جمعرات, 02 مئی 2024

کراچی: تیرھویں عالمی ”اردو کانفرنس 2020“کی افتتاحی تقریب آج آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ہوگی۔
 

تقریب میں مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر ثقافت سید سردار شاہ ہوں گے۔

تقریب کا آغازآرٹس کونسل کراچی میںساڑھے تین بجے سہ پہر آڈیٹوریم Iمیں ہوگا۔

 

لاہور: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک کیلئے تمام طبقات سے رابطے کرنے نکلا ہوں، حکومت کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود ان کے خلاف اپنی جدوجہد کرتے رہیں گے

لاہور میں صحافیوں سے غیررسمی بات کرتے ہوئے چیئرمن پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کا کہنا تھا کہ انسانی جمہوری حقوق پر قدغن، معاشی حالات اور میڈیا پر پابندیوں کے بعد میں میں تو چاہوں گا کہ موقع ملتے ہی حکومت گرا دوں، مجھے بتائیں کہ حکومت گرانے کے کتنے طریقے ہیں ؟ ، غیر جمہوری سازش نہیں کریں گے۔جمہوری ، آئینی اور قانونی طریقے سے حکومت ہٹانا چاہتا ہوں

بلاول بھٹو کا مزیدکہنا تھاکہ آئی ایم ایف کے پاس ہم بھی گئے مگر ان کی ہر شرط نہیں مانی، ہم نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا،جنگ لڑی،دو سیلابوں کا مقابلہ کیا پھر بھی ہمارے دور میں تنخواہوں میں سوا سو فیصد سے زیادہ اضافہ کیا گیا، اس حکومت کا کوئی اسٹیک ہی نہیں ہے اس لئے آئی ایم ایف کی ہر شرط مان رہے ہیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریک کیلئے تمام طبقات سے رابطے کرنے نکلا ہوں، حکومت کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود ان کے خلاف اپنی جدوجہد کرتے رہیں گے، عوام کو بتانا ہے کہ ان کا سٹیک انتخاب، سیاست، معیشت میں ہونا چاہئے، عوام کا اسٹیک نہیں ہوگا تو پھر ریاست کیسے چلے گی، سنا ہے کہ ملک کے نامور ادارے اب مہنگائی کی تحقیقات کریں گے، اداروں کو ان معاملات سے دور رہ کر اپنی شان برقرار رکھنی چاہئے۔

مشرف کو سزائے موت: بلاول نے اپنی والدہ کی قتل سے قبل آخری لمحے کی تصویر کیوں پوسٹ کی؟

 سابق صدر پرویز مشرف کو سزائے موت  دیئے جانے کے فیصلے کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی قتل سے چند لمحے قبل ان کے آخری جلسے کی تصویر پوسٹ کی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پرویز مشرف سے متعلق فیصلے پر ٹویٹ کیا، ’جمہوریت بہترین انتقام ہے، جئے بھٹو‘۔

بلاول نے اپنے ٹویٹ میں اپنی والدہ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی تصویر بھی پوسٹ کی، جو سنہ 2007 میں ان کے قتل سے چند لمحے قبل ان کے آخری جلسے کی ہے۔

اس جلسے کے بعد بے نظیر بھٹو کے قافلے پر خودکش دھماکہ ہوا تھا جبکہ بے نظیر بھٹو کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا، اس وقت اقتدار پر براجمان سابق صدر پرویز مشرف کو بے نظیر بھٹو کے قتل کیس میں بھی نامزد کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ آج خصوصی عدالت نے آئین شکنی کیس میں محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کو سزائے موت دینے کا حکم دیا ہے۔

سابق صدر پرویز مشرف اس وقت دبئی میں مقیم ہیں اور شدید علیل ہیں۔ وہ اپنے کیس کی پیروی کے لیے ایک بار بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز، آصف زرداری اور فریال تالپور کو ملک سے باہر جاتے نہیں دیکھ رہا۔
 
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ بلاول بھٹو اس گروپ کا حصہ ہیں جن کا کیس نیب کے پاس ہے اگر نیب سے پلے بارگین نہیں کریں گے تو مریم کی طرح بلاول کی سیاست بھی دم توڑ جائےگی۔
 
وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے حوالے سے غیر آئینی باتیں کی جارہی ہیں تمام پارٹیاں چاہتی ہیں ان کا چیف الیکشن کمشنر ہوجس کا مطلب دال میں کچھ کالاہے۔
 
مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے جو کچھ کیا اس کا فائدہ نوازشریف اور آصف زرداری کو ہوا، فضل الرحمان نے جس دسمبر کو حکومت کے لیے آخری قرار دیا اس کا سال نہیں بتایا لیکن مجھے لگتا ہے تین سال بعد والا دسمبر آخری ہوگا۔
 
بھارت میں شہریت سے متعلق مسلمان مخالف متنازع بل پر وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ مودی نے جس طرح کے مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہا ہے اس سفاکی کی وجہ سے پاک بھارت تعلقات کشیدہ جائیں گے، مودی کے مظالم کے خلاف کھڑا ہونا پاکستانیوں پر فرض ہوگیا ہے، بھارتی مسلمانوں اور کشمیریوں کا ساتھ دینا ہمارا آئینی، اسلامی و اخلاقی فرض ہے۔

مظفرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت سے 1 قانون پاس نہیں ہوا آرمی چیف کی متفقہ توسیع کیسے کرائے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کی توسیع کا معاملہ پارلیمان میں آئےگا، دیکھنا یہ ہے کہ جن سے ایک نوٹی فکیشن نہیں بن سکا اور ایک سال میں ایک قانون پاس نہیں کرسکے، وہ 6 ماہ کے اندر اتنی اہم قانون سازی میں کیسے پارلیمنٹ میں اتفاق رائے پیدا کریں گے اور آئین میں ترمیم کریں گے۔

 چیرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اداروں کا کام کاروبار کرنا نہیں ہے، کب تک بڑے اداروں کو ٹیکس نیٹ سے باہر رکھا جائے گا، سب کو مل کر ترقی میں حصہ ڈالنا ہوگا اور کوئی مقدس گائے نہیں ہوسکتا،یہ حکومت امیروں کو ریلیف اور عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے، یہ کیسا نیا پاکستان ہے جس میں کسانوں سے سبسڈی چھینی جارہی ہے اور اربوں پتی لوگوں کے لئے ایمنسٹی اسکیم آتی ہے۔
 
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جب سے حکومت آئی ہے کوئی ایسا ادارہ نہیں جو زوال پذیر نہ ہو، اس حکومت سے جان چھڑانی ہوگی، سلیکٹرز کو سوچنا ہوگا کہ ملک مزید تجربوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، سلیکٹڈ کو گھر بھیجنا پڑے گا۔

 کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کی جدجہد برائے حقِ خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتی رہے گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے 52 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو  ہاریوں، طلبہ، دانشوروں اور پسماندہ طبقات کو طاقتور بنانے کی خاطر ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے، ذوالفقار علی بھٹو اور پاکستان پیپلز پارٹی جوہری پروگرام کے معمار ہیں، جس کے باعث پاکستان اور اس کی خودمختاری بیرونی خطرات سے محفوظ ہیں، ملک کا متفقہ دستور ایک ایسا جمہوری اقدام ہے جسے کوئی بھی آمر چاہتے ہوئے بھی ختم نہ کرسکا، پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کی جدجہد برائے حقِ خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتی رہے گی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پارٹی کی 52 سالوں پر محیط جدوجہد سے غیرمتزلزل طور ثابت قدم رہنے کا عزم کرتا ہوں، دستور پسندی، قانون کی بالادستی، جمہوریت اور مساوات کے متعلق پارٹی کے بنیادی نظریات پر کاربند رہیں گے۔

اسلام آباد: اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت 9 اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس جاری ہے۔

کُل جماعتی اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں فرحت اللہ بابر، نئیر بخاری، مصطفی کھوکھر، یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان، راجہ پرویز اشرف کا وفد شریک ہےہ آفتاب خان شیرپاؤ،  اے این پی کے رہنما امیر حیدر خان ہوتی، نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر حاصل بزنجو اور جے یو پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان انس نورانی بھی اجلاس میں شریک ہیں۔

 مولانا فضل الرحمان، مولانا غفور حیدری، اکرم درانی اور جے یو آئی کے دیگر رہنماؤں نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ مولانا فضل الرحمان اپوزیشن رہنماؤں کو حکومت کے خلاف مہم میں آئندہ کی حکمت عملی پر اعتماد میں لیں گے جس میں قومی و صوبائی اسمبلیوں سے مشترکہ استعفوں پر بھی مشاورت ہوگی

اسلام آباد: حکومت کے خلاف لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے اپوزیشن کی 9 جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کل منعقد ہوگی جس میں بلاول بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی یقین دہانی کرادی۔

ذرائع کے مطابق جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے حکومت کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی۔

جے یو آئی کے مطابق اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے، آل پارٹیز کانفرنس صبح 11 کے بجائے دن دو بجے ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی درخواست پر اے پی سی کا وقت تبدیل کیا گیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے، اے این پی کے امیر حیدر ہوتی اور میاں افتخار حسین شرکت کریں گے جب کہ طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے اسفندیار ولی شرکت نہیں کر سکیں گے۔

ترجمان بلاول بھٹو کے مطابق اے پی سی میں چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پارٹی وفد شریک ہوگا جس میں پارٹی کے سینئر قائدین شامل ہوں گے، بلاول بھٹو زرداری اپوزیشن کی تحریک کے حوالے سے پارٹی کی پالیسی بھی اے پی سی میں رکھیں گے۔

اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف مشاورت کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے انہوں ںے احسن اقبال اور بلاول سے رابطہ کیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن رہنماؤں بلاول بھٹو زرداری اور احسن اقبال کو ٹیلی فون کرکے 26 نومبر کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس میں حکومت مخالف تحریک سے متعلق مشاورت ہوگی۔

 اعلامیے کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو فون کیا، دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جب کہ اے پی سی اور رہبر کمیٹی کو مزید فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا اب دونوں کے درمیان جلد ملاقات کا امکان ہے۔
 
اسی طرح  سربراہ جے یو آئی نے مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کو بھی ٹیلی فون کیا اور آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ  سندھ اسمبلی کی اسٹریٹ چلڈرن کی بہبود کے لئے قانون سازی خوش آئند ہے۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بچوں کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ انسانوں کا سب سے قیمتی اثاثہ ان کے بچے ہوتے ہیں، بچوں کو بہتر تعلیم وعلاج کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، ناانصافی، عدم مساوات اورغربت کے باعث پاکستانی بچے سہولیات سے محروم ہیں جب کہ بچوں کو انصاف، درست برتاوَ، برابری اور پُر امن ماحول دینے کے لئے کاوشیں کرنا ہونگیں۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے پاکستان میں پہلی باربچوں کے لئے پولیو ویکسینیشن کا آغاز کیا، شہید بی بی کے اقدام سے 40 سال پہلے دنیا میں پولیوویکسین دستیاب تھی، سندھ اسمبلی کی اسٹریٹ چلڈرن کی بہبود کے لئے قانون سازی خوش آئند ہے اور بہبودِ اطفال پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل رہے گی۔
Page 1 of 15