جمعہ, 17 مئی 2024
سکھر: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری 3 روزہ دورے پر سکھر پہنچ گئے، بلاول بھٹو صوبائی وزیر اویس شاہ کی رہایش گاہ پر قیام کریں گے۔
 
پی پی چیئرمین بلاول بھٹو سکھر پہنچ گئے، جہاں وہ کل ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے، ان کا سکھر کا دورہ تین روز پر مشتمل ہے۔
 
اس دوران بلاول بھٹو سے سینئر پی پی رہنما خورشید شاہ اور دیگر رہنما ملاقاتیں کریں گے جب کہ بلاول بھٹو پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس بھی کریں گے۔
 
تین روزہ دورے کے دوران سکھر اور گھوٹکی میں مختلف پروگراموں میں پی پی چیئرمین کی شرکت بھی شیڈول کا حصہ ہے۔
 
دریں اثنا، بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اینکر پرسن کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مرید عباس کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
 
پی پی چیئرمین نے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ بلاول بھٹو نے سوگوار خاندان سے ہم دردی و یک جہتی کا بھی اظہار کیا۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو نے قائمہ کمیٹیوں کے تمام اجلاس منسوخ کیے جانے پر کہا تھا کہ اجلاس منسوخ کرنا پارلیمنٹ پر اندر سے حملے کے مترادف ہے۔
حیدرآباد : پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مولابخش چانڈیونے کہا ہے کہ آرمی چیف کی جانب سے معیشت کی بحالی کے حوالے سے دیا گیا بیان خوش آئند ہے، ملک کے ادارے اور پارلیمنٹ مل کر اس ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں۔
 
حکمران ذاتیات کی بات کرتے ہیں جبکہ بلاول بھٹو نے ہمیں کسی کی ذاتیات پر بات کرنے سے منع کیا ہے۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
 
اس موقع پر ایم کیوایم سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کنٹونمنٹ بورڈ کے تین ارکان سید جمیل رضوی، سید راحت نسیم اور شاہد مسیح نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، پریس کانفرنس میں صغیر قریشی اور حیدر شاہانی بھی موجود تھے۔
 
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جب بھی کبھی ملک سیاسی یا معاشی بحران میں آیا ہے تو فوج نے اپنا کردار ادا کیا ہے، مولابخش چانڈیو نے کہا کہ حکمران دن بدن پاکستان کی سیاست پر بوجھ بنتے جارہے ہیں۔
 
ملک کے ادارے اور پارلیمنٹ مل کر اس ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کبھی ملک سیاسی یا معاشی بحران میں آیا ہے تو فوج نے اپنا کردار ادا کیا ہے۔
 
اب بھی معاشی بحران کے حوالے سے جنرل صاحب نے کہا ہے کہ پاکستان کو بحران سے نکالنے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا لیکن یہاں ایک پارٹی دعویٰ کررہی ہے کہ وہ ملک کو خوشحالی کی طرف گامزن کرے گی آج تک ان کا کون سا دعویٰ پورا ہوا ہے۔

اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ عید کے بعد پارلیمنٹ میں نہیں بلکہ سڑکوں پر حکومت مخالف تحریک چلائیں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتی جب کہ ماضی کی اور موجودہ ایمنسٹی اسکیم میں کوئی فرق نہیں، جس کے پاس تھوڑے بہت پیسے ہیں وہ بلیک منی کو وائٹ کرلے گا جب کہ لوگوں کو پہلے امیر بناؤ اور پھر ٹیکس لگاؤ۔

سابق صدر نے کہا کہ بلاول بھٹو شہید بی بی کا بیٹا ہے، بلاول کو بھی اسی انگاروں پر چلنا ہے، صحافی نے سوال کیا کہ اگر جیلوں سے نہیں ڈرتے تو پھر ضمانتیں کیوں کرواتے ہیں، سابق صدر نے کہا کہ ضمانت میرا آئینی حق ہے، آپ کو بھی جیل ساتھ لے کر جاؤں گا۔

 عید کے بعد حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے حوالے سے سابق صدر نے کہا کہ اس بات کا ان کو بھی اندازہ ہے اس لیے تو کیسز بن رہے ہیں، پارلیمنٹ میں نہیں بلکہ سڑکوں پر حکومت مخالف تحریک چلائیں گے۔
اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما اور وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد بلاول سے متعلق بیان پر وزیراعظم کی حمایت میں بول پڑیں۔
 
گزشتہ روز وانا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ’صاحبہ‘ کہہ کر مخاطب کیا تھا۔
 
وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد سے اس سے متعلق صحافی نے سوال کیا تو انہوں نےکہا کہ میں وزیراعظم کے لیے جواب دہ نہیں ہوں، مجھے ان کے تبصرے کے حوالے سے بھی کچھ نہیں معلوم تو مجھے اس کی مذمت کیوں نہیں کرنی چاہیے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جو کہا وہ خود وضاحت کریں گے میں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتی، میں اس حوالے سے آگاہ نہیں کہ انہوں نے یہ (صاحبہ) کس حوالے سے کہا ہے کیا ان کی زبان سے پھسل گئی تھی۔؟
 
وزیر صحت نے مزید کہا کہ میں ماضی میں بے نظیر بھٹو کی سپورٹر تھی لیکن بلاول پر والد آصف علی زرداری کا اثر ہوگیا ہے وہ اسمبلی میں جو بھی بولتے ہیں والد اور اپنے آپ کو محفوظ کرنے کے لیے بولتے ہیں کیونکہ نیب ان کے اور پھوپھی کے پیچھے پڑا ہے۔

فواد چودھری کا کہنا ہے آج کراچی سے دنیا کے پہلے ابو بچاؤ ٹرین مارچ کا آغاز ہو رہا ہے، یہ پہلی تحریک ہے جو کرپشن کو قانونی تحفظ دینے کیلئے شروع کی جا رہی ہے۔

ادھر بلاول کی قیادت میں پیپلزپارٹی کا کاروان بھٹو چل پڑا، دوران سفر وہ 25 مقامات پر کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔ دوڑ، پڈعیدن، محراب پور، بھریا روڈ، رانی پور، خیرپور میرس، روہڑی، سکھر، گوسرجی، حبیب کوٹ، مدیجی، نوڈیرو کے شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے بلال بھٹو لاڑکانہ پہنچیں گے اور اختتامی خطاب کریں گے۔

پیپلزپارٹی کے کاروان بھٹو مارچ میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے لئے سہولتوں سے آراستہ سپیشل سیلون تیار کیا گیا ہے، سپیشل سیلون میں آرام کے لئے ایک بیڈ، بیٹھنے کے لئے صوفہ سیٹ، گرمی سے بچاؤ کے لئے ایئر کنڈیشنر لگایا گیا ہے جبکہ سیلون میں الگ واش روم کی سہولت بھی موجود ہو گی۔
 

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی سربراہی میں کاروان بھٹو کے نام سے لاڑکانہ کے لیے سفر کا آغاز آج کراچی سے ہوگا،جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ،پیپلزپارٹی کے کاروان کا آغاز آج کراچی کینٹ اسٹیشن سے شروع ہو کے لاڑکانہ میں اختتام پذیر ہوگا،4اپریل کو لاڑکانہ میں بلاول بھٹو ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے
 
اس کاروان میں شرکت کے لیے کارکنوں کی بڑی تعداد کینٹ ریلوے اسٹیشن پہنچ گئی، بلاول بھٹو اپنے سفر کے دوران 25 مختلف مقامات پر قیام پذیر ہوکر استقبال کرنے والے کارکنان سے خطاب کر یں گے، اس کاروان کا آغاز کراچی ریلوے اسٹیشن سے ہوگا بعد میں وہ کراچی ہی کے ڈرگ روڈ جنکشن اور لانڈھی اسٹیشن پر خطاب کریں گے۔

نوشہرو: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری والد کی وجہ سے اپنا سیاسی مستقبل برباد کررہے ہیں۔

نوشہرہ میں درگئی سفاری ٹرین کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ماضی میں ہم ٹرین مارچ کرنے جارہے تھے تو اجازت نہیں دی گئی لیکن ہم جمہوری لوگ ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے ٹرین مانگی تو ہم نے فری ٹریک دے دیا، بلاول کرپشن کےخلاف باہرنکلتے تو وہ قومی ہیرو ہوتے لیکن وہ والد کی وجہ سے اپنا سیاسی مستقبل برباد کررہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ریلوے پرکوئی توجہ نہیں دی لیکن اب وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ریلوے میں انقلاب لائیں گے، ریلوے کو دوبارہ فعال اور کارآمد بنایا جارہا ہے۔ ریلوے کی بحالی سے مقامی معشیت اور تجارت کو فروغ ملے گا

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے، اس موقع پر ان کے ہمراہ قمر زمان کائرہ ،مصطفیٰ نواز کھوکھر، علی قاسم گیلانی اور سید حسن مرتضیٰ بھی تھے۔

ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ملکی سیاسی صورت حال اور پاک بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 بلاول بھٹو نے ملاقات میں نواز شریف کی خیریت دریافت کی۔ اس دوران ملکی سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔

واضح رہے کہ باول بھٹو زرداری نے چند روز قبل کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات کا عندیہ دیا تھا، جس کے بعد پیپلز پارٹی نے ملاقات کے لئے محکمہ داخلہ پنجاب کو باضابطہ طور پر درخواست بھی دی تھی، جسے پنجاب حکومت نے منظور کرلیا۔

 
 

 

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیپلز پارٹی کے ارکان کی تقاریر پر معافی مانگ لی۔

سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے تمام ارکان کی تقاریر سنی ہیں، اس اسمبلی میں نوٹوں کی باتیں ہوئیں، تحریک انصاف کے حلیم عادل شیخ نے ایوان کو مچھلی بازار کہا، جس کا مجھے بہت افسوس ہوا، مچھلی بازار کوئی گندی جگہ نہیں، میں نے خود فش ہاربر پر کام کیا ہے۔ معاملہ مچھلی بازار سے بھی آگے نکل گیا اور ماحول خراب ہوا۔ اراکین چھوٹی چھوٹی باتوں پر ناراض ہورہے تھے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو عوام ہر بار سب سے زیادہ سیٹیں دے کر منتخب کرتے ہیں۔ پورے سندھ کی عوام کا شکرگزار ہوں جنہوں نے پیپلزپارٹی پر اعتماد کیا، میں نےاپنے اراکین سے کہا کہ اپنے لیڈر سے کچھ سیکھیں، بلاول بھٹو زرداری نے جو سنجیدگی دکھائی انہیں دیکھیں، لوگوں نے اگر آپ کو ہرایا ہے تو ان کی تذلیل نہ کریں، زور سے بولنے اور کسی کی برائی سے نمبرز نہیں بڑھتے، ہمیں بڑی بڑی باتیں برداشت کرنا پڑیں گی۔

مراد علی شاہ نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس کی اسمبلی میں پاکستان کی ہر زبان بولنے والے بیٹھے ہیں، میں اپنے اراکین کی طرف سے خود معافی مانگتا ہوں۔ میں خود ہجرت کر کے آیا ہوں، سندھ نے ہمیں اپنا کہا ہم سندھی ہوگئے، آپ بھی سندھ کو اپنائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے سندھ اسمبلی میں حزب اقتدار اور حزب اختلاف دونوں ہی جانب سے متنازع تقاریر کی جارہی تھیں۔

 
 

 

Page 3 of 15