Reporter SS
ایمزٹی وی(کراچی) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر فاروق ستارنے کہاہے کہ ایم کیوایم میں قیادت کی کوئی اسامی خالی نہیں، ہمارا کسی کے ساتھ اتحاد نہیں ہورہا، یہ سب کہانیاں ٹیبل اسٹوری ہیں، نہ سامنے کے دروازے سے کسی کو قیادت دینی ہے،نہ ہی کسی کوبیک ڈور سے آفر کرنی ہے، ایم کیو ایم کی قیادت ایم کیو ایم کے اندر سے ہی نکلے گی اور مردم شماری کے بعد ایم کیو ایم سندھ کا وزیراعلیٰ کراچی سے لائے گی۔
محمودآباد ٹاؤن کے جنرل ورکرزاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہاکہ اگرہم متحدہیں توٹاک شومیں ایم کیوایم کیخلاف منفی پروپیگنڈے بھی رک جائیں گے،ایم کیوایم کے جلسے اوردھرنے ثابت کردیں گے کہ ایم کیوایم ایک ہے،جولوگ سمجھتے ہیں کہ ایم کیو ایم بکھررہی ہے انھیں بتادیناچاہتے ہیں کہ ایم کیوایم بکھر نہیں رہی بلکہ نکھررہی ہے،ایم کیوا یم ایک ہے اورایک رہے گی۔
فاروق ستار نے کہا کہ25دسمبر کوایم کیو ایم پاکستان کے زیراہتمام عظیم الشان جلسہ عام ہوگا، محمود آباد کی بہنیں، بیٹیاں جلسہ گاہ کو بھردیں گی، ایم کیوایم پاکستان میں بڑے بڑے جلسے کرے گی اوراپنے ہی جلسوں کے ریکارڈ توڑے گی،اگر دھرنا دینا پڑا تو ایک دھرنا دینا ہوگا، جلسوں اور دھرنوں کے ذریعے ریفرنڈم کروانا ہوگا اور اپنا حق لینا ہوگا۔
فاروق ستارنے کہا کہ ہمارے لاپتہ ساتھی زندہ ہیں اور وہ اپنے لوگوں کے درمیان آکر ملیںگے،یہ سب ہمارے اتحاد سے ممکن ہوگا، ہمارے بیشتر کارکنان اوراسیروں پرجھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں ان کورہاکیاجائے اور لاپتہ کارکنوں کوبازیاب کرایا جائے، ہمارے ساتھیوں کے قاتل بھی گرفتار کیے جائیں، اب گراؤنڈ میں اترنے کا وقت آرہاہے، عوام و کارکنان تیار ہو جائیں۔
جنرل ورکرزاجلاس میں محمودآباد ٹاؤن کی مختلف یوسیز، منظور کالونی، اختر کالونی ودیگر علاقوں کے ذمے داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
فاروق ستار پنڈال میں آئے تو عوام نے گل پاشی کی اور نعرے لگاکر ان کاپرتپاک استقبال کیا۔ کارکنان کاجوش وخروش دیدنی تھا۔ اجلاس میں خواتین ورکرزنے بھی بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ کارکنان مختلف ٹولیوں اور ریلیوں کی شکل میں پنڈال میں پہنچتے رہے جس کے باعث دیکھتے ہی دیکھتے پنڈال میں جگہ کم پڑ گئی، اس موقع پرایم کیوایم کاروایتی نظم وضبط دیکھنے میں آیا۔
ایمزٹی وی(کراچی) حکومت سندھ نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر شہر بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر 2 روز کے لیے پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی 20 اور 21 کو ہوگی جو چہلم کے موقع پرشہر میں امن وامان کی صورتحال کو برقراررکھنے کے لیے لگائی گئی ہے۔
نوٹی فکیشن کےمطابق بزرگ، صحافی، خواتین، بچے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ڈبل سواری پر پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
پولیس حکام نے عوام سے ڈبل سواری پر پابندی کی پاسداری کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سلیمانکی سیکٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فوجی افسران، جوانوں اور جنگی ہیروز سے ملاقاتیں کیں اور جنگ میں لڑنے والے سابق فوجیوں اور رینجرز اہلکاروں کے ساتھ دن گزرا جب کہ اس موقع پر انہوں نے میجر شبیر شریف شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مادر وطن کے لیے جان قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کے ہیروز کی طرح پاک فوج کسی بھی چیلنج کے لیے تیار ہے، پاک فوج اپنے کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے آزمائی گئی ہے جس نے ہمیشہ ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج سب سے زیادہ سخت جان فوج بن چکی ہے جو اپنی جنگی مہارت کی وراثت اور روایات رکھتی ہے۔
جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اب بھی پاک فوج جنگی صلاحیتوں سے لیس اور روایتی جنگ کے لیے تیار ہے۔
ایمزٹی وی(آزاد کشمیر) گزشتہ رو ز شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری اور لاہور پر یس کلب کے دورہ کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کی پاکستان مخالف دشمنی ڈھکی چھپی نہیں، بھارت کنٹرول لائن پر جان بوجھ کر حالات خراب کررہا ہے ۔
صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کشمیر کا مقدمہ سفارتی سطح پر بہتر طور پر لڑرہا ہے عالمی طاقتیں مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے کردار ادا نہیں کر رہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا مقصد سی پیک منصوبے کو نقصان پہنچانا ہے۔مسئلہ کشمیر کا حل صرف رائے شماری سے ممکن ہے۔
انہوں نے کہا بھارت70سال سے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز طور پر قابض ہے اور کشمیر یوں کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے مگر و ہ اپنے عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہوگا اور آخر کار کشمیر کو آزاد کر نا ہی پڑ یگا
پاک فوج بھارت کو کنٹرول لائن پر منہ توڑ جواب دے رہی ہے اور بھارت کو بلا اشتعال فائر نگ کا سلسلہ بند کر نا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور یہاں کے عوام سمیت تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں آزادی کی تحر یک میں کشمیر یوں کیساتھ ہیں.
ایمزٹی وی(لاہور)پاکستان پیپلز پارٹی نے وسطی پنجاب کی تنظیمی کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کو صدر مقرر کردیا ہے۔
بلاول ہائوس لاہور میں پیپلز پارٹی کی کو آرڈینیشن کمیٹی وسطی پنجاب کا اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت ہوا ۔ اجلاس میں بلاول بھٹو نے قمر زمان کائرہ کو پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کا صدر بنادیا جبکہ ندیم افضل چن کو وسطی پنجاب کا سیکرٹری جنرل مقرر کردیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں مصطفیٰ نواز کھوکھر کو سیکرٹری اطلاعات مقرر کردیا گیا۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے نو تعینات صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ اعتماد کا اظہار کرنے پر بلاول بھٹو کا شکر گزار ہوں ، وہ جمہوری انداز میں پارٹی کو آگے لے کر بڑھ رہے ہیں۔ مشکل وقت آتے ہیں روایت ختم نہیں ہوتی ،پارٹی میں مشاورتی عمل جاری ہے پیپلز پارٹی کو پنجاب میں دوبارہ فعال کریں گے۔
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین نے کہا ہے کہ اصل امیدوار کی جگہ کسی اور کو امتحان میں شرکت کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اصل امیدوار کو ضابطہ کے تحت دو سال کیلئے کسی امتحان میں شرکت سے روکا جا سکتا ہے ۔
یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ابراہیم علی بھائی گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول بلاک اے نارتھ ناظم آباد اور ونڈ سر پبلک ہائی اسکول بلاک ایچ نارتھ ناظم آباد سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ پارٹ ٹو (میٹرک) کے سائنس اور جنرل گروپس کے ضمنی امتحانات برائے سال 2016کے تحت ہونے والے امتحانات کے مختلف امتحانی مراکز کے اچانک دورے کے بعد اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایمزٹی وی (کراچی)جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ایوننگ پروگرام پروفیسرڈاکٹرعابدحسنین کے مطابق شیخ الجامعہ کی منظوری سے ایوننگ پروگرام کے طلبہ جنہوں نے اپنی ٹیوشن اورامتحانی فیس تاحال جمع نہیں کرائی ہےان کی 80فیصد لیٹ فیس معاف کردی گئی ہے
اعلامیہ کے مطابق ۔وہ اپنی بقیہ 20 فیصد لیٹ فیس بمع ٹیوشن اورامتحانی فیس 15 دسمبر تک کیش یا پے آرڈر کی صورت میں جامعہ کراچی میں قائم یوبی ایل اورحبیب بینک کی کیمپس برانچز میں دوپہر 3تاشام 6بجے تک جمع کرادیں۔
ایمز ٹی وی ( ٹیکنالوجی) لاس اینجلس آٹو شو میں ڈائیور جینٹ 3 ڈی ایک خوبصورت نئے "سپر بائیک" ڈیزائن ڈیگر کومیدان میں لایا ہے ۔
یہ موٹر سائیکل لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا رہی ہے لیکن اصل میں اس کی خوبصورتی نہیں بلکہ اس کی تیاری میں استعمال ہونیوالا مواد ہے جو اس موٹر سائیکل کو خاص بناتا ہے ۔ ڈیگر کا ڈھانچہ 3 ڈی پرنٹڈ ہے ۔
پرنٹنگ کے عمل کیلئے ایک ایسا کاربن فائبر ڈھانچہ تیار کیا گیا ہے جس کے بارے میں ڈائیور جینٹ 3 ڈی کا دعویٰ ہے کہ روایتی موٹر سائیکل مواد سے اس کا 50 فیصد کم وزن ہے ، یوں سڑک پر موٹر سائیکل کی کارکردگی کہیں زیادہ بہتر ہو
جائیگی ۔
یہ موٹر سائیکل مکمل طور پر 3 ڈی پرنٹڈ نہیں ہے ۔ اس کی سب سے اہم چیز یعنی انجن کاواساکی کا ایچ 2 ہے ۔ اس وقت ڈائیورجینٹ کی توجہ اسکے ڈھانچے کی 3ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی پر مرکوز ہے ۔
ڈائیورجینٹ 3ڈی اس سے پہلے اپنی 3 ڈی پرنٹڈ سپر کار دی بلیڈ کی وجہ سے مشہور تھا جسے پچھلے سال پیش کیا گیا تھا۔
ایمز ٹی وی (ٹیکنالوجی) سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنے حریف سنیپ چیٹ کیساتھ مقابلہ سخت کرنے کیلئے فیسیومیٹرکس نامی ٹیکنالوجی خرید لی ہے ۔
فیس بک کے ترجمان نے کہا وقت کیساتھ ساتھ لوگوں کا اپنے جذبات کے اظہار کا طریقہ بھی بدل رہا ہے اور اب یہ اہم ہے کہ آپ اپنے جذبات کا اظہار کس قدر مزاحیہ اور دلچسپ انداز میں کرپاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا ہم فیس بک کی ٹیم میں فیسیو میٹرکس کی ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں جسکی مدد سے ہمارے صارفین اب اپنی تصاویر اور ویڈیوز کو دلچسپ شکل دے سکتے ہیں اور فیس بک پر شیئر کرنے کے ایک بالکل نئے تجربے سے روشنا س ہوسکتے ہیں۔
فیسیو میٹرکس 2015 میں پنسلوانیا میں بنایا گیا تھا اور اس میں استعمال کی گئی مصنوعی ذہانت کے ذریعے صارفین اپنی تصاویر کو نیا اور اچھوتا تاثر دے سکتے ہیں۔ فیسیو میٹرکس کے چیف ایگزیکٹو کے مطابق فیس بک کیساتھ ہونیوالے معاہدے سے ہم اس قابل ہوجائینگے کہ ایک ناقابل یقین پیمانے پر پہنچ کر کام کرسکیں اور ہماری چیز ساری دنیا تک پہنچ جائیگی۔