جمعہ, 17 مئی 2024

اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان عام آدمی کی زندگی آسان بنانے کی بات کرتے تھے تاہم منی بجٹ میں فائدہ ہوا ہے تو عمران خان کی اے ٹی ایم کو ہوا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ منی بجٹ میں غریب عوام کے ساتھ ظلم کیا گیا، منی بجٹ سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا، بجلی اور گیس کی قیمت میں اضافے سے غریب متاثر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے صرف انقلابی نعرے لگائے اور اقدامات نہیں کیے جب کہ عمران خان کو اپنے وعدوں پر قائم رہنا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان عام آدمی کی زندگی آسان بنانے کی بات کرتے تھے تاہم بجٹ میں فائدہ ہوا ہے تو عمران خان کی اے ٹی ایم کو۔ وزیراعظم ہاؤس میں بھینسوں کی نیلامی سےمذاق بنا کیونکہ اشتہارات کےخرچ کو دیکھیں تونیلامی نقصان میں رہی، انہوں نے کہا کہ منی بجٹ سے مایوسی ہوئی، یہ منی ڈرامہ ہے جو پی ٹی آئی کی عادت ہے، لگتا ہے تبدیلی والے احتساب سے بھاگ رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بجٹ سے امیروں اور کالے دھن والوں کو فائدہ ہوا ہے، نان فائلرز کو چھوٹ دینا کسی اسکینڈل سے کم نہیں تاہم بھینسیں اور گاڑیاں بیچ کر پاکستان کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو دلوائی، ہم نے چوہدری نثار جیسے اپوزیشن لیڈر کو چیئرمین کمیٹی بنایا تاکہ کڑا احتساب ہو۔

 

 

کراچی:  پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری میاں نوازشریف سے تعزیت کیلئے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

ذرائع کاکہنا ہےکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، خورشید شاہ، نوید قمر اور قمر زمان کائرہ شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری سابق وزیراعظم نوازشریف سے کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیتی ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہناہےکہ یہ ملاقات کلثوم نواز کی تدفین کے بعد رسم قُل سے پہلے ہوگی، پی پی رہنما نوازشریف کی پیرول ختم ہونے سے پہلے ملاقات کریں گے جو ہفتہ یا اتوار کو ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ کینسر کے مرض میں مبتلا بیگم کلثوم نواز 11 ستمبر کو لندن میں دوران علاج انتقال کرگئیں۔

 

 

 

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اورملک کی دیگر قیادت نے کلثوم نواز کے انتقال پردکھ کا اظہار کیا ہے۔
سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر ملک بھر کی اعلیٰ ترین سیاسی و عسکری قیادت نے گہرے دکھ اوردلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کی اہلیہ محترمہ کلثوم نوازکی وفات پردکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کلثوم نوازبہادرخاتون تھیں، حکومت محترمہ کلثوم نوازکے لواحقین کو قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرے گی۔ وزیراعظم کی جانب سے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کومرحومہ کے لواحقین کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی میں معاونت کرنے کی ہدایت کردی گئی ہیں۔
آرمی چیف
آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بیگم کلثوم نوازکے انتقال پرغمزدہ خاندان سے اظہارتعزیت کیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی بیگم کلثوم نوازکوجواررحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
شہبازشریف
مسلم لیگ (ن) کے صدرشہبازشریف کا کہنا تھا کلثوم نواز کی وفات شریف خاندان کیلئے بڑا دھچکا ہے، نوازشریف نے ہرمشکل وقت میں اہلیہ سے مشاورت کی، مرحومہ نے گھر بھی سنبھالا، آزمائش پڑی توچاردیواری سے باہرنکلیں۔ انہوں نے کہا بیگم کلثوم نواز مشکل حالات میں باہرنکلیں اورڈکٹیٹر شپ کو چیلنج کیا۔
بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی بیگم کلثوم نوازکے انتقال پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا اور انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کو جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
خالد مقبول صدیقی
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے نواز شریف کی اہلیہ کے انتقال پردکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نوازنہایت نفیس خاتون تھیں، ان کی جمہوریت کیلئے لازوال قربانیاں ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
گورنر پنجاب کا اظہار تعزیت
گورنرپنجاب چوہدری محمد سرورنے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ مرحومہ کو جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر وہمت عطا کرے۔

 

ایمزٹی وی(کراچی)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کو حتمی شکل دے دی ہے۔
بلاول ہاؤس کراچی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات ہوئی جس میں کابینہ اراکین اور قلمدانوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاہم اعلان کچھ دیر میں کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر کابینہ 8 وزرا اور 2 مشیروں پر مشتمل ہوگی۔
ذرائع کے مطابق سعید غنی کو محکمہ بلدیات، سردارشاہ کو تعلیم و ثقافت، اسماعیل راہو کو زراعت و خوراک اور شہلا رضا کو محکمہ اطلاعات و وزیر ترقی نسواں مقرر کیا جاسکتا ہے۔ سعید غنی سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر بھی ہوں گے۔
مخدوم محبوب الزمان کو ریونیو، ہری رام کشوری لال کو ایکسائز، جیل خانہ جات اور اقلیتی امور، ڈاکٹرعذرا پیچوہو کو وزارتِ صحت کا قلمدان دیا جا سکتا ہے جب کہ معدنیات کا محکمہ شبیر علی بجارانی کے حوالے کئے جانے کا امکان ہے۔ بیرسٹرمرتضیٰ وہاب کو محکمہ قانون و اینٹی کرپشن کا جبکہ محمد بخش مہر کو صنعت و تجارت کا مشیر مقرر کیا جاسکتا ہے۔
کابینہ کے منتخب اراکین آج حلف اٹھائیں گے جبکہ 2 مشیروں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ ارکان کی حلف برداری گورنر ہاؤس میں ہوگی جس کے بعد وزیراعلی مراد علی شاہ کابینہ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دینگے۔

 

ایمزٹی وی(کراچی) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی ڈگری بھی جعلی ہے کیونکہ آکسفرڈ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر اس کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ 

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے موجودہ رہنمائوں نے زرداری لیگ کو جنم دے کر ذوالفقار بھٹو اور بینظیر بھٹو کی پارٹی کو دفن کردیا ہے موجودہ حالات میں صاف اور شفاف الیکشن ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے۔ موجودہ نگراں حکومت کی مشینری اور پیپلز پارٹی کے دور حکومت کی مشینری میں کوئی فرق نہیں ہے اگر دھاندلی ہوئی تو سندھ کے عوام اس الیکشن کو مسترد کردیں گے بلاول بھٹو کی ڈگری بھی جعلی ہے کیونکہ آکسفرڈ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر اس کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

سردار عبدالرحیم نے کہا کہ صفاف ، شفاف اور منصفانہ الیکشن کے لیے غیر جانبدار نگراں حکومت کا قیام آئینی تقاضا ہے موجودہ نگراں حکومت مشینری اور پیپلز پارٹی کے دور حکومت کی مشینری میں کوئی فرق نہیں تمام کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز ، ایس ایچ او ز وہی ہیں جو پیپلز پارٹی کے دورے حکومت میں مزے لوٹ رہے تھے اور ان کے پیپلز پارٹی کے سابق وزرا اور مختلف رہنمائوں کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں ایسے افسروں کی موجودگی میں غیر جانبدار الیکشن کا انعقاد ناممکن ہے۔

 

ایمزٹی وی(کراچی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کراچی کے بعد انتخابی مہم کے لیے اندرونی سندھ روانہ ہوگئے۔

بلاول بھٹو زرداری اندرون سندھ کے دورے کے موقع پر ٹھٹھہ، سجاول، گولارچی، بدین ،تلہار، ماتلی، ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی اندرون سندھ دورے کے لئے بلاول ہاؤس سے قائدآباد پہنچے تو ان کا وہاں والہانہ استقبال کیا گیا،کارکنان نے ان کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

اس موقع پر مختصر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارا آپ کا رشتہ نسلوں پرانا ہے، پیپلز پارٹی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، گزشتہ روز لیاری میں پرتپاک استقبال مخالفین کو پسند نہیں اور انہوں نے سازش کے تحت ہم پر پتھراؤ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کراچی اور ٹھٹھہ کے سنگم پر واقع گھگھر پھاٹک پہنچیں گے جہاں ان کا استقبال کیا جائے گا، ریلی دھابیجی، گھارو سے ہوتی ہوئی ٹھٹھہ پہنچے گی جہاں وہ پریس کلب کے سامنے کارکنوں سے خطاب کریں گے ۔

بلاول بھٹو زرداری ضلع سجاول کے لیے روانہ ہوجائیں گے جہاں شہر میں داخلے پر ان کے قافلے کا استقبال کیا جائے گا اور وہاں وہ کارکنان سے خطاب کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی سجاول کے بعد گولارچی اور پھر بدین سے ماتلی پہنچیں گے جس کے بعد ان کا اگلا مقام ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد ہوگا جہاں وہ کارکنان سے خطاب کریں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے علاقے لیاری میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر مشتعل افراد نے پتھراؤ کردیا اور ڈنڈوں سے ان کے قافلے میں شامل متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے۔
میڈیاذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے این اے 246 لیاری میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔ بلاول بھٹو خطاب کے لیے لیاری کے دورے پر پہنچے تو جونا مسجد کے مقام پر سیکڑوں مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور قافلے کو آگے جانے سے روک دیا۔
نامعلوم مشتعل مظاہرین نے بلاول کے قافلے پر حملہ کردیا اور شدید نعرے بازی کی جب کہ پولیس موبائل سمیت متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیئے گئے۔ مشتعل مظاہرین نے ہاتھوں میں ڈنڈے اور پتھر اٹھارکھے تھے اور جیسے ہی بلاول بھٹو کی گاڑی قریب آئی تو اس کو گھیرے میں لے کر شدید پتھراؤ کیا۔
اس موقع پر پی پی پی کے کارکنوں اور مظاہرین کے درمیان بھی تصادم ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ راستہ نہ ملنے کی وجہ سے بلاول کا قافلہ آگے جانے میں ناکام ہوگیا اور دوسرے راستے سے واپس بلاول ہاؤس روانہ ہوگیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ لیاری پیپلزپارٹی کا گڑھ ہے لیکن یہاں کے عوام آج بھی پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ مشتعل افراد کو روکنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا تاہم مظاہرین قابو سے باہر رہے اور بلاول کے واپس جانے کے باوجود ان کا احتجاج جاری رہا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)پیپلز پارٹی آج سے ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز کرے گی اور اس سلسلے میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لیاری سے مہم شروع کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین آج سے ملک گیر انتخابی مہم چلائیں گے جس کا آغاز لیاری سے کیا جائے گا جس کے بعد وہ شہر شہر جائیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ عام انتخابات میں عوامی منشور صرف پیپلز پارٹی نے دیا اور مخالفین کے پاس کچھ بھی نہیں، نئے اور پرانے لاڈلے منشور پر نہیں بلکہ  الزام تراشی اور گالم گلوچ کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے دعویٰ کیا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی منشور میں ہر طبقے کے مسائل کا حل دیا ہے۔

یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر انتخاب لڑیں گے جس میں آبائی حلقہ لاڑکانہ سمیت لیاری اور مالاکنڈ  کا حلقہ شامل ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(سکھر)پیپلز پارٹی کے سنئیر رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے الیکشن پاکستان کے ہوں یا دنیا کے خلائی مخلوق کا کردار تو ہوتا ہی ہے۔

سکھر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس لیڈر شپ نہیں اس لیے دنیا باتیں کررہی ہے تاہم جلد ہمیں بلاول بھٹو کی شکل میں لیڈر شپ مل جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خلائی مخلوق تو ہے یہ تو سائنسدان بھی کہتے ہیں، خلائی مخلوق آسمانوں پر رہتی ہے دکھائی نہیں دیتی جب کہ پاکستان کے الیکشن ہوں یا دنیا کے الیکشن ہوں خلائی مخلوق کا کردار تو ہوتا ہی ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ15 یا 16 مئی تک نگراں وزیراعظم کے لیے نام آجائیں گے جب کہ سیاست میں کوئی آخری دشمن نہیں ہوتا اور نہ کوئی دوست۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار اس وقت بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، انہیں خود ان کی پارٹی قبول نہیں کررہی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعوت اسلامی ٹرسٹ کو 150 ایکڑ رفاحی زمین الاٹ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر دعوت اسلامی ٹرسٹ کو کراچی میں یونیورسٹی کے قیام کے لیے 150 ایکڑ رفاحی زمین الاٹ کرنے کی ہدایت کردی ہے، اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کی جانب سے ایک لیٹر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو جاری کردیا گیا ہے۔
مذکورہ رفاحی زمین پر دعوت اسلامی ٹرسٹ کی جانب سے دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی قائم کی جائے گی، وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کی جانب سے اس ضمن میں بورڈ آف ریونیو کو لکھے گئے لیٹر میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے مذکورہ منصوبے کے لیے زمین فراہم کرنے کے اعلان کا ذکر کیا گیا ہے۔

 

Page 4 of 15