پیر, 13 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(لاہور) وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے بتایا کہ زخمی کہہ رہے تھے، انہیں گزشتہ روز سے کیمیکل کی بو آرہی تھی اور ہوسکتا ہے کہ دھماکہ کیمیکل یا گیس کی وجہ سے ہو۔ زیڈ بلاک میں دھماکے کے بعد رانا ثناءاللہ نے نجی ٹی وی چینلسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیر تعمیر عمارت میں کیمیکل موجود تھا اور بظاہر یہ دھماکہ ایک حادثہ لگتا ہے،ابتدائی طورپر نہیں کہہ سکتے کہ دہشتگردی کی کارروائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں کوئی جلا ہوا نہیں اور نہ ہی بارود کی بو آرہی ہے۔رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ گلبرگ دھماکی کی افواہ تھی اور پی ایس ایل فائنل میں رکاوٹوں کیلئے ایسی حرکتیں خارج ازامکان نہیں۔ان کا کہنا تھا پولیس چیف نے گلبرگ دھماکے سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی۔واضح رہے کہ ڈیفنس زیڈ بلاک میں دھماکے کی وجہ سے 7 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوئے

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) لاہور میں دھماکے کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے سروسز اسپتال میں ہڑتال ختم کردی ہے۔

ینگ ڈاکٹرز کاکہنا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم کےساتھ ہیں ، سروسز اسپتال کی ایمرجنسی کھول دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ لاہور کے سروسز اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کا تیسرا روز تھا اور اسپتال میں آپریشن تھیٹر ،ایمرجنسی ، زچہ بچہ اور دیگر وارڈ سمیت ان ڈور، آؤٹ ڈور سب کچھ بند تھا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) صوبائی دارلحکومت کے علاقے ڈیفنس میں ہونیوالے بم دھماکے میں ایئرلنک کمیونیکیشن کے چیف ایگزیکٹیوآفیسر معظم حیات پراچہ ، ایریامنیجر اور اپنے ایک ملازم جاوید اقبال سمیت شہید ہوگئے، معظم حیات پراچہ دھماکے کا نشانہ بننے والے پلازہ میں زیرتعمیر ہوٹل کی فوڈٹیسٹنگ کے لیے گئے تھے اور جیسے ہی باہر نکلے تو زوردار دھماکہ ہوگیا جبکہ اس دھماکے سے فرسٹ فلور کی ٹائلیں تک اکھڑگئیں۔
دھماکے سے 10منٹ قبل ہی معظم حیات پراچہ کے بھائی مظفرپراچہ ہوٹل سے نکلے تھے۔ایئرلنک کمیونیکیشن پاکستان میں ہواوے اور سام سنگ موبائلز کی ڈسٹری بیوٹر ہے اور اپنی کمپنی کے سی ای او کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے ترجمان نے ’ معظم حیات کی شہادت کو کمیونیکیشن انڈسٹری کیلئے بڑا نقصان قراردیدیا‘۔
معظم حیات پراچہ کے ساتھ دھماکے میں شہید ہونیوالے جاوید اقبال کے خاندانی ذرائع نے بتایاکہ ڈیفنس زیڈ بلاک میں ہوٹل کھول رہے تھے اور ا س کی تزئین و آرائش کا بیشتر کام مکمل ہوچکا تھا، آج وہاں پر کھانے کی ٹیسٹنگ اور دیگر معیار کا جائزہ لیا جانا تھا ، معظم حیات پراچہ ماڈل ٹاﺅن لاہور جبکہ جاوید اقبال بندیال کے رہائشی تھے ۔
ایئرلنک کمیونیکیشن نے اپنا سفر پی ٹی سی ایل ڈیوائسز کی ڈسٹریبیوشن سے شروع کیا تھا اور اب وہ ٹورازم میں بھی کام کررہے تھے ۔ ایئرلنک کمپنی نے بھی معظم حیات پراچہ کی شہادت کی تصدیق کردی اور ان کی شہادت کو سام سنگ اور ہواوے کے لیے بھی بڑا نقصان قراردیاگیا۔
یادرہے کہ دھماکے میں مجموعی طورپر اب تک آٹھ افراد کی شہادت کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں جاوید اقبال اور معظم کے علاوہ اسلم ، شبیر، عمران اور حبیب شامل ہیں جبکہ کم ازکم 20افرادزخمی ہوئے تھے ۔0

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت پی ایس ایل کے فائنل میچ کی حتمی منظوری کے لیے اجلاس آج ہونے کا امکان ہے۔
اس سے قبل وزیراعلی پنجاب کی صدارت میں منگل کو ہونے والے اجلاس میں پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا تھا چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب اسلام آباد میں موجود نہیں تھے۔
تاہم اجلاس میں ٹیم اوراسٹیڈیم میں میچ دیکھنے والوں کی سیکیورٹی کے بارے میں بہت سے معاملات پربحث کی گئی تھی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) پاکستانی فضائی کمپنی شاہین ایئر انٹرنیشنل کے فضائی بیڑے میں ایک اور ایئربس اے 319 طیارہ شامل ہوگیا۔
شاہین ایئر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 'ہم انتہائی مسرت کے ساتھ اس بات کا اعلان کررہے ہیں کہ شاہین ایئر کے بیڑے میں ایک اور اے 319 طیارہ شامل ہوگیا ہے'۔
کمپنی اسی ماڈل کے مزید پانچ طیارے حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل شاہین ایئر کے پاس صرف ایک ایئربس اے 319 طیارہ موجود تھا تاہم اب ان کی تعداد دو ہوگئی ہے۔
شاہین ایئر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمپنی کے فضائی بیڑے میں شامل طیاروں کی تعداد اب 25 ہوگئی ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ایئربس اے 319 پر کمپنی کا نیا لوگو پرنٹ کیا گیا ہے جبکہ اس کے اکانومی سیکشن میں 150 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ہی شاہین ایئر نے کمپنی کا نیا لوگو متعارف کرایا تھا۔
ایئربس طیارے بنانے والی فرانسیسی کمپنی ہے جو دنیا بھر کی فضائی کمپنیوں کو طیارے فراہم کرتی ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(تجارت) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستانی بینکوں کی ریٹنگ کو مستحکم قرار دے دیا۔ معاشی نمو، منافع بخش ماحول اور بہتر فنڈنگ کے سبب ریٹنگ مستحکم رہی۔موڈیز نے یہ بھی کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں کی وجہ سے قرض گیری بڑھے گی۔
عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستانی بینکوں پر تفصیلی جائزہ دیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی معاشی نمو رواں مالی سال میں4 اعشاریہ 9 فیصدرہے گی۔معاشی نمو سے بینک منافع بخش رہیں گے۔
رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ آئندہ مالی سال میں پاکستان کی معاشی نمو 5 فیصد رہنے کی توقع ہے ۔یہ بھی کہا ہےکہ آئندہ 18مہینوں میں بینکوں کی قرض گیری میں 12 سے 14 فیصد اضافہ ہوگا ۔
عالمی ریٹنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبوں کی وجہ سے قرض گیری بڑھے گی ۔بینکوں کی ریٹنگ کے لیے حکومتی قرض گیری سب سے بڑا مسئلہ ہے۔
موڈیز کے مطابق پاکستانی بینکوں کے غیر فعال قرض 2016 کے اختتام پر11 اعشاریہ 3 فیصد رہے ہیں۔جبکہ2018 میں پاکستانی بینکوں کے غیر فعال قرض میں کمی ہوگی۔
ریٹنگ ایجنسی نے کہا ہے کہ ترسیلات زر سے بینکوں کے ڈپارٹس بڑھیں گے اورلیکوڈٹی بہتر ہوگی ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) صوبائی دارالحکومت لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس میں دھماکے کے بعد پاک فوج نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔تفصیل کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس میں زیڈ بلاک مارکیٹ میں کھانے کے ریسٹورنٹ کے باہر دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 7افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔

دھماکے کے بعد پاک فوج کے دستوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا ہے ۔پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہے اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکھٹے کر رہے ہیں ۔دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی شروع کردیا ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ دنیائے سیاست کی تاریخ کا اہم کیس انجام کو پہنچنے جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آج دلائل دینے کی باری میری ہے اور شارٹ، سویٹ، اسمارٹ اور سمپل دلائل دوں گا اور فتح ہوگی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کوئی منی ٹریل نہیں ہے کوئی ثبوت نہیں ہے،کیس کے 5 بنیادی افراد ملک سے باہر ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ 5 معزز جج ایک شخص کی تلاشی لینے کی کوشش کررہے ہیں،ہمارے حکمران کرپٹ ہیں اور دولت لوٹ کر باہر لے جارہے ہیں۔
 
 
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ایسے کیس کی سماعت پاکستان کے سیاسی ڈھانچے میں دیکھنے میں نہیں آئی,ساری قوم کی نظریں پانامہ کیس پر ہیں۔ سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت آج مکمل ہونے کا امکان ہے جبکہ شیخ رشید ،نعیم بخاری اور سراج الحق جواب الجواب جمع کرائیں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)کامیڈی فلموں کے شوقین افراد کےلئے تیار کردہ کرائم سے بھرپور امریکن فلم ’گوئنگ ان اسٹائل‘ کا نیا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ زیچ بریف کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی 3 ایسے دوستوں کے گرد گھوم رہی ہے، جو اپنے پیاروں کی زندگی بہتر بنانے کیلئے ایک بینک لوٹنے کا ارادہ کرتے ہیں۔

فلم کی کاسٹ میں معروف ہالی ووڈ اداکار مورگن فری مین کے علاوہ مائیکل کین،ایلن آرکن،جوئے کنگ،میٹ ڈیلن،این مارگریت اور دیگر اداکار شامل ہیں۔ ڈونلڈ ڈی لائن کی پروڈیو س کردہ یہ فلم وارنر برادرز کے بینر تلے7 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) آئی پی ایل 2017 کیلیے کسی بھی ٹیم کی جانب سے منتخب نہ کیے جانے پر عرفان پٹھان کو سخت ٹھیس پہنچی ہے جس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے نام جذباتی خط میں کیا ہے۔آل رﺅانڈر نے خط میں لکھا ہے کہ 2010 میں کمر میں 5 فریکچرز کے بعد ڈاکٹرز نے کہا کہ اب شاید تم کبھی دوبارہ کرکٹ نہیں کھیل سکو گے اور تمھارے دیرینہ خواب شاید ادھورے رہیں گے جس پر میں نے کہا کہ ہر طرح کا درد برداشت کرنے کی ہمت ہے لیکن اپنے ملک کےلئے کرکٹ نہ کھیل پانے کا دکھ نہیں سہہ سکتا۔
اس کے بعد سخت محنت کرتے ہوئے نہ صرف میں دوبارہ کرکٹ کھیلنے کے قابل ہوا بلکہ بھارتی ٹیم میں جگہ بنانے میں بھی کامیاب رہا۔ اپنے کیریئر اور زندگی میں بہت سی مشکلات کا سامنا کیا ہے لیکن کبھی ہار نہیں مانی۔ یہی میری خاصیت ہے جو ہمیشہ میرے ساتھ رہے گی۔ اِس وقت بھی مجھے ایک چیلنج درپیش ہے اور میں آپ کی دعاﺅں اور نیک خواہشات کے ساتھ ایک بار پھر سرخرو ٹھہروں گا۔ اپنے مداحواں کا شکر گزار ہوں جو اب تک مجھے سپورٹ کر رہے ہیں۔گجرات سے تعلق رکھنے والے آل راﺅنڈر آئی پی ایل کے کئی ایڈیشنز میں مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں لیکن 2017 کی نیلامی میں انہیں کسی ٹیم کی جانب سے منتخب نہیں کیا گیا۔
گزشتہ سیزن میں انجریز کے سبب وہ زیادہ تر میچز نہیں کھیل پائے تھے لیکن انہوں نے سید مصطفی علی ٹرافی میں 6.28 کی اوسط سے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ آئی پی ایل کی نیلامی میں 50 لاکھ کی بنیادی قیمت پر عرفان پٹھان کو منتخب کیا جا سکتا تھا لیکن ان کی پے در پے انجریز اور ڈومیسٹک کرکٹ میں غیریقینی فارم کی وجہ سے فرنچائزز نے ان کے انتخاب سے گریز کیا۔ 32 سالہ عرفان پٹھان اب بھی ہار ماننے کو تیار نہیں ہیں اور ایک بار پھر کم بیک کیلیے پرعزم ہیں۔