جمعرات, 28 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS


ایمزٹی وی(کراچی)لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بعد بھارتی افواج نے سمندری حدود کی خلاف ورزی بھی شروع کر دی ہے لیکن بھارتی آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش پاک بحریہ نے ناکام بنا دی۔

ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی آبدوز نے پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے اپنی موجودگی کوبھی خفیہ رکھنے کی کوشش کی لیکن پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹس نے بھارتی آبدوز کا تعاقب کیا اور بھارتی آبدوز کی پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بھارتی آبدوز کو پیچھے دھکیل دیا۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ بھارتی بحریہ آبدوزوں کو پاکستان کے خلاف تعینات کر رہی ہے لیکن پاک بحریہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور بحری سرحدوں کے دفاع کے لئے پاکستان نیوی ہر لمحہ تیار ہے

 

ایمز ٹی وی ( ٹیکنالوجی) واٹس ایپ سے اب کال ہی نہیں وڈیوکال بھی کی جاسکتی ہے ، ایپلی کیشن اپ ڈیٹ کریں مگر ہوشیاری کے ساتھ اور واٹس ایپ پر موصول کوئی انوی ٹیشن کھولیں نہ ذاتی معلومات شیئر کریں ورنہ ہیکرز کے نرغے میں آسکتے ہیں ۔

15 نومبر کو واٹس ایپ پر وڈیو کال کا فیچر متعارف کرائے جانے کے بعد یوزرز کو واٹس ایپ پر ایک میسج موصول ہورہا ہے،جس میں وڈیو کال کے لیے ایپلی کیشن اپ ڈیٹ کرنے کا کہا جاتا ہے۔

اس لنک پر کلک کرتے ہی ایک نیا پیج سامنے آتا ہے جس میں ویری فیکیشن کرانے کے ساتھ یہی میسج 4دوستوں کو بھیجنے کا کہا جاتا ہے۔

ایسا کرنے سے واٹس ایپ تو اپ ڈیٹ نہیں ہوتا لیکن آپ ہیکرز کے نرغے میں ضرور آجاتے ہیں ،اس لیے واٹس ایپ پر وڈیو کال کے لیے ایپلی کیشن کو اپنے موبائل فون پر گوگل پلے اسٹور یا ایپ اسٹور سے اپ ڈیٹ کریں اورہیکرز سے محفوظ رہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (ٹیکنالوجی) مائیکروسافٹ نے رنگ اندھے یا کلربلائنڈنیس کے شکارافراد کے لیے ایک انوکھی ایپ بنائی ہے جس کے ذریعے وہ مختلف رنگوں کے درمیان فرق کرسکیں گے۔

یہ ایپ آئی فون کے لیے بنائی گئی جس میں ایک ٹرانسلیٹر بھی ہے۔ اسے ’’کلر بائنوکیولرس‘‘ کا نام دیا گیا ہے جو ایک فری آئی او ایس ایپ ہے ۔ اس میں موجود فلٹر، رنگوں کو مرض کی 3 اقسام کے لحاظ سے تصاویر کو بدلتا ہے اور انہیں اپنی جانب سے خاص رنگ دیتا ہے تاکہ کلر بلائنڈ کے شکار اسے بہتر طور پر دیکھ سکیں۔

ایپ ان لاکھوں افراد کے لیے یہ ایک اہم ٹول ہے جس کی بدولت وہ دنیا کو بھرپوررنگوں کے ساتھ دیکھ سکتے ہیں۔ ایشیا کو مختلف رنگوں کے شیڈز میں اس طرح دکھایا جاتا ہے تاکہ اس مرض کی شکار خواتین کچے اور پکے ہوئے گوشت کے درمیان فرق کرسکیں۔ اس ایپ میں موجود فلٹر کھینچی جانے والی تصویر کے رنگوں کو 3 انداز میں تبدیل کرسکتی ہے جن میں سرخ سبز، سبزسرخ، اور نیلا پیلا شامل ہیں کیونکہ کلربلائنڈنیس کی 3 اقسام انہی کیفیات کو بیان کرتی ہیں۔ اسے بنانے والے انجینیئر اوورٹون خود کلر بلائینڈ ہیں جو خزاں اور موسمِ بہار کے پتوں کے درمیان کوئی فرق محسوس نہیں کرسکتے۔

اس بنانے والوں کے مطابق اب رنگ اندھے افراد پھول شناخت کرسکتے ہیں، میچنگ کے کپڑے اور میک اپ پسند کرسکتے ہیں اور اگر کوئی فرق ہوتا ہے تو اسکرین پر ٹیکسٹ کے ذریعے اطلاع دی جاتی ہے۔

ایپ خاص کیفیت میں مبتلا افراد کے لیے رنگوں کی شناخت میں مدد دے گی کیونکہ وہ سبز اور پیلے کے درمیان تمیز نہیں کرسکتے۔ سیٹنگ کے لحاظ سے یہ ایپ سرخ اور سبز سیبوں کی تصویر میں سےسرخ سیب کو گلابی دکھاتی ہے جس سے فرق ظاہر ہوجاتا ہے۔ یہ ایپ مائیکروسافٹ کے گیراج بچ ڈے مقابلے میں تیار کی گئی تھی اوراسے ڈاؤن لوڈ کرکے کسی بھی اسکرین والے فون کے ساتھ باآسانی استعمال کیا جاسکتا ہے جس کا فائل سائز صرف 14.6 ایم بی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی ( ٹیکنا لوجی) ماہرینِ فلکیات کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے ’’آسٹروسیسمولوجی‘‘ نامی طریقہ استعمال کرتے ہوئے کائنات کا سب سے گول ستارہ دریافت کرلیا ہے جو زمین سے 5 ہزار نوری سال دور ہے یعنی اس سے آنے والی روشنی کو ہم تک پہنچنے میں پانچ ہزار سال لگ جاتے ہیں۔

اس ستارے کو کیپلر خلائی دوربین نے دریافت کیا تھا یہ اپنے محور پر بہت آہستگی سے گردش کررہا ہے اور سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اسی وجہ سے یہ ’’مکمل کرے‘‘ (perfect sphere) کی شکل میں بھی ہے۔

یاد رہے کہ ستارے، سیارے اور سیارچے بظاہر بالکل گول ضرور نظر آتے ہیں لیکن وہ مکمل طور پر گول نہیں ہوتے کیونکہ اپنے محور پر (لٹّو کی طرح) گردش کی وجہ سے وہ اپنے استواء (درمیانی حصے) پر قطبین کے مقابلے میں زیادہ چوڑے ہوتے ہیں۔ یہ مثال ہمارے سورج، زمین اور چاند پر بھی صادق آتی ہے جو اپنی تیز رفتار محوری گردش کی وجہ سے استواء پر قدرے پھیلے ہوئے ہیں جب کہ قطبین پر نسبتاً پچکے ہوئے ہیں۔ نظامِ شمسی کے باقی سیاروں، سیارچوں اور کائنات میں دوسرے ستاروں کا معاملہ بھی یہی ہے۔ یہ بات ایک سائنسی اصول کے طور پر تسلیم کی جاتی ہے کہ کسی ستارے، سیارے یا سیارچے کی محوری گردش جتنی زیادہ ہوگی وہ اپنے قطبین پر اتنا ہی زیادہ پچکا ہوا اور استواء پر اسی قدر پھیلا ہوا بھی ہوگا۔ اس کے برعکس وہ اپنے محور پر جتنی آہستگی سے گھوم رہا ہوگا وہ اتنا ہی زیادہ ’’مکمل کرے‘‘ کی شکل میں بھی ہوگا یعنی قطبین اور استواء پر اس کا قطر تقریباً یکساں ہوگا۔ ’’کیپلر‘‘ نامی اس ستارے کی جسامت ہمارے سورج کے مقابلے میں دُگنی ہے لیکن اپنے محور پر گھومنے کی اس کی رفتار ہمارے سورج کے مقابلے میں صرف ایک تہائی (3 گنا کم) ہے۔ بتاتے چلیں کہ ہمارا سورج اپنے محور پر ایک گردش 27 دن میں پوری کرتا ہے۔

یونیورسٹی آف گوٹنجن، جرمنی کے ماہرین کی قیادت میں جاپان، متحدہ عرب امارات، امریکا اور برطانیہ کے سائنسدانوں پر مشتمل ایک عالمی تحقیقی ٹیم نے ’’آسٹرو سیسمولوجی‘‘ نامی تکنیک استعمال کرتے ہوئے اس ستارے سے آنے والی روشنی کا تجزیہ کیا اور اس میں محوری گردش کی رفتار معلوم کی تو پتا چلا کہ یہ تقریباً 81 دنوں میں اپنے محور پر ایک پورا چکر لگاتا ہے۔

اس کے اوسط قطر کو دیکھتے ہوئے (جو 30 لاکھ کلومیٹر ہے) ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ گردشی رفتار عملاً بہت ہی کم ہے جس کی وجہ سے اس کے قطبین اور استواء کے درمیان قطر کا فرق صرف 6 کلومیٹر ہے۔ سورج اگرچہ جسامت میں اس سے نصف ہے لیکن وہ بھی اپنے استواء پر قطبین کے مقابلے میں 20 کلومیٹر زیادہ چوڑا ہے۔ زمین کی بات کریں جو تقریباً 24 گھنٹوں میں اپنی ایک محوری گردش مکمل کرتی ہے تو استواء پر اس کا قطر بھی قطبین کے مقابلے میں 42 کلومیٹر زیادہ ہے۔

ان تمام معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کیپلر اب تک دریافت ہونے والا ’’سب سے گول‘‘ (most spherical) قدرتی جسم بھی ہے۔ البتہ ان کا کہنا ہے کہ اس کے اتنے زیادہ گول ہونے کی وجہ صرف اور صرف اس کی سست رفتار محوری گردش کو قرار نہیں دیا جاسکتا بلکہ شاید اس کے قلب (کور) سے پیدا ہونے والے مقناطیسی میدان کا بھی اس میں کچھ نہ کچھ کردار ضرور ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شاید اس ستارے کا قلب اور بیرونی پرتیں ایک دوسرے سے لاتعلق رہتے ہوئے گردش کررہی ہیں لیکن ابھی اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈھر نے سکھر ڈویژن کے ورکس اینڈ سروسز محکمے کے حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکھر ڈویژن میں جن اسکولوں کی عمارتوں کی چھتیں خطرناک حالت میں موجود ہیں، انہیں فوری طور پر تبدیل کرکے وہاں درس و تدریس کا عمل شروع کیا جائے ،یہ سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے

انہوں نے افسران کوکہا کہ جن اسکولوں کی عمارتیں مکمل ہو چکی ہیں ان کا فوری طور پر پی سی فور بنا کر دیا جائے تاکہ ان اسکولوں کی ایس این ای بناکر وہاں فرنیچر فراہم اور اساتذہ کو مقرر کیا جائے ۔

انہوں نے ورکس اینڈ سروسز کے افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کی عمارتیں غیر معیاری کام کے باعث دو سال کے اندر ہی خراب ہو رہی ہیں جس سے صوبے کی تعلیم اور معیشت کو بڑا نقصان پہنچ رہا ہے ۔ اب ان معاملات کے متعلق اجلاس طلب کرنے کے بجائے فوری طور پر کارروائی کی جائیگی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کی بہتری کے لیے محکمہ تعلیم کو دو حصوں پرائمری و سیکنڈری اور کالج سیکشن میں تقسیم کیا گیا ہے تا کہ تعلیم میں بہتری آسکے ۔ اس موقع پر کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے بتایاکہ اوور سائٹ کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جن کی نگرانی متعلقہ ڈپٹی کمشنرزاور اسسٹنٹ کمشنر زکر رہے ہیں ۔

پاک ترک اسکولوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں پاک ترک اسکولوں کو بند نہیں کیا جارہا صرف ان اسکولوں کی انتظامیہ کو تبدیل کیا جارہا ہے

قبل ازیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ محکمے کے 17اہلکاروں کے خلاف کرپشن سے متعلق ثبوت ملے ہیں جنہیں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد سروس سے فارغ کردیاجائیگا ۔ ایک سوال کے جواب میں واضح کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صوبہ سندھ میں پاک ترک اسکولوں کو بند نہیں کیا جارہا، جبکہ صرف ان اسکولوں کی انتظامیہ کو تبدیل کیا جارہا ہے

 

 

ایمز ٹی وی ( صحت) لاہور ہائیکورٹ نے ہومیو پیتھک ڈاکٹروں کی میرٹ کے برعکس تعیناتیوں کے خلاف دائر درخواست پر عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا۔ ہومیو پیتھک ڈاکٹروں کی میرٹ کے برعکس تعیناتیوں کے خلاف دائر درخواست عدالتی معاونین کو طلب کرلیا ۔

درخواست گزار صائمہ بی بی نے موقف اختیار کیا کہ محکمہ صحت پنجاب نے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے من پسند ہومیو پیتھک ڈاکٹروں کو تعینات کر دیاہے ۔

عدالت نے کہا کہ معیار مقرر نہ کرنے پر کیوں نہ حکومت پنجاب کو جرمانہ کیا جائے ۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) امریکہ نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے لکھے گئے پاکستانی خط کا جواب دینے سے انکار کردیا۔سندھ ہائی کورٹ میں ڈاکٹر عافیہ کو پاکستان لانے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار کے وکیل نے کہا 2002ءمیں جاری آرڈیننس کے تحت ڈاکٹر عافیہ کو واپس لا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان اور امریکہ کے اٹارنی جنرل اتفاق کر لیں تو سزا یافتہ قیدی کو پاکستان منتقل کیا جا سکتا ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا امریکہ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق پاکستانی حکومت کے خط کا جواب دینے سے انکار کر دیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا عافیہ کو بے بنیاد الزام میں 86 برس قید کی سزا دی گئی۔ عالمی قوانین کے مطابق عافیہ صدیقی کو چھیاسی سال کی سزا نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا پاکستان نے عدالتی حکم کے مطابق امریکہ سے رجوع نہیں کیا۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا عدالت دلائل کا جائزہ لے کر فیصلہ جاری کرے گی۔ عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔

 
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کی طبعیت میں بہتری آنے لگی ہے اور انہوں نے ہسپتال میں ہی دفتری امور نمٹانا شروع کر دیے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کو پوری طرح طبعیت بحال ہونے تک ڈاکٹروں میں ہسپتال میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم انہیں ہسپتال میں دفتری امور نمٹانے اور چہل قدمی کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔

آج گورنر سندھ نے ہسپتال میں دفتری امور نمٹاتے ہوئے اہم فائلوں کا جائزہ لیا اور ان پر دستخط بھی کیے ۔وہ دفتری امور کے حوالے سے متعلقہ افسران اور اعلیٰ حکام سے ٹیلی فون پر رابطے میں ہیں تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انکی طیبعت میں تیزی سے بہتری آرہی ہے اور جلد وہ مکمل صحت یاب ہو جائیں گے ۔

 
 

 

 

ایمز ٹی وی ( تجارت) عالمی بلین مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کے نرخ میں4ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور فی اونس سونے کی قیمت 1230ڈالرہوگئی ۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ روزملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 100روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔

جس کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 52 ہزار 100 روپے سے بڑھ کر 52 ہزار 200 روپے ہوگئی ،اسی طرح 85روپے کے اضافے سے 10 گرام سونے کی قیمت43 ہزار885روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 750روپے کی سطح پر مستحکم رہی ۔

 
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) سندھ حکومت نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر کراچی میں 2 روز کے لیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔

حکومت سندھ نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر شہر بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر 2 روز کے لیے پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی 20 اور 21 کو ہوگی جو چہلم کے موقع پرشہر میں امن وامان کی صورتحال کو برقراررکھنے کے لیے لگائی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن کےمطابق بزرگ، صحافی، خواتین، بچے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ڈبل سواری پر پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ پولیس حکام نے عوام سے ڈبل سواری پر پابندی کی پاسداری کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔