جمعہ, 20 ستمبر 2024

ایمزٹی وی (لاہور) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کی درخواست مسترد کردی، درخواست میں ہنگامہ آرائی اور سرکاری املاک کے نقصان میں ملوث پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی ضمانتیں منسوخ کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ پنجاب حکومت نےلاہورہائی کورٹ کے روبرو دائررِٹ درخواست میں مؤقف اختیارکیا تھا کہ پاکستان عوامی تحریک کےکارکن ہنگامہ آرائی کرنے اور سرکاری املاک کے نقصان میں ملوث ہیں۔ انکےخلاف دہشت گردی کے مقدمات بھی درج ہیں، لہٰذا انکی ضمانتیں منسوخ کی جائیں۔ لاہور ہائی کورٹ کے 2 رُکنی بنچ نے یہ درخواست مستردکردی ۔

ایمزٹی وی (کراچی) ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے فیصل آباد میں احتجاج کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے کارکن کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابط کمیٹی کے رکن مصطفیٰ عزیز آبادی نے فیصل آباد میں احتجاج کے دوران فائرنگ سے تحریک انصاف کے ایک کارکن کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اسی حکومت کے دور میں ایم کیو ایم کے کئی کارکنان کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنا کر شہید کردیا گیا ہے ۔

  ایمز ٹی وی (اسلام آباد) شیخ رشید کا کہناہے کہ رانا ثنااللہ سے کہ دیں کہ  میں فیصل آباد آ رہا ہوں اور ہم او ر ہمارے کارکنان خو ن کے آخری قطرے تک لڑیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ان فرعونوں کے غرور کو خاک میں ملانا ہے تو اس میں میری جان بھی چلی جائے تومجھے کوئی پرواہ نہیں لیکن قوم کو ان ظالموں سے نجات دلوانی ہے 

 ایمز ٹی وی (اسلام آباد) سابق وزیرقانون رانا ثنا اللہ نے کہاہے کہ اگر فائرنگ کرنے والا میرے داماد کا گارڈ ہوا تو میں خود کو ذمہ دار سمجھوں گا۔ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں جو کچھ ہوا ہے اس کے ذمہ دار عمران خا ن اورشیخ رشید ہیں اور فائرنگ کرنے والے کا تعلق نہ تو ن لیگ سے ہے اور نہ وہ میرے داماد کا گارڈ ہے اور یہ ثابت ہو جائے کہ وہ میرے داماد کا گارڈہے تو میں خود کو ذمہ دار سمجھوں گا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان فیصل آباد آئیں اور شوق سے ایف آئی آر درج کروائیں اور میں یقین دلاتاہوں کہ جیسے ہی عمران خان فیصل آباد پہنچیں گے تو اس سے پہلے ہمارے کارکنان گھنٹہ گھر چوک سے نکل جائیں گے اورمیرے ڈیرے پر کارکن پر امن رہیں گے اور کسی قسم کا تصاد م نہیں ہو گا۔

ایمزٹی وی (موسمیات) ملک کے بالائی علاقے سردی کی شدید لپیٹ میں ہیں۔ میدانی علاقوں میں بھی سرد ہوائیں چلنے سے سردی مزید بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔ گلگت بلتستان میں ضلع استور، غذر، دیامر میں سردی میں بے انتہا اضافہ ہوگیا ہے۔ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں بھی موسم شدید سرد ہے۔ قبائلی علاقوں کرم ایجنسی اورکزئی ایجنسی میں سردی کی شدت کے بعد جلانے کی لکڑی اور ایندھن کے دام میں اضافہ ہوگیا ہے۔ دوسری جانب دھند نے پنجاب کے مختلف شہروں میں معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کررکھا ہے۔ حد نظر کم ہونے سے سڑکوں پر سفر کرنے والے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ سندھ کے شہروں میں صبح اور رات میں خنک ہوائیں چلنے سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بیشتر بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ کشمیر، مالاکنڈ، اور گلگت بلتستان کے چند مقامات میں ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے ۔

ایمز ٹی وی (نیوز ڈیسک) سال 2015 میں دنیا بھر میں دو سورج اور دو چاند گرہن ہوں گے۔2015 میں دنیا میں بہت سی تبدیلیاں رونما ہو سکتی ہیں۔ معروف ماہر علم رمل،علم الاعداد پیر خواجہ ناظر علی چنیوٹی نے پیش گوئی کی کہ سال 2015 میں دنیا بھر میں کل چار سورج اور چاند گرہن ہوں گے۔ان میں پہلا سورج گرہن 20 مارچ کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر 12 بجکر 53 منٹ پر لگے گا اور مکمل سورج گرہن 2 بجکر 37 منٹ پر ہو گا اور اسکا اختتام سہ پہر 3 بجکر 17 منٹ پر ہو گا ۔ یہ گرہن روس،گرین لینڈ،امریکہ،کینیڈا سمیت ان علاقوں کی سمندری حدود پر لگے گا-

ایمزٹی وی (بھٹ شاہ) صوفی بزرگ اور شاعر شاہ عبدالطیف بھٹائی کے 271 ویں عرس کی تقریبات دوسرے روز بھی جاری اورزائرین کی بڑی تعداد عرس میں شرکت کے لیے پہنچ گئی ہے۔ شاہ عبد الطیف بھٹائی کے سالانہ عرس میں شرکت کےلئے ملک بھر سے زائرین بھٹ شاہ پہنچے ہیں اور مزار پر پھول چڑھا رہے ہیں اور منت مرادیں مانگ رہے ہیں۔ عرس کے دوسرے ادبی کانفرنس منعقد ہوگی۔ کل تک جاری رہنےوالی عرس کی تقریبات میں زرعی اور صنعتی نمائش بھی جاری ہے جہا ں کاشتکاروں کو زرعی اجناس سے معلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ محکمہ ثقافت کی جانب سے کلچرل ولیج بھی قائم کیاگیا۔ جسمیں مختلف اسٹالز پر ہالہ کے ہینڈی کرافٹ سمیت نت نئے ڈیزائن کے کپڑوں کی تیاری کی نمائش کی جارہی ہے ۔

ایمزٹٰٰی وی (فارن ڈیسک) امریکی فلم ساز کمپنی والٹ ڈزنی نے آسکرایواڈ یافتہ فلم’’ فروزن‘‘ کی ایک نئی کہانی پر مبنی شارٹ فلم آئندہ برس مارچ میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لیکن اس خبر کا دلچسپ پہلو یہ ہے کہ دنیا بھر میں ’’فروزن ‘‘کی نئی فلم کو دیکھنے کے حقدار وہی لوگ ہو سکتے ہیں جو27 مارچ 2015ء کو ڈزنی کی نئی لائیو ایکشن فیچر فلم’’ سینڈریلا‘‘ دیکھنے کے لیے سینما گھروں کا رخ کریںگے۔ اینیمیٹڈ فلموں کی تاریخ میں سب سے بڑا کاروبار کرنے والی ایڈونچر فلم ’’فروزن‘‘ کے مقبول ترین سونگ لیٹ اٹ گونے امریکی بل بورڈ 200 چارٹ پر لگاتار 33 ہفتوں تک ٹاپ فائیو پر جگہ حاصل کی تھی۔ لیکن نئی فلم کے لیے گانا بھی نیا ہوگا، جسے رابرٹ لوپز اور کرسٹین اینڈرسنن کی کمپوزیشن میں تیار کیا گیا ہے۔ والٹ ڈزنی اینیمشن کیمطابق، اوریجنل فروزن فلم کے تمام مقبول کرداروں ایلسا، اینا، کرسٹوف اور اولاف نئی شارٹ فلم میں ایک بار پھر سےساتھ نظر آئینگے۔ انکےعلاوہ پردے کے پیچھے مقبول کرداروں کو اپنی آواز دینے والے تمام صداکار کرسٹین بیل (اینا) آئی ڈینا مینزل (ایلسا) جاناتھن گروف (کرسٹوف) جاش گیڈ (اولاف) سمیت سپرہٹ فلم کے ہدایت کار کرس بک اور جینیفرلی بھی اس فلم کی تیاری میں ایک بار پھر سے اکھٹا ہوئے ہیں۔

’’فروزن‘‘ فلم باکس آفس کی تاریخ میں سب سے بڑا کاروبار کرنے والی پانچویں فلم ہے جس نے دو آسکر ایواڈز بھی اپنے نام کئے ہیں ایک بیسٹ اینیمیٹڈ فلم کے لیے اور دوسرا بیسٹ اوریجنل سونگ’’ لیٹ اٹ گو‘‘ کے لیے جیتا ہے۔ شارٹ فلم’’ فروزن‘‘ کو’’ فروزن فیور‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ فلم کی کہانی اینا کی سالگرہ کے جشن کی تیاریوں کے گرد گھومتی ہے جسے ایلسا اور کرسٹوف ایک یادگار جشن بنانا چاہتے ہیں۔ لیکن آئس کوئین ایلسا کی برفانی طاقت اس پارٹی کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔ اس سے آگے کی کہانی جاننےکے لیےشائقین کو فروزن کی ریلیز کا انتطار کرنا پڑے گا۔ تفصیلات کیمطابق مارچ میں ریلیز ہونے والی فلم سینڈریلا ڈزنی کی جدید ورژن فلم ہے یہ دونوں فلمیں ایک ہی دن ریلیز کی جائیںگی۔ فلم فروزن سینڈریلا کے ساتھ سینما گھروں کا اسکرین شئیر کرئینگی جو سینڈریلا فلم آن آئیر جانے سےتھوڑی دیر پہلے سینما گھروں کے پردے پر چلائی جائینگی۔کہا جارہا ہے کہ رواں برس انجلینا جولی کی سلیپنگ بیوٹی کی جدید ورژن فلم ’’ملیفیسنٹ ‘‘کی شاندار کامیابی کو دیکھتے ہوئے ڈزنی کی نئی فلم ’’سینڈریلا‘‘ کے ساتھ توقعات بہت زیادہ ہیں امید ظاہر کی گئی ہے کہ ’’فروزن‘‘ کی نئی فلم کا ایک ہی دن میں ریلیز کرنے کا فیصلہ’’سینڈریلا‘‘ کی کامیابی کے امکانات کو مزید روشن کر سکتا ہے۔ 

گذشتہ برس نومبر میں ریلیز ہونے والی والٹ ڈزنی کی تھری ڈی اینیمیٹڈ فلم "فروزن" کے ہٹ ٹریک کی دنیا بھر لگ بھگ تین ملین کاپیاں ڈی وی ڈی اور بلیو رئے پر فروخت ہوئیں اور آفیشل ٹریک کمپنی کے مطابق اسے اس عشرے کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا میوزک قرار دیا گیا ہے۔ ڈزنی کی جانب سے ایلس ان ونڈر لینڈ کی کامیابی سے متاثر ہو کر 2010ء میں ’’سینڈریلا‘‘ فلم کا جدید ورژن بنانے کا اعلان کیا گیا تھا اس فلم میں سینڈریلا کا کردار للی جیمس ادا کر رہی ہیں اور پرنس چارمنگ کے کردار میں رچرڈ میڈین نظر آئیںگے۔ ایڈونچر فلم فروزن کی کہانی دو شہزادیوں کی ہے جو عام بہنوں کی طرح ایک دوسرے سے قریبی انسیت رکھنے کے باوجود ایک ساتھ ملکر نہیں رہ سکتی ہیں۔ کیونکہ بڑی بہن قدرتی طور پر برفانی طاقتوں کی مالک ہے جسکی انگلی جنبش سے چیزیں برف میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔ شہزادی ایلسا اپنی طاقت پر کنٹرول نا ہونے کی وجہ سےخود کو ایک کمرے میں مقید رکھتی ہے۔ لیکن جب اسکی چھپی ہوئی طاقت کے بارے میں لوگ جان لیتے ہیں تو ایلسا خوفزدہ ہو کر محل چھوڑ جاتی ہے اور کبھی واپس نہیں آتی ہے۔ لیکن اینا اپنی بہن کو ڈھونڈنے کے لیے ایک نوجوان لڑکے کی مدد سے برفانی پہاڑوں پر نکلتی ہے۔ اسنوئی میجک اور ایڈونچر سے بھر پور واقعات کے ساتھ ایلسا کی تلاش کی گرد گھومتی ایک بہن کی محبت کی داستان لوگوں کے دلوں پر انمٹ نقوش چھوڑ گئی ہے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) فرانس کے ایک فارم ہاؤس کے گیراج سے 60 قیمتی ترین کاریں برآمد کی گئی ہیں جو مصری بادشاہ فاروق کے زیر استعمال تھیں۔ 50برس بعد گیراج سے نکالی گئی یہ کاریں اس وقت بے کار قرار دے کر اس گیراج میں رکھ دی گئی تھیں جنکی قیمت ایک اندازے کیمطابق 12 ملین پاؤنڈز کے قریب ہے۔ بادشاہ کی وفات کے بعد یہ کاریں راجر بیلن نامی شخص نے خرید کر اپنی فیملی کے نام کردی تھیں لیکن کئی دہائیوں سے فرانسیسی گیراج میں رکھی ہوئی تھیں۔ قیمتی کاروں کے مالکان نے انہیں بیچنے کا ارادہ کیا تو یہ سن کر حیرت زدہ رہ گئے کہ یہ کاریں کافی قیمتی ہیں جنکی قیمت ایک اندازے کیمطابق 12ملین پاؤنڈز ہے۔ فراری، مسیراتی اور دیگر قیمتی اسپورٹس کاروں کا یہ مجموعہ جلد نیلامی کیلئے مارکیٹ میں پیش کیا جائیگا ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈسک) شوبز کی دنیا میں اپنا نام پیدا کرنے کیلئے اکثر فنکاروں کو کئی کئی سال لگ جاتے ہیں لیکن اس لڑکی نے تو انتہائی کم عمری میں ہی شہرت حاصل کر لی ہے۔ جی ہاں روس سے تعلق رکھنے والی کرسٹینا پمنووا نامی 9 سالہ ماڈل نے دنیا کی خوبصورت ترین لڑکی کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے اور یہ خطاب اسے ایک امریکی جریدے کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کرسٹینا نے محض تین برس کی عمر میں ماڈلنگ کیریئر کا آغاز کردیا تھا جب اسکے ہم عمر بچے دنیا سے بے پروا نت نئے کھلونوں سے کھیلتے تھے اور آج بڑے بڑے میگزین اس ننھی ماڈل کی فوٹو شوٹ کیلئے بے قرار رہتے ہیں۔ واضح رہے کہ کرسٹینا کو اتنی کم عمر ی میں ہی ماڈلنگ کرنے کے حوالے سے ایک طبقے کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن اسکی والدہ کا کہنا ہے کہ لوگ کچھ بھی کہتے رہیں انکی بیٹی ماڈلنگ ہرگز نہیں چھوڑے گی ۔