Reporter SS
ایمزٹی وی(واشنگٹن) امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے خواہشمند افراد کے لیے پیکیج کا اعلان کر دیا گیا۔
افتتاحی تقریب کا کم سے کم ٹکٹ 25 ہزار ڈالر ( 25 لاکھ روپے) ہے۔ تقریب میں وی وی آئی پی شرکت کے خواہشمند کو 10 لاکھ ڈالر یعنی 10 کروڑ پاکستانی روپے خرچ کرنا ہوں گے۔
10 لاکھ ڈالر کا ٹکٹ لینے والے کو ڈونلڈ ٹرمپ اور میلانیا ٹرمپ کے ساتھ کھانے اور ٹرمپ کی کابینہ کے نامزد ارکان سے ملنے کا موقع ملے گا۔ ٹرمپ کی افتتاحی تقریب کمیٹی نے ساڑھے 7 کروڑ ڈالرکا ہدف مقرر کیا ہے۔
ایمزٹی وی(ہیوانا)کیوبا میں آنجہانی رہنما فیڈل کاسترو کی آخری رسومات میں متعدد عالمی رہنماؤں نے شرکت کی جن میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو، نکاراگوا کے صدر ڈانیئل اورٹیگا، بولیویا کے صدر ایوو مورالیس اور ایکواڈور کے سربراہِ مملکت رافائیل کوریعا بھی شامل تھے۔
مرکزی تقریب دارالحکومت ہوانا کے انقلاب چوک میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر لاکھوں شہریوں نے اپنے قائد کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے اْنھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ فیڈل کاسترو گزشتہ جمعے کی شام 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو ہارٹ آٰف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لیے بھارت جانے کی ہدایت کردی ۔
میڈ یا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم ہاوس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے نواز شریف سے ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لیے مجوزہ دورہ بھارت پر بریفنگ دی ۔
اس موقع پر وزیراعظم نے سرتاج عزیز کو ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی ہدایت دی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں پاکستان خطے کی سیکیورٹی کو در پیش چیلنجز کا معاملہ اٹھائے گا اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مناسب اقدامات کرنے پر بھی بات کی جائے گی ۔
ایمزٹی وی(لاہور)لاہورمیں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹوزرداری نے حکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا، چیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے (ن) لیگ حکومت سے 4 مطالبات کیے ہیں جس کا انہوں نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جواب نہیں دیا، میں نے اپنی ذات کے لیے حکومت سے کچھ نہیں مانگا، صرف پارلیمنٹ کو طاقتور کرنے کی بات کررہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیں سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کرے، 27 دسمبر کو دما دم مست قلندرہوگا، پورالاہور سڑکوں پر ہوگا پھر آپ کو لگ پتا جائے گا جب سب مل کر تخت لاہورکی آمریت کو گرائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاناما اسکینڈل دنیا کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے، یوسف رضا گیلانی کو صرف ایک خط نہ لکھنے پر نا اہل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو تیسری بار وزیراعظم بنوایا گیا، اب اگلے الیکشن میں دھاندلی نہیں ہونے دوں گا، شیر نے بلی بن کر بھاگنے کی کوشش کی تو بھاگنے نہیں دیں گے، شہید بی بی کی طرح جمہوری طریقے استعمال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سے زیادہ آئین اور قانون کون جانتا ہے، ہم انصاف کے لیے جمہوری انقلابی اصلاحات لائیں گے، میں سندھ میں تبدیلی لے آیا ہوں، پارٹی میں تبدیلی لارہا ہوں، اگر میرا ساتھ دیا تو پورے ملک میں جمہوری انقلاب لاؤں گا۔
پیپلز پارٹی کے چیرمین نے کہا کہ ایجنڈے کے ذریعے نئی جمہوری اصلاحات کے لیے کوشش کریں گے، ہم نیا ایجنڈا لائیں گے جو پاکستان کے لیے مکمل عملی ترقی پسند پلیٹ فارم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہورمیں آج نئی پیپلز پارٹی جنم لے رہی ہے، پورے ملک میں ضلعی تنظیم نو سے گزر رہے ہیں، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) قومی اسمبلی میں حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان میں خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی تعداد 5 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ہے جو مجموعی آبادی کا تقریباً 30 فیصد ہے۔
آئی این پی کے مطابق گزشتہ روز وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں کے مطابق ملک کی 29.50 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے جو کہ تقریباً53 ملین افراد بنتے ہیں، اگر کوئی فرد ہر ماہ 3 ہزار 30 روپے سے کم آمدن رکھتا ہو تو وہ خط غربت سے نیچے تصور ہوتا ہے۔
محصولات وصولی میں 62 فیصد اضافہ ہوا، سرکاری ملازمین کیلیے ہاؤسنگ بلڈنگ ایڈوانس کی مد میں کم سے کم 50 لاکھ روپے مقرر کرنیکی کوئی تجویز زیر غور نہیں، کم تنخواہ والوں کو اگر اتنی رقم دی جائے تو اس کی ریکوری مشکل ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک میں فوجداری انصاف کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اسٹڈی جاری ہے، عبوری رپورٹ جلد سامنے آجائے گی، ای میل یا فیکس کے ذریعے ایف آئی آر درج نہیں کی جا سکتی، افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے پالیسی موجود نہیں، سندھ میں پاک بھارت سرحد پر دیوار تعمیر کرنیکی کوئی تجویز نہیں
ایمزٹی وی(مظفرآباد)وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے سی ایم ایچ مظفرآبادکا دورہ کیااور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں اور دیگر مریضوں کی عیادت کی ۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات مشتاق احمدمنہاس بھی ان کے ہمراہ تھے
۔ وزیر اعظم نے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔
عوام کی خدمت ہمارا اولین ایجنڈا ہے جسکی تکمیل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں ، لائن آف کنٹرول کے 13حلقوں میں ڈاکٹرز کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنادی ہے۔
ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)صدر آزاد جموں و کشمیر اور وائس چیئرمین آزاد جموں و کشمیر کونسل سردار مسعود خان کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر کونسل کا اجلاس ہوا
اجلاس میں وزیرامور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے 22 ارب 55 کروڑ روپے سے زائد کامالی بجٹ برائے سال2016/17 پیش کیا۔ رواں سال کے بجٹ کا تخمینہ پچھلے سال 2015/16 کے بجٹ سے تقریباً 715 ملین روپے زیادہ ہے ۔بجٹ میں کل آمدن کا تخمینہ 17 ارب 31 کروڑ روپے ہے ۔و
فاقی وزیر نے کہا کہ پیش کردہ بجٹ کا خسارہ غیرترقیاتی اخراجات میں کمی،3G,4G لا ئسنسوں کی فروخت و نیلامی سے حاصل شدہ آمدنی اور حکومت پاکستان کی جانب سے گرانٹ ان ایڈکی مدد سے پورا کیا جائے گا۔
اجلاس میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی وزیر امور کشمیر نے برجیس طاہر نے کہا کہ ہم کشمیری بھائیوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری اور محدود وسائل کے باوجود آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔
قبل ازیں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کراچی کے سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سردار مسعود خان نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام ریاست کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں کرینگے ’ کشمیری امن پسند لوگ ہیں، بھارت کے جابرانہ ہتھکنڈوں نے مزاحمت پر مجبور کیا ، آزاد کشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974 میں مناسب ترامیم اور مالیاتی خسارے کے خاتمے کیلئے وفاقی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ایمزٹی وی(جھنگ) پی پی 78 جھنگ میں ضمنی الیکشن کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار 562 ہے جن میں سے ایک لاکھ 18 ہزار 627 مرد ووٹر جب کہ 90 ہزار 635 خواتین ووٹرز ہیں۔
جھنگ میں پولنگ کے کے لئے 171 پولنگ اسٹیشنز اور 418 پولنگ بوتھز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 17 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ اور دھاندلی کو روکنے کے لئے تمام پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج اور رینجز کے جوان اندر اور باہر تعینات ہیں، پولیس کی نفری کے علاوہ رینجرز کی 7 اور پاک فوج کی ایک کمپنی کو الیکشن کے دوران تعینات کیا گیا ہے۔ رینجرز اور فوج کے جوانوں کو ایک دن کے لئے مجسٹریٹ درجہ اول کے خصوصی اختیارات دیئے گئے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کےحاجی ناصر آزاد انصاری، تحریک انصاف کے شیخ ارفا مجید، پیپلز پارٹی کے سرفراز ربانی، عوامی تحریک کے رانا نسیم اور آزاد امیدوار مولانا مسرور نواز جھنگوی سمیت 25 امیدوار میدان میں ہیں تاہم مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حاجی ناصر اور آزاد امیدوار مولانا مسرور نواز کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ پی پی 78 جھنگ کی نشست مسلم لیگ (ن) کی امیدوار راشدہ یعقوب کو نا اہل قرار دیئے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ سپریم کورٹ نے راشدہ یعقوب کو اثاثے ظاہر نہ کرنے پر نا اہل قرار دیا تھا۔
ایمزٹی وی (تعلیم/ لاہور)لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر کو ہٹانے کا حکم دیدیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے شہری کی درخواست پر پنجاب یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر مجاہد کامران سمیت دیگر چار سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کو فی الفور عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے اگلے 7روز میں نئے وائس چانسلرز مقرر کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔دیگر یونیورسٹیوں میں لاہور کالج فار وویمن یونیورسٹی ، نواز شریف انجینئر نگ یونیورسٹی ملتا ن اور سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلرز شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجاہد کامران کے خلاف شہری اورنگزیب نے تین بار ایکسٹینشن اور دیگر الزامات پر لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا تھا جہاں آج عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد انتظامہ کو ہدایت کر دی ہے کہ قائم مقام وائس چانسلر کو فی الفور عہدے سے ہٹایا جائے ۔
عدالتی فیصلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ سینئر ترین پروفیسرز کو وائس چانسلر بنایا جائے اور وائس چانسلر ز کے عہدوں پر تعیناتیوں کیلئے7روز میں اشتہار دیکر بھرتیاں کی جائیں ۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ وائس چانسلر ز کی تعیناتی کا اختیار حکومت کی بجائے ایچ ای سی کے پاس ہے ۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے مردم شماری از خود نوٹس کیس کی سماعت کی ۔سپریم کورٹ نے حکومت کو آئندہ برس مارچ سے مئی تک مردم شماری کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مردم شماری نہیں کرانی تو وزیراعظم خود عدالت میں پیش ہوں۔
دوران سماعت اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے لئے تمام صوبوں کی شمولیت ضروری ہے جس پر امیر ہانی مسلم کا کہنا تھا کہ ٹھیک ہے وزیراعظم کہہ دیں کہ صوبے تعاون نہیں کر رہے، کل الیکشن کمیشن کہے گا کہ فوج کے بغیر ہم الیکشن نہیں کروا سکتے۔
چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ مردم شماری نہیں کرانی تو آئین میں ترمیم کر لیں، حکومت کی مردم شماری کی نیت ہی نہیں جب کہ بغیرمردم شماری الیکشن عوام کے ساتھ مذاق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی پالیسیاں ہوا میں بن رہی ہیں، عوام کی تعداد کسی کو معلوم ہی نہیں، قومی معاملے پر کوئی سیاسی جماعت عدالت میں نہیں آئی۔
جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ مردم شماری نہیں کرانی تو وزیراعظم خود سپریم کورٹ آ جائیں، جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت جو چاہے تاریخ دے دے مردم شماری کے لئے تیار ہیں۔ سپریم کورٹ نے حکومت کو 15 مارچ سے 15 مئی 2017 کے درمیان مردم شماری مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 7 دسمبر تک ملتوی کردی۔
جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ آئندہ سماعت پر وزیراعظم کے دستخط شدہ شیڈول پیش کریں یا پھر وزیراعظم خود پیش ہوں۔