ھفتہ, 30 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی (کرکٹ)جنوبی افریقی بیٹسمین پر 2سال کی پابندی کر دی گئی ہے .

 

ذرائع کے مطابق جنوبی افریقا کرکٹ بورڈ نے مشہور بلے بازالویروپیٹرسن پر میچ فکسنگ کے لئے ہونیوالی میٹنگ میں شرکت کرنے پر 2سال کے لئے تمام فارمیٹس کی کرکٹ کی دنیا کے دروازے بند کر دئیے ہیں۔پیٹرسن پر الزام ہے کہ انھوں نے دوسرے کھلاڑیوں کی جانب سے میچ فکسنگ کی کوششوں کی معلومات ہونے کے باوجود متعلقہ حکام سے تعاون کرنے سے گریز کیا۔

الویروپیٹرسن کا کہنا ہے کہ میچ فکسنگ میٹنگ کا حصہ بننے پر افسوس ہے، کبھی ٹیم سے کھیلتے ہوئے میچ فکس نہیں کیااور ہمیشہ اپنی ٹیم کے ساتھ مخلص رہا ہوں۔واضح رہے کہ الویروپیٹرسن نے کرکٹ کی دنیا میں36 ٹیسٹ اور 21 ون ڈے میچز میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی ) پاکستانی کرکٹ آل راونڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے ایک نوجوان کو آفریدی کے نام والی ٹی شرٹ پہننے پر گرفتار کیا جانا شرم ناک عمل ہے اورمہذب افراد کو ایسے عمل زیب نہیں دیتے۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت میں کرکٹ کے مداح دونوں ممالک کے تعلقات سے بڑھ کر کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے ملکوں کے کھلاڑیوں کو پسند کرتے ہیں۔سیاست کو کھیل سے الگ رکھنا چاہیے۔

شاہد آفریدی اپنے جاندار چھکوں اور بے دھڑک بلے بازی کی وجہ سے عالمی سطح پر شہرت رکھتے ہیں اور ان کے کئی مداح ہیں۔اسی طرح ان کے ایک مداح اکیس سالہ ریپن چوہدری کو گزشتہ اتوار کے روز شمال مشرقی ریاست آسام سے اس لیے گرفتار کر لیا گیا تھا کیوں کہ اس کی آفریدی کے نام والی ٹی شرٹ نے ہندو بنیاد پرست گروہ کو ناراض کر دیا تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی (میلبرن)پاکستان کرکٹ ٹیم نے میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں ٹریننگ کی۔ فاسٹ پچ کے لیے بلے بازوں کا خصوصی سیشن ہوا۔ طبیعت کی خرابی کے باعث سہیل خان نے ٹریننگ میں حصہ نہیں لیا ،کل حصہ لینے کا امکان ہے ۔جبکہ محمد عامربھی گھٹنے پر گیند لگنے سے ان فٹ ہوگئے مگر ٹیسٹ سے پہلے وہ فٹ ہوجائیں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبورن میں شروع ہوگا۔کرکٹ ٹیم نے میلبورن کرکٹ گرآونڈ میں بھرپور ٹریننگ کی۔بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے میلبورن میں بات کرتے ہوئے کہاہے کہ بولرز کو اس وکٹ پر محنت کرنا پڑے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مصباح کلاس پلیئر ہے ،وہ پریشان نہیں اور جلد اچھی اننگز کھیلے گا۔مڈل آرڈربیٹس مین کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ا سد شفیق مضبوط اعصاب کا کھلاڑی ہے جبکہ یونس خان پر تنقید درست نہیں وہ پہلے بھی سوئپ پر رنز کرتا رہا ہے۔

 

 


ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) رواں برس کی مقبول ترین فوٹو فلٹر ایپ پریزما جو ہر تصویر کو مصورانہ انداز سے بدل دیتی ہے، نے آخرکار اپنی سب سے بڑی رکاوٹ کو ختم کردیا ہے۔

انسٹاگرام سے لے کر ہر سوشل میڈیا ایپ میں تصاویر کو نئے ڈھنگ سے سجا کر دینے والی اس ایپ میں اب 1080x1080 پکسل اسکوائر ریزولوشن کی پابندی کو ختم کردیا گیا ہے۔

صارفین اب ایپ کے اندر تصاویر کو کراپ کرسکتے ہیں اور پہلے کے مقابلے میں دوگنا زیادہ ریزولوشن والی فوٹو کہیں بھی شیئر کرسکتے ہیں۔

اس طرح صارفین کو زیادہ بہتر معیار کی تصاویر اور اپنے شاٹس کو بنانے کی آزادی ملی ہے۔

اسی طرح پریزما میں نیا لوکیشن بیسڈ فوٹو فیڈ بھی متعارف کرایا گیا ہے جو کہ الگورتھم کی مدد سے آپ کے قریب موجود پریزما صارفین کی تصاویر ڈسپلے کرتا ہے۔

یعنی جس تصویر کو جتنے لائیکس ملیں گے وہ الگورتھم میں اتنی اوپر آئے گی۔

پریزما میں دنیا بھر کا انٹرا ایکٹو نقشہ بھی شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے معروف مقامات جیسے ایفل ٹاور تک رسائی آسان ہوگئی ہے۔

یہ فیچرز آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔

اس ایپ میں صارفین کو حیران حد تک بڑی تعداد میں فلٹرز کے انتخاب کا موقع ملتا ہے جو عام تصاویر کو منی آرٹ ورک میں بدل دیتی ہے۔

اس ایپ کو روس سے تعلق رکھنے والی پریزما لیبز نے تیار کیا اور اس میں کسی تصویر کے کچھ پکسلز کو بدل کر فلٹر کرنے کی بجائے نیورل نیٹ ورکس اور اے آئی ٹیکنالوجی کو تصاویر کو بالکل الگ انداز سے دوبارہ تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اس کے فلٹرز کا نتیجہ ابھی موجود دیگر فوٹو فلٹرز سے بہت زیادہ بہتر ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(راولپنڈی) سول ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان کا کہنا ہےکہ حویلیاں میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا بلیک باکس اور ساؤنڈ بہتر حالت میں ملا ہے جب کہ ابتدائی طور پر حادثے میں انجینئر اور پائلٹ کی کوئی کوتاہی سامنے نہیں آئی ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان سول ایوی ایشن شیر علی نے بتایا کہ حویلیاں میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا بلیکس باکس اور ساؤنڈ بہتر حالت میں ملا ہے، بلیک باکس سے چپ نکال کر ڈیٹا حاصل کرلیا ہے، کاک پٹ کی ساؤنڈ کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا ہے جب کہ ان تمام چیزوں کو ایئر فورس کے سینئر افسر کو تحقیقات کے لیے فرانس بھجوادیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات میں ابتدائی طور پر پائلٹ اور انجینئر کی کوئی غلطی سامنے نہیں آئی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اے ٹی آر کمپنی اور ایس آئی ٹیم نے بھی تحقیقات کی ہیں، اے ٹی آر طیارے دنیا کے کئی خطوں میں مقبول ترین جہاز ہیں، آج بھی اے ٹی آر نے کابل کی پرواز بھری۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی انجینئرنگ اور مینٹینس کا معیار بہترہن ہے اور پوری قوم کو اس پر اعتماد ہونا چاہیے، پی آئی اے کا سیفٹی ریکارڈ دنیا میں بہترین ہے جس پر پاکستانیوں کو قومی ایئرلائن پر فخر ہونا چاہیے۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ پی آئی اے کے ڈپٹی چیف انجینئر الطاف احمد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پی آئی اے نے تمام اے ٹی آر طیاروں کو شیک ڈاؤن انسپیکشن کے لیے انڈر گراؤنڈ کیا، شیک ڈاؤن میں طیاروں کے انجن اسٹرکچر کا جائزہ لیا گیا، ایوی ایشن اور پی آئی اے نے اے ٹی آر کا مکمل جائزہ لیا اور کراچی سے بھی آنے والی خصوصی ٹیم نے انجن کا ہیلتھ ٹیسٹ کیا جس کے بعد تین جہازوں کو پرواز کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کا ڈومیسٹک اور انٹرنینشل پروازوں کی مینٹینس کا ایک ہی معیار ہے۔

واضح رہے کہ 7 دسمبر کو پی آئی اے کا مسافر طیارہ چترال سے اسلام آباد جاتے ہوئے حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہوا تھا جس میں جہاز کے عملے سمیت 47 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ جہاز میں معروف نعت خواں جنید جمشید بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ سوار تھے۔

 

 

ایمز ٹی وی( تعلیم خیر پور) 5 سال قبل سابق سندھ حکومت کے دور میں خیر پور میں اساتذہ کے انٹر ویو لیے گئے تھے اور اُنھیں سندھی لینگویج ٹیچر،ڈرائنگ ٹیچر،ورکشاپ انسٹرکٹر، عربی ٹیچر،اور دیگر عہدوں پر فائز کیا گیا تھا وہ 5سال سے ڈیوٹی کررہے ہیں لیکن ابھی تک ان کو تنحواہیں نہیں دی جا رہی ہیں۔ واضع رہے کہ سابق دور میں بھی انُھوں نے احتجاج کیا تھا جس پر وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ان کو سرکٹ ہا ئوس پر بلا کر ملاقات کی اور فوری تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم دیا لیکن افسران نے ان کاحکم نہیں مانا ۔

 

واضع رہے کے خیر پور کے محکمہ تعلیم کے 314 اساتذہ کو پچھلے5سال سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جا رہی ہے ۔جس کے خلا ف انُھو ں نے دوبارہ احتجا ج شروع کر دیا ہے اوراساتذہ کورٹ روڈ پر کیمپ قائم کر کے بھوک ہڑ تال پر بیٹھ گئے ہیں۔ اساتذہ نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے اپیل کی ہے کہ وہ تنخواہوں کی ادائیگی کرائیں ۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ جانتے ہیں کہ سوشل میڈیا ویب سائٹس پر بہت زیادہ وقت گزارنا ڈپریشن کا شکار بنا سکتا ہے۔

یہ دعویٰ ڈنمارک میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔

کوپن ہیگن یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق فیس بک اور ٹوئٹر پر بہت زیادہ وقت گزارنا ڈپریشن کا باعث بنتا ہے اور جذباتی کیفیات متاثر ہوسکتی ہیں۔

اس تحقیق کے دوران 1100 افراد کی آن لائن عادات اور ذہنی صحت کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اس وقت فیس بک کے صارفین کی تعداد ڈیڑھ ارب سے زائد ہے اور یہ اس دور کا سب سے تیزی سے پھیلنے والا سوشل نیٹ ورک ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا کہ یہی وجہ ہے کہ فیس بک ہماری روزمرہ کی زندگی پر کئی طرح سے اثر انداز ہورہی ہے۔

محققین کے بقول فیس بک پر گزارے جانے والے وقت کا دورانیہ ذہنی کیفیات پر اثرانداز ہوتا ہے اور یہ عادت کسی بھی طرح دماغی صحت کے لیے ٹھیک نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فیس بک کا بہت زیادہ استعمال منفی انداز سے اثرانداز ہوتا ہے اور ایسے شواہد سامنے آئے ہیں کہ اس سے دوری دماغی صلاحیتوں کو بہتر بنادیتی ہے۔

تحقیق کے دوران رضاکاروں کو ایک ہفتے تک فیس بک سے دور رکھا گیا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ ان کی جذباتی حالت میں بہتری جبکہ زندگی میں اطمینان بڑھ گیا ہے۔

محققین نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ فیس بک سے مکمل دوری تو انتہاپسندی ہوگی تاہم اس کے استعمال کے دورانیے میں کمی لانے کی ضرورت ہے تاکہ مختلف ذہنی امراض سے بچا جاسکے۔

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ اسلام آباد)فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی ڈبیٹنگ سوسائٹی کے زیر اہتمام شعبہ اردو اور انگریزی کی معاونت سے طالبات میں تقریری مقابلے ہوئے جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر ناہید ضیا نے کی۔

تقریب کا اہتما م ڈاکٹر روحامہ پیٹرن اِن چیف ڈبیٹنگ سوسائٹی نے کیا ،انگریزی تقریر میں عائشہ سجاد،سارہ نور ، اورمریم زاہدنے اول ، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی، اردو تقریر میں ندرت فاطمہ، اقصیٰ رفیق اورسحرش نے اول ، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی۔

 


ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ جماعت کی مرکزی تنظیم سے لیکر وارڈ تک عہدیدار،کارکن ،یوتھ ونگ ،ایم ایس ایف (ن) ہمارا اثاثہ اور ن لیگ کی حکومت کے قیام میں ان کا بنیادی کردار ہے۔

تحریک آزادی اورگڈ گورننس کے قیام ،تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈا کی تکمیل میں ان کا بنیادی کردار ہو گا ۔کارکنوں کے حقوق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دوں گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے کشمیر ہا ئو س میں مسلم لیگ ن ضلع پونچھ کے رہنما سردار ریاض روشن ،فدا حسین کیانی سمیت وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم ،بربریت ،تشدد کے تمام حربے استعمال کرنے کے با وجود نفسیاتی طور پر شکست کھا چکی ہے ، آزادی لیکر رہیں گے ۔

 

 


ایمزٹی وی(مہمند ایجنسی)مہمند ایجنسی کے علاقے موصل کور میچنئی میں اسکول میں زور دار دھماکا ہوا جس سے عمارت جزوی طور پر تباہ ہو گئی ۔

ذرائع کے مطابق موصل کور میچنئی میں نامعلوم حملہ آوروں اسکول میں دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے جس سے ایک کمرہ تباہ ہو گیا تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔


پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جس وقت اسکول میں دھماکا کیا گیا طالب علم موجودتھے تاہم وہ محفوظ رہے تاہم دھماکے سے اسکول سے ملحقہ مکان کا کمرہ بھی تباہ ہو گیا ہے ۔
دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے ۔