ھفتہ, 30 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس)بھارت کے ہاتھوں انگلینڈ کی پٹائی کا فائدہ پاکستان نے اٹھالیا جس کے باعث رینکنگ میں قومی ٹیم تیسرے نمبر پرپہنچ گئی۔

بھارت نے 2016 کا اختتام ٹاپ رینکڈ ٹیم کے ساتھ کیا، اس نے انگلینڈ کو 5 میچز کی سیریز میں 0-4 سے مات دی، چنئی میں کھیلے جانے والے آخری ٹیسٹ میں بھارتی کامیابی کا مارجن ایک اننگز اور 75 رنز رہا۔ اپنے ہوم گراؤنڈز پر مسلسل دوسری سیریز بڑے تناسب سے جیتنے کی وجہ سے بھارت نے اپنی ٹاپ پوزیشن کو انتہائی مستحکم کرلیا ہے، انگلش ٹیم کے خلاف فتح سے 5 پوائنٹس اس کے ہاتھ آئے جس سے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 120 ہوگئی، وہ دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلیا سے پورے 15 پوائنٹس آگے ہے۔

دوسری جانب خشک اور مردہ وکٹوں کی دھول چاٹنے والی انگلش ٹیم نے سیریز کا آغاز آسٹریلیا کے ساتھ 105 پوائنٹس کی برابری سے کیا تھا،مگر اعشاریائی پوائنٹس کی برتری کے باعث دوسری پوزیشن حاصل تھی جہاں سے اب وہ 101 پوائنٹس باقی رہ جانے کے باعث پانچویں نمبر پر پہنچ گئی جو پاکستان اور جنوبی افریقہ دونوں سے ایک پوائنٹ کم ہے، گرین کیپس اور پروٹیز کے اگرچہ پوائنٹس 102 ہیں مگر چند اعشاریائی پوائنٹس نے پاکستان کو تیسرے نمبر پر پہنچا دیا۔

مصباح الحق الیون اس سے قبل نیوزی لینڈ کے ہاتھوں وائٹ واش کی وجہ سے چوتھے نمبر پر چلی گئی تھی۔ اب دوسرے سے پانچویں نمبر پر موجود چار ٹیموں کے درمیان 4 ہی پوائنٹس کا فرق ہے، یکم اپریل کی کٹ آف ڈیٹ بھی اپنے ساتھ خصوصی بونس لے کر آنے والی ہے، جو ٹیم اس تاریخ تک ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون ہوئی اسے 10 لاکھ ڈالر ملیں گے، دوسرے نمبر والی ٹیم کو 5 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے، تیسری اور چوتھی پوزیشنز کی حامل ٹیمیں بالترتیب 2 اور ایک لاکھ ڈالر حاصل کریں گی۔ ٹیسٹ رینکنگ کے حوالے سے 2016 کافی دلچسپ رہا، 21 اگست سے 11 اکتوبر کے دوران آسٹریلیا، پاکستان اور پھر بھارت ٹاپ پوزیشن پر فائز ہوئے۔

اب آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان 3 جنوری سے سڈنی میں شیڈول تیسرے ٹیسٹ کے اختتام پر رینکنگ اپ ڈیٹ ہوگی۔

 

 

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس) بھارتی بورڈ نے پاکستان سے باہمی سیریز پر پھر اپنا دامن صاف بچالیا، ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس دونوں ممالک کے درمیان مقابلوں پر بات چیت کے بغیر ہی ختم ہوگیا.
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے اس امید کے ساتھ سری لنکا کا سفر کیا تھا کہ وہ ایشین کرکٹ کونسل میٹنگ کے دوران اپنی ’سفارتکاری‘ کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ کو باہمی سیریز پر راضی کرنے کی ایک اور کوشش کریں گے مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ اس حوالے سے کوئی بات تک نہیں ہوئی۔

میٹنگ سے قبل یہ رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں کہ شاید دونوں روایتی حریفوں کی شمولیت سے کوئی ٹرائنگولر یا پھر چار ملکی ٹورنامنٹ ہو مگر اس پر کسی بھی قسم کی بات چیت کے بغیر ہی اے سی سی کی میٹنگ ختم ہوگئی۔ بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر کے ہمراہ میٹنگ میں شریک ہونے والے چیف ایگزیکٹیو راہول جوہری نے کہاکہ پاک بھارت میچ کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی،اس اجلاس میں اس حوالے سے گفتگو ہوئی کہ 2018 میں ایشیا کپ کو کیسے ایک بڑا ایونٹ بنایا جا سکتا ہے، اگرچہ اس میں ابھی کافی وقت باقی ہے تاہم تمام بورڈز کے چیف ایگزیکٹیوز جلد ہی اپنے منصوبوں کے ساتھ واپس لوٹیں گے کہ ایشیا کپ کے ریوینیو میں کس طرح اضافہ کیا جائے، خاص طور پر ایشین کرکٹ کونسل کی حیثیت کو مزید فعال کیسے بنایا جائے۔

اس حوالے سے ایشین کونسل کے چار بڑے بورڈز کے چیف ایگزیکٹیوز مل کر کام کریں گے،کمیٹی کے سربراہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد ہوں گے۔ یاد رہے کہ رپورٹس کے مطابق انوراگ ٹھاکر کی جانب سے ہی پی سی بی کو سہہ یا پھر چار ملکی ٹورنامنٹ کی تجویز دی گئی تھی۔ پی سی بی سے کیے جانے والے معاہدے کی رو سے بھارت کو پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز کھیلنی ہے تاہم وہ معاملہ اپنی حکومت پر ڈال کر مسلسل سیریز سے دامن بچا رہا ہے۔ اس وقت بی سی سی آئی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور اپنے ملک کی سپریم کورٹ کی جانب سے مختلف ایشوز کا سامنا ہے۔

اس نے ان دونوں کو آنکھیں دکھانے کیلیے ایشین بلاک کے پلیٹ فارم کو استعمال کرنا شروع کردیا، راہول جوہری نے دعویٰ کیا کہ اے سی سی ممبران نے بی سی سی آئی کے حوالے سے تشویش ظاہر کی، انھوں نے کہا کہ کہ اے سی سی بورڈز کی جانب سے بی سی سی آئی کے بارے میں بہت زیادہ تشویش ظاہر کی گئی، سب سے زیادہ ردعمل آئی سی سی کے ہمارے بورڈ کے ساتھ ہونے والے برتاؤ پر سامنے آیا، اے سی سی ممبران نے واضح کیاکہ بی سی سی آئی کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے،اگر ایسا ہوا تو اس سے عالمی کرکٹ متاثر ہوگی کیونکہ ہر کوئی بھارت پر ’انحصار‘ کرتا ہے۔

بگ تھری کے خاتمے پر ریونیو میں ممکنہ کٹوتی کے حوالے سے راہول جوہری نے کہاکہ تمام کرکٹ بورڈز ایڈوانس میں اپنا کیلنڈر تیار کرتے ہیں،اگر بی سی سی آئی کا شیئر کم ہوا تو پھر اس کا کھیل کی بہتری کیلیے طویل المدتی منصوبہ متاثر ہوگا جس کا نقصان دوسرے بورڈز کو بھی اٹھانا پڑے گا، اے سی سی ممبران نے ہمارے خدشات آئی سی سی تک پہنچا دیے ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(لنڈی کوتل) لنڈی کوتل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف 90 فیصد جنگ جیت لی اور بچ جانے والے دہشت گرد سرحد پار چلے گئے ہیں۔ پاکستان میں امن یونہی نہیں آ گیا بلکہ اس کے پیچھے ہزاروں قربانیاں ہیں۔ صرف ایف سی کے 1284 جوان اور افسر شہید ہوئے جبکہ 3 ہزار سے زائد زخمی اور 282 معذور ہوئے۔ قربانیاں دینے والے بہادر بیٹوں اور جوانوں کو یاد رکھنا چاہئے۔ دنیا بھر میں دہشت گردی کا گراف اوپر جا رہا ہے اور پاکستان میں یہ گراف نیچے آیا ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ لنڈی کوتل آنے پر آج بہت خوشی ہوئی، آپ سب کو اسلام آباد آنے کی دعوت دیتا ہوں اور آپ سے بہت سے معاملات پر رہنمائی لینا چاہتا ہوں ۔ یہاں آ کر اس سے بھی زیادہ خوشی امن قائم ہونے اور یہاں کے لوگوں کا امن کے قیام میں حکومت اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون پر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی جی ایف سی نے بتایا کہ امن قائم کرنے میں بہت بڑا کردار یہاں کے قبائل اور عوام کا ہے جنہوں نے سیکیورٹی فورسز، ایف سی اور پاک فوج کیساتھ بہت بڑا تعاون کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی ایف سی نے بتایا کہ اس علاقے کے لوگوں کی پاکستان کے ساتھ محبت کا یہ عالم ہے کہ کچھ عرصہ پہلے یہاں معاملہ گڑبڑ ہوا اور لڑائی ہوئی تو اس علاقے کے عوام آئے اور کہا کہ آپ پیچھے ہٹیں، ہم پاکستان کا دفاع کریں گے، تو میں نے کہا کہ یہ نئی بات نہیں جب ہمارے پاس فوج نہیں تھی تو اس خطے کے قبائل نے کشمیر کی جنگ لڑی تھی۔ حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ 15 سال سے جو دہشت گردی کی لہر آئی اس نے سب سے زیادہ قبائل کی زندگی کو نقصان پہنچایا اور ان کا امن تباہ کیا۔ آہستہ آہستہ اس تشدد نے سرایت کرتے ہوئے پورے پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے طول و عرض میں اور اس خطے میں بہت بہتری آئی ہے۔ میں اپنے ساڑھے تین سالہ دور وزارت میں ایف سی کی دعوت پر تین دفعہ یہاں آ چکا ہوں اور اظہار کر چکا ہوں کہ جب پہلی بار پشاور آیا تو مجھے یہاں آنے کی خصوصی دعوت تھی لیکن کسی وجہ سے نہ آ سکا لیکن آج مجھے ا س تاریخی علاقے میں آنے پر بہت خوشی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام مطمئن رہیں کیونکہ پاکستان کی فوج، پولیس اور سیکیورٹی فورسز پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اس جنگ میں ہزاروں قربانیاں دی گئی ہیں اور بہادری اور شجاعت کی مثالیں قائم کی گئی ہیں اور ایف سی کے جوانوں اور بہادروں کی شجاعت پر کتابیں لکھی جا سکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف اب آرمی چیف نہیں ہیں لیکن جو چلا جائے اس کے اچھے کاموں کو یاد کرنا چاہئے۔ جنرل راحیل شریف دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ اگلے مورچوں پر رہے اور حکومت نے بھی اس معاملے پر ان کیساتھ بھرپور تعاون کیا۔ ان کے اچھے کاموں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دنیا میں دہشت گردی کا گراف بڑھا ہے اور پاکستان واحد ملک ہے جہاں کم ہوا ہے لیکن ابھی یہ ختم نہیں ہوئی البتہ گزشتہ 15 سال سے جو دہشت گردی کی لہر جاری تھی اس میں پاک فوج کے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کے باعث بہت بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کے تاریخی آپریشن کے بعد یہ لوگ یا مارے گئے یا بھاگ کر سرحد پار چلے گئے۔ یہ لوگ چھپ کر سرحد پار کر کے آتے ہیں اور پھر گیدڑوں کی طرح ہمارے عوام پر وار کرتے ہیں۔ ہم نے ان کا راستہ روکنا ہے اور اس کیلئے ہم نے بہت ساری کوششیں کی ہیں۔ افغانستان کے ساتھ بارڈر 2400 کلومیٹر سے زیادہ ہے، اس کی حفاظت کرنی ہے۔ طورخم سے 30 ہزار لوگ روزانہ ادھر سے ادھر آ جا رہے تھے، افغان ہمارے بھائی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ بھی آئیں اور ہم بھی ادھر جائیں۔

جب وہ مشکل میں تھے تو پاکستان نے دل کھول کر انہیں خوش آمدید کہا اور آئندہ بھی کہیں گے لیکن اس طرح بغیر جانچ پڑتال کے کھلم کھلا آنے جانے کا مسئلہ یہ ہے کہ اس کا فائدہ دہشت گرد اٹھا رہے تھے اور عام لوگوں کے ساتھ آ جاتے تھے۔ اس لئے حکومت اور فوج نے فیصلہ کیا ہے کہ بارڈر مینجمنٹ بہتر کی جائے اور ایک جانب ایف سی تعینات کی جائے گی تو دوسری جانب بارڈر مینجمنٹ کی جائے گی۔ 2020ءتک صرف 6 کنٹرولڈ راستے ہوں گے جہاں سے آمدورفت ہو سکے گی۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستانیوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، اگرچہ دہشت گرد پاکستان میں نہیں لیکن وہ دوسرے ملک میں ہیں اور یہ صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے اور اس صورتحال کا تمام تر دباﺅ سیکیورٹی ایجنسیز برداشت کر رہی ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے افغانستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں سے ہمارے ناکردہ گناہوں کی بھی تشریح کر دی جاتی ہے۔ ہمارا افغانستان کے عوام سے ایک مذہبی رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا مگر میں افغانستان کے بالکل سامنے کھڑا ہو کر افغان حکومت کو کہتا ہوں کہ وہ اس مذہبی رشتے کا پاس رکھیں اور پاکستانی عوام کا افغانستان کے عوام سے جو تاریخی اور مذہبی رشتہ ہے اس کا پاس رکھیں، بہکاوے میں نہ آ کر کسی اور کا کھیل مت کھیلیں۔ پاکستان، افغانستان کے بارے میں انتہائی اچھے جذبات رکھتا ہے اور پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے مشروط ہے، ہم دونوں طرف امن چاہتے ہیں اور بے دریغ ایک دوسرے کے ملک آنا جانا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ آمدورفت آسانی سے ہو اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ یہاں سے وہاں اور وہاں سے یہاں آئیں۔ ہم ایک مذہب سے تعلق رکھتے ہیں، ایک اللہ کی عبات کرتے ہیں اور ایک رسول ﷺ کے ماننے والے ہیں۔

میں افغانستان پر واضح کرتا ہوں کہ ہم دوستی کے حوالے سے ہر بات ماننے کیلئے تیار ہیں مگر گیدڑ بھبکیاں اور غیروں کی ڈور ہلانے پر الزامات لگا دینا قابل قبول نہیں۔ پاکستانی حکومت نہ پہلے دباﺅ میں آئی اور نہ اب آئے گی، پاکستانی قوم میں غیرت، بہترین لڑاکا فوج اور سب سے بڑھ کر ایمان کی دولت ہے اس لئے اس قوم کا جرات، بہادری اور شجاعت میں نہ کوئی مقابلہ کر سکتا ہے اور نہ پاکستانی فوج کا کوئی مقابل ہو سکتا ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے ،ہم نے القاعدہ اور ٹی ٹی پی کے خطرے کو موثر طور پر نمٹا یا ہے ۔

بوسنیا کے دورے پر موجود وزیراعظم نواز شریف نے پارلیمانی گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے القاعدہ اور ٹی ٹی پی کی آماجگاہوں اور محفوظ ٹھکانوں کو ختم کردیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت چکائی ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے مشترکہ خطرے کو ختم کرنے کا مکمل عزم کیے ہوئے ہیں ۔

بھارت کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سے تمام تنازعات کا حل پر امن طریقے سے چاہتاہے ۔

 

 


ایمزٹی وی(تعلیم)کیڈٹ کالج حسن ابدال میں یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےصدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ جب بھی ایسی تقریب میں آتا ہوں تو اسکول نہ جانے پر کمی محسوس ہوتی ہے ،ابتدائی تعلیم گھر میں ہی حاصل کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ طالب علم چیلنجز سے نمٹنے کے لیے خود کو آنے والے دور کے لیے تیار کریں اور سوچیں کہ پاکستان کے لیے کیا کر سکتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ طالب علم ہمیشہ اللہ کا شکر ادا کرتے رہا کریں کیونکہ اللہ کا کر م ہوتا ہے جو کامیابیوں سے ہمکنار کرتا ہے ۔

ممنون حسین کا کہنا تھا کہ طلب علم ملکی ترقی و استحکام کے لیے جدید علوم سے استفادہ کریں ،ایمانداری اور قانون کی پاسداری کرنے والوں کو عزت ملتی ہے ۔صدر مملکت نے کہا کہ اے پی ایس پشاور میں شہید ہونے والے بچے اور اساتذہ ہمارے محسن ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) تیراکی کرنا ایک بہترین جسمانی سرگرمی ہے اور ماہرین صحت مند رہنے کے لیے مختلف جسمانی ورزشوں کے ساتھ تیراکی کرنے پر بھی زور دیتے ہیں۔

آج ہم آپ کو تیراکی سے حاصل ہونے والے فوائد کے بارے میں بتارہے ہیں تاکہ اگر آپ تیراکی نہیں کرتے تو فوراً سے پیشتر اسے شروع کردیں۔

ابتدائی طور پر۔
تیراکی کرنے کا سب سے پہلا فائدہ ذہنی تناؤ اور ٹینشن میں کمی کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ اگر آپ اپنے ذہنی دباؤ سے فوری چھٹکارہ چاہتے ہیں تو تیراکی کریں۔

نظام تنفس یعنی سانس لینے کا نظام مضبوط ہوتا ہے۔ آپ کے پھیپھڑے سخت حالات میں بھی سانسوں کی آمد و رفت کو معمول کے مطابق رکھنے کے عادی بنتے ہیں۔

تیراکی کے دوران آپ کے جسم کے تمام پٹھے حرکت میں آتے ہیں اور آپ جسمانی سرگرمی کا صحیح معنوں میں لطف اٹھاتے ہیں۔

ایک ہفتے بعد۔

ایک ہفتے تک باقاعدگی سے تیراکی کرنے سے خون کی روانی بہتر ہوتی ہے۔ آپ کا جسم خود کار طریقے سے اضافی کولیسٹرول سے چھٹکارہ حاصل کرنا شروع کردیتا ہے۔

دو ہفتوں بعد۔

آپ کے موڈ میں مستقلاً بہتری آنے لگتی ہے۔

آپ کی نیند کی عادات بہتر ہوتی ہیں اور آپ ایک پرسکون اور آرام دہ نیند سونے لگتے ہیں۔

آپ کے جسم کی قوت مدافعت مضبوط ہوتی ہے اور یہ معمولی انفیکشن سے بآسانی آپ کو محفوط رکھتی ہے۔

چھ ماہ بعد۔

اگر آپ 6 ماہ تک باقاعدگی سے تیراکی کرتے رہیں گے تو نہ صرف آپ کا وزن کم ہوگا بلکہ آپ کا جسم سڈول اور خوبصورت ہوجائے گا۔

 

 


ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) اداکارہ حمائمہ ملک کی زیرتکمیل فلم ارتھ ٹوکی ڈبنگ لاہورکے مقامی سٹوڈیومیں مکمل ہوگئی۔

جس کے ہدایتکارشان شاہد ہیں ۔ فلم میں حمائمہ ملک اورشان شاہدنے مرکزی کرداراداکیاہے ۔

دیگرفنکار وں میں محب مرزا،عظمیٰ حسن ،یاسرحسین اور دیگر شامل ہیں۔حمائمہ ملک نے بتایاکہ یہ ایک خوبصورت اورتفریحی فلم ہے جس کی شان نے بڑی محنت سے ڈائریکشن دی ہے ۔

فلم کی پوسٹ پروڈکشن کاسلسلہ جاری ہے ،نئے سال کے آغازمیں فلم کی تشہیری مہم کاآغازکردیاجائے گا ۔

فلم کی نمائش کی تاریخ کااعلان پوسٹ پروڈکشن مکمل ہونے کے بعد کیاجائے گا۔انکادعویٰ تھاکہ مذکورہ فلم 2017 کی بہترین فلموں میں سے ایک ہوگی جس میں میراایک منفرداوردلچسپ کردارہے ۔میں پرامیدہوں کہ میرے مداحوں کومایوسی نہیں ۔ہوگی

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر نزہت صادق کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس ہوا، جس میں کل بھوشن یادیو سمیت دیگر معاملات زیر غور آئے۔ اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ کلبھوشن یادیو مارچ میں گرفتار ہوا، اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود اس معاملے میں کوئی پیش رفت نہیں ہورہی اور ہمارا کیس کمزور ہو رہا ہے۔

سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ ملک میں خارجہ پالیسی نام کی کوئی چیز نہیں ہے، بین الاقوامی معاملات ہمارے دوست ممالک ہمارا ساتھ دینے کو تیار نہیں، بھارت اور افغانستان کے ساتھ ہمارے تعلقات اچھے نہیں، عرب ممالک کا جھکاؤ پاکستان کے بجائے بھارت کی طرف ہے، ایرانی صدر کے ساتھ جو سلوک ہم نے کیا وہ سب نے دیکھا۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کمیٹی کو بتایا کہ بھارت ایل اوسی پر فائرنگ کا جواز سرحد پارسے دہشت گرد آنے کا دیتا ہے، کلبھوشن یادیو سے متعلق تحقیقات ہو رہی ہیں، کل بھوشن کے نیٹ ورک کا مزید پتہ لگارہے ہیں، کل بھوشن ایک حاضر سروس افسر ہے جس سے واضح ہے کہ بھارت پاکستان میں مداخلت کر رہا ہے، بھارت جس طرح دہشت گردی کی حمایت کر رہا ہے اسے بے نقاب کرنا زیادہ اہم ہے، کل بھوشن یادیو کیس کے ڈوزیئر کی تیاری حتمی مراحل میں ہے اوریہ جلد تیار ہو جائے گا۔ ہم نے کلبھوشن کی ویڈیو جاری کی اور جلد اس کے بارے میں مزید اطلاعات سامنے آئیں گی۔

پاک افغان تعلقات پر مشیر خارجہ نے بتایا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات میں پیچیدگی ہے، اس کشیدگی کی وجہ افغانستان کے اندرونی، سیاسی اور سلامتی کے حالات ہیں، پاکستان نے افغانستان کو جو سہولیات دیں وہ دنیا میں کسی ملک نے نہیں دیں، پاکستان نے افغانستان کو تجارت کے لئے ڈیوٹی فری قرار دے رکھا ہے۔

 

 


ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) گوگل بنگلہ دیش کا پیج کو مبینہ طور پر پاکستان سے تعلق رکھنے والے ہیکرز نے ہیک کرلیا۔

زرائع کے مطابق ہیکرز نے گوگل بنگلہ دیش کے ڈومین ایڈریس کو بنگلی دیش ٹیلی کمیونیکشنز کمپنی لمیٹڈ (بی ٹی سی ایل) کی ڈی این ایس انٹری میں بدل کر صارفین کو ایک کاسٹیوم پیج کی جانب منتقل کردیا۔

ان ہیکرز نے اپنی شناخت ٹیم پاک سائبر اٹیکس کے نام سے کی اور پیج پر یہ پیغام چھوڑا ' سیکیورٹی تو بس ایک واہمہ ہے'۔

ہیکرز نے اپنی کارروائی کو چھپانے کی کوشش بھی نہیں کی اور اس ہیک شدہ پیج پر واضح طور پر ہیکر کی شناخت اس پیغام کے ساتھ کی ' فیصل 1337 سے ٹکراﺅ'۔

اس کے ساتھ ساتھ ہیکر کے فیس بک پیج اور ای میل ڈی تک کا لنک بھی دے دیا گیا۔

پیج ہیک ہونے کے فوری بعد گوگل نے بنگلہ دیش کے سرچ پیج تک رسائی حاصل کرنے والے صارفین کو اپنے انٹرنیشنل سرچ ہوم کی جانب ری ڈائریکٹ کردیا۔

دوسری جانب کچھ دیر بعد بی ٹی سی ایل نے ہیکرز کی انٹری کو اپنے سسٹم میں ٹھیک کرکے سائٹ تک رسائی بحال کرنے کا دعویٰ کیا۔

تاہم سہ پیر تک اس گوگل پیج تک صارفین تک رسائی نہیں ہوسکی تاہم اب اسے بحال کردیا گیا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ نے اپنےاسمارٹ فونز کی بیٹریز کی تیاری کیلئے ایل جی سے خفیہ بات چیت کا آغاز کر دیا۔

 دعوی کیا جا رہا ہے کہ سام سنگ گلیکسی نوٹ سیون کی خراب بیٹریوں کی وجہ سے کمپنی یہ اقدام اٹھا رہی ہے۔

اسمارٹ فون بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی سام سنگ اس وقت اپنے فونز کیلئے بیٹریاں سام سنگ ایس ڈی آئی فرم اور چینی کمپنی ایمپریکس ٹیکنالوجی سے حاصل کر رہی ہے۔

زرائع کے مطابق ٹیکنالوجی انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سام سنگ اور ایل جی کیمیکل لمیٹڈ کے درمیان معاہدہ طے پانے کا امکان نوے فیصد ہے۔

اگر یہ معاہدہ ہو گیا تو ایل جی کیمیکل آئندہ برس کی دوسری سہ ماہی تک سام سنگ کو بیٹریوں کی سپلائی شروع کر دے گا۔

واضح رہے کہ ایپل اور ایل جی الیکٹرونکس جیسے بڑے ادارے اس وقت ایل جی کیمیکل کی تیارکردہ بیٹریاں استعمال کر رہے ہیں۔