کہ اپنے بچوں کی امریکہ سمگل ہونے میں مدد کرتے ہیں۔ ان میموز میں امیگریشن افسران کو اس بات کی اجازت دی گئی ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو دیکھتے ہی گرفتار کریں۔ وہ امریکی پالیسی بھی ختم کرنے کا تذکرہ میمو میں شامل ہے جس میں غیر قانونی تارکین وطن کو پکڑ کر چھوڑ دیا جاتا ہے بلکہ اب ان کے کیس کے فیصلے تک انہیں ڈیٹنشن سنٹر میں ہی رکھا جائے گا،میمو میں میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے منصوبہ بندی کی اجازت کی بات بھی کی گئی ہے۔ واضح رہے ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران گیارہ ملین غیر قانونی تارکین وطن کے ساتھ سختی سے نمٹنے اور ممکنہ دہشتگردوں کو ملک میں داخل ہونے سے روکنے لے لیے میکسیکو کی سرحد پر دیوار بنانے کے وعدے کیے تھے